Tag: سیاحتی ویزے

  • سعودی عرب : سیاحتی ویزے کب سے جاری ہوں گے؟ بڑی خبر آگئی

    سعودی عرب : سیاحتی ویزے کب سے جاری ہوں گے؟ بڑی خبر آگئی

    ریاض : سعودی عرب کے وزیر سیاحت احمد الخطیب نے دنیا بھر کے سیاحوں کو خوشخبری سنا دی ان کا کہنا ہے کہ بہت جلد ٹورسٹ ویزوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق وزیر سیاحت احمد الخطیب نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ٹورسٹ ویزوں کا اجراء اگلے مہینے سے کردیا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ رواں برس کی پہلی ششماہی میں 60 ملین کے قریب سیاح مملکت آئے جنہوں نے 150 ارب ریال کے قریب خرچ کیا۔

    ان کاکہنا تھا کہ قومی معاشی پیداوار میں سیاحتی شعبہ کا 3 فیصد حصہ ہے جبکہ سال 2019 میں عالمی سطح پراس کا تناسب 10 فیصد تھا۔

    سعودی وزیر سیاحت نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر شعبہ سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، اس وقت ہمارے پاس تربیت یافتہ نوجوان موجود ہیں جو اس شعبے کی ترقی کیلئے تندہی سے مصروف عمل ہیں۔

    ان کامزید کہنا تھا کہ رواں سال 2024 کے ابتدائی چھ ماہ میں شعبہ سیاحت کے ذریعے آمدنی میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔ اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ سیاحتی فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔

  • امریکا کے سیاحتی ویزے سے متعلق اہم خبر

    امریکا کے سیاحتی ویزے سے متعلق اہم خبر

    امریکا اپنی قومی سلامتی کا تحفظ کرتے ہوئے سیاحتی ویزوں کے لیے کیے جانے والے انٹرویوز کے انتظار میں بیٹھے لوگوں کے لیے انٹرویو کی شرط سے چُھوٹ کی اہلیت میں توسیع کررہا ہے۔ 

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اگر آپ آنے والے ایک یا دو سالوں میں سیاحتی ویزے پر امریکا جانے کا پروگرام بنا رہے ہیں تو محکمہ خارجہ کا آپ کے لیے مشورہ ہے کہ پیشگی منصوبہ بندی کریں تاکہ آپ کے پاس انٹرویو کے لیے معقول وقت ہو۔

    محکمہ خارجہ کا کہنا ہے امریکا کے بی ون بی ٹو سیاحتی اور کاروباری ویزوں کی تجدید کے لیے پاکستانیوں کی اہلیت میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔ ہر عمر کے لوگ جن کے پاس امریکا کا بی ون بی ٹو ویزا موجود ہے وہ پروگرام سے فایدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

    محکمہ خارجہ کے مطابق سیاحتی ویزے (بی ون/بی ٹو) کے دنیا بھر میں انتظار کا اوسط وقت کم و بیش سات ہفتے ہے، تاہم فوری طور پر سفری ضروریات کے حامل درخواست دہندگان جو مخصوص معیارات پر پورے اترتے ہوں تو وہ ایمرجنسی اپائنٹمنٹ کے لیے دراخواستیں دے سکتے ہیں جس کے لیے عام طور پر چند دنوں میں وقت مل جاتا ہے۔

    مالی سالی 2022 میں جاری کیے جانے والے 7 ملین نان امیگرنٹ ویزوں میں سے نصف ویزے بالمشافہ انٹرویوز کے بغیر جاری کیے گئے۔ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا آپ اس کے اہل ہیں یا نہیں تو اپنے قریب ترین امریکی سفارت خانے کی اِس ویب سائٹ https://www.usembassy.gov/ کو وزٹ کریں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اسٹوڈنٹ ویزا اور پٹیشن کی بنیاد پر کام کا ویزا کےایسے درخواست گزارجن کے پاس پہلے امریکی ویزا موجود تھا وہ بھی ویزا انٹرویوسے استثنا کے اہل ہونگے ۔ ویزا انٹرویو سے استثنا میں توسیع کی مذکورہ انتظامی تبدیلی کا مقصد صارفین کے لیے خدمات کی فراہمی میں بہتری ہے ۔

     

  • عمرے کی ادائیگی : سعودی عرب آنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    عمرے کی ادائیگی : سعودی عرب آنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    ریاض : سعودی عرب نے سیاحتی ویزے پر عمرے کی ادائیگی کی اجازت دے دی ، جس کے بعد وزٹ ویزہ پر آئے افراد ایتمرنا ایپ پر بکنگ کرا کے عمرہ کی ادائیگی کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب آنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ، وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ سیاحتی ویزے پر آنے والے زائرین عمرے کی ادائیگی کرسکیں گے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے یہ اقدام اس لئے کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد عمرہ کرسکیں، رواں سال ایک کروڑ عازمین کے عمرے کرنے کی امید ہے۔

    حکام نے بتایا کہ یہ سہولت 49 ممالک سے آنے والے سیاح کیلئے ہے،جو آن لائن ویزہ حاصل کرسکتے ہیں، اہل ہونے والوں میں امریکہ اور برطانیہ کے ویزے رکھنے والوں کے ساتھ ساتھ شینگن ویزا رکھنے والے بھی شامل ہیں۔

    سعودی حکام نے کہا کہ فیملی وزٹ ویزہ پر بھی آئے افراد ایتمرنا ایپ پر بکنگ کرا کے عمرہ کی ادائیگی کرسکیں گے۔

