Tag: سکھر

  • سکھر: زمین بوس عمارت کے ملبے سے مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں، تعداد 8 ہو گئی

    سکھر: زمین بوس عمارت کے ملبے سے مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں، تعداد 8 ہو گئی

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں حسینی روڈ پر مہندم ہونے والی تین منزلہ رہایشی عمارت کے ملبے سے مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں، ملبے تلے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حسینی روڈ سکھر پر زمین بوس عمارت کے ملبے سے آج مزید دو لاشیں نکال لی گئیں، جن میں سے ایک لاش کی شناخت صبا زوجہ محمد علی کے نام سے ہوئی ہے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ میتیں غسل اور کفن کے بعد لواحقین کے سپرد کر دی گئیں ہیں۔

    سکھر میں رونما ہونے والے اس افسوس ناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد اب 8 ہو گئی ہے، پاک فوج اور متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں بدستور مصروف ہیں، آج جاں بحق 6 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ بھی میونسپل اسٹیڈیم میں ادا کر دی گئی ہے، ان افراد کو آبائی قبرستان نواں گوٹھ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے سے زخمی ہونے والے 18 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    سکھر: منہدم رہایشی عمارت کے ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں

    خیال رہے کہ تین دن قبل سکھر کے گنجان آباد علاقے حسینی روڈ پر واقع تین منزلہ رہایشی عمارت اچانک گر گئی تھی، بلڈنگ میں ایک ہی خاندان کے کئی گھرانے رہایش پذیر تھے، عمارت کے گراؤنڈ فلور پر الماری کی 2 دوکانیں بھی تھیں جس میں موجود افراد بھی عمارت کے منہدم ہونے کی صورت میں ملبے تلے دب گئے تھے۔

    شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر چار افراد کو زخمی حالت میں نکال کر سول اسپتال سکھر منتقل کیا تھا جب کہ ضلعی انتظامیہ کے پاس بھاری مشینری نہ ہونے کے باعث ریسکیو کے کام میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس پر ڈی سی سکھر کو فوج طلب کرنی پڑی۔

  • ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد

    ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد

    کراچی: سکھر ایئر پورٹ سے منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی، اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف نے سکھر ایئر پورٹ پر خاتون سمیت دو مسافر گرفتار کیے ہیں، جن سے 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر برآمد ہوئے، خاتون مسافر سے 5 کلو سونا، دو سو گرام موتی اور 255 یو اے ای درہم بھی برآمد ہوئے۔

    اے ایس ایف ذرایع نے بتایا کہ تلاشی پر معلوم ہوا کہ مسافر محمد اسلام اور خاتون اناہیتا سہراب ایرانی نے بیگ میں غیر ملکی کرنسی چھپا رکھی تھی، دونوں مسافر پی کے 531 سے کراچی جا رہے تھے، کراچی پہنچنے کے بعد دونوں نے بیرون ملک سفر کرنا تھا، اے ایس ایف نے دونوں مسافروں کو مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔

    یاد رہے کہ نومبر میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم اہل کاروں نے چیکنگ کے دوران مسافر کے سامان سے 17 ہزار امریکی ڈالر، 25 ہزار 600 یوآن جب کہ 25 ہزار 780 بھارتی روپے برآمد کیے تھے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا

    کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ مسافر نجی ایئر لائن لائن کی پرواز 6018 سے ارمچی جا رہا تھا۔ گزشتہ ماہ علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا تھا۔ امریکی خاتون پرواز 342 لاہور سے مسقط جا رہی تھی، دوران چیکنگ خاتون کے سامان سے 2 سونے کے بسکٹ برآمد ہوئے۔

  • سکھر: منہدم رہایشی عمارت کے ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں

    سکھر: منہدم رہایشی عمارت کے ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں حسینی روڈ پر مہندم ہونے والی 3 منزلہ رہایشی عمارت کے ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں، ملبے تلے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سکھر میں حسین روڈ پر تین منزل عمارت منہدم ہو گئی تھی، جس کے ملبے تلے آ کر چھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، 2 خواتین اور ایک بچے کی لاشیں کل نکالی گئی تھیں جب کہ آج مزید تین لاشیں نکالی گئیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ اب تک ملبے سے 6 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ 16 افراد اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں، جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سکھر کے گنجان آباد علاقے حسینی روڈ پر واقع تین منزلہ رہایشی عمارت اچانک گر گئی تھی، بلڈنگ میں ایک ہی خاندان کے کئی گھرانے رہایش پذیر تھے، عمارت کے گراؤنڈ فلور پر الماری کی 2 دوکانیں بھی تھیں جس میں موجود افراد بھی عمارت کے منہدم ہونے کی صورت میں ملبے تلے دب گئے تھے۔

