Tag: سیئول

  • موسمیاتی تبدیلی، سیئول پر ’لو بگ‘ کا حملہ

    موسمیاتی تبدیلی، سیئول پر ’لو بگ‘ کا حملہ

    سیئول: جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول اور اس کے آس پاس علاقوں پر کالے کیڑوں جنھیں ’’لو بگ‘‘ کہا جاتا ہے نے یلغار کر کے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق سیئول میں لَو بَگ نامی سیاہ رنگ کے پتنگوں نے ہائیکنگ ٹریلز پر ڈیرے ڈال دیے ہیں، اور آنے جانے والے لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے ان کیڑوں کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے۔

    سیئول لو بگ جنوبی کوریا

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہائکنگ کرنے والوں کو ایک عجیب صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جیسے ہی پہاڑ کی چوٹی پر پہنچے ان پر ’لو بگ‘ کہلائے جانے والے لاکھوں کالے پروں والے کیڑوں نے دھاوا بول دیا۔

    دیکھنے پر لگتا تھا جیسے کوئی سیاہ قالین بچھا ہے، کچھ لوگوں نے اِن لو بگز کو بھگانے کے لیے مچھر مارنے والی الیکٹرک ریکٹ استعمال کیے، خیال رہے کہ لو بگ کا نام ان کیڑوں کو جوڑوں میں اڑنے کی و جہ سے دیا گیا ہے، مادہ اور نر کیڑے ملن کے دوران ایک دوسرے سے جڑے ہوئے اڑتے ہیں۔

    سیول میٹروپولیٹن علاقے میں موسم گرما کے دوران گرم آب و ہوا کی وجہ سے کیڑوں کی تعداد میں حالیہ برسوں میں اضافہ ہوا ہے، جب سے درجہ حرارت بڑھنے لگی ہے ان کیڑوں کے بارے میں شکایات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

  • جنوبی کوریا، برف باری کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    جنوبی کوریا، برف باری کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    سیئول: جنوبی کوریا میں نظام زندگی منجمد ہو گیا ہے، ماہِ نومبر کے دوران برف باری کا سو سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں نومبر کے دوران برفباری کا سو سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، دارالحکومت سیئول ونٹر لینڈ میں تبدیل ہو گیا، اور مشرقی ہائی ویز پر ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک، جب کہ عمارتوں اور تعمیراتی سائٹس سے گرنے والے ملبے سے 10 راہ گیر زخمی ہو گئے۔

    رن وے برف میں چھپ گیا، دو سو زائد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئیں، ٹرین کا پہیہ بھی جام ہو گیا، 90 فیری سروسز معطل ہو گئیں، اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید برف باری کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، اب تک 6.5 انچ تک برف پڑ چکی ہے، سیئول میں 1972 کے بعد یہ سب سے زیادہ برف باری ہے، 4.9 انچ برف پڑی تھی۔

  • چڑیا گھر سے فرار زیبرا کا گلیوں میں مٹر گشت، دلچسپ ویڈیو

    چڑیا گھر سے فرار زیبرا کا گلیوں میں مٹر گشت، دلچسپ ویڈیو

    جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک زیبرا چڑیا گھر سے بھاگ نکلا اور قریبی علاقے کی سڑکوں اور گلیوں میں گشت کرنے لگا۔

    سیئول چلڈرنز گرینڈ پارک زو کی انتظامیہ کے مطابق دو سالہ زیبرا اپنے احاطے کی لکڑی کی باڑھ توڑ کر بھاگا، جس کے بعد وہ قریبی سڑکوں پر مٹ گشت کرنے لگا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زیبرا نہایت مصروف سڑک پر گاڑیوں کے درمیان دوڑ رہا ہے، اسے دیکھ کر ڈرائیورز نے اپنی گاڑیاں روک دیں اور دلچسپی سے اس کی بھاگ دوڑ دیکھنے لگے۔

    اس کے بعد زیبرا ایک رہائشی علاقے میں جا نکلا اور اس کی تنگ گلیوں میں گھومنے لگا، اس دوران وہ کچرے کے ڈبوں میں کھانے پینے کی اشیا بھی تلاش کرتا رہا۔

    چڑیا گھر کی انتظامیہ، پولیس اور فائر بریگیڈ کے ساتھ 3 گھنٹے تک اسے پکڑنے کے لیے سرگرداں رہی اور بالآخر ایک تنگ گلی میں زیبرے کو گھیر کر پکڑا گیا، اسے بے ہوشی کا انجکشن فائر کر کے بے ہوش کیا گیا اور پھر چڑیا گھر منتقل کیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیبرا کو ڈاکٹر کی زیر نگرانی رکھا گیا اور فی الحال وہ محفوظ اور صحت مند ہے، چند گھنٹے نگرانی میں رکھنے کے بعد اسے واپس اس کے احاطے میں چھوڑ دیا جائے گا۔

