Tag: سہولت کار

  • پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کو اپنی دفاعی لائن میں رکھا ہوا ہے، خواجہ آصف

    پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کو اپنی دفاعی لائن میں رکھا ہوا ہے، خواجہ آصف

    سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے دہشتگردوں کو اپنی دفاعی لائن میں رکھا ہوا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملوں میں فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت کا مذاق اڑانے پر سخت ردعمل دیا کہ شہدا کے خلاف ایک سیاسی جماعت نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی اور ان کی شہادتوں کا مذاق اڑایا گیا، وطن کے ساتھ اس سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں سکتی ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ شہدا کا مذاق اڑانے سے زیادہ گھٹیا بات کوئی نہیں ہو سکتی، سوشل میڈیا پر یہ اکاؤنٹ بھارت، یورپ اور امریکا سے چلائے جا رہے ہیں اور ان کے پاکستان میں لنکس ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن میں اختلافات پر شہدا کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے، یہ پارٹی اپنی شناخت کھو چکی ہے اور آج یہ بے نامی پارٹی ہے، کون اس پارٹی کو چلا رہا ہے اور کون ملک سے باہر بیٹھ کر گالیاں دے رہا ہے؟

    ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آئی ایم ایف اور امریکی کانگریس کے رہنماؤں کو خط لکھتے ہیں کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے، گزشتہ روز اسمبلی میں بھی ان لوگوں نے غزہ سے متعلق قرارداد کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ماضی میں بھی اختلافات رہے ہیں لیکن آج تک کسی جماعت نے ایسا نہیں کیا جو یہ لوگ کر رہے ہیں۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت حد پار کرے گی تو اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا، اس سے ملک کی سالمیت کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع نے کہا کہ ان کا اقتدار اپنی کرتوتوں کی وجہ سے گیا، ان کی اپنی صفوں میں پھوٹ ہے انہیں اپنے لیڈر کا نہیں پتا، ان کا لیڈر جیل میں ایسے بیٹھا ہے جیسے نانی کے گھر گیا ہو، اسے جیل میں ہر سہولت مل رہی ہے دیسی مرغے دیسی گھی میں پکا کر دیے جارہے ہیں۔

  • خیبر کی علی مسجد میں دھماکا :  خودکش حملہ آور اور  سہولت کار کے خاکے تیار

    خیبر کی علی مسجد میں دھماکا : خودکش حملہ آور اور سہولت کار کے خاکے تیار

    پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خیبر میں علی مسجد پر دھماکا کرنے والے خودکش حملہ آور اور سہولتکار کے خاکے تیار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں مسجد خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خیبر مسجد خودکش حملہ آور اور سہولتکار کے خاکے تیار کرلیے اور کہا سہولتکارعبداللہ عرف سلمان سے متعلق اطلاع پرنقدانعام دیا جائے گا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ سہولتکار کی اطلاع دینےوالے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، خودکش حملہ آور کانام انصارعرف ابوزر کی مونچھیں اور داڑھی تھی۔

    ترجمان نے کہا کہ خودکش حملہ اورکوسہولتکار نےجیکٹ اورروسی ساختہ کلاشنکوف دی۔

    گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں علی مسجد کے اندر ہونے والے خودکش دھماکے کے 8 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سہیل خالد نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ علی مسجد خود کش دھماکے میں ملوث 8 سہولت کار گرفتار کر لیے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے سے لاتعلقی ظاہر کی لیکن تحقیقات کے مطابق وہ اس دھماکے میں ملوث ہے۔

    سہیل خالد کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور آئی ای ڈی بنانے کا سامان ملا ہے، حملہ آورافغانستان سے آیا جس کا نام انصار تھا، سہولت کاروں سے افغان سم، جہاد پمفلٹ و دیگر دستاویز برآمد ہوئیں۔

  • سندھ اور بلوچستان میں اب انسانی اسمگلرز کے سہولت کار پکڑے جائیں گے

    سندھ اور بلوچستان میں اب انسانی اسمگلرز کے سہولت کار پکڑے جائیں گے

    کراچی: پاکستان کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان میں اب انسانی اسمگلرز کے سہولت کار پکڑے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان میں تارکین وطن کی کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کے بعد ایف آئی اے نے سندھ اور بلوچستان میں انسانی اسمگلرز اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اس سلسلے میں ایف آئی اے کراچی، حیدرآباد، اور کوئٹہ زون کے ڈائریکٹرز کو کمیٹیاں بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کے مطابق ہر زون میں متعلقہ زونل ڈائریکٹر اپنی کمیٹی کا سربراہ ہوگا، یہ کمیٹیاں ملوث ایجنٹوں کے خلاف مہم کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوں گی۔

  • ’سہولت کار دوبارہ عمران خان کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں‘

    ’سہولت کار دوبارہ عمران خان کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں‘

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سہولت کار دوبارہ عمران خان کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ لوگوں کو اب سچ بولنا پڑے گا، سہولت کار دوبارہ عمران خان کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان نے اگلے15سال کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آڈیو لیکس کا نوٹس کیوں نہیں لیا جارہاہے، ماضی میں لانچ کئے گئے پراجیکٹ کو کیوں بے نقاب نہیں کیا جارہا، عمران خان باربار سہولت کاروں کے بارئے میں حقائق بیان کر رہا ہے، وقت آگیا ہے کہ اب سب کا احتساب کیاجائے۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ قوم نوازشریف کو اپنا محسن سمجھتی ہے، نواز شریف کو سازش کے تحت اقتدار سے ہٹایاگیا، ایک شخص کو بے نقاب نہیں ہونے دیا جارہا، عمران خان خود باربار اقرار جرم کررہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اداروں سے جو آوازیں اٹھ رہی ہیں کیا قانون اور آئین حرکت میں نہیں آسکتا، 2023 میں آئین و قانون یاد آرہا ہے،2015 سے کیوں نہیں آیا، عمران خان 2015 میں سازش کیخلاف کھڑے ہوتے تو آج  یہ دن نہ آتا۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان، بزدار، پرویز الہٰی اور انکی رجیم کو کٹھہرے میں آنے سے روکا جارہا ہے، اگر سمجھوتہ کیاگیا تو میں سمجھتا ہوں کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے، پاکستان کیخلاف سازش کرنیوالوں سے مذاکرات نہیں ہوتے۔

    انکا کہنا تھا کہ اسوقت دہشتگرد ٹولے سے مذاکرات کرینگے تو یہ پاکستان کی ترقی پر سمجھوتہ ہوگا، اداروں پر چڑھائی کر کے کمزور کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوتے۔

    مسلم لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں تو تین بار الیکشن سے باہر رکھا ہم پھر بھی نہیں بھاگے، یہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں، یہ اسی منصوبہ بندی کا دوسرا پارٹ ہے، نواز شریف کو انتخابی میدان سے باہر رکھا تو ہم ایسا نہیں کرنے دینگے۔

    انکا کہنا تھا کہ لوگ آج بھی کہتے ہیں2017 میں پاکستان ترقی کررہا تھا، لوگ کہتے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف سازش کی گئی، نوازشریف کے بغیر 2023 کا الیکشن کسی طور پر قبول نہیں کریں گے۔

    جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کا تعلق کسی کے آنے جانے سے نہیں، مذاکرات کسی فرمائش یا ہدایت پر ہونگے تو کامیاب نہیں ہونگے، جب آئین سے ہٹ کر مذاکرات کرینگے تو کیسے کامیاب ہونگے، اداروں میں بیٹھے لوگ آئین، قانون کے مطابق فیصلے دیتے ہیں پنچائتیں اداروں میں نہیں لگا کرتی سیاسی جماعتیں کیا کرتی ہیں۔

  • انار کلی دھماکے کی تحقیقات میں اہم ترین پیش رفت

    انار کلی دھماکے کی تحقیقات میں اہم ترین پیش رفت

    لاہور: انار کلی دھماکے کی تحقیقات میں اہم ترین پیش رفت سامنے آئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا ہے کہ 2 سہولت کاروں کو آج صبح حراست میں لیا گیا ہے، مبینہ سہولت کاروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، اور ان سے تفتیش جاری ہے۔

    سہولت کاروں سے مبینہ دہشت گرد اور ان کے ساتھیوں سے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ لاہور کا دل انار کلی بازار گزشتہ روز تخریب کاروں کا نشانہ بن گیا ہے، جس میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے اور 32 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 5 کی حالت تاحال تشویش ناک قرار دی گئی ہے۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات 20 جنوری کو ہونے والا دھماکا 2013 کے انار کلی دھماکے جیسا ہے، اب تک مبینہ دہشت گرد اور سہولت کاروں کی تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں، جن میں سہولت کار آج صبح گرفتار ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق مبینہ دہشت گردموٹر سائیکل پر ایک بیگ کے ساتھ آیا اور بیگ رکھ کر چلا گیا، جس کے 4 منٹ بعد دھماکا ہو گیا۔ سابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ نیشنلسٹ آرمی نے لاہور دھماکے کی ذمےداری قبول کی ہے، یہ نئی تنظیم ہے جو 10 دن پہلے بنی ہے، جسے کالعدم یو بی اے اور کالعدم بلوچ ریپبلکن آرمی نے مل کر بنایا۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ لاہور دھماکے کے پیچھےکون سی تنظیم ہے، بحثیت وزیر داخلہ ابھی بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔

     

  • داتا دربار بم دھماکا کیس: سہولت کار کو عمر قید کی سزا

    داتا دربار بم دھماکا کیس: سہولت کار کو عمر قید کی سزا

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے داتا دربار بم دھماکے کے سہولت کار محسن کو بارودی مواد رکھنے کے جرم میں دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گری عدالت کے جج اعجاز بٹر نے داتا دربار بم دھماکے کے سہولت کار محسن کو بارودی مواد رکھنے کے جرم میں سزا سنائی۔

    عدالت نے مجرم  محسن کو دو دفعہ عمر قید، ایک بار 14 سال قید کی سزا اور تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم سنایا ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ ایک سزا ختم ہونے کے بعد دوسری سزا شروع کی جائے گی۔

    اس سے قبل گزشتہ سال 28 نومبر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے داتا دربار دھماکے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سہولت کار ملزم کو 22 بار سزائے موت اور عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    محسن کا تعلق چارسدہ کے علاقے شبقدر سے ہے اور اس نے خودکش حملہ آور کو سہولت کاری فراہم کی تھی۔

    خودکش حملہ آور صدیق اللہ اور محسن 6 مئی کو طورخم کے راستے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور دونوں 8مئی کو لاہور آئے تھے جہاں انہوں نے داتا دربار کے قریب ایک مکان میں رہائش اختیار کی تھی۔

    گرفتاری کے وقت خودکش حملہ آور کے سہولت کار سے بارودی مواد برآمد ہوا تھا،ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

  • کراچی : علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کار ریمانڈ پر جیل روانہ

    کراچی : علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کار ریمانڈ پر جیل روانہ

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے علی رضا عابدی قتل کیس میں ملوث چار سہولت کاروں کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، پولیس نے قتل میں ملوث چار سہولت کاروں حسیب، ابوبکر، فاروق، غزالی کو پیش کرتے ہوئے ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے چاروں ملزمان کو ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا، عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل کرکےچالان 18مارچ کو پیش کیا جائے۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان حسیب، ابوبکر، فاروق، غزالی کو کھاردار کے علاقے میں کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سابق ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 5 اہم ملزمان گرفتار

    ملزمان علی رجا عابدی کے قتل میں ملنے والی رقم اور اسلحے کی ترسیل میں بھی شامل تھے، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر مفرور ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا، عدالت سے ملزمان کے14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ 25دسمبر2018کی رات کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا۔

    بعد ازاں سیکورٹی اداروں نے ان کے قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا، اہم ملزم ایئر پورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے حراست میں لیا گیا، اس کی نشان دہی پر مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • چینی قونصلیٹ پر حملے کا مرکزی سہولت کار شارجہ سے گرفتار

    چینی قونصلیٹ پر حملے کا مرکزی سہولت کار شارجہ سے گرفتار

    کراچی: چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث اہم سہولت کار کو شارجہ سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم کو چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو اس نے دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث اہم سہولت کار نے سنسنی انکشافات کر ڈالے۔

    راشد بلوچ نامی ملزم کو شارجہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کی گرفتاری کا انکشاف گزشتہ روز پریس کانفرنس میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عبداللہ شیخ نے کیا۔

    عبداللہ شیخ کے مطابق سہولت کار نے گرفتاری کے بعد بتایا ہے کہ شارجہ میں را اور دیگر تنظیمیں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شارجہ پولیس پہلے ملزم کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کرنا چاہتی تھی، ملزم کے انکشافات کے بعد اب باقاعدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنا دی گئی ہے۔ تفتیشی ٹیم ملزم سے دیگر ساتھیوں کی معلومات بھی حاصل کر رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی راشد بلوچ کی حوالگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے، حملے کے وقت ملزم کراچی میں ہی موجود تھا، چینی قونصل خانے پر حملے کے فوری بعد ملزم شارجہ فرار ہوگیا تھا۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ راشد بلوچ چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی سہولت کار ہے، ملزم سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید اہم گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

    واضح رہے کہ 23 نومبر کو کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے جبکہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اور تمام عملہ محفوظ رہا تھا۔ حملے کے پانچوں گرفتار دہشت گردوں کی جے آئی ٹی مکمل ہوگئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 دہشت گرد لطیف اور عارف کی جے آئی ٹی سینٹرل جیل میں مکمل ہوگئی، جے آئی ٹی رپورٹ میں پانچوں دہشت گردوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ چینی قونصل خانے پر حملے کے لیے 15 لاکھ کی رقم خرچ کی گئی۔

  • چینی قونصلیٹ حملہ، 5 سہولت کار 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    چینی قونصلیٹ حملہ، 5 سہولت کار 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کراچی : عدالت نے چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں گرفتار پانچ سہولت کاروں کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں گرفتار پانچ سہولت کار دہشت گردوں کو متظم جج کے روبرو سندھ ہائی کورٹ میں پیش کیا، پولیس نے عدالت سے ملزمان کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔

    جس پر عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور تفتیشی افسر کوملزمان کی رشتہ داروں سے ملاقات کرانے کی بھی ہدایت جاری کی۔

    یاد رہے پانچوں دہشت گردوں کوگزشتہ روز تیسرٹاون نزد بلوچ گوٹھ کےخالی پلاٹ سے بھاری اسلحےسمیت گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت پانچ مقدمات درج کئےگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : چینی قونصل خانہ حملے کے 5 سہولت کاروں کے خلاف مقدمات درج

    ایف آئی آر میں کہا گیا ملزمان کو تیسر ٹاون کے بلوچ گوٹھ سےگرفتار کیاگیا ، مسلح دہشت گرد حملہ کرنے کی نیت سے ایک جگہ موجود تھے، ملزمان میں احمد حسنین،نادرخان،علی احمد، عبدالطیف اور اسلم شامل ہیں جبکہ ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گئیربکس بھی ملا ہے۔

    اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے چائنیز قونصل خانے پر حملہ کے مقدمے میں 8 فروری تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے، تفتیشی افسر کی جانب کی جانب سے مقدمہ داخل دفتر کرنے کی رپورٹ جمع کرائی تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کیس میں اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا۔ جب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوتا کیس داخل دفتر کیا جائے۔ اے کلاس رپورٹ میں اسلم اچھو کو عدم گرفتار ظاہر کیا گیا ہے۔ اسلم اچھو کے مارے جانے کے اطلاع ہیں لیکن تاحال اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ چار کلاشنکوف، 2 آئی ای ڈی بم، ڈیٹونیٹر، ہینڈ گرنیٹ، دھماکہ خیز مواد اور گولیاں بر آمد ہوئی۔

    مزید پڑھیں : چینی قونصلیٹ حملے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، را بھی ملوث ہے: ایڈیشنل آئی جی

    گذشتہ روز ایڈیشنل انسپکٹر جنرل امیر شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ چینی قونصلیٹ حملے کے ملزمان اور سہولت کار گرفتار کرلیے ہیں، منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی جبکہ بھارت نے حملے کو اسپانسر کیا۔

    امیر شیخ کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے اسلحہ بلوچستان سے ریلوے کے ذریعے لایا گیا، کراچی پہنچنے کے بعد اسلحہ بلدیہ ٹاؤن میں ایک گھر میں رکھا گیا، گاڑی اوپن لیٹر پر تھی، چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر پلان افغانستان میں بنا۔ حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو افغانستان میں مارا جا چکا ہے، واقعے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، را بھی ملوث ہے۔

    واضح رہے 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دوپولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

  • پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں‘ 42افراد گرفتار

    پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں‘ 42افراد گرفتار

    روالپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے 42 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتارکرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’پنجاب رینجرز نےسی ٹی ڈی اور پولیس کےساتھ مل کر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کے دوران 42افراد کوگرفتار کرلیا‘۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئےافراد مبینہ طور پر دہشت گردوں کو لاہور اور اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں پناہ دے رہے تھے۔


    آپریشن خیبر 4، وادی رجگال کا مزید 110 کلومیٹر علاقہ کلیئر


    یاد رہےکہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آپریشن خیبر 4 کامیابی سے جاری ہے سیکیورٹی فورسز نے وادیِ رجگال میں آپریشن کرتے ہوئے مزید 110 کلومیٹر کا علاقہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا۔


    پنجاب میں دہشت گردوں کےخلاف آپریشن‘21افراد گرفتار


    واضح رہےکہ دو روز قبل صوبہ پنجاب کےدارالحکومت لاہورمیں پولیس اورخفیہ اداروں نے آپریشن کے دوران 21افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