Tag: سیاح

  • دبئی میں سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ

    دبئی میں سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں سنہ 2022 میں کئی گنا اضافہ ہوگیا، رواں برس یہ تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی کے محکمہ اقتصادیات اور سیاحت کے تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں دبئی میں بین الاقوامی مسافروں کی آمد 14.36 ملین تک پہنچ گئی جو 2021 میں 7.28 ملین سے 97 فیصد زیادہ ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق 2019 میں 16.73 ملین بین الاقوامی مسافر دبئی پہنچے تھے۔

    دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کا کہنا تھا کہ 2022 میں بین الاقوامی دورے میں غیر معمولی اضافہ دبئی کے اقتصادی ایجنڈے ڈی 33 کے 2033 تک امارات کی معیشت کے حجم کو دگنا کرنے کے ہدف کی حمایت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاحت اور سفر کا شعبہ قیادت کے مقصد میں امارات کو عالمی معیشت میں بہترین کارکردگی کا نمونہ بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کا مزید کہنا تھا کہ دبئی آنے والے برسوں میں عالمی سیاحت اور ٹریول کنیکٹوٹی کی ترقی کے لیے ایک بڑے کیٹالسٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 2019 کے مقابلے میں 2022 میں عالمی سیاحوں کے سفر میں 37 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    دبئی نے 2022 میں کرونا وائرس کی وبا سے پہلے کی سطح کے 86 فیصد تک پہنچنے کے ساتھ شہر میں آنے والے سیاحوں کے ساتھ بحالی کے عالمی اور علاقائی دونوں بیرومیٹر سے تجاوز کیا۔

    دبئی کے محکمہ اقتصادیات اور سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل ہلال سعید المری نے کہا کہ دبئی سیاحت کی صنعت میں ایک واضح رہنما کے طور پر ابھرا جو عالمی سیاحت کی بحالی میں دبئی کے بڑھتے ہوئے کردار کا ثبوت ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکمت عملی اور انیشی ایٹوز ہمیں اگلی چند دہائیوں میں عالمی سفر اور کاروباری شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا اعتماد فراہم کرتی ہے۔

    امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق دبئی میں ہاسپیٹلٹی کے شعبے نے بھی 2022 میں نمایاں ترقی حاصل کی۔

    دسمبر 2022 کے آخر میں دبئی کی ہوٹلوں کی انوینٹری میں 804 ہوٹلوں کے اداروں میں 1 لاکھ 46 ہزار 496 کمرے تھے جبکہ دسمبر 2019 کے آخر میں 741 اداروں میں 1 لاکھ 26 ہزار 120 کمرے دستیاب تھے۔

  • سعودی عرب کے لیے ایک اور اعزاز

    سعودی عرب کے لیے ایک اور اعزاز

    ریاض: سنہ 2022 میں لگ بھگ 2 کروڑ افراد نے سعودی عرب کا دورہ کیا جس کے بعد سعودی عرب سیاحت کے حوالے سے پہلے نمبر پر آگیا۔

    اردو نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے ورلڈ ٹور ازم آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق عرب ممالک آنے والے سیاحوں کی تعداد کے حوالے سے سعودی عرب پہلے نمبر پر ہے۔

    سنہ 2022 کے پہلے 9 مہینوں میں 18 ملین سے زیادہ مسافروں نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔

    متحدہ عرب امارات 14.8 ملین سیاحوں کے ساتھ عرب ممالک میں دوسرے جبکہ 2022 کی پہلی تین سہ ماہیوں میں 11 ملین سیاحوں کے ساتھ مراکش تیسرے نمبر پر تھا۔

    سعودی عرب کی وزارت سرمایہ کاری کے اعداد و شمار کے مطابق 2030 تک ہر سال 100 ملین سیاحوں تک پہنچنے کے سعودی وژن کے مطابق مملکت کے سیاحتی اخراجات گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں 7.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔

    سعودی عرب آنے والے سیاحوں کی اس غیر معمولی تعداد نے دنیا بھر کے ٹریول ماہرین کی توجہ مبذول کروائی ہے جو دبئی میں مئی میں ہونے والے عریبین ٹریول مارکیٹ 2023 کے آئندہ ایونٹ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    عربین ٹریول مارکیٹ کے منتظم نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ تقریب عالمی سطح پر ہونے والے سعودی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گی جو مملکت کی سیاحت کے اثرات پر توجہ مرکوز کرے گی۔

