Tag: سکھر

  • ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث 2 دہشت گرد سکھر سے گرفتار

    ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث 2 دہشت گرد سکھر سے گرفتار

    سکھر: سی ٹی ڈی سکھر نے خیرپور کے قریب ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد عزیز ڈومکی، اور مٹھا خان ڈومکی کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ خیرپور کے قریب ایک کارروائی میں دو خطرناک دہشت گرد پکڑے گئے ہیں، جنھوں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔

    سی ٹی ڈی سکھر کے مطابق گرفتار دہشت گرد عزیز اور مٹھا خان ڈومکی ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں، اور آئی ای ڈی، بارودی مواد نصب کرنے کے ماہر ہیں۔

    دونوں دہشت گردوں نے مختلف شہروں میں سادہ لوح شہریوں کی ذہن سازی کر کے افغانستان بھیجا، یہ دہشت گرد اندرون سندھ بارودی مواد کی ترسیل میں بھی ملوث رہے ہیں۔

  • سکھر کا 70 فیصد علاقہ زیر آب آگیا

    سکھر کا 70 فیصد علاقہ زیر آب آگیا

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث شہر کا 70 فیصد علاقہ زیر آب آگیا، نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں شدید بارشوں کے بعد شہر کا 70 فیصد علاقہ زیر آب آچکا ہے، پرانا سکھر، نیو پنڈ، شالیمار اور بیراج روڈ کے علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

    اسٹیشن روڈ، گھنٹہ گھر، حسین روڈ اور دیگر کاروباری علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے۔

    شہر میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں 17 اضلاع سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں، اب تک 66 بچوں سمیت 141 اموات ہوئی ہیں اور تقریباً 500 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    سیلاب کی وجہ سے ساڑھے 5 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، ہزاروں مکانات منہدم اور متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں۔ صوبے میں تقریباً ساڑھے 6 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی بھی متاثر ہوئی۔

  • فاضل خان کوٹ کا نوحہ جس میں محمد بن قاسم کی فوج نے قیام کیا

    فاضل خان کوٹ کا نوحہ جس میں محمد بن قاسم کی فوج نے قیام کیا

    سنجر چانگ گوٹھ کے قریب فاضل خان کوٹ کے آثار وادیٔ مہران کی قدیم تہذیب کے گواہ ہیں جو ماہرین اور تاریخِ تہذیبِ عالم میں دل چسپی رکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں اندازہ ہے کہ یہ تقریباً تین ہزار سال قدیم قلعہ ہے، جسے غالباً کلہوڑا حکم رانوں نے سندھ پر اپنی حکومت قائم کرنے کے بعد یہ نام دیا ہوگا۔

    فاضل خان کوٹ کم و بیش 20 ایکڑ پر مشتمل ہے اور اس کے وسیع و عریض رقبے میں ایک چھوٹا سا شہر بھی شامل تھا۔ یہاں‌ اس شہر کے آثار سے مکانات کی تعمیر، گلیوں، گزر گاہوں کے علاوہ فراہمی و نکاسی آب کے بہترین نظام کا پتا چلتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہاں حمام، عبادت گاہیں اور ضروریاتِ زندگی کی تمام سہولتیں موجود تھیں۔ خیال ہے کہ اس شہر کے لوگ خوش حال تھے۔

    اس قلعے کی آبادی ہزاروں نفوس پر مشتمل تھی جو مختلف پیشوں سے وابستہ رہے ہوں گے۔ مؤرخین کے مطابق جس مقام پر یہ قلعہ تعمیر کیا گیا ہے، اسے ’’وہولہ‘‘ کے نام سے پکارا جاتا تھا۔ قلعے اور ایسے شہر ہمیشہ دفاعی و تجارتی نقطۂ نظر سے بنائے اور بسائے جاتے تھے اور یقیناً اپنے دور میں‌ یہ بھی ایک اہمیت کی حامل جگہ رہی ہو گی۔

