Tag: سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ

  • بجلی صارفین تیار ہوجائیں !

    بجلی صارفین تیار ہوجائیں !

    اسلام آباد : بجلی صارفین بھاری بل ادا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں کیونکہ بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کیلئے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے ، بجلی تقسیم کارکمپنیوں کی درخواست پر نیپرا کل سماعت کرے گا۔

    بجلی صارفین سے8 ارب 72کروڑ روپے وصول کرنے کی درخواست کی گئی ، درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی۔

    نیپرا نے بتایا کہ کپیسٹی چارجزکی مد میں 8 ارب 6 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں، آپریشنز اینڈ مین ٹیننس مد میں 1 ارب 25 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشنز فیس مد میں ایک ارب 65 کروڑ روپے کی درخواست کی گئی ہے۔

    اس وقت گذشتہ مالی سال کی آخری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی ہورہی ہے، ملک بھر کے بجلی صارفین سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 1.74 روپے فی یونٹ ادا کررہے ہیں تاہم گزشتہ مالی سال کی آخری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی رواں ماہ ختم ہو جائے گی۔

  • کراچی والوں کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاری

    کراچی والوں کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاری

    اسلام آباد : کراچی والوں کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 3 روپے 2 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر 19اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کیلئے ایک ہی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں دوسری بار بجلی مہنگی کرنے کی تیاری کرلی گئی۔

    سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 3 روپے 2 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے ، جس کے لئے کے الیکٹرک نے ایک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دوسری بار اضافہ مانگ لیا ہے۔

    گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی درخواست دائر کی گئی، اضافہ سہ ماہی نظرثانی پرائس سیٹنگ،آپریشنزاینڈ مینٹی ننس اورسالانہ مہنگائی کی مد میں مانگا گیا۔

    نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے 13 ارب روپے کے رائٹ آف کی درخواست کی ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر 19اکتوبر کو سماعت کرے گا۔

    نیپرا ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کی درخواست کو سبسڈی میں ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے، نیپراسماعت کے بعد اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گی ، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اضافے کا اطلاق ہو گا۔

    خیال رہے کراچی کے صارفین کے لئے اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اضافہ پہلے بھی کیا جا چکا ہے اور کراچی کیلئے چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 28 پیسے مہنگی کی جا چکی ہے۔

  • سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مزید مہنگی

    سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مزید مہنگی

    اسلام آباد : نیپرا نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی تحت بجلی 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کمپنیوں کی جانب سے رواں مالی سال کی دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں صارفین سے سترہ ارب روپے سے زائد وصول کرنے کی درخواست پرسماعت کی۔

    کمپنیوں کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے پر نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

    نیپرا اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

    پاور ڈویژن نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ اس اضافے کو جلدی نافذ کریں تاخیر نہ کریں، جس پر نیپرا حکام نے کہا کہ 3روپے 58پیسے کی ایڈجسٹمنٹ پہلے لاگو ہے، 3روپے سے زائد سرچارج کی درخواست بھی آئی ہوئی ہے۔

    چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ یہ تو زیادہ ہوجائے گا ایک ماہ میں تو صارفین پر ایسا ظلم نہ کریں ، اس سہ ماہی میں ٹرانسمیشن چارجز ایڈجسٹمنٹ کا فرق زیادہ آیا ہے، اگر یہ چارجز نہ ہوتے تو اس رقم میں سے 11 ارب روپے کم ہوجاتے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پیسکو کے کیپسٹی چارجز منفی میں ہیں، پیسکو کا صارف شکایت کرتا ہے کہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، پیسکو کہہ رہی ہے کہ پوری بجلی استعمال نہیں کر رہی توپھر کہیں تو گڑ بڑ ہے۔

    نیپرا نے پیسکو سے پوری صلاحیت کے مطابق بجلی استعمال نہ کرنے پر رپورٹ طلب کرلی ۔

  • سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری

    سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری

    اسلام آباد : سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 94 ارب 40 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی گئی۔

    نیپرا میں ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصولیوں کی درخواست جمع کرادی گئی ہے، کیپسٹی چارجز، ترسیلی اخراجات، مارکیٹ آپریٹر فیس اور نقصانات کی مد میں درخواست دی۔

    درخواست اپریل تا جون 2022 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر نیپرا 6 ستمبر کو سماعت کرے گا۔

    آئیسکو نے 8 ارب 73 کروڑ، لیسکو نے 17 ارب 81 کروڑ روپے وصولی کی درخواست دی جبکہ گیپکو نے 9 ارب 25 کروڑ اور فیسکو نے 11 ارب 62 کروڑ سے زائد کی ایڈجسٹمنٹ مانگی ہیں۔

    میپکو نے 19 ارب 53 کروڑ ، پیسکو کی 12 ارب 27 کروڑ روپے ، حیسکو 5 ارب 30 کروڑ ، ٹیسکو نے 3 ارب70 کروڑ روپے ، کیسکو نے 3 ارب 16 کروڑ اور سیپکو نے 2 ارب 99 کروڑ روپے سے زائد وصولی کی درخواست کی ہے۔