Tag: سہولت

  • اسلام آباد میں گاڑی مالکان کو بڑی سہولت مل گئی!

    اسلام آباد میں گاڑی مالکان کو بڑی سہولت مل گئی!

    اسلام آباد (28 جولائی 2025): محکمہ ایکسائز نے بڑا فیصلہ کیا ہے جس سے وفاقی دارالحکومت میں گاڑی مالکان کو بڑی سہولت مل گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ایکسائز نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں کو ڈیجیٹل کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی بھی اس فیصلے سے روایتی کارڈز اور فائلوں سے جان چھوٹ جائے گی۔

    دوسری جانب گاڑی کی ڈیجیٹل بُک اس کے مالک کے موبائل والٹ میں محفوظ ہوگی اور اس کو گاڑی کے ساتھ کاغذات یا کارڈ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    یہ ڈیجیٹل کارڈز شہر کے تمام ڈیجیٹل پارکنگ پلازہ سےمنسلک ہوں گے اور پاکنگ فیس بھی گاڑی کے ڈیجیٹل کارڈ سے ادا کی جا سکے گی، جب کہ ٹریفک چالان کی تمام تفصیلات بھی ڈیجیٹل بک میں دستیاب ہوں گی۔

    سال 2022 سے پہلے تمام ماڈلز کی گاڑیوں کی انسپکشن لازمی قرار

    اس حوالے سے محکمہ ایکسائز کے بلال اعظم نے بتایا کہ اب اسلام آباد گاڑیوں کے ڈیجیٹل کارڈز ہی چلیں گے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑیوں کی ٹرانسفر کا عمل بھی ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔ اب گاڑی ٹرانسفر کے لیے دفتر آنے کی ضرورت نہیں بلکہ بائیو میٹرک تصدیق گھر بیٹھے موبائل پر ہوگی۔

  • اے ٹی ایم کی سہولت اب ٹرینوں میں بھی ملے گی!

    اے ٹی ایم کی سہولت اب ٹرینوں میں بھی ملے گی!

    عوام کی بڑی تعداد اے ٹی ایم کا استعمال کرتی ہے جو عوامی مراکز ایئرپورٹس پر لگے ہوتے ہیں مگر اب یہ سہولت ٹرین میں بھی دستیاب ہوگی۔

    آج کے دور میں اے ٹی ایم کی بڑی سہولت ہے جس کے ذریعے لوگ اپنے پاس کیش ختم ہونے کی صورت میں قریب موجود اے ٹی ایم کے ذریعہ اپنے اکاؤنٹ سے با آسانی رقم نکلوا سکتے ہیں۔

    یہ سہولت عموماً بینک کے اندر اور باہر سمیت بڑے تجارتی مراکز، کارپوریٹڈ اداروں، عوامی مقامات، ایئرپورٹس وغیرہ پر دستیاب ہوتی ہے تاہم اگر دوران سفر اچانک کسی کو رقم کی ضرورت پیش ہو جائے تو اس کے لیے مشکل ہوتی ہے۔

    تاہم عوام الناس کی یہ مشکل بھی ختم ہونے والی ہے کیونکہ اب مسافروں کو ٹرینوں کے اندر بھی اے ٹی ایم کی سہولت دستیاب ہو گی۔

    یہ سہولت بھارت کی ٹرینوں میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی ہے اور اس کا تجرباتی آغاز ممبئی۔ منماڑ پنچوٹی ایکسپریس کے ذریعے کیا گیا ہے اور یہ پہلی ٹرین بن گئی ہے جس میں اے ٹی ایم مشین نصب ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ ریلوے منماڑ پنچوٹی ایکسپریس میں اے ٹی ایم کی تنصیب کے بعد اب اس کا دائرہ دیگر ٹرینوں کو تک وسیع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم یہ کب تک ہوگا اس بارے میں کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سینٹرل ریلوے (سی آر) نے ممبئی-منماڑ پنچوٹی ایکسپریس میں نجی بینک کے ذریعہ تجرباتی طور پر اے ٹی ایم مشین لگائی گئی ہے اور اس کو ڈیلی ایکسپریس سروس کی ایمرجنسی چیئر کار کوچ میں نصب کیا گیا ہے۔ اس سہولت سے جلد ہی مسافر بھی مستفید ہو سکیں گے۔