    مؤرخین نے لکھا ہے کہ فاضل خان شہر کا بازار سکھر اور دیبل تک مشہور تھا۔ کہتے ہیں ملتان کی تسخیر کے ارادے سے نکلنے والا محمد بن قاسم کا لشکر جب فاضل کوٹ پہنچا تو اسے بغیر مزاحمت کے یہاں کی چابیاں سونپ دی گئیں اور قلعہ دار نے افواج کو لڑائی اور انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا لیا۔ اس قلعہ دار کا نام تاریخی کتب میں بُوہل درج ہے جسے محمد بن قاسم کی فوج نے قلعے کی محافظت دوبارہ سونپ دی اور اس کا منصب برقرار رکھا۔ ملتان روانگی سے قبل چند ماہ فوج نے شہر میں قیام کیا تھا۔

    اس کے سات سو سال بعد کلہوڑا خاندان کی سندھ پر حکومت قائم ہوئی تو ایک شہزادے فاضل خان کلہوڑا نے اس قلعے کو دوبارہ مرمت اور تعمیر کروایا اور یہ اسی کے نام سے موسوم ہے۔

    تاریخ کی کتب میں‌ لکھا ہے کہ کوٹ فاضل خان 1857ء کی جنگِ آزادی میں انگریزوں کے ہاتھوں‌ ہندوستان کے حرّیت پسندوں کا مقتل بنا۔ بعدازاں فرنگیوں نے اس مقام کو جیل خانہ بنا دیا اورقلعے میں کچھ عرصہ توپ خانہ بھی رکھا گیا۔ آج اس قلعے کے آثار بھی مٹنے کو ہیں اور یہ انتہائی مخدوش حالت میں ہے جسے لوک ورثہ قرار دے کر محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔

  • لڑکی کی آئی ڈی بنا کر مردوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    لڑکی کی آئی ڈی بنا کر مردوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سکھر نے جعلی زنانہ آئی ڈی بنا کر مردوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سکھر نے لال گل نامی ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم متعدد مردوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث تھا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم شکایت کنندگان کی فحش تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہا تھا، ملزم نے فیس بک پر لڑکی کے نام سے جعلی آئی ڈی بنائی۔ اس آئی ڈی سے وہ مردوں کو ویڈیو کالز کرتا تھا اور ان کی ویڈیوز ریکارڈ کر لیتا تھا۔

    ملزم مردوں کو تعلقات کی پیشکش کرتا اور انکار پر فحش ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کے لیے پیسے مانگتا تھا، فی شخص سے 20 سے 30 ہزار روپے مانگے جاتے تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل سے بچوں سمیت 15 افراد کی فحش ویڈیوز برآمد ہوئیں۔ ملزم درجن سے زائد افراد کی بلیک میلنگ میں ملوث ہے، بلیک میل ہونے والوں کا تعلق گھوٹکی کے نواحی علاقوں سے ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

  • 2021: سکھر میں‌ کتنے ڈاکو ہلاک، کتنے گرفتار؟

    2021: سکھر میں‌ کتنے ڈاکو ہلاک، کتنے گرفتار؟

    سکھر: صوبہ سندھ کے اہم شہر سکھر میں سال 2021 میں پولیس کی کارکردگی بہتر رہی، اور بہت ساری کارروائیوں میں 19 ڈاکو مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2021 سکھر پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تابڑ توڑ کاروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کے لیے پُر سکون رہا، سال کے دوران انیس ڈاکو اپنے انجام کو پہنچے، تو سیکڑوں کی تعداد میں گرفتار بھی ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی محمد شر کی رپورٹ کے مطابق محکمہ پولیس سکھر کی سالانہ کارکردگی قابل دید نظر آئی، 2021 کی رپورٹ کے مطابق پولیس کی بہتر حکمت عملی کے نتیجے میں یہ سال جرائم پیشہ عناصر کے لیے خاصا بھاری گزرا۔

    174 پولیس مقابلوں کے بعد 19 ڈاکو ہلاک جب کہ 38 زخمیوں سمیت 274 نہ صرف گرفتار ہوئے بلکہ ان کے قبضے سے 10 کلاشنکوف 103 پسٹل، 16 بندوقیں اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