    عریبین ٹریول مارکیٹ کے ڈائریکٹر ڈینیئل کرٹس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اے ٹیم ایم 2023 سعودی سربراہی اجلاس ایک مثالی فورم پیش کرے گا اس میں مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر کے ٹریول پروفیشنلز اور پالیسی ساز مملکت کے بڑھتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں مواقع اور چیلنجز کو تلاش کر سکتے ہیں۔

    سالانہ تقریب میں سعودی عریبین ایئر لائنز، فلائی ناس، مکہ کلاک رائل ٹاور، اسما ہاسپیٹیلٹی کمپنی، آئی آف ریاض، صدانہ ریئل اسٹیٹ کمپنی اور سعودی عماد فار ایئرپورٹ سروسز اینڈ ٹرانسپورٹ سپورٹ کی میزبانی کی توقع ہے۔

    ڈینیئل کرٹس نے مزید کہا کہ نیوم اور بحیرہ احمر پراجیکٹ جیسی آنے والی گیگا ڈویلپمنٹس سے لے کر مملکت کی تازہ ترین ویزا اصلاحات اس کے سفری شعبے کو تقویت دے رہی ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ عریبین ٹریول مارکیٹ آنے والے ایڈیشن کے دوران سعودی عرب ایک بڑے ڈرا کارڈ کی نمائندگی کرے گا۔

  • گینڈے نے سیاحوں کی گاڑی کا پیچھا شروع کردیا، پھر کیا ہوا؟

    نئی دہلی: بھارت کے ایک نیشنل پارک میں سیر و تفریح کے لیے جانے والے سیاح اس وقت خوفناک صورتحال کا شکار ہوگئے جب ایک گینڈے نے ان کی گاڑی کا پیچھا شروع کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو بھارتی فارسٹ افسر پراوین کسون نے اپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا۔

    ویڈیو بھارتی ریاست آسام کے کازی رانگا نیشنل پارک کی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گینڈا سیاحوں کی کھلی گاڑی کے پیچھے دیوانہ وار بھاگا چلا آرہا ہے۔ سیاحوں کی خوفزدہ آوازیں بھی ویڈیو میں شامل ہیں۔

    گینڈا تقریباً 1 کلو میٹر تک گاڑی کا پیچھا کرتا رہا، واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی بھی سیاح زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔

    خیال رہے کہ 1 ہزار 90 کلومیٹر اسکوائر پر محیط کاضی رانگا نیشنل پارک دریائے برہم پترا کے ایک حصے، جنگلات اور آب گاہوں پر مشتمل ہے جس میں سینکڑوں دھاری دار شیر، ہاتھی اور دیگر جنگلی حیات موجود ہے۔

    اس نیشنل پارک میں دنیا میں گینڈے کی سب سے بڑی آبادی بھی موجود ہے، یہاں موجود گینڈوں کی تعداد 2 ہزار 613 ہے۔

  • سعودی عرب سے آنے والے مسافروں پر آب زم زم لانے پر پابندی عائد

    ریاض / کراچی: سعودی عرب سے آنے والے مسافروں پر آب زم زم لانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، صرف عمرہ اور حج ویزہ کے حامل مسافروں کو ہی آب زم زم لانے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے آنے والے مسافروں پر آب زم زم لانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔

    جدہ ایئرپورٹ حکام نے پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز (پی آئی اے) سمیت تمام پرائیوٹ ایئر لائنز کو مراسلہ جاری کردیا۔

    مراسلے کے مطابق عمرہ اور حج ویزہ کے حامل مسافروں کو ہی آب زم زم لانے کی اجازت ہوگی، زائرین کو 5 لیٹر کی ایک ہی بوتل لانے کی اجازت ہوگی۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ وزٹ ویزہ، بزنس ویزہ اور سیاحتی ویزہ رکھنے والوں کو آب زم زم لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    سعودی حکام کی جانب سے ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام ایئر لائنز انتظامیہ مسافروں کے سامان کی چیکنگ کو یقینی بنائیں اور سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی جائے۔

  • سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں 500 فیصد اضافہ

    سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں 500 فیصد اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جارہا ہے، رواں سال سیاحوں کی تعداد میں 500 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت سرمایہ کاری کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران مملکت میں سیاحت پر 38.5 ارب ریال خرچ کیے گئے ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ اس دوران غیر ملکی سیاحوں کی تعداد بڑھ کر 6.1 ملین تک پہنچ گئی ہے، غیر ملکی اور مقامی سیاحوں کی تعداد 46 ملین ہوچکی ہے۔

    وزارت کے مطابق سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران سعودی عرب آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں سالانہ بنیاد پر 575.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

    اس دوران 3.6 ملین غیر ملکی مملکت پہنچے جبکہ مقامی سیاحوں کی تعداد میں 42.3 فیصد اصافہ ہوا، ان کی تعداد 21.4 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں نے سال رواں کی دوسری سہ ماہی کے دوران 570 فیصد زیادہ 15.7 ارب ریال خرچ کیے جبکہ مقامی سیاحوں نے 31.5 فیصد زیادہ 22.7 ارب ریال خرچ کیے۔

    اس طرح غیر ملکی اور مقامی سیاحوں نے مملکت میں مجموعی طور پر 38.5 ارب ریال خرچ کیے۔

    وزارت کے مطابق مملکت میں سیاحت کے شعبے کے لیے مجموعی قومی پیداوار میں 10 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو کہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 100 ملین تک پہنچانے کی کوشش ہے۔

  • وادی کالام میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے

    وادی کالام میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے

    سوات: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں سیلاب کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں جس کے باعث وادی کالام میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے ہیں، سیاحوں کو نکالنے کے لیے ہیلی سروس شروع کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کالام میں اس وقت موجود سیاحوں کی تعداد 1500 ہے جو مختلف ہوٹلوں میں رہائش پذیر ہیں، ہوٹل مالکان پھنسے ہوئے سیاحوں کو مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو نکالنے کے لیے آج ہیلی سروس شروع کی جارہی ہے، مقامی لوگوں کے لیے امدادی سامان بھی پہنچایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز سے وادی سوات میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے، متعدد ہوٹل سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ این 95 اور این 90 پر بحرین سے کالام سیکشن تک صورت حال تشویشناک ہے، سیلاب نے بحرین پل کے ساتھ ساتھ اپروچ روڈ کو بھی متاثر کیا ہے۔

  • سیاحوں کے کیمپ پر برفانی ریچھ کا حملہ

    سیاحوں کے کیمپ پر برفانی ریچھ کا حملہ

    ناروے میں ایک قطبی ریچھ نے سیاحوں کے ایک کیمپ پر حملہ کر کے ایک خاتون سیاح کو زخمی کر دیا، ریچھ کو بعد ازاں ہلاک کر دیا گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ناروے میں قطب شمالی کے دور دراز سوالبارڈ جزائر کے مقامی گورنر کا کہنا ہے کہ 8 اگست پیر کے روز ایک قطبی ریچھ نے سیاحوں کے ایک کیمپ میں گھس کر حملہ کر دیا، جس میں ایک فرانسیسی سیاح زخمی ہوگئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں خاتون کو لگنے والے زخم جان لیوا نہیں تھے، تاہم بعد میں حملہ کرنے والے ریچھ کو مار دیا گیا۔

    متاثرہ خاتون 25 افراد کے اس سیاحتی گروپ کا حصہ تھیں، جس نے سوالبارڈ جزیرہ نما کے وسطی حصے میں واقع سویسلیٹا میں اپنا سیاحتی کیمپ لگا رکھا تھا، حملے کی اطلاع ملتے ہی حکام ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    خاتون کو بعد ازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سوالبارڈ جزیرہ نما کی سب سے بڑی بستی لانگیئربیئن کے اسپتال لے جایا گیا۔ پہلے حملے کے بعد ریچھ پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد وہ خوفزدہ ہو کر وہاں سے چلا گیا۔

    بعد ازاں ریچھ زخمی حالت میں پھر سے نمودار ہوا جس پر قابو پانے کے بعد، اس کا اچھی طرح سے طبی معائنہ کیا گیا اور پھر دوا کی مدد سے اسے ابدی نیند سلا دیا گیا۔

    خیال رہے کہ ناروے کے قطب شمالی علاقوں میں تقریباً 20 سے 25 ہزار قطبی ریچھ پائے جاتے ہیں۔ قطبی ریچھ جارحانہ جانور ہو سکتے ہیں اور وہ لوگوں پر حملہ کرنے اور مