Tag: سیاحت

  • قرآن میں مذکور الاخدود بستی کے آثار میں غیر ملکیوں کی دل چسپی بڑھ گئی

    قرآن میں مذکور الاخدود بستی کے آثار میں غیر ملکیوں کی دل چسپی بڑھ گئی

    نجران: قرآن میں مذکور الاخدود بستی کے آثار میں غیر ملکیوں کی دل چسپی بڑھ گئی، آثار قدیمہ میں دل چسپی رکھنے والے سیاح الاخدود پہنچنے لگے، جن میں 24 فی صد تعداد غیر ملکیوں کی ہے۔

    اخبار 24 کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے دوران نجران ریجن میں واقع تاریخی شہر الاخدود سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، یہ قریہ 5 مربع کلو میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

    الاخدود بستی 2 ہزار برس سے کہیں زیادہ قدیم دور کے باسیوں کی کہانی کا شاہد ہے، اس قریے کا ذکر قرآن پاک میں بھی ہے، یہاں واقع قلعے کی تاریخ 500 قبل مسیح سے تعلق رکھتی ہے، اس کے اطراف 235 میٹر لمبی فصیل ہے۔

    اس تاریخی قریے میں سیاحتی مرکز قائم کیا گیا ہے جو 300 مربع میٹر کے رقبے پر بنایا گیا ہے، یہاں روزانہ صبح 10 بجے سے لے کر شام 6 بجے تک سیاحوں کو آنے کی اجازت ہے۔

    یہاں چٹانوں پر قدیم نقوش اور تصاویر موجود ہیں، سیاح یہاں کے اسرار جاننے کے لیے چٹانوں کے نقوش اور شکلیں دیکھنے آتے ہیں، الاخدود کے علاقے میں ہونے والی کھدائیوں سے بہت ساری عمارتیں اور نقوش دریافت ہوئے ہیں، چاندی اور پیتل کے 2 ہزار سکے بھی ملے ہیں، عمارتوں کی بنیادوں پر درج نقوش بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

    الاخدود کی تاریخ کے ماہر محمد حریش آل مستنیر نے توقع ظاہر کی کہ ان کے مطالعے سے علاقے کی تاریخ کے کچھ نئے راز سامنے آئیں گے جن سے لوگ اب تک ناواقف ہیں۔

  • وادئ کمراٹ، مالم جبہ، کالام، گلیات، کاغان ناران ویلی میں سیاحوں کا رش

    وادئ کمراٹ، مالم جبہ، کالام، گلیات، کاغان ناران ویلی میں سیاحوں کا رش

    پشاور/مانسہرہ: عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں صوبہ خیبر پختون خوا کے مشہور سیاحتی مقامات وادئ کمراٹ، مالم جبہ، کالام، گلیات، کاغان ناران ویلی میں سیاحوں کا رش لگا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے سیاحوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، عید کے 3 دنوں میں لاکھوں سیاحوں نے مختلف تفریحی مقامات کی سیر کی۔

    رپورٹ کے مطابق صرف عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن، یکم جولائی کو مختلف مقامات پر ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد سیاحوں نے رخ کیا، وادئ کمراٹ میں 24 ہزار 852 سیاح سیر و تفریح کے لیے گئے، مالم جبہ 9 ہزار 753، گلیات میں 22 ہزار 715 سیاح آئے، کالام اور گرم چشمہ میں 4 ہزار339 سیاح سیر و تفریح کے لیے گئے، 46 ہزار سے زائد سیاحوں نے ناران کاغان کا رخ کیا، اور 56 غیر ملکی سیاحوں نے بھی مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کیا۔