  • پارک میں اسکوئیڈ گیم کی خطرناک دیوہیکل گڑیا دیکھ کر لوگوں میں سنسنی دوڑ گئی

    پارک میں اسکوئیڈ گیم کی خطرناک دیوہیکل گڑیا دیکھ کر لوگوں میں سنسنی دوڑ گئی

    سیئول: جنوبی کوریا کے دارالحکومت کے ایک پارک میں اسکوئیڈ گیم کی خطرناک دیوہیکل گڑیا دیکھ کر لوگ ہکا بکا رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مشہور ہونے والے جنوبی کوریا کے سروائیول ڈرامے اسکوئیڈ گیم میں نمایاں ہونے والی ایک دیوہیکل گڑیا کی نقل اس ہفتے سیئول کے ایک پارک میں رکھی گئی، جس نے شائقین کے دلوں میں سنسنی دوڑا دی، کیوں کہ انھوں نے نیٹ فلیکس کے میگا ہٹ شو جیسا ماحول محسوس کیا۔

    نیٹ فلیکس کے نمائندے نے روئٹرز کو بتایا کہ یانگھی، جو کہ نارنجی اور پیلے رنگ کے کپڑوں میں ملبوس ایک 4 میٹر لمبی گڑیا ہے، پیر کو سیئول اولمپک پارک میں ایستادہ کی گئی ہے۔

    منگل کو پارک میں آنے والے شہریوں نے کوریا کے روایتی کھیل ‘پھول کھل گیا’ کھیلا، جسے نیٹ فلیکس ڈرامے میں ‘ریڈ لائٹ، گرین لائٹ’ کے ساتھ کھیلا گیا ہے۔

    فلپائن سے تعلق رکھنے والے سیئول کے ایک رہائشی سَنگ ہائیجن نے گڑیا کے سامنے کھڑے ہو کر کہا میں واقعی جاننا چاہتا تھا کہ اس کھیل میں رہنا کیسا محسوس ہوتا ہوگا، ایسا لگتا ہے جیسے ہم بھی اس جان لیوا کھیل میں شریک ہو گئے ہیں، موسیقی سن رہے ہیں اور اس گڑیا کو دیکھ رہے ہیں۔

    پارک میں آنے والے مرد عورتوں، حتیٰ کہ بچوں اور کتوں تک نے 456 نمبر والا سبز ٹریک سوٹ پہنا ہوا تھا، یہ نمبر نیٹ فلیکس سیریز میں آخر تک بچ جانے والے مرکزی کردار کا تھا۔

    پارک کے ایک اہل کار کا کہنا تھا کہ اس گڑیا کو 21 نومبر تک پارک میں نمائش کے لیے پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔

    واضح رہے کہ اسکوئیڈ گیم کو 17 ستمبر کے بعد سے اب تک 142 ملین گھرانوں نے دیکھا ہے، جس سے نیٹ فلیکس کو 4.38 ملین نئے سبسکرائبرز ملے ہیں۔

  • ‘سب سے معافی مانگتا ہوں’ سیئول کے میئر نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی

    ‘سب سے معافی مانگتا ہوں’ سیئول کے میئر نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی

    سیئول: جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کے میئر نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی، ان کی لاش ایک دن بعد آج برآمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیئول کے میئر پارک وان سون گزشتہ روز لا پتا ہو گئے تھے، آج کی ان کی لاش گھر کے قریبی علاقے سے برآمد ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 64 سالہ پارک ون سون نے خود کشی سے قبل ایک نوٹ میں لکھا تھا ‘میں سب معافی مانگتا ہوں۔’ واضح رہے کہ مئیر سیئول کے خلاف جنسی ہراسگی کے الزامات کی تحقیقات جاری تھیں، ان کی سابق سیکریٹری نے ان پر جنسی ہراساں کے الزامات عائد کیے تھے۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وان سون کی لاش 7 گھنٹے بعد شمالی سیئول میں پہاڑیوں سے ملی، ان کی بیٹی نے پولیس کو ان کی گم شدگی کی شکایت کی تھی، ان کی لاش اسی علاقے میں ملی جہاں ان کے موبائل کی آخری لوکیشن آئی تھی، پولیس نے شکایت ملنے کے بعد بڑے پیمانے پر ان کی تلاش شروع کر دی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ جس جگہ سے لاش ملی ہے وہاں کوئی غیر معمولی نشانیاں نہیں ملیں۔