    سکھر میں عمارت گر گئی، دو خواتین اور ایک بچہ جاں بحق

    شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر چار افراد کو زخمی حالت میں نکال کر سول اسپتال سکھر منتقل کیا تھا جب کہ ضلعی انتظامیہ کے پاس بھاری مشینری نہ ہونے کے باعث ریسکیو کے کام میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس پر ڈی سی سکھر کو فوج طلب کرنی پڑی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ابھی بھی متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، جب کہ ریسکیو آپریشن پچھلے تقریباً 15 گھنٹوں سے جاری ہے۔

  • گھر کی چھت گرنے سے بدقسمت گھرانے کے 3 بچے جاں بحق

    گھر کی چھت گرنے سے بدقسمت گھرانے کے 3 بچے جاں بحق

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے علاقے نیو پنڈ میں گھر کی بوسیدہ چھت گر گئی، جس کے باعث بدقسمت خاندان کے 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع سکھر کے علاقے نیوپنڈ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، ایک مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 بچے جاں بحق ہو گئے، جاں بحق بچوں کی عمریں 6 اور 13 سال کے درمیان ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نیو پنڈ میں ہونے والے حادثے میں ملبے میں دبنے سے گھر کا سربراہ اور ایک بچہ زخمی بھی ہوا ہے، جنھیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    سکھر: ماں نے نابالغ لڑکی شادی کے لیے فروخت کر دی

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 13 سالہ ناہید، 9 سالہ بے نظیر اور 6 سالہ وسیم شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مکان کی چھت ایک عرصے سے مرمت نہ ہونے کے باعث بوسیدہ ہو چکی تھی جو رات گئے گھر میں سوئے ہوئے افراد پر آ گری، یہ واقعہ نیو پنڈ تھانے کی حدود کے علاقے بھوسہ لائن میں پیش آیا، حادثے کے بعد اہل علاقہ نے خود امدادی کارروائیاں انجام دیں، اور زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔

  • خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل

    خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل

    سکھر: سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے سامنے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے خور شید شاہ کی رہائی کا حکم معطل کر دیا۔

    احتساب عدالت نے 17 دسمبر کو خورشید شاہ کی رہائی کا حکم دیا تھا، جس پر نیب نے ان کی رہائی کے حکم کو چیلنج کر دیا تھا، نیب کی جانب سے نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے، پی پی رہنما کے وکیل نے کہا احتساب عدالت نے خورشید شاہ کی رہائی کا حکم دیا تھا، میرے مؤکل کو نوٹس کی تعمیل نہیں ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  احتساب عدالت میں خورشید شاہ کی ضمانت منظور

    عدالت نے احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کر کے کیس کی سماعت 16 جنوری تک ملتوی کر دی۔ خیال رہے کہ سماعت سندھ ہائی کورٹ سکھر کی دو رکنی بینچ نے کی۔

    دریں اثنا، خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شامل 5 ملزمان نے ضمانت کی درخواست دے دی، ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرا دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    یاد رہے کہ سترہ دسمبر کو سکھر کی احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے ہیں اور نیب کوئی ثبوت نہ ریفرنس پیش کر سکی، خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، استدعا ہے قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔

    مد نظر رہے کہ 19 دسمبر کو قومی احتساب بیورو نے خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک ارب 23 کروڑ سے زائد کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

  • خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    خورشید شاہ کے خلاف سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر

    سکھر: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایک ارب 23 کروڑ سے زائد کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کے خلاف نیب نے سوا ارب روپے کا ریفرنس دائر کر دیا، نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ ریفرنس میں 18 لوگوں کے نام شامل ہیں۔

    ذرایع کے مطابق ریفرنس میں خورشید شاہ کی 2 بیگمات، 2 بیٹے فرخ شاہ، زیرک شاہ، خورشید شاہ کے بھتیجے اویس قادر شاہ کے علاوہ رحیم بخش اعوان، نثار احمد پٹھان، عبد الرزاق، محمد اکرم جنید قادر شاہ، محمد شعیب، طفیل احمد، زوہیب میر، ثاقب رضا اور محمد ثاقب کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ریفرنس میں 600 ایکڑ زرعی زمین، متعدد اکاؤنٹس، کراچی اور سکھر میں پلاٹس کا بھی تذکرہ ہے، خیال رہے کہ خورشید شاہ کو دو روز قبل احتساب عدالت نے ریفرنس دائر نہ ہونے پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم احتساب عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث ان کی رہائی عمل میں نہ آ سکی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  احتساب عدالت میں خورشید شاہ کی ضمانت منظور

