Tag: سکوک بانڈز

  • 2 ارب ڈالر کے سکوک بانڈز کا اجرا روک دیا گیا

    2 ارب ڈالر کے سکوک بانڈز کا اجرا روک دیا گیا

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے معاشی میدان میں مشکلات کے باعث 2 ارب ڈالر کے سکوک بانڈز کا اجرا روک دیا۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کے باعث سکوک بانڈز جاری نہیں کیے جائیں گے، کیوں کہ بانڈز اجرا کے لیے اچھا رسپانس نہیں ملے گا۔

    رواں مالی سال کے دوران 2 ارب ڈالر کے سکوک بانڈز جاری کیے جانے تھے، تاہم مشکل معاشی صورت حال کے باعث بانڈز جاری کرنے کے لیے زیادہ منافع ادا کرنا پڑے گا، اور زرمبادلہ کم اور ادائیگیوں کا بوجھ بڑھنے کے باعث زیادہ شرح منافع نہیں دیا جا سکتا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیفالٹ کے خطرات کے باعث عالمی مارکیٹ سے اچھا رسپانس نہیں ملے گا، ریٹنگ ایجنسیز کی جانب سے منفی ریٹنگ کے باعث بھی بانڈز کا اجرا سود مند نہیں۔

    واضح رہے کہ سکوک ایک اسلامی مالیاتی سند ہے جو مغربی مالیات میں بانڈ کی طرح ہوتی ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان یہ بانڈز جاری کرتا ہے جب کہ اسلامی مالیاتی ادارے اور سرمایہ کاری میں دل چسپی رکھنے والی کارپوریشنز یہ بانڈز خرید کر اس کے عوض حکومت کو رقم دیتی ہیں، جو حکومت مالی خسارہ کم کرنے اور دیگر منصوبوں پر خرچ کرتی ہے۔

  • سکوک بانڈز کی مد میں ایک ارب ڈالر موصول

    سکوک بانڈز کی مد میں ایک ارب ڈالر موصول

    کراچی: پاکستان کو سکوک بانڈز کے ایک ارب ڈالر مل گئے ہیں جس سے زرمبادلہ کے ذخائر چودہ ارب کی سطح عبور کر گئے ہیں ۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت کو سکوک بانڈز کی مد میں ایک ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائرچودہ ارب بیس کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے، پانچ سالہ سکوک بانڈز پر سرمایہ کاروں کو چھ اعشاریہ سات پانچ فیصد منافع دیا جائے گا۔

    وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کو دسمبر کے وسط میں آئی ایم ایف سے ایک ارب دس کروڑ ڈالر بھی ملنے کا امکان ہے جس کے بعد دسمبر کے اختتام تک ملکی زرمبادلہ ذخائر پندرہ ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتے ہیں۔

  • پاکستانی سکوک بانڈز کو سی اے اے ون کا درجہ مل گیا

    پاکستانی سکوک بانڈز کو سی اے اے ون کا درجہ مل گیا

    اسلام آباد: عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے سکوک بانڈز کو سی اے اے ون کا درجہ دیا ہے،تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹینگ ایجنسی موڈیز کے مطابق پاکستان کے معیشت کا آوٹ لُک مستحکم ہے اور اس کے باعث اسلامی بانڈز کو بھی سی اے اے ون کی ریٹنگ دی گئی ہے۔

    موڈیز کے مطابق پاکستان کی جانب سے اسلامک بانڈز کا اجراء اسلامی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے ۔

    پاکستانی معیشت میں استحکام کی وجہ مالیاتی خسارے میں کمی اور زرمبادلہ ذخائر کی پوزیشن میں بہتری ہے۔ موڈیز کے مطابق ایک سال میں زر مبادلہ ذخائر بہتر ہوگئے۔

  • سکوک بانڈز کی فروخت کیلئے چار بینک منتخب

    سکوک بانڈز کی فروخت کیلئے چار بینک منتخب

    اسلام آباد : حکومت کی جانب سے سکوک بانڈز کی فروخت کیلئے چار بینکوں کاانتخاب کرلیا گیا ۔ یہ بینک آج دبئی میں بانڈز کی فروخت کیلئے روڈ شو کریں گے۔حکو مت نے سکوک بانڈز کی فروخت کیلئے چار بینکوں کو معاشی مشیر مقرر کر دیا ہے۔

    ان بینکوں میں سٹی بینک ، ڈوئچے بینک،دبئی اسلامک اور اسٹینڈرد چارٹرڈ بینک شامل ہیں۔ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کیلئے آج سے دبئی میں روڈ شوز کا آغاز کر ے گا ۔

    دبئی کے بعدلندن اور سنگاپور میں بھی روڈ شو کئے جائیں گے۔ سکوک بانڈز کیلئے مقررہ معاشی مشیر آج سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے اور ممکنہ طور پر ڈیل پر بھی بات چیت ہوگی ۔سکوک بانڈ پاکستان انٹر نیشنل سکوک کمپنی کے ذریعے جاری کئے جائیں۔

  • کے ای ایس سی کو سکوک بانڈزجاری کرنے کی منظوری

    کے ای ایس سی کو سکوک بانڈزجاری کرنے کی منظوری

    ایس ای سی پی نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے ریٹیل سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ ایس ای سی پی نے اسلامی مالیاتی مارکیٹ کے فروغ کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلی بار اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے ریٹیل سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی۔

    اعلامیے کے مطابق اس سلسلے میں پہلی بار کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چھ ارب روپے مالیت کے سکوک جاری کیے جائیں گے۔

    کے ای ایس سی کے سکوک کراچی اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ کیے جائیں گے، سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے ان سکوک کی پری آئی پی او نہیں کی جائے گی ۔ سکوک ریٹیل میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