Tag: سکھر

  • سکھر میں پولیس مقابلے، ڈاکو پنھل جاگیرانی سمیت 4 ہلاک

    سکھر میں پولیس مقابلے، ڈاکو پنھل جاگیرانی سمیت 4 ہلاک

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں پولیس مقابلوں میں ڈاکو پنھل جاگیرانی سمیت 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں روہڑی تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے میں سنگین جرائم میں مطلوب ڈاکو پنھل جاگیرانی ہلاک ہو گیا، پنوں عاقل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق روہڑی تھانے والے واقعے میں 5 ملزمان ڈکیتی کے لیے قومی شاہراہ پر موجود تھے، گشت پر مامور پولیس پارٹی کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔

    پولیس حکام کے مطابق جوابی فائرنگ میں سنگین جرائم میں مطلوب ڈاکو پنھل جاگیرانی ہلاک ہو گیا، جب کہ اس کے 4 ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    دوسری طرف سکھر میں پنو عاقل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک ہوئے، ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت غلام محمد عرف ننھو میرانی، عمران بلو اور پھلپوٹو کے نام سے ہوئی ہے۔ ان میں ایک ڈاکو مقابلے میں زخمی ہو گیا تھا جو اسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہوا۔

  • معصوم بچے کھیلتے کھیلتے کار میں بیٹھ گئے، کار لاک ہونے پر افسوس ناک حادثہ

    معصوم بچے کھیلتے کھیلتے کار میں بیٹھ گئے، کار لاک ہونے پر افسوس ناک حادثہ

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں دو معصوم بچے کھیلتے کھیلتے کار میں بیٹھ گئے، اور کار لاک ہو گئی، جس کی وجہ سے دونوں بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے گلشن اقبال میں کار میں دم گھٹنے کی وجہ سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں، 2 سالہ علی رضا، اور 4 سالہ علی شاہد کار لاک ہونے پر دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علی رضا اور علی شاہد کھیلتے ہوئے کار میں بیٹھ گئے تھے اور بد قسمتی سے گاڑی لاک ہو گئی، جس کی وجہ سے ان کا دم گھٹ گیا۔

    گھر والے بچوں کی تلاش میں 2 گھنٹے تک ادھر ادھر مارے پھرتے رہے، آخر کار جب وہ گاڑی کے پاس پہنچے تو انھوں نے کار کے اندر بچوں کو بے حس و حرکت پایا، پولیس کے مطابق بچے تب تک جاں بحق ہو چکے تھے۔

  • سکھر میں آندھی اور تیز بارش، طوفان سے موٹر وے بند

    سکھر میں آندھی اور تیز بارش، طوفان سے موٹر وے بند

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں آندھی اور تیز بارش سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، طوفان سے موٹر وے بھی مختلف مقامات پر بند ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر شہر اور گرد و نواح میں آندھی اور بارش کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، بارش اور آندھی کی وجہ سے سیپکو کے 50 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔

    تیز ہواؤں اور طوفان کی وجہ سے سکھر ملتان ایم 5 موٹر وے مختلف مقامات پر بند ہو گئی، تاہم موٹر وے پولیس نے شاہراہ کو بحال کر دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم 5 سکھر سے ملتان ٹول پلازہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق موٹر وے پنو عاقل ٹول پلازہ، اقبال آباد ٹول پلازہ، روہڑی ٹول پلازہ، گھوٹکی ٹول پلازہ ٹریفک کے لیے بحال ہے، پولیس نے وضاحت جاری کی ہے کہ موٹر وے کو تیز ہواؤں کی وجہ سے چھوٹی گاڑیوں کے لیے بند کیا گیا تھا۔

  • سکھر میں منکی پاکس کا مشتبہ کیس سامنے آگیا

    سکھر میں منکی پاکس کا مشتبہ کیس سامنے آگیا

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں منکی پاکس کا مشتبہ کیس سامنے آگیا، مریض کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں منکی پاکس کا پہلا مشتبہ مریض نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا۔

    ڈاکٹر صالح چنا کا کہنا ہے کہ شکار پور کے رہائشی 65 سالہ بہرام جتوئی میں منکی پاکس کی علامت موجود ہیں، زیر علاج مشتبہ مریض میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق تاحال نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ مشتبہ مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی موجود نہیں ہے، مریض کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں منکی پاکس کا مصدقہ کیس سامنے آیا تھا۔

    عمان سے آنے والے مسافر کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا اور اس کے خون کے نمونوں کے ٹیسٹ سے منکی پاکس کی تصدیق ہوئی تھی۔

  • سکھر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ، دہشت گرد گرفتار

    سکھر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ، دہشت گرد گرفتار

    سکھر: پولیس نے سکھر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد کو 10 کلو بارودی مواد کے ساتھ گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی سنگھار ملک نے میڈیا کو بتایا کہ روہڑی کے علاقے صالح پٹ کے قریب کارروائی کی گئی ، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد گرفتار کیا گیا۔

