Tag: سکھ

  • پنجاب میں سکھوں کی 3 سو سال پرانی مقدس کتاب نے لوگوں کو حیران کر دیا

    پنجاب میں سکھوں کی 3 سو سال پرانی مقدس کتاب نے لوگوں کو حیران کر دیا

    لاہور: بہتر برس بعد پاکستان کے شہر لاہور میں سکھ مذہب سے متعلق تاریخی اہمیت کی حامل کتابوں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا جہاں سکھوں کی 3 سو سال پرانی مقدس کتاب نے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے پانچ سو پچاسویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں لاہور میں اِن نادر ونایاب کتابوں کی نمائش ہوئی، یہ نمائش پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار منعقد کی گئی۔

    اپنی نوعیت کی اس منفرد کتابی نمائش کا اہتمام پنجاب پبلک لائبریری نے کیا، جب کہ اس نمائش کا افتتاح کینیڈا سے آئی ہوئی ممتاز سکھ لکھاری گرمیت کور نے کیا۔

     

    پنجاب پبلک لائبریری کے سربراہ کے مطابق اس کتب خانے میں سکھ مذہب سے متعلق سیکڑوں کتابیں موجود ہیں لیکن نمائش کا حصہ صرف ان کتابوں کو بنایا گیا ہے جو تاریخی اہمیت کی حامل ہیں۔ سکھوں کی مقدس کتاب گرنتھ صاحب کا ہاتھ سے تحریر کردہ تین سو سال پرانا نسخہ بھی اس نمائش کا حصہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ‘وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف نے سکھوں کے دل جیت لئے’

    جن تاریخی کتابوں کو اس نمائش کا حصہ بنایا گیا ہے ان میں سری گورو گوبند سنگھ مہاراج نظم کی سوانح عمری، تذکرہ بابا گورو نانک، پوتہی جپ، سکھوں کی تاریخ، سکھ مذہب اور اسلام سمیت دیگر کئی نایاب کتب شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کا جبہ دریافت ہوا ہے، یہ جبہ شاہی قلعے میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کے کمرے سے ملا، ڈائریکٹر فقیر خانہ میوزیم کا کہنا تھا کہ سکھوں کے دیگر گروؤں کے زیر استعمال اشیا بھی دریافت ہوئی ہیں، یہ جبہ مزید تحقیقات کے لیے قومی اداروں کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر فقیر سیف الدین نے کہا کہ گرونانک کا جبہ رنجیت سنگھ کو کرتارپور کے بزرگ نے پیش کیا تھا، رنجیت سنگھ کے لاہور قلعہ میں زیر استعمال کمرے سے نوادرات بھی دریافت ہوئے، گرونانک کا جبہ جلد سکھ برادری کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔

  • پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، کوشش کریں گے سکھوں کو ایئر پورٹ پر ویزے کی سہولت ملے، پاکستان آنے والے سکھوں کو ملٹی پل ویزے دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں منعقدہ سکھ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے ہم ہر قسم کی آسانی پیدا کریں گے، پاکستان میں موجود اقلیتی برادری برابر کے شہری ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہم ڈائیلاگ کے ذریعے حل کر سکتے تھے، افسوس ہے ہماری پیش کش پر بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا، جنگ سے مسئلے حل نہیں کیے جا سکتے، جیتنے والے کو بھی اتنا نقصان ہوتا ہے کہ واپس کھڑا ہونے میں کئی سال لگتے ہیں، بی جے پی حکومت اس نظریے پر چل رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان بنا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا بھارت میں بی جے پی حکومت صرف ہندو راج چاہ رہی ہے، وہاں کوئی گائے بھی لے کر جاتا ہے تو اسے قتل کر دیا جاتا ہے، کشمیر میں کرفیو لگا کر بھارت نے 80 لاکھ لوگوں کو 29 روز سے بند کر رکھا ہے، مسلمان اگر کسی بھی مذہب سے نا انصافی کرے تو یہ دین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہندو مت سمیت کوئی بھی مذہب انسانوں سے ایسے رویے کی اجازت نہیں دیتا، بھارت میں جو ماحول بن رہا ہے مجھے اس پر خوف آتا ہے، 20 کروڑ مسلمان ڈر ڈر کر زندگی گزار رہے ہیں، بھارت کو آر ایس ایس لے کر چل رہی ہے، اقلیتیں خطرے میں ہیں، آج مسلمان نشانہ ہیں کل دوسروں کی باری ہے، خود بھارت کو بھی آر ایس ایس نظریے سے خطرہ ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں ٹینشن بڑھی تو دنیا کو خطرہ ہو جائے گا، پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی۔