    ترجمان گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق عید کے 3 دنوں میں 2 لاکھ سے زائد سیاحوں نے گلیات کا سفر کیا، اس دوران 53 ہزار گاڑیاں گلیات میں داخل ہوئیں، اور اسٹاف عید کے دوران بھی 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور رہا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کاغان ناران ویلی میں بھی سیاحوں کی آمد کے اعداد و شمار جاری کر دیے، ڈپٹی کمشنر راؤ بلال شاہد کے مطابق عید کے 3 دنوں میں 91 ہزار سیاحوں نے کاغان ناران کا رخ کیا، 22500 گاڑیاں، 7710 موٹر سائیکلیں کاغان نارن میں داخل ہوئیں۔

    ڈی سی کے مطابق سیاحوں کی رہنمائی کے لیے پولیس، ضلعی انتظامیہ، اور کے ڈی اے کی اضافی نفری تعینات کی گئی، چلاس انتظامیہ سے مشاورت کے بعد بابوسر ٹاپ روڈ کو 24 گھنٹے کھولا گیا، رواں برس عید کے موقع پر ریکارڈ سیاحوں نے کاغان ناران کا رخ کیا۔

  • عرب امارات اور سعودی عرب نے کس شعبے میں یورپ کو پیچھے چھوڑ دیا؟

    عرب امارات اور سعودی عرب نے کس شعبے میں یورپ کو پیچھے چھوڑ دیا؟

    ابو ظہبی / ریاض: دنیا بھر میں سیاحت کے لیے مقبول ممالک کی فہرست میں متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب اولین نمبروں پر ہیں، دونوں ممالک کی سیاحت لوگوں کی ترجیحات میں شامل ہورہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ماسٹر کارڈ اکنامک انسٹی ٹیوٹ نے 2023 کے دوران سفری رجحانات کے حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ 3 عرب ممالک دنیا کے 10 مقبول ترین سیاحتی ممالک کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ موجودہ مشکل بین الاقوامی معاشی صورتحال سے نمٹنے کے سلسلے میں نئے تجربات کا رجحان سر ابھار رہا ہے، کرونا وبا کے بعد سیر و تفریح کی خاطر سفر کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ تفریحاتی سیاحت کے بعد سب سے زیادہ سفر برائے ملازمت کا سلسلہ آگے بڑھا ہے، 2022 کی دوسری ششماہی کے دوران اس حوالے سے جو اعداد و شمار ریکارڈ پر آئے ہیں وہ یہی بتا رہے ہیں کہ سفر برائے روزگار پہلے اور تفریحاتی سیاحت دوسرے نمبر پر ہے۔

    سال رواں کے دوران مصر اور سعودی عرب دنیا کے 10 مقبول ترین سیاحتی ممالک کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

    مصر ساتویں اور سعودی عرب 8 ویں نمبر پر ہے جبکہ برطانیہ، امریکا، متحدہ عرب امارات اور فرانس دنیا کے سب سے پسندیدہ سیاحتی ملکوں کے حوالے سے اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

  • دبئی کی سیاحت میں ریکارڈ اضافہ

    دبئی کی سیاحت میں ریکارڈ اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سیاحت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 60 لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ شعبہ سیاحت کی کارکردگی میں غیر معمولی بہتری آئی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا تھا کہ سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 6.02 ملین غیر ملکی سیاح دبئی آئے، یہ تعداد 2022 کے ابتدائی 4 ماہ کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہیں۔

    محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ 2022 کے مقابلے میں سال رواں کے دوران سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ رواں برس کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سب سے زیادہ سیاح بھارت سے آئے، ان کی تعداد 8 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جبکہ 4 لاکھ 74 ہزار روس سے، 3 لاکھ 91 ہزار برطانیہ سے اور 3 لاکھ 52 ہزار سعودی عرب سے آئے۔

    محکمہ سیاحت نے توجہ دلائی کہ دبئی میں سال رواں کے دوران ہوٹل 80 فیصد مصروف رہے جبکہ 2022 میں اسی عرصے کے دوران ہوٹل 76 فیصد تک مصروف تھے۔