    پی پی رہنما خورشید شاہ اس وقت امراض قلب کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کے وکلا آج سیشن جج کے پاس ضمانتی مچلکے جمع کرائیں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل سکھر کی احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، وکیل صفائی رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کو گرفتار کیے 90 روز گزر گئے، نیب کوئی ثبوت نہ ریفرنس پیش کر سکی۔ خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، استدعا ہے قانون کے مطابق کیس خارج کیا جائے۔

    عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب نے ریفرنس فائل کیا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ خورشید شاہ سمیت 18 افراد پرعبوری ریفرنس تیار کیا جا چکا ہے، خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس میں 1 ارب 24 کروڑ کے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں، عدالت نے 50 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے خورشید شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

  • سکھر بیراج سے نکلنے والے تمام کینال بند کرنے کا اعلان

    سکھر بیراج سے نکلنے والے تمام کینال بند کرنے کا اعلان

    سکھر: سکھر بیراج سے نکلنے والے تمام کینال بند کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، کینال 6 جنوری سے 20 جنوری تک بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کنٹرول روم سکھر بیراج کا کہنا ہے کہ 6 جنوری سے 20 جنوری تک بیراج سے نکلنے والے تمام کینال بند رہیں گے، اور بیراج کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔

    کنٹرول روم کے مطابق سالانہ صفائی اورمرمت کے سلسلے میں کینال بند اور بیراج کے دروازے کھولے جائیں گے، دریائے سندھ سے پانی کم ہونے سے سکھر میں پینے کے پانی کی قلت ہوگی، متعلقہ اداروں کو سالانہ پانی بندش کی اطلاع کر دی گئی ہے، انچارج کنٹرول روم کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کے متبادل کا انتظام کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سکھر میں غلاظت ملے پانی کی فراہمی، شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا

    خیال رہے کہ سکھر بیراج 66 دروازوں پر مشتمل ہے، اس کی تعمیر کو 87 برس مکمل ہو چکے ہیں، پاکستان میں نہری پانی کا سب سے بڑا آب پاشی نظام اسی سے منسلک ہے۔ بمبئی کے گورنر جارج لائیڈ نے 24 اکتوبر 1923 کو اس بیراج کا سنگِ بنیاد رکھا تھا جب کہ 9 برس بعد 13 جنوری 1932 کو اس وقت کے وائسرائے اور گورنر جنرل لارڈ ولنگڈن نے اس زرعی انقلابی منصوبے کا افتتاح کیا۔

    یاد رہے کہ ستمبر میں اے آر وائی نیوز نے رپورٹ دی تھی کہ دس لاکھ سے زائد انسانی آبادی والے شہر سکھر میں غلاظت ملا اور زہریلا پانی فراہم کیا جا رہا ہے، بتایا گیا کہ سیوریج کا گندا پانی دریائے سندھ میں چھوڑنے کے بعد وہیں سے یہ پانی سکھر کے شہریوں کو پینے کے لیے فراہم کیا جا رہا ہے جس سے آبی حیات کے ساتھ ساتھ شہریوں کی صحت اور جانوں کا بھی خطرہ لاحق ہے۔

  • احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

    احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

    سکھر: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سکھر کی احتساب عدالت نے پی پی رہنما خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کی احتساب عدالت نے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے 12 دسمبر کو دوبارہ پیشی کا حکم دے دیا۔

    نیب نے عدالت سے خورشید شاہ کے 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے صرف پانچ دن کا ریمانڈ منظور کیا۔ خورشید شاہ کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ خورشید شاہ کو 82 روز ہو گئے، نیب اب تک کوئی شواہد پیش نہیں کر سکا، ان پر کوئی کیس نہیں بنتا، ہم اس کیس میں ضمانت نہیں لے رہے تاکہ نیب مکمل انکوائری کر لے۔