    پارک وان سون طویل عرصے سے سیئول کے میئر کے عہدے پر فائز تھے، مبینہ خود کشی کا یہ واقعہ ان کی سابق سیکریٹری کی شکایت کے بعد رونما ہوا ہے، سیکریٹری نے بدھ کو پولیس کو شکایت درج کرائی تھی کہ میئر پارک نے انھیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

    مبینہ طور پر خود کشی کرنے سے قبل میئر نے ایک نوٹ بھی لکھا تھا، جسے شہری حکومت نے میئر کے گھر والوں کی اجازت سے جاری کیا، جس میں میئر نے لکھا ‘میں سب سے معافی مانگتا ہوں، زندگی میں میرے ساتھ جو جو رہا میں اس کا شکرگزار ہوں، میں اپنی فیملی سے معافی مانگتا ہوں جنھیں میں نے دکھ دیا ہے، پلیز میری لاش کو جلایا جائے اور راکھ میرے والدین کی قبر پر بکھیر دی جائے۔’

  • کرونا وائرس کا خوف، جنوبی کوریا نے کرنسی نوٹ جلا دیے

    کرونا وائرس کا خوف، جنوبی کوریا نے کرنسی نوٹ جلا دیے

    سیئول: جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے انوکھا قدم اٹھایا گیا ہے، کرنسی نوٹوں کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا جب کہ بہت سارے نوٹ جلا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت تمام بینک کرنسی نوٹوں کو 2 ہفتے کے لیے قرنطینہ میں رکھ رہے ہیں تاکہ اس پر کرونا وائرس کے تمام اثرات ختم ہو جائیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ وائرس کرنسی نوٹوں کے ذریعے بھی لوگوں میں منتقل ہو سکتا ہے، جس کے بعد جنوبی کوریا میں گندے اور پھٹے ہوئے نوٹ جمع کیے جانے لگے ہیں، جب کہ بڑی تعداد میں نوٹوں کو جلایا بھی گیا۔

    کرونا وائرس کے خوف سے جنوبی کوریا میں کرنسی نوٹ بھی قرنطینہ میں ڈال دیے گئے

    برطانیہ کی خاتون ہیلتھ منسٹر بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئیں

    بینک آف کوریا کے مطابق کرنسی نوٹوں کو زیادہ درجہ حرارت میں صاف کر کے جاری کیے جائیں گے، جس کے لیے نوٹوں کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

    خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 242 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کرونا وائرس کے ٹوٹل کیس 7,755 ہو گئے ہیں، جب کہ ایک نئی موت کے ساتھ مجموعی اموات 61 ہو چکی ہیں۔

    دوسری طرف یہ نیا اور مہلک وائرس COVID 19 بہت تیزی سے دنیا میں پھیلتا جا رہا ہے، اب تک 120 ممالک اور علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، اور متاثرہ افراد کی تعداد 119,389 ہو چکی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 4,300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف 66,584 افراد اس موذی وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  • پھول نما آئسکریم کھانا چاہیں گے؟

    پھول نما آئسکریم کھانا چاہیں گے؟

    موسم گرما کا آغاز ہوچکا ہے، ایسے میں ٹھنڈی اشیا اور مشروبات کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ آج ہم آپ کو ایسی آئسکریم سے متعارف کروانے جارہے ہیں جسے دیکھ کر بے اختیار آپ اسے کھانا چاہیں گے۔

    اس آئسکریم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پھول جیسی ہے۔

    دنیا بھر میں مختلف کاروباری ادارے اپنے گاہکوں کو لبھانے کے لیے اپنی پروڈکٹس کو مختلف انداز سے پیش کرتے ہیں اور پھولوں جیسی آئسکریم اسی کی ایک کوشش ہے۔

    جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں ملکی بی نامی یہ ریستوران پھول نما آئسکریم پیش کرتا ہے جسے کھانے کے لیے لوگ جوق در جوق یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

    یہ آئسکریم 4 ذائقوں میں آتی ہے، اسٹرابیریز، دہی، چاکلیٹ اور گرین ٹی۔ آپ چاہیں تو آپ کو چاروں فلیورز ایک ساتھ سرو کیے جاسکتے ہیں۔ اس انوکھی آئسکریم کی قیمت ساڑھے 3 ڈالر ہے۔

    آئسکریم کا یہ انداز سب سے پہلے خوشبوؤں کے شہر پیرس میں پیش کیا گیا، وہاں سے یہ بے حد مقبول ہوا اور اب دنیا بھر میں کئی جگہ ایسی آئسکریم پیش کی جاتی ہے۔

    کیا آپ یہ مزیدار آئسکریم کھانا چاہیں گے؟