  • سعودی عرب: سیاحت کے شعبے میں 41 فیصد خواتین ورکرز

    سعودی عرب: سیاحت کے شعبے میں 41 فیصد خواتین ورکرز

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ان میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سیاحت کے مختلف اداروں میں 2 لاکھ 6 ہزار سعودی کام کر رہے ہیں جن میں سے 41 فیصد خواتین ہیں۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ محکمہ سیاحت میں کام کرنے والوں میں 58.1 فیصد مرد ہیں، ان کی تعداد 1 لاکھ 24 ہزار 800 بنتی ہے جبکہ سعودی خواتین کی شرح 41.9 فیصد ہے ان کی تعداد 81 ہزار ہے۔

    علاوہ ازیں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور دیگر سرکاری اداروں کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 کے دوران سیاحت سے 213.3 ارب ریال آمدنی ہوئی، اس میں 70.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سیاحوں نے رہائش پر 70.9 ارب ریال, کھانے پینے پر 63.8 ارب ریال اور فضائی سفر پر 24.4 ارب ریال خرچ کیے، سعودی عرب میں سیاحت کا شعبہ وژن 2030 کی بنیاد پر غیر معمولی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

    سیاحت کی منفرد سرگرمیوں میں کام کرنے والوں کی تعداد 2021 کے آخر میں 7 لاکھ 67 ہزار 800 ریکارڈ کی گئی، جبکہ سنہ 2020 کے آخر میں ان کی تعداد 6 لاکھ 79 ہزار 513 تھی، اس میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔

    ایک سال کے دوران سیاحت کی منفرد سرگرمیوں میں کام کرنے والے سعودیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 6100 ریکارڈ کی گئی، یہ کل کارکنوں کا 26.8 فیصد ہے۔

  • سعودی عرب میں سیاحت کا شعبہ عروج پر

    سعودی عرب میں سیاحت کا شعبہ عروج پر

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحت کا شعبہ تیزی سے بحال ہورہا ہے، ہر سال سیاحوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق پروفیشنل سروسز نیٹ ورک فرم پی ڈبلیو سی مڈل ایسٹ کے مطابق بلند افراط زر، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور بڑھتی ہوئی شرح سود کی وجہ سے پیدا ہونے والی عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال کے درمیان سعودی عرب کا سیاحت کا شعبہ تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔

    پی ڈبلیو سی مڈل ایسٹ نے اپنی حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں تقریباً 6 ملین وزیٹرز مملکت آئے جو 2019 کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 47 فیصد زیادہ ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریگولیٹری اصلاحات اور ریاض سیزن فیسٹیول جیسے پرکشش مقامات کی ترقی مملکت میں سیاحت کے شعبے کو آگے بڑھا رہی ہے جس کا ٹارگٹ رواں سال 25 ملین سیاحوں کی آمد ہے جو 2019 کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہے۔

    سعودی عرب کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کا مقصد 2030 تک 100 ملین وزیٹرز کو راغب کرنے کے ساتھ مملکت کی مجموعی گھریلو پیداوار میں اس شعبے کے تعاون کو 10 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔

    اس حکمت عملی کے تحت مملکت میں اضافی ایک ملین ملازمتیں پیدا کرنے پر بھی نظر رکھی گئی ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کا وژن 2030 مملکت کی معیشت کی تشکیل کے لیے ایک طاقتور فریم ورک فراہم کر رہا ہے۔

    پی ڈبلیو سی مڈل ایسٹ کے ڈپٹی کنٹری لیڈر فیصل السراج کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی معیشت نے وژن 2030 کے آغاز کے بعد سے زبردست ترقی کا مظاہرہ کیا ہے، مملکت کی تنوع پر بڑھتی ہوئی توجہ نے ملک کو اس قابل بنایا ہے کہ وہ اپنے اقتصادی استحکام کے ایجنڈے کو بڑے پیمانے پر آگے بڑھا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مملکت کا مستقبل وژن 2030 سے آگے بڑھے گا اور اختراعی حل کے ذریعے رہنمائی کرتا رہے گا۔