    ایس ایس پی کے مطابق دہشت گرد کی شناخت پائن خان ولد پیر محمد بگٹی کے نام سے کی گئی جو کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی ( بی آر اے) سے تعلق رکھتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن، 7 جوان شہید ، 6 دہشت گرد ہلاک

    ایس ایس پی سکھر نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گرد سے دس کلوبارودی مواد اور بھاری اسلحہ برآمد کیاگیا، گرفتاردہشت گرد صوبے میں وارداتوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ خفیہ کارروائی قانون نافذ کر ے والے دیگر اداروں کےساتھ ملکرکی گئی، گرفتار دہشت گرد سے تفتیش جاری ہے جلد مزید گرفتاریاں ہونگی۔

  • سنگین جرائم میں ملوث ڈاکو عبدالرسول بھٹو مارا گیا، سر کی قیمت ایک کروڑ

    سکھر: سنگین جرائم میں ملوث ڈاکو عبدالرسول بھٹو ساتھی سمیت پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، اس کے سر کی ایک کروڑ قیمت مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی کار اسنیچنگ، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث ڈکیت گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا۔

    تھانہ سائٹ کی حدود نصیرآباد کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ہوا، پولیس نے مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار سوار ملزمان ناکہ توڑ کر فرار ہونے لگے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہل کاروں نے بھاگنے والے ملزمان کا تعاقب کیا، اس دوران ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں کی گئی پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے 2 ڈاکو زخمی ہو گئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال روانہ کیا گیا، لیکن اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی، ڈاکوؤں کی شناخت عبدالرسول بھٹو عرف کلیم بھٹو، اور سہیل میرانی کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں سے پستول، گولیاں، جیمر ڈیوائسز، جعلی نمبر پلیٹس کے ساتھ ساتھ موبائل فونز اور دیگر آلات اور مسروقہ کار بھی برآمد ہوئی۔

    واضح رہے کہ محکمہ پولیس کی جانب سے حکومت سندھ سے ہلاک ڈاکو کے سر کی قیمت 1 کروڑ روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

  • دریائے سندھ کی نایاب نابینا ڈولفن کو ہلاک کرنے پہ 5 سال قید کی سزا

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کی مقامی عدالت نے دریائے سندھ کی نایاب نابینا ڈولفن کو ہلاک کرنے والے ملزم کو، 5 سال قید اور ڈھائی لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کی سیشن عدالت میں محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے دائر کردہ کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

    سنہ 2021 میں منور میرانی نامی شخص کے جال میں نایاب بلائنڈ ڈولفن پھنس کر مر گئی تھی جس کے بعد وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    ایڈیشنل سیشن جج نے جرم ثابت ہونے پر ملزم منور میرانی کو قید اور جرمانے کی سزا سنا دی، ملزم کو بلائنڈ ڈولفن مارنے کے جرم میں 5 سال قید اور ڈھائی لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ دریائے سندھ کی نابینا ڈولفن جسے سندھی زبان میں بھلن بھی کہا جاتا ہے، دنیا کی نایاب ترین قسم ہے جو صرف دریائے سندھ اور بھارت کے دریائے گنگا میں پائی جاتی ہے۔ یہ ڈولفن قدرتی طور پر اندھی ہوتی ہے اور پانی میں آواز کے سہارے راستہ تلاش کرتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی ڈولفنز کی نسل میں معمولی سا فرق ہے جس کے باعث انہیں الگ الگ اقسام قرار دیا گیا ہے۔

    نایاب نسل کی نابینا ڈولفن اکثر دریائے سندھ سے راستہ بھول کر نہروں میں آ نکلتی ہیں اور کبھی کبھار پھنس جاتی ہیں۔ اس صورت میں ان کو فوری طور پر نکال کر دریا میں واپس بھیجنا بہت ضروری ہوتا ہے ورنہ ان کی موت یقینی ہو جاتی ہے۔

    راستہ بھولنے اور دیگر خطرات کے باعث اس ڈولفن کو اپنی بقا کا خطرہ لاحق ہے اور ان کی تعداد میں تیزی سے کمی کے باعث عالمی ادارہ تحفظ فطرت (آئی یو سی این) نے اسے معدومی کے خطرے کا شکار جانداروں کی فہرست میں رکھا ہے۔

    ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں کیمیائی مادوں اور دیگر آلودگی کے ساتھ ساتھ ڈیموں کی تعمیر، ڈولفن کا مچھلیاں پکڑنے کے لیے بچھائے گئے جالوں میں حادثاتی طور پر پھنس جانا، میٹھے پانی کے بہاؤ میں کمی واقع ہونا اور گوشت اور تیل حاصل کرنے کے لیے ڈولفن کا شکار اس کی نسل کو ختم کرنے کا باعث بن رہا ہے۔

