Tag: سہولت کار گرفتار

  • کراچی: معمولی تلخ کلامی پر نوجوان سفیان کے قتل میں ملوث سہولت کار گرفتار

    کراچی: معمولی تلخ کلامی پر نوجوان سفیان کے قتل میں ملوث سہولت کار گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی نمبر 3 میں سفیان نامی نوجوان کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 3 میں 18 نومبر کو فائرنگ سے نوجوان سفیان کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس نے قتل کی واردات میں سہولت کاری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی کورنگی کامران خان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی شناخت نواز کے نام سے ہوئی، ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے،گرفتار ملزم نواز مرکزی ملزم شاہزیب کا رشتے میں چاچا لگتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم شاہزیب نے قتل کے بعد اسلحہ چاچا نواز کو دیا تھا، دوران تفتیش ملزم نے بتایا شاہزیب واردات کے بعد میرےگھر آیا تھا۔

    گرفتار ملزم نے بیان میں کہا کہ شاہزیب نے مجھے اسلحہ نالے میں پھینکنے کا کہا تھا، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔

    واضح رہے کہ 18 نومبر کو کراچی کے علاقے کورنگی 3 نمبر میں دوست نے دوست کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ مقتول سفیان کا اپنے دوست شاہزیب سے جھگڑا ہوا تھا، مقتول اپنے دوست کے ساتھ اس کے گھر پر بیٹھا تھا۔

  • سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گرد تنظیم کا سہولت کار گرفتار

    سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گرد تنظیم کا سہولت کار گرفتار

    حیدر آباد: سی ٹی ڈی نے سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر اینڈ ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ معلومات پر حیدر آباد کے علاقے جامشورو میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد کو حراست میں لے لیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے، گرفتار دہشت گرد کا ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، دہشت گرد کی شناخت محمد زمان عرف عادل کے طور پر ہوئی ہے۔

    سی ٹی ڈی کا مزید بتانا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق وزیرستان سے ہے، دہشت گرد ملک دشمن سرگرمیوں میں مصروف تھا، گرفتار دہشت گرد افغانستان سے ٹریننگ یافتہ ہے۔

  • بڑی کارروائی، شہر میں دہشت گردوں کو دستی بم اور بارود فراہم کرنے والا گرفتار ہو گیا

    بڑی کارروائی، شہر میں دہشت گردوں کو دستی بم اور بارود فراہم کرنے والا گرفتار ہو گیا

    کراچی: شہر قائد میں دہشت گردوں کو دستی بم اور بارود فراہم کرنے والا گرفتار ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث سہولت کار نادر علی عرف پٹھان کو گرفتار کر لیا۔

    ملزم نے ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر دستی بم حملے میں سہولت کاری کی تھی، نادر علی گروہ کو دہشت گردی کے لیے لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کرتا تھا، ملزم سے قانونی اسلحہ، دستی بم اور آدھا کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش ساتھیوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں، ساتھیوں میں اصغر شاہ عرف سجاد شاہ، فائق علی عرف سلطان جتوئی اور جاوید منگریو شامل ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق نادر علی نے دہشت گردوں کو رواں سال حملوں میں بھاری مواد فراہم کیا، اس نے دہشت گردی کے لیے 2 کارٹن دستی بم فراہم کیے، دستی بم اور کریکرز سے بھرا ایک اسکول بیگ بھی فراہم کیا۔ 25 جولائی کو ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر پھینکا گیا دستی بم بھی اسی نے فراہم کیا تھا۔

    11 اگست اسٹیل ٹاؤن میں جشن آزادی اسٹال پر بم حملہ کیا گیا تھا جس میں 4 شہری زخمی ہوئے، اس کے لیے دستی بم بھی نادر علی عرف پٹھان نے فراہم کیا تھا، 5 اگست کورنگی میں اسٹیٹ ایجنسی پر بھی دستی بم حملہ کیا گیا تھا جس میں 3 شہری زخمی ہوئے، اس میں گرفتار ملزم فائق نے بھی نادر علی سے 2 دستی بم حاصل کیے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نادر دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطوں میں ہے، وہ شہر میں کارروائیوں میں استعمال ہونے والا سامان محفوظ رکھتا تھا، اور ضرورت کے وقت مواد کی فراہمی یقینی بناتا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم شہر میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے لیے وال چاکنگ بھی کرتا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ نادر علی سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے، جس میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

  • سانحہ سیہون : دہشت گردوں کو پناہ دینے والا سہولت کار گرفتار، اسلحہ برآمد

    سانحہ سیہون : دہشت گردوں کو پناہ دینے والا سہولت کار گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی : سانحہ سیہون کا سہولت کار بلدیہ سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم صابرعرف دودھ والا نے دہشت گردوں کو پناہ دی تھی، ملزم کاتعلق کالعدم سپاہ صحابہ سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ سیہون کیس کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، لعل شہباز قلندرؒ کے مزار کو خون سے لال کرنے والے دہشت گرد کو سہولت فراہم کرنے والا ملزم حراست میں لے لیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹررضوان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سانحہ سیہون کا سہولت کار کو کراچی کے علاقے بلدیہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم صابرعرف دودھ والا نے تین دہشت گردوں کو پناہ دی تھی، ملزم کاتعلق کالعدم سپاہ صحابہ سے ہے۔