  • سعودی اقامے کی معیاد ختم ہونے سے پریشان افراد کے لیے ایک اور سہولت

    سعودی اقامے کی معیاد ختم ہونے سے پریشان افراد کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی حکام نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اقامے کی تاریخ ختم ہوجانے کی وجہ سے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے، یا اے ٹی ایم کارڈ ختم ہونے کی وجہ سے رقم فریز کرنے جیسی تمام کارروائیاں فی الحال روک دی جائیں اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جن کھاتے داروں کے اے ٹی ایم کارڈ ختم ہوگئے ہوں یا ختم ہونے والے ہوں ان کی تاریخ میں توسیع کردی جائے۔

    ساما نے یہ پابندی بھی لگائی ہے کہ اے ٹی ایم کارڈ میں توسیع کرتے وقت کھاتے داروں کی منظوری ضرور لی جائے، توسیع کی کارروائی میں کھاتے داروں کو ضروری سہولت مہیا کی جائے اور ممکنہ وسائل کی مدد سے تجدید شدہ کارڈ کھاتے داروں تک پہنچائے جائیں۔

    ساما نے قومی شناختی کارڈ یا اقامے کی تاریخ ختم ہوجانے کی وجہ سے بینک اکاؤنٹ منجمد نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، اسی طرح اکاؤنٹ ایکٹو نہ ہونے کی صورت میں اسے منجمد کرنے کی پابندی بھی معطل کرنے کے لیے کہا ہے۔

    ساما نے بینکوں کو ایک ہدایت یہ بھی دی ہے کہ اگر شناختی کارڈ ختم ہونے یا مختار نامے کی میعاد ختم ہوجانے کی وجہ سے کمپنیوں اور اداروں کے اکاؤنٹ کسی قسم کے اسباب کی وجہ سے منجمد کر دیے گئے ہوں تو انہیں بھی کھول دیا جائے اور تا اطلاع ثانی منجمد کھاتے بحال کردیے جائیں۔

    ساما کا کہنا ہے کہ مذکورہ تمام سہولتیں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے مسائل حل کرنے کی خاطر دی جارہی ہیں۔

  • سعودی عرب: معذوروں اور بزرگ افراد کے لیے فضائی سفر میں مزید سہولت

    سعودی عرب: معذوروں اور بزرگ افراد کے لیے فضائی سفر میں مزید سہولت

    ریاض: مجلس شوریٰ کے اجلاس میں سفارش کی گئی کہ ریاست میں معذوروں اور بزرگ افراد کو فضائی سفر میں مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے ٹکٹوں میں رعایت دی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مجلس شوریٰ کے اجلاس کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹرانسپورٹ کمیٹی نے محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا ہے کہ فضائی کمپنیوں کو معذوروں اور بزرگ افراد کے لیے اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے پر آمادہ کیا جائے۔

    مجلس شوریٰ نے ہوائی اڈوں کی بنیادی خدمات اور طیاروں کی اصلاح و مرمت کا معیار بھی بلند کرنے کا کہا ہے۔ مجلس کی جانب سے کہا گیا کہ طائف ایئرپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور اس میں توسیع بھی کی جائے۔

    اجلاس میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

    شوریٰ کی خصوصی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہوائی اڈوں کے مختلف منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے خصوصی پالیسی بنائی جائے اور انہیں اس کی ترغیب دی جائے۔

    شوریٰ نے سفارش کی کہ سعودی عریبین ایئر لائنز بوڑھوں اور معذوروں کو اپنی اندرون ملک تمام پروازوں پر مراعات دے۔