    مزید پڑھیں:  خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع

    نیب وکیل کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ پر انویسٹی گیشن کرنے کے لیے چیئرمین نیب سے اجازت طلب کی ہے، انویسٹی گیشن کی اجازت ملنے پر عدالت کو آگاہ کریں گے، خورشید شاہ کے ریمانڈ کو ابھی 90 روز مکمل نہیں ہوئے،اس لیے مزید ریمانڈ دیا جائے، آصف زرداری تو 120 روز سے نیب تحویل میں ہیں۔

    خیال رہے کہ خورشید شاہ کی پیشی کے دوران احتساب عدالت اور اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، شیری رحمان، اویس شاہ اور دیگر رہنما بھی احتساب عدالت پہنچ گئے تھے، جیالوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

    خورشید شاہ کو 15 روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا، نیب تاحال ان کے خلاف ٹھوس ثبوت نہیں لا سکی ہے، خورشید شاہ کو 18 ستمبر کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔

  • سکھر: ماں نے نابالغ لڑکی شادی کے لیے فروخت کر دی

    سکھر: ماں نے نابالغ لڑکی شادی کے لیے فروخت کر دی

    سکھر: صالح پٹ میں نابالغ لڑکی کی شادی کرانے کے معاملے میں میڈیکل بورڈ کی رپورٹ نے اے آر وائی نیوز کی رپورٹ درست ثابت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق 11 روز قبل صالح پٹ میں بچی ضمیراں کلہوڑو کی شادی کرائی جا رہی تھی، تاہم اے آر وائی نیوز کی ٹیم نے پولیس کے ہم راہ کارروائی کرتے ہوئے شادی رکوا دی تھی۔

    آج سِول اسپتال سکھر کے میڈیکل بورڈ نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضمیراں کلہوڑو کی عمر 15 سال ہے، شادی کے لیےعمر 18 سال ہونا لازمی ہے۔

    سکھر میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں بچی کو نا بالغ قرار دے دیا، بچی کی والدہ کوڑی نے اسے 2 لاکھ 60 ہزار میں شادی کے لیے فروخت کیا تھا، تاہم کارروائی کے دوران پولیس نے دولہا حبدار علی کے ساتھ بچی کی والدہ کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  شقی القلب ماں نے 2 بچے پانی کی ٹینکی میں ڈبو دیے

    واضح رہے کہ آج لاہور کے علاقے رائیونڈ میں ایک شقی القلب ماں نے اپنے ہی ہاتھوں اپنے دو بچوں کو شوہر کے ساتھ جھگڑے کے بعد پانی کی ٹینکی میں پھینک کر جان سے مار دیا ہے، بچوں کے قتل کے بعد اس نے اپنی گردن پر بھی چھری ماری، تاہم وہ بچ گئی۔

    ادھر آج راولپنڈی میں بھی 7 سال کی ایک معصوم بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دی گئی، ملزم گھر کا فرد نکلا، پولیس نے زیادتی کے شبہے میں بچی سدرہ کے چچا کو حراست میں لے لیا ہے۔

  • سائبیریا سے آئے نایاب مہمان پرندوں کا سکھر میں شکار

    سائبیریا سے آئے نایاب مہمان پرندوں کا سکھر میں شکار

    سکھر: روس کے سرد ترین علاقے سائبیریا سے آئے ہوئے نایاب مہمان پرندوں کا سکھر میں بے دردی سے شکار ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں شکاریوں نے سائبیریا کے نایاب مہمان پرندوں کا شکار شروع کر دیا ہے، لنگھ جھیل قمبر پر غیر قانونی طور پر مہمان پرندوں کا شکار جاری ہے۔

    محکمہ وائلڈ لائف افسران مبینہ طور پر رشوت کے عوض خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس پر سول سوسائٹی نے نایاب پرندوں کی نسل کشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کے افسران اور ریڈ پارٹی انچاج نے مبینہ طور پر رشوت لے کر شکاریوں کو چھوٹ دی ہوئی ہے، شکاری سائبیریا سے آئے نایاب مہمان پرندوں کا جھیلوں پر پہنچتے ہی شکار کر رہے ہیں۔

    سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ سکھر میں شکار کیے گئے پرندے بیوپاری کو فروخت کیے جا رہے ہیں، شکار سے نایاب پرندوں کی نسل کشی ہو رہی ہے، جس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں دیگر ممالک سے موسم سرما میں آنے والے مہمان پرندوں کا بے دردی سے شکار ہوتا رہا ہے، جس کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی حکمت عملی اختیار نہیں کی گئی۔