Tag: سکندرسلطان راجہ

  • عام انتخابات کا وقت قریب ہے، چیف الیکشن کمشنر

    عام انتخابات کا وقت قریب ہے، چیف الیکشن کمشنر

    لاہور : چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ، جس میں الیکشن کمیشن کےچاروں صوبوں کے ممبرز اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی۔

    اجلاس میں عام انتخابات کےانعقاد کیلئےانتظامات ،پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عام انتخابات کا پُرامن اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    اجلاس میں عام انتخابات کے لئے سیکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی ، نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن سے کوآرڈینیشن کیلئے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔

    اجلاس میں ،چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے۔

    سکندرسلطان راجہ کا کہنا تھا کہ نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کیلئےمکمل سپورٹ کریں گے ، 30نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، الیکشن کمیشن شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کیلئےتیار ہے۔

    اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ عام انتخابات کےپُرامن اور شفاف انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، پنجاب میں الیکشن کے آزادانہ انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، پنجاب ٹیم الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کا منصفانہ،آزادانہ اور پُرامن انعقادقومی ذمہ داری ہے، عام انتخابات کےآزادانہ ،منصفانہ کی ذمہ داری احسن طریقےسے نبھائیں گے۔

  • سکندرسلطان راجہ 5  سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    سکندرسلطان راجہ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: سکندرسلطان راجہ کو پانچ سال کیلئے چیف الیکشن کمشنرمقررکردیا گیا، صدرمملکت نےچیف الیکشن کمشنراورممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نےالیکشن کمیشن کےسربراہ اور ممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق سکندرسلطان راجہ5سال کیلئےچیف الیکشن کمشنرمقرر کردیا گیا جبکہ سندھ سے نثاردرانی اوربلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کو رکن الیکشن کمیشن تعینات کیا گیاہے۔

    یاد رہے حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا تھا جب کہ شاہ محمد جتوئی بلوچستان اور سندھ کیلئے نثاردرانی کے ناموں پر اتفاق ہوا تھا۔

    مزید پڑھیں : چیف الیکشن کمشنر کیلیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق

    دونوں صوبوں کے الیکشن کمیشن ارکان 26 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے اور آئین کے مطابق 45 روز کے اندر ممبران کی تقرری ضروری ہے لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ایک سال بعد یہ تقرریاں عمل میں آئی۔

    واضح رہے چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ ہیں اور مختلف حکومتوں میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر، سیکریٹری پیٹرولیم اور ریلویز کے اہم ترین عہدے شامل ہیں۔