  • داعش کے جنگجوؤں کو ترک بحری جہاز سفر کی سہولت فراہم کرتے ہیں، لیبی فوج

    داعش کے جنگجوؤں کو ترک بحری جہاز سفر کی سہولت فراہم کرتے ہیں، لیبی فوج

    طرابلس : لیبی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ترکی کی طرف سے لیبیا کی قومی وفاق حکومت کو جنگی ہتھیاروں، بکتر بند گاڑیوں اور بھاری اسلحہ کی بھاری مقدار پہنچائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا کی قومی فوج نے چند روز قبل لیبیا کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والے ترکی کے ایک بحری جہاز ایمازون کے ذریعے شدت پسندوں حتیٰ کہ داعش کے جنگجوﺅں کی بیرون ملک سے لیبیا منتقلی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ لیبیا کی قومی فوج کے ایک افسر کرنل ابوبکر البدری نے انکشاف کیا کہ طرابلس کی بندرگاہ پر لنگرانداز ہونے والے ترکی کے ایک بحری جہاز سے داعش کے جنگجوﺅں کو شام اور عراق سے ترکی کے راستے لیبیا لائے جانے کا شبہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ترکی کی طرف سے لیبیا کی قومی وفاق حکومت کو جنگی ہتھیاروں، بکتر بند گاڑیوں اور بھاری اسلحہ کی بھاری مقدار پہنچائی گئی تھی تاہم اس کے ساتھ ساتھ شبہ ہے کہ اس جہاز کے ذریعے ترکی نے داعش کے دہشت گردوں کو شام اور عراق سے لیبیا منتقل کیا ہے۔

    خیال رہے کہ لیبیا کی قومی فوج چار اپریل سے طرابلس میں قومی وفاقی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے حملہ آور ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق طرابلس پر فوج کشی کے بعد 75 ہزار شہری نقل مکانی پرمجبور ہوئے ہیں جب کہ 126 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

  • سعودیہ کا دوران رمضان قطری معتمرین کی سہولت کے لئے الیکٹرانک پورٹل جاری

    سعودیہ کا دوران رمضان قطری معتمرین کی سہولت کے لئے الیکٹرانک پورٹل جاری

    دوحہ/ قطر : قطر نے بائیکاٹ جاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بائیکاٹ کے خاتمے پر ہی قطری شہری حج اور عمرہ کرنے سعودی عرب جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے رمضان المبارک کے دوران قطری معتمرین کی سہولت کے لئے الیکڑانک پورٹل کا اجرا کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ دوحہ نے بائیکاٹ جاری رکھتے ہوئے اپنے شہریوں کو بیت اللہ کی زیارت سے منع کرتے ہوئے سارا الزام ریاض پر عائد کیا ہے کہ ایسا مملکت کی جانب سے قطری معتمرین کے سفر حجاز کی راہ میں رکاوٹوں کے باعث کیا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وزارت حج اور عمرہ سعودی عرب نے ایک بیان میں واضح کیا کہ دنیا بھر سے حج اور عمرہ کی غرض سے مملکت آنے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لئے سہولیات کی فراہمی کے مسلمہ اصول کے پیش نظر سعودی نے عمرہ کے خواہش مند قطری بھائیوں کے لئے ان لائن پورٹل کا اجرا کیا ہے۔

    میڈیا کے رپورٹس کے مطابق الیکٹرانک پورٹل کے ذریعے وہ اپنے کوائف درج کروا کر جدہ یا مدینہ منورہ کے ہوائی اڈوں کے ذریعے مناسک کے ادائیگی کے لئے مملکت کا سفر اختیار کر سکتے ہیں، سعودی آن لائن پورٹل پر قطری شہری اپنے کوائف کا اندراج کر سکتے ہیں۔

    قطری حاجیوں کو مملکت لانے کے لئے سعودی حکومت نے اپنے جہاز بھجوانے کی پیش کش کے علاوہ کویت کی فضائی کمپنی کو بھی قطر سے معتمرین کو مملکت لانے اور لیجانے کی خصوصی اجازت دی تھی۔

    سعودی عرب کے واضح اعلان اور پیشکش کے باجود قطر میں انسانی حقوق کی قومی کمیٹی نے سعودی حکام کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    انسانی حقوق کی کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے قطری شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو مسلسل تیسرے برس اپنے دینی شعائر اور مناسک کی ادائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    سعودی حکومت نے خلیجی ممالک کی جانب سے قطر کے بائیکاٹ کے بعد سے ہر سال باقاعدگی سے قطری حجاج اور معتمرین کو مملکت آنے اور جانے کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی ہیں۔