    2021: لاہور میں جنسی زیادتی کے 747 واقعات

    ایس ایس پی سکھر پولیس نے اپنے فرائض سر انجام دیتے ہوئے اس دوران بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ رواں سال میں سکھر شہر سمیت ضلع بھر میں امن و امان کی فضا بہتر رہی اور جرائم کی کوئی بڑی واردات دیکھنے میں نہیں آئی، جس پر وہ سکھر پولیس کو خوب سراہتے ہیں۔

    شہری کا کہنا تھا کہ ہم نے دیکھا کہ 2021 میں ہونے والے مذہبی تہواروں سمیت سیاسی اجتماعات بھی پولیس کی نگرانی میں مکمل حفاظتی اقدامات کے سبب محفوظ رہے۔

  • پی پی رہنما خورشید شاہ جیل سے رہا

    پی پی رہنما خورشید شاہ جیل سے رہا

    سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما خورشید شاہ جیل سے رہا ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دو دن قبل سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کی ضمانت منظورکرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے اور نام ای سی ایل میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔

    احتساب عدالت سکھر میں ضمانتی مچلکے جمع کروائے جانے کے بعد عدالت نے خورشید شاہ کی رہائی کا حکم جاری کیا۔

    رہائی کے موقع پر بھرپور استقبال کے لیے سینٹرل جیل کے باہر جیالوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی تھی، جہاں سے خورشید شاہ کو ریلی کی صورت میں ان کی رہائش گاہ پہنچایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے جولائی میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، جسے انھوں نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔

    سپریم کورٹ میں خورشید شاہ کی ضمانت منظور ہو گئی

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ گرفتاری کے 2 سال بعد بھی نیب الزامات ثابت نہ کر سکا، کیا نیب کے پاس یہی واحد ثبوت ہے کہ خورشید شاہ چالیس بار بیرون ملک گئے؟

    سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نیب تحقیقات کرے لیکن خورشید شاہ کو جیل میں مستقل نہ رکھا جائے، ریفرنس 2005 کی ٹرانزیکشنز پر بنایا گیا، تب خورشید شاہ پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے، جب کہ نیب نے کسی ٹرانزیکشن کی دستاویزات نہیں دکھائیں۔

    یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے پی پی رہنما کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 18 ستمبر 2019 کو گرفتار کیا تھا۔ ضمانت کی منظوری پر بلاول بھٹو زرداری اور میاں شہباز شریف نے خورشید شاہ کو مبارک باد دی۔

  • بینظیر میڈیکل یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیاں، گریڈ 16 کا ملازم ٹیسٹ کے روز دبئی میں تھا

    بینظیر میڈیکل یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیاں، گریڈ 16 کا ملازم ٹیسٹ کے روز دبئی میں تھا

    سکھر: شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں غیر قانونی بھرتیاں کی گئی ہیں، ایف آئی اے سکھر نے انکوائریز مکمل کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں، یہاں تک کہ گریڈ 16 کا ایک ملازم ٹیسٹ اور انٹرویو کے روز دبئی میں تھا۔

    ایف آئی اے سکھر کی جانب سے اس سلسلے میں انکوائریاں مکمل کر لی گئی ہیں، رپورٹ کے مطابق 2017 میں یونیورسٹی کے 401 نان ٹیچنگ اسٹاف کی بھرتیاں کی گئی تھیں، جب کہ بھرتی کیےگئے امیدواروں کے کوائف مکمل نہیں ہیں۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ جن لوگوں کو بھرتی کیا گیا ہے، درخواست فارمز پر ان امیدواروں کے دستخط تک موجود نہیں تھے۔

    تحقیقات میں معلوم ہوا کہ گریڈ ایک سے 16 تک بھرتی امیدوار تجربہ اور کوالیفکیشن نہیں رکھتے، بھرتی ہونے والے اکثر امیدوار ٹیسٹ اور انٹرویو کے روز شہر ہی میں موجود نہیں تھے، گریڈ 16 پر بھرتی ایک امیدوار ٹیسٹ اور انٹرویو کے روز دبئی میں تھا۔