  • کرتارپور راہداری پر پاک بھارت اعلیٰ سطح مذاکرات بدھ کو ہوں گے

    کرتارپور راہداری پر پاک بھارت اعلیٰ سطح مذاکرات بدھ کو ہوں گے

    اسلام آباد: کرتارپور راہداری پر پاک بھارت اعلیٰ سطح مذاکرات بدھ کو ہوں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی پیش کش کا جواب دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی اور بھارتی حکام کے مابین کرتارپور راہ داری سے متعلق مذاکرات کا نیا دور بدھ کو ہوگا، جس کے لیے پاکستان کی جانب سے پیش کش کی گئی تھی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ مذاکرات واہگہ اٹاری بارڈر پر بھارت کی سرحد میں ہوں گے، مذاکرات میں کرتارپور راہ داری کا حتمی مسودہ طے کیا جائے گا، راہ داری کے مسودے پر 80 فی صد سے زاید اتفاق پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہ داری کے سلسلے میں اعلیٰ سطح مذاکرات کا یہ تیسرا دور ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرتارپور راہداری کا افتتاح 11 نومبر کو پر وقار تقریب میں کیا جائے گا، ذرائع

    پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی ساؤتھ ایشیا سارک ڈاکٹر محمد فیصل کریں گے، مذاکرات پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے راہداری منصوبے کے حوالے سے اپنی طرف کا 98 فی صد کام مکمل کر لیا ہے۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر پاکستان نے امن پسندی اور بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرتار پور راہ داری پر جاری کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

  • سندھ : سکھ امیدوار کا اقلیتی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا انوکھا واقعہ

    سندھ : سکھ امیدوار کا اقلیتی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا انوکھا واقعہ

    کراچی:سندھ میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے امیدوار نے اقلیتی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔

    تفصیلات کے بعد سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن سردار رمیش سنگھ نے مخصوص نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فی الحال کسی سیاسی جماعت نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔ البتہ ان کی خواہش ہے کہ اسمبلی میں سکھ کمیونٹی کی نمایندگی ہو، ساتھ انھوں نے امید ظاہر کی کہ پیپلزپارٹی انھیں اقلیتی نشست کے لیے زیر غور لائے گی۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں میں سکھ برادری بھی شامل ہے، یہ ایک چھوٹی سی برادری ہے، جس کی تعداد فقط چھ ہزار ہے۔ سکھوں کی اکثریت پنجاب میں آباد ہے۔ البتہ سکھ کمیونٹی کا دعویٰ ہے کہ ان کے اصل ارکان کی تعداد تیس ہزار کے قریب ہے۔

    واضح رہے کہ قیام پاکستان کے بعد کبھی کوئی سکھ امیدوار سندھ اسمبلی کے لیے منتخب نہیں ہوا۔ رمیش سنگھ سندھ کمیونٹی کی معروف شخصیت ہیں۔

    یاد رہے کہ مخصوص نشستوں کے لیے کسی پارٹی سے وابستگی لازمی ہے۔ رمیش سنگھ کو امید ہے کہ پیپلزپارٹی انھیں سندھ اسمبلی میں نمائندگی کا موقع فراہم کرے گی۔


    انتخابات 2018: کاغذاتِ نامزدگی فارم میں علیحدہ خانہ نہ ہونے پر خواجہ سرا مایوس


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پنجاب اسمبلی: سکھ برادری کی شادیوں کو قانونی حیثیت دینے کے لیے بل پیش