  • سعودی عرب: سیاحت سے منسلک ایک لاکھ سے زائد افراد کی ٹریننگ

    سعودی عرب: سیاحت سے منسلک ایک لاکھ سے زائد افراد کی ٹریننگ

    ریاض: سعودی عرب میں 1 لاکھ سے زائد افراد کو سیاحت کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی ہے، ٹورسٹ گائیڈز کے لیے نئے ضوابط بھی نافذ کیے گئے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کا کہنا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں 1 لاکھ سے زیادہ سعودی مرد و خواتین کو ٹریننگ دی گئی ہے جس پر 400 ملین ریال خرچ کیے گئے ہیں۔

    الخطیب نے سعودی سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاروں اور مقامی شہریوں کے ساتھ ماہانہ ورچوئل مکالمے کے دوران تاکید کی کہ ہماری وزارت نئے سیاحتی نظام کے تحت جو نئے قواعد و ضوابط جاری کر رہی ہے۔

    ان کا مقصد شعبے کو ترقی دینا ہے اور سب پر ان کی پابندی کرنا لازمی ہے۔

    الخطیب نے توجہ دلائی کہ وزارت نے اصلاح حال کے حوالے سے جو مہلت دی ہے وہ ماہ رواں کی 25 تاریخ کو ختم ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزارت کے انسپکٹرز تفتیشی مہم چلائیں گے اور نئے ضوابط کی خلاف ورزی پر سزائیں دی جائیں گی۔

    الخطیب کا مزید کہنا تھا کہ ٹورسٹ گائیڈز پر نئے ضابطے نافذ ہوں گے، اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، سب کو معلوم ہونا چاہیئے کہ سعودی تمدن کی صحیح تصویر پوری دنیا کے سامنے پہنچانا ضروری ہے۔

    الخطیب نے کہا کہ سیاحت کے شعبے نے مختلف حوالوں سے تاریخی نمبر ریکارڈ کروائے ہیں، جنوری 2023 کے دوران سیاحوں کی تعداد 24 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ فروری میں 25 لاکھ سیاح آئے۔

  • سعودی عرب: سیاحوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب: سیاحوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب میں لگژری ٹورسٹ ٹرین سروس شروع کرنے کے منصوبے پر دستخط کردیے گئے ہیں، ٹرین کا مقصد مملکت میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ریلوے کمپنی سار نے اٹلی کے ایک گروپ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، اس کے تحت مشرق وسطیٰ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لگژری ٹورسٹ ٹرین سروس شروع کی جائے گی۔

    مفاہمتی یادداشت کے تحت سار لگژری ٹرین آپریٹ کرے گی، ریلوے لائن بچھائے گی اور دوران سفر کھانے پینے کی تمام سہولتوں اور فیول کا انتظام کرے گی۔

    اٹلی کی کمپنی لگژری ٹرین کی بوگیاں تیار کرے گی، پراجیکٹ کی مارکیٹنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم کی فراہمی اور بکنگ کی سہولت کی بھی ذمہ دار ہوگی۔

    علاوہ ازیں لگژری ٹورسٹ ٹرین کے روٹ کی نشاندہی بھی اطالوی کمپنی کے ذمے ہوگی۔

    سعودی عرب میں لگژری ٹرین متعارف کروانے کا مقصد سیاحت کا فروغ اور سعودی شہریوں اور سیاجوں کو زیادہ سے زیادہ پرکشش سیاحتی مقامات دریافت کرنے کے مواقع مہیا کرنا ہے۔

  • دبئی میں سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ

    دبئی میں سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سنہ 2022 میں کئی گنا اضافہ ہوگیا، رواں برس یہ تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی کے محکمہ اقتصادیات اور سیاحت کے تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں دبئی میں بین الاقوامی مسافروں کی آمد 14.36 ملین تک پہنچ گئی جو 2021 میں 7.28 ملین سے 97 فیصد زیادہ ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق 2019 میں 16.73 ملین بین الاقوامی مسافر دبئی پہنچے تھے۔

    دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کا کہنا تھا کہ 2022 میں بین الاقوامی دورے میں غیر معمولی اضافہ دبئی کے اقتصادی ایجنڈے ڈی 33 کے 2033 تک امارات کی معیشت کے حجم کو دگنا کرنے کے ہدف کی حمایت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاحت اور سفر کا شعبہ قیادت کے مقصد میں امارات کو عالمی معیشت میں بہترین کارکردگی کا نمونہ بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کا مزید کہنا تھا کہ دبئی آنے والے برسوں میں عالمی سیاحت اور ٹریول کنیکٹوٹی کی ترقی کے لیے ایک بڑے کیٹالسٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 2019 کے مقابلے میں 2022 میں عالمی سیاحوں کے سفر میں 37 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    دبئی نے 2022 میں کرونا وائرس کی وبا سے پہلے کی سطح کے 86 فیصد تک پہنچنے کے ساتھ شہر میں آنے والے سیاحوں کے ساتھ بحالی کے عالمی اور علاقائی دونوں بیرومیٹر سے تجاوز کیا۔

    دبئی کے محکمہ اقتصادیات اور سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل ہلال سعید المری نے کہا کہ دبئی سیاحت کی صنعت میں ایک واضح رہنما کے طور پر ابھرا جو عالمی سیاحت کی بحالی میں دبئی کے بڑھتے ہوئے کردار کا ثبوت ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکمت عملی اور انیشی ایٹوز ہمیں اگلی چند دہائیوں میں عالمی سفر اور کاروباری شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا اعتماد فراہم کرتی ہے۔

    امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق دبئی میں ہاسپیٹلٹی کے شعبے نے بھی 2022 میں نمایاں ترقی حاصل کی۔

    دسمبر 2022 کے آخر میں دبئی کی ہوٹلوں کی انوینٹری میں 804 ہوٹلوں کے اداروں میں 1 لاکھ 46 ہزار 496 کمرے تھے جبکہ دسمبر 2019 کے آخر میں 741 اداروں میں 1 لاکھ 26 ہزار 120 کمرے دستیاب تھے۔

  • سعودی عرب: سیاحت میں ہر سال اضافہ

    سعودی عرب: سیاحت میں ہر سال اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہوتا جارہا ہے اور رواں برس حکومت نے ڈھائی کروڑ سیاحوں کی آمد کا ہدف رکھا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ لگانے والوں سے کہا ہے کہ وہ نئے قواعد و ضوابط کی پابندی کریں تاکہ مسابقت پر مبنی اور پرکشش ماحول قائم ہو۔

    الخطیب نے مملکت کے مختلف علاقوں کے شہریوں سے آن لائن ماہانہ میٹنگ کے دوران کہا کہ قومی پیداوار میں سیاحت کا حصہ 3.2 فیصد ہو چکا ہے اور 2030 میں 10 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

    احمد الخطیب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سال رواں کے دوران بیرون مملکت سے 25 ملین سیاحوں کی آمد کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    الخطیب کا کہنا تھا کہ پچھلے سال سیاحت کے شعبے میں ملازمتوں کی تعداد 2021 کے مقابلے میں 15 فیصد بڑھ کر 8 لاکھ تک پہنچ گئی جس میں سعودی خواتین کا تناسب 44 فیصد ہے۔

    الخطیب نے کہا کہ ان کی وزارت، سیاحت کے مختلف پروگراموں میں 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، یہ ہدف اس وقت حاصل ہوگا جب ہمارے ہاں ہوٹلنگ اور ٹورازم کے شعبے میں تربیت کے لیے جدید طرز کے انسٹی ٹیوٹ قائم ہوں۔

    سنہ 2022 کے دوران سیاحت کے شعبے میں 2021 کے مقابلے میں 93 فیصد اضافے کے ساتھ 185 ارب ریال خرچ کیے گئے۔