  • سکھر: بدنام زمانہ ڈاکو قائم عرف قاؤمہر گرفتار

    سکھر: بدنام زمانہ ڈاکو قائم عرف قاؤمہر گرفتار

    سکھر: پنو عاقل تھانے کی حدود میں پولیس نے ایک کارروائی میں ڈاکو قاؤ مہر کو گرفتار کر لیا، جس کے سر پر انعام مقرر تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر پنوعاقل تھانے کی حدود میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ڈاکو قائم عرف قاؤمہر کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری پر سندھ حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا، ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کے مطابق قائم مہر قتل، ڈکیتی، اغوا اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔

    گرفتار ڈاکو قائم مہر سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

    یاد رہے کہ 6 نومبر کو گھوٹکی میں رونتی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس کیمپ پر حملہ کر کے ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ اوز سمیت 7 اہل کاروں کو شہید کر دیا تھا، ڈاکوؤں نے راکٹ لانچروں سے حملہ کرنے کے بعد کیمپ پر قبضہ بھی کیا اور 20 پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا لیا۔

    کچے کے خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں اعلیٰ حکام کی غیر سنجیدگی کا انکشاف

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ اندرون سندھ کے کچے کے علاقوں کشمور، گھوٹکی اور شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف ایک بھرپور آپریشن کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ سندھ کے تین اضلاع کے 300 ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 2 ارب روپے سے زائد لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔

    غلام نبی میمن کے مطابق سندھ پولیس کی جانب سے ایک ڈاکو کے سر کی قیمت 25 سے 50 لاکھ روپے تک مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

    اندرون سندھ کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف بھرپور آپریشن کا فیصلہ

    تاہم ان ہی دنوں انکشاف ہوا کہ سندھ کے کچے میں خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف پولیس گرینڈ آپریشن کے لیے ناقص حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف ایس ایس یو کے کمانڈوز کی بجائے سندھ ریزرو پولیس کو لڑوانے کا روایتی طریقہ اپنایا گیا تھا۔ معلوم ہوا کہ ڈاکوؤں سے لڑوانے کے لیے اسپیشل ٹریننگ حاصل کرنے والے کمانڈوز کی بجائے عام جوانوں کو مقابلے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

  • ویڈیو: سانپ نے سی اے اے دفتر میں کھلبلی مچا دی

    ویڈیو: سانپ نے سی اے اے دفتر میں کھلبلی مچا دی

    سکھر: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دفاتر زہریلے سانپوں کے نشانے پر آ گئے، سکھر کے دفتر میں سانپ نے گھس کر ملازمین میں کھلبلی مچا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر ایئر پورٹ پر شعبہ فائر میں سانپ گھسنے سے سی اے اے ملازمین خوف و ہراس کا شکار ہو گئے، تاہم ملازمین نے ہمت دکھاتے ہوئے لکڑیوں سے سانپ کو مار دیا۔

    سانپ گھسنے کے بعد سی اے اے ملازمین دفتر خالی کر کے باہر نکل گئے تھے، سانپ سی اے اے کے شعبہ فائر کے دفتر کی کھڑکی سے داخل ہوا تھا، بڑی کوششوں کے بعد سی اے اے ملازمین نے ڈنڈے اور لاٹھی سے اسے مارا۔

    سانپ زہریلا بتایا جا رہا ہے، کراچی سمیت ملک بھر کے ایئر پورٹس پر کئی بار سانپ دیکھے گئے ہیں، بارشوں کے بعد سے گھاس اور جھاڑیوں میں سے سانپ سی اے اے دفاتر اور رن ویز پر دیکھے جاتے ہیں۔

    سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ایک سال سے معطل، کروڑوں‌ کا مالی نقصان

    ذرائع سی اے اے کے مطابق سول ایوی ایشن کے کسی بھی فائر اسٹیشن پر سانپ کے ڈسنے کی کٹ دستیاب نہیں ہے۔

  • ویڈیو: ریلوے اسٹیشن پر ریل میں سوار ہوتی خاتون کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ

    ویڈیو: ریلوے اسٹیشن پر ریل میں سوار ہوتی خاتون کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ

    سکھر: سندھ کے شہر روہڑی میں ریلوے اسٹیشن پر ایک خاتون کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے وہ بچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق روہڑی ریلوے اسٹیشن پر ایک پولیس اہل کار نے ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کرنے والی ایک خاتون کی اس وقت جان بچائی جب اچانک ان کا پاؤں پھسل گیا، اور وہ ٹرین کے نیچے آنے والی تھیں۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریل میں چڑھنے کی کوشش کے دوران اچانک خاتون کا پاؤں رپٹ گیا، اور وہ نیچے گرنے والی تھیں۔

    موقع پر موجود ریلوے پولیس کے اے ایس آئی سہراب خان نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچا لیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ خاتون روہڑی سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس میں سوار ہو رہی تھیں، ناخوش گوار واقعے کے بعد خاتون کو بہ حفاظت ٹرین میں سوار کر کے اپنی منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