  • متحدہ عرب امارات کا سیاحتی ویزے پر آنے والوں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    متحدہ عرب امارات کا سیاحتی ویزے پر آنے والوں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    دبئی : متحدہ عرب امارات نے پانچ سالہ سیاحتی ویزے کے بعد ایک اور سہولت کا اعلان کر دیا ہے اور کہا اگر کسی شخص کے امارات پہنچنے پر وزٹ یا سیاحتی ویزے کی میعاد ختم ہوگئی تو توسیع اندرون ملک سے ہی ہو جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شہریت اور قومیت کے وفاقی ادارے نے وزٹ اور سیاحتی ویزے پر آنے والوں افراد کے لیے ایک اور نئی سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔

    الامارات الیوم کا کہنا ہے کہ اگر کوئی وزٹ یا سیاحتی ویزے پر امارات پہنچا ہو اور اس کے ویزے کی میعاد ختم ہو گئی ہو تو ایسی صورت میں اسے ویزے کی میعاد کی پابندی کرتے ہوئے ملک سے واپس جانا ہوتا تھا تاہم اب ایسا نہیں ہوگا۔

    نئی سہولت کے مطابق اگر کوئی شخص وزٹ یا سیاحتی ویزے پر امارات آیا اور وہ توسیع کرانا چاہتا ہو تو ایسی صورت میں ویزہ حاصل کرنے کے لیے امارات سے باہر نہیں جانا ہوگا، توسیع اندرون ملک سے ہی ہو جائے گی لیکن ویزے کی تجدید کی ایک شرط ہے کہ امارات میں قیام کی مدت چھ ماہ سے زیادہ نہ ہو۔

    مزید پڑھیں : متحدہ عرب امارات، 5 سالہ سیاحتی ویزے کا اعلان

    وفاقی ادارے نے کہا ہے کہ ایسے افراد اسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے ادارے سے رجوع کریں ، اس کی بدولت انہیں متعدد سہولیات حاصل ہوں گی۔

    یاد رہے چند روز قبل متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی زیر صدارت اجلاس میں تمام قومیتوں کے لیے 5 سالہ سیاحتی ویزے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    شیخ محمد بن راشد المکتوم کا کہنا تھا کہ آج ہم ملک میں سیاحتی ویزا جاری کرنے کے نظام میں تبدیلی کررہے ہیں تاکہ سیاحتی ویزا کی مدت کو پانچ سال کے لیے قابل استعمال تمام قومیتوں کے لیے بنایا جائے۔

    واضح رہے کہ 4 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت نے واضح کیا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے 2 قسم کے ٹرانزٹ ویزا کی سہولت دستیاب ہے۔

    ایک ٹرانزٹ ویزا بالکل مفت ہے جس کی میعاد 48 گھنٹے ہے جب کہ دوسرا ٹرانزٹ ویزا 96 گھنٹوں پر محیط ہے جس کے لیے 50 درہم ادائیگی کرنا ہوگی۔

  • سعودی حکومت کا سیاحتی ویزے دینے کا اعلان

    سعودی حکومت کا سیاحتی ویزے دینے کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے آئندہ برس 2018 سے سیاحت کے لیے ویزہ جاری کرنے کا اعلان کردیا، خواہش مند افراد بذریعہ آن لائن ویزے کی درخواست جمع کروا سکیں گے۔

    امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی کمیشن برائے سیاحت او رقومی ورثہ کے سربراہ سلطان بن سلمان کا کہنا تھاکہ ’آئندہ برس 2018 سے ہم سیاحتی ویزے جاری کریں گے تاکہ لوگ سعودی عرب آکر یہاں کی اہمیت کا خود اندازہ کریں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ’ویزے جاری کرنے کا مقصد سیاحوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے کیونکہ اس وقت سعودی عرب کے مقامی شہری سیاحت کی مد میں سالانہ 20 ارب ڈالر خرچ کرتے ہیں‘۔

    سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ ’سیاحتی مقامات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے اور اب ویزوں کے اجرا سے سالانہ آمدنی میں اضافہ بھی ہوگا جس کے ذریعے مختلف مسائل پر قابو پایا جائے گا‘۔

    مزید پڑھیں: سعودیہ میں دبئی جیسا شہر جسے مصر، اردن اور افریقہ سے منسلک کیا جائے گا

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ویزے کا حصول آسان بنانے کے لیے اب خواہش مند افراد آن لائن درخواستیں جمع کرواسکیں گے۔

    واضح رہے سعودی حکومت نے تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مملکت میں مختلف سیاحتی منصوبوں کا آغاز کردیا ہے، حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے بحیرہ احمر میں واقع جزیروں پر منصوبہ تیار کیا جارہا ہے جس کا پہلا مرحلہ 2022 تک مکمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب:‌ طالبات کو یونیورسٹیز میں موبائل کے استعمال کی اجازت

    علاوہ ازیں سعودی حکومت کی جانب سے انٹرٹینمنٹ سٹی، تھیم پارک سمیت دیگر سیاحتی منصوبوں کے قیام کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

    واضح رہے کہ 2022 کے روشن خیال وژن کے تحت سعودی حکومت نے خواتین کا گاڑی چلانے، لڑکیوں کو یونیورسٹی میں موبائل فون استعمال کرنے اور خواتین کو اسٹیڈیم جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    دوسری جانب 5 اکتوبر کو سعودی حکومت نے روشن خیالی میں ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں ۔