Tag: سکھ کنونشن

  • پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، کوشش کریں گے سکھوں کو ایئر پورٹ پر ویزے کی سہولت ملے، پاکستان آنے والے سکھوں کو ملٹی پل ویزے دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں منعقدہ سکھ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے ہم ہر قسم کی آسانی پیدا کریں گے، پاکستان میں موجود اقلیتی برادری برابر کے شہری ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہم ڈائیلاگ کے ذریعے حل کر سکتے تھے، افسوس ہے ہماری پیش کش پر بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا، جنگ سے مسئلے حل نہیں کیے جا سکتے، جیتنے والے کو بھی اتنا نقصان ہوتا ہے کہ واپس کھڑا ہونے میں کئی سال لگتے ہیں، بی جے پی حکومت اس نظریے پر چل رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان بنا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا بھارت میں بی جے پی حکومت صرف ہندو راج چاہ رہی ہے، وہاں کوئی گائے بھی لے کر جاتا ہے تو اسے قتل کر دیا جاتا ہے، کشمیر میں کرفیو لگا کر بھارت نے 80 لاکھ لوگوں کو 29 روز سے بند کر رکھا ہے، مسلمان اگر کسی بھی مذہب سے نا انصافی کرے تو یہ دین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہندو مت سمیت کوئی بھی مذہب انسانوں سے ایسے رویے کی اجازت نہیں دیتا، بھارت میں جو ماحول بن رہا ہے مجھے اس پر خوف آتا ہے، 20 کروڑ مسلمان ڈر ڈر کر زندگی گزار رہے ہیں، بھارت کو آر ایس ایس لے کر چل رہی ہے، اقلیتیں خطرے میں ہیں، آج مسلمان نشانہ ہیں کل دوسروں کی باری ہے، خود بھارت کو بھی آر ایس ایس نظریے سے خطرہ ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں ٹینشن بڑھی تو دنیا کو خطرہ ہو جائے گا، پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی۔

  • سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آئے ماضی میں مثال نہیں ملتی، سردار عثمان بزدار

    سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آئے ماضی میں مثال نہیں ملتی، سردار عثمان بزدار

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے، سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آئے ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور گورنر ہاؤس میں بین الاقوامی سکھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت نے ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک یونیورسٹی کاسنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

    ننکانہ صاحب کی سڑکوں کی تعمیر کیلئے 15کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں، سڑکوں کی تعمیر سے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آئے ماضی میں مثال نہیں ملتی، مسئلہ کشمیر پر دنیا بھر کے سکھ پاکستان کی حمایت کررہے ہیں، پاکستان امن پسند ملک ہے، پوری دنیا کو امن کا پیغام دیتے ہیں، پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کبھی جدا نہیں ہوسکتے، مودی سرکار کو سمجھ لینا چاہیے کہ مسلمانوں کی نسل کشی کے ایجنڈے کے تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر پاکستان کے ہر شہر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کیخلاف پرزور انداز میں آواز بلند کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ پرعزم پاکستانی قوم نے نہتے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرکے واضح پیغام دیاہے، میں یوم یکجہتی کشمیر پر عوامی اجتماعات میں پنجاب کے عوام کی بھرپور شرکت پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

  • لاہور: بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر عالمی کنونشن

    لاہور: بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر عالمی کنونشن

    لاہور: بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام اقلیتی برادری کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر لاہور میں کنونشن منعقد ہوا۔ کنونشن میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلا موقع ہے کہ گورنر ہاؤس میں عالمی کنونشن ہو رہا ہے، کانفرنس کا پہلا پیغام ہے پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ آزاد ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حضور محمد ﷺ نے امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا، پاکستان میں تمام اقلیتی برادری کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ اقلیتی برادری کو تحفظ دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بابا گرو نانک کے نام پر بننے والی یونیورسٹی عالمی معیار کی ہوگی، بابا گرو نانک یونیورسٹی میں تمام مذاہب پر پی ایچ ڈی کروائی جائے گی۔ صرف سکھوں ہی نہیں تمام مذاہب کے لوگوں کی زمینوں پر قبضے ہوئے ہیں، ہم ایک ایک انچ زمین قبضہ گروپوں سے واگزار کروائیں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آمد پر سکھ بھائیوں کو خوش آمدید کہتی ہوں، پاکستان کا چپہ چپہ سکھ بھائیوں کا خیر مقدم کرتا ہے، سکھ بھائیوں کی آمد ایک اہم موقع ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم کا کرتار پور راہداری کھولنے کا اقدام وسیع تر وژن کا عکاس ہے، ہر طرح کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہمارا مقصد ہے۔ وزیر اعظم عمران خان مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری سکھ برادری کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں، سکھ برادری دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے، سکھ بڑے اہم موقع پر پاکستان آئے ہیں۔ انتہا پسندی کی سوچ جس بھی صورت میں ہو ختم کریں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے اسے دنیا کے سامنے لائیں گے، مقبوضہ کشمیر کے لوگ سکھ برادری کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں۔ یقین رکھتے ہیں سکھ برادری مظلوم کشمیریوں کی طاقت اور آواز بنے گی۔ لاہور سکھ برادری کا گھر ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سکھوں کو مقدس مقامات پر تمام سہولتیں فراہم کریں گے، سکھ بار بار پاکستان آئیں اور پاکستان کی دنیا بھر میں سفارتکاری کریں۔ سب جانتے ہیں کہ امن کا دشمن کون ہے؟ ہم پر حملہ کیا گیا لیکن پائلٹ واپس بھیجنا امن کو ایک اور موقع دینا تھا۔ کشمیر میں جاری قتل ختم نہ ہوا تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان جذبہ خیر سگالی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کرتار پور راہداری کا راستہ کھول چکا ہے، جس سے سکھ افراد کو بے حد آسانی ہوجائے گی۔ اس سے قبل دفتر خارجہ کی جانب سے بھی کہا جاچکا ہے کہ گرو نانک کے 550 ویں جنم دن پر یادگاری ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