    سعودی حکام رواں برس بھی بھی قطری شہریوں کو سہولیات دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گی جاری ہے، تاہم قطر دینی شعائر کے معاملے کو سیاست کا رنگ دے کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔

  • غریب لوگ اب علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہیں گے، عثمان بزدار

    غریب لوگ اب علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہیں گے، عثمان بزدار

    اٹک: وزیراعلیٰ‌ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صحت انصاف کارڈ سے 3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اٹک میں مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارڈ رکھنے والامعیاری اسپتال میں علاج کرا سکتا ہے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ صحت کارڈ کے ذریعے 7 لاکھ 20 ہزارکا علاج ممکن ہے، اسے بڑھایا بھی جاسکتا ہے، صحت انصاف کارڈ سے 3 کروڑافراد مستفید ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے 18 اضلاح میں صحت کارڈ اسکیم شروع کی جاچکی ہے، غریب لوگ اب علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اٹک پنجاب کے دیگرشہروں کی طرح دل کے بہت قریب ہے، یہاں 200 بستروں پرمشتمل اسپتال بنایا جائے گا۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ ہم سہولتوں کی فراہمی کے لیے پنجاب کی ہرتحصیل تک جائیں گے، پنجاب کے پسماندہ علاقوں کوترقی یافتہ بنائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کےعوام کوبا اختیاربنانے کے لیے بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، نئے بلدیاتی نظام سےعوام کے مسائل ان کی دہلیز پرحل ہوں گے۔

    گورنر پنجاب نے لوکل گورنمنٹ بل 2019 پردستخط کردیے

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے لوکل گور نمنٹ بل 2019 پردستخط کیے۔

    پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام دو درجوں پر مشتمل ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کے مطابق شہروں میں میونسپل اورمحلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اورویلج کونسل ہوگی۔

  • شارجہ: صارفین کی سہولت کیلئے آن لائن ڈرائیونگ ٹیسٹ سروس متعارف

    شارجہ: صارفین کی سہولت کیلئے آن لائن ڈرائیونگ ٹیسٹ سروس متعارف

    شارجہ : یو اے ای کے ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ نے شہریوں کی سہولت کےلیے آن لائن ڈرائیونگ اسکول متعارف کرا دیا, جس کے ذریعے ڈرائیونگ ٹیسٹ سمیت دیگر امور بھی انجام دئیے جاسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکمران اپنے شہریوں اور دیگر بیرون ممالک سے آنے والے افراد کی سہولت اور آسانی کے مختلف اقسام کی ٹیکنالوجی متعارف کرواتی رہتی ہے حالیہ دنوں اماراتی ریاست شارجہ کی انتظامیہ نے آن لائن ڈرائیونگ اسکول متعارف کرایا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آن لائن اسکول کا اقدام شارجہ پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اٹھایا گیا ہے۔

    مذکورہ سروس کے تحت صارفین الیکڑانک رجسٹریشن کروا سکیں گے اورڈرائیونگ لائسنس سے متعلق جو چاہیں وہ آن لائن معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا مقصد صارفین کو مطمئن کرنے میں شارجہ پولیس کی معاونت کرنا ہے۔

    لائسنس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل حُمید سعید الجلاف کا کہنا تھا کہ مذکورہ الیکٹرانک سروس کے ذریعے ہمارے شہری عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی تیز ہوتی رفتار کے ساتھ ہم آہنگ ہوسکیں گے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ الیکڑانک سروس طالب علموں کو آن لائن کلاسوں میں اپنی حاضری کی تصدیق کے ساتھ شریک ہونے میں مدد فراہم کرے گی اور مذکورہ سروس کے تحت طالب علموں کو ٹریفک کلچر اور معلومات مزید بہتر اور اچھے انداز میں سمجھائی جاسکیں گی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طالب علم آن لائن اپنے فیس ادا کرسکتے ہیں، اسٹوڈنٹس اپنی رجسٹریشن، کورس ڈیٹا اور عملی تربیت سے متعلق معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں اور ساتھ ساتھ اپنی امتحانی تاریخ، اپنے استاد اور تربیت کا وقت و جگہ بھی تبدیل کرواسکتے ہیں۔