    رپورٹ میں وائس چانسلر اصغر چنہ، رجسٹرار اختر بھٹو، ڈائریکٹر ایچ آر ماجد سموں کے ساتھ ساتھ دو کمیٹیوں کنٹرولر سلیکشن کمیٹی اور اسکروٹنی کمیٹی کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے انکوائری رپورٹ مزید کارروائی کے لیے نیب کے حوالے کر دی ہے۔

  • سکھر: برطانوی دور کی یادگار 120 سال پرانا تاریخی گھنٹا چوری

    سکھر: برطانوی دور کی یادگار 120 سال پرانا تاریخی گھنٹا چوری

    سکھر: برطانوی دور کی یادگار 120 سال پرانا تاریخی گھنٹا چوری ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر ميں 400 کلو وزنی، اصلی پیتل کا بنا، برطانوی راج کے دور کا نادر و نایاب گھنٹا کیسے چوری ہوگیا، انتظامیہ کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نایاب تاریخی گھنٹا میونسپل کارپوریشن سے برآمد ہوا تھا، اور اب اسے انتظامیہ کی غفلت کے باعث چرا لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیتل سے بنا چار سو کلو وزنی گھنٹے کی چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ 120 سال پرانا ہے اور یہ عمارت کی کھدائی کے دوران ملا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی دور کے اس یادگار گھنٹے کی مرمت کر کے اصلی حالت میں لایا گیا تھا، تاہم میونسپل کارپوریشن کے اندر تعمیراتی کام کے باعث اسے دفتر کے احاطے میں رکھ دیا گیا تھا۔

    نہایت قیمتی اور تاریخی حیثیت کے حامل گھنٹے کو دفتر کے احاطے میں بے احتیاطی اور لاپروائی سے رکھنے جانے کا نتیجہ یہ نکلا کہ چوری ہو گیا۔

    پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کے زیورات برآمد

    کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کے زیورات برآمد

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں کسٹم انٹیلی جنس چھاپہ نے مار کر کارروائی میں 10 کروڑ روپے مالیت سے زائد کے آرٹی فیشل زیورات برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں کسٹم انٹیلی جنس نے ٹرالر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے زیوارت برآمد کرلیے جبکہ ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ کروڑوں مالیت کی آرٹی فیشل جیولری برآمد کی گئی، جیولری کنٹینر میں چھپا کر کوئٹہ سے کراچی لے جائی جا رہی تھی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ جیولری کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔

    کسٹم انٹیلی جنس حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزم محمد اسماعیل کا تعلق کوئٹہ سے ہے جو کروڑوں روپے مالیت کی جیولری لے جارہا تھا۔

  • دریائے سندھ کے کنارے 7 سہیلیوں کا مزار

    دریائے سندھ کے کنارے 7 سہیلیوں کا مزار

    سکھر: دریائے سندھ کے کنارے روہڑی کے قریب 7 سہیلیوں کا مزار تاریخ کے صفحوں میں تو کہیں نہیں ملتا، البتہ یہ ایک تفریحی مقام ضرور بن چکا ہے۔

    صوبہ سندھ میں روہڑی کے قریب واقع اس مزار میں 7 نمایاں قبریں موجود ہیں جن پر خوبصورت نقش و نگار بنے ہیں۔ بعض روایات میں انہیں 7 بہنوں اور بعض میں 7 سہیلیوں کی قبریں بتایا گیا ہے۔

    روایات کے مطابق یہ سات نیک دامن بیبیاں تھیں جنہوں نے اس وقت کے حکمران یا چند اوباشوں سے محفوظ رہنے کے لیے اس جگہ پناہ لی اور خدا سے اپنی عزت و آبرو کے تحفظ کی دعا مانگی۔

    ان کی یہ دعا اس طرح قبول ہوئی کہ ایک چٹان ان پر آ گری اور ساتوں سہیلیاں چل بسیں، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ زندہ زمین میں دفن ہوگئیں۔ اس مقام کے بارے میں کوئی تاریخی دستاویز دستیاب نہیں۔

    اس مقام کو سندھی زبان میں ستین جو آستان یعنی 7 سہیلیوں کا آستانہ کہا جاتا ہے اور ملک بھر سے سیاح اس مقام کو دیکھنے آتے ہیں۔