    پنجاب اسمبلی: سکھ برادری کی شادیوں کو قانونی حیثیت دینے کے لیے بل پیش

    لاہور: صوبہ پنجاب کی اسمبلی میں سکھ برادری کو شادی کرنے کا قانونی اختیار دینے کے لیے بل پیش کردیا گیا۔ قانون کی منظوری کے بعد پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا جہاں آباد سکھ اقلیت اپنے مذہب کے مطابق رشتہ ازدواج میں منسلک ہوسکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں سکھ رکن سردار رامیش سنگھ آروڑہ کی جانب سے سکھوں کو شادی کرنے کے قانونی اختیار کے حوالے سے سکھ میرج ایکٹ بل پیش کردیا گیا۔

    ایوان سے باہر گفتگو میں سردار رامیش سنگھ آروڑہ کا کہنا تھا کہ اس قانون سازی سے پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا جہاں آباد سکھ اقلیت اپنے مذہب کے مطابق رشتہ ازواج میں منسلک ہو سکے گی۔

    پاکستان مسلم لیگ ن سے تعق رکھنے والے رامیش سنگھ پنجاب اسمبلی کے پہلے سکھ رکن ہیں۔

    دوسری جانب قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مالی بے ضابطگیوں کے اسکینڈل کو پوری شدت کے ساتھ ایوان میں اٹھایا جائے گا۔ حکومت کو مجبور کریں گے کہ اس پر بحث کے لیے 2 روز مختص کیے جائیں۔

    اجلاس میں حکومتی رکن نگہت ناصر کی جانب سے صوبے بھر میں عطائیت، تعویز گنڈے اور جادو ٹونے کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے کی قرارداد کو بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مذہب سب کا الگ، لیکن انسانیت کی اساس مشترک ہے: وزیر اعظم

    مذہب سب کا الگ، لیکن انسانیت کی اساس مشترک ہے: وزیر اعظم

    چکوال: وزیر اعظم نواز شریف نے ہندوؤں کے تاریخی مقام کٹاس راج کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام ہندو، سکھ، پارسی اور دیگر تمام مذاہب کے ماننے والوں کی خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔ انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کٹاس راج کے دورے کے موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقام نہ صرف ہندوؤں کے لیے امتیازی حیثیت رکھتا ہے بلکہ سکھ، بدھ مت کے ماننے والوں، اور مسلمانوں کی ثقافت کا سنگم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں صرف مسلمانوں کا نہیں، تمام پاکستانیوں کا وزیر اعظم ہوں۔ ’یہاں پر 5 مذاہب کے ماننے والے پاکستانیوں کا اجتماع میری خوشی کا باعث ہے‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس اجتماع سے پوری دنیا کو واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں ہندو، سکھ، پارسی اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو برابر کا شہری مانا جاتا ہے۔ ’تمام مذاہب کے ماننے والے انسانیت کے رشتے میں بندھے ہیں اور پاکستان کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کام کر رہے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ مذہب سب کا اپنا اپنا لیکن انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام انبیا اور تمام کتابوں پر ایمان لانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ یہی نہیں ہمیں اقلیتوں کے ساتھ بہترین سلوک اور ان کے حقوق کے تحفظ کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک وقت آئے گا کہ پاکستان کو اقلیت دوست ملک کے طور پر جانا جائے گا۔

    خطاب میں وزیر اعظم سیاسی گفتگو کرنا نہ بھولے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والے کچھ نہیں بنا رہے۔

    انہوں نے ماضی کی حکومتوں کو بھی لتاڑتے ہوئے کہا کہ جو پہلےحکمران رہے، ہم ان کے صوبے میں بھی ہم موٹر وے بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایسے لوگ آگئے ہیں جوروز نیا جھوٹ بولتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے مخالفین کو اللہ سے معافی مانگنے کا بھی مشورہ دیا۔

    تقریب کے بعد وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہندؤوں کے مقدس مقام امرت جل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔ فلٹریشن پلانٹ سے مذہبی رسومات کے لیے آنے والے ہندوؤں کو صاف پانی میسر ہوگا۔

    دورے کے موقع پر وزیر اعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے تاریخی مندر کے مختلف حصے بھی دیکھے۔

    اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق اور دیگر اہم شخصیات بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھیں۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے مذہبی رہنما شیو جی کے مندر کے قریب پودا بھی لگایا اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا مانگی۔