    ایس ایس پی ویسٹ کا مزید کہنا تھا کہ ملزم صابر کو فون کال ٹریس ہونے پر گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد نے چار افراد کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کرلیا ہے، اس کے علاوہ ملزم کے قبضے سے دستی بم اور دیگراسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    اس موقع پر ملزم صابرعرف دودھ والا نے بتایا کہ مجھے دہشت گردی کی کارروائی کا علم نہیں تھا، کالعدم تنظیم کے کمانڈر نے سانحے سے دو دن پہلے تین افراد کو ٹھہرایا تھا۔

    مزید پڑھیں: درگاہ لعل شہباز قلندر پر خودکش حملہ،76افراد شہید، 250 زخمی

    سیہون سانحے سے ایک دن پہلے تینوں دہشت گرد صبح ہوتے ہی نکل گئے تھے، سانحے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو پتہ چلا کہ تینوں دہشت گرد تھے۔

    مزید پڑھیں: سیہون دھماکہ، خودکش بمبار کے سہولت کاروں کی نشاندہی

    واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں سیہون میں درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ کے احاطے میں دھمال کے دوران خودکش حملے کے باعث 76 افراد شہید اور250 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، جاں بحق افراد میں 20 بچے، نو خواتین، 45 مرد اور ایک پولیس اہلکار شامل تھا۔

  • آپریشن ردالفساد: دہشت گردوں سمیت26سہولت کارگرفتار

    آپریشن ردالفساد: دہشت گردوں سمیت26سہولت کارگرفتار

    راولپنڈی : آپریشن ردالفساد میں فیصل آباد سے دہشت گردوں کے چھبیس سہولت کار گرفتار کر لیے گئے جبکہ گوجرانوالہ سے تین دہشت گرد اور بہاولپورسے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں فساد پھیلانے والوں کے خلاف آپریشن ردالفساد پوری قوت سے جاری ہے۔ فیصل آباد اور اس کے گردونواح میں پنجاب رینجرز، پولیس، سی ٹی ڈی انٹیلی جنس اوردیگرایجنسیوں نے کامیاب کارروائیاں کرکے متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرزکے مطابق آپریشن میں دہشت گردوں کے چھبیس سہولت کار پکڑے گئے ہیں۔ ملزمان سے اسلحہ، بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

    گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

    گرفتاردہشت گردوں میں سمیع اللہ، یوسف طارق اورمنصوراحمد شامل ہیں۔ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، کولربم، پائپ بم، پرائماکارڈز اور بھاری تعداد نقدی برآمد ہوئی ہے۔

    علاوہ ازیں بہاولپور میں سی ٹی ڈی نے جیل روڈ پر کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کےدہشت گرد ندیم اقبال کودھر لیا۔ دہشت گرد کے قبضے سے ڈھائی کلو دھماکا خیز مواد، جیکٹ،ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں، مذکورہ دہشت گرد حساس مقامات پرتخریب کاری کی واردات کرنا چاہتا تھا۔

  • سانحہ سہون:‌ خودکش حملہ آور کا سہولت کار گرفتار

    سانحہ سہون:‌ خودکش حملہ آور کا سہولت کار گرفتار

    سکھر: سانحہ چیئرنگ کراس لاہور کے بعد اب سانحہ سہون کے سہولت کار کو بھی گرفتار کرلیا گیا، ملزم کا تعلق خیرپور سے بتایا جارہا ہے، خودکش جیکٹ بھی شکارپور میں تیار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق سانحہ سہون کے معاملے میں آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ہفتے کو اجلاس میں بریفنگ دی تھی کہ سانحے میں کون ملوث ہے اور اس کے شواہد مل گئے ہیں جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے، اس دعوے کے فوری بعد پولیس کی جانب سے پیش رفت سامنے آگئی ہے۔


    اسی سے متعلق: سہون دھماکا: ملزمان کہاں‌ سے آئے؟ شواہد مل گئے


    اطلاعات ہیں کہ پولیس نے درگاہ لعل شہباز قلندرؒ کے خودکش حملہ آور کو سہولت دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کا تعلق شکارپور کے حفیظ بروہی گروپ سے بتایا جارہا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملزم حفیظ بروہی گروپ لشکر جھنگوی چھوڑ کر داعش سے منسلک ہوچکا ہے، سیہون دھماکے کے لیے خودکش جیکٹ بھی شکارپور میں تیار کی گئی، حفیظ بروہی گروپ شکارپور بم دھماکوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

    مزید اطلاعات ہیں کہ سانحہ سہون کے خود کش بمبار کا تعلق بھی سانحہ لاہور کی طرح افغانستان سے ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر آئی ہے جس کا آغاز لاہور چیئرنگ کراس دھماکے سے ہوا جس میں پندرہ افراد شہید ہوئے، دو روز قبل پنجاب پولیس نے باجوڑ کے رہائشی انوار کو گرفتار کیا ہے جس نے خودکش حملہ آور کو افغانستان سے لاہور لانے کا اعتراف کیا ہے، ملزم کا تعلق جماعت الاحرار سے ہے اور اس کا ویڈیو بیان جاری کیا جاچکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: لاہورحملہ: خودکش حملہ آور کو لانے والا لنڈا بازار میں‌ مقیم تھا

    ملزم کی گرفتاری کے بعد پاک فوج نے افغان سرحد پر واقع جماعت الاحرار کے تربیتی کیمپس اور کمین گاہوں پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد ٹھکانے تباہ کردیے ہیں جبکہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں تعینات امریکی افواج کے سربراہ جنرل نکولسن سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد پاکستان آنے کا سلسلہ بند کرایا جائے۔

    ساتھ ہی پاکستان نے 76 دہشت گردوں کی فہرست بھی افغانستان کے حوالے کی ہے جو افغانستان سے پاکستان میں کی جانے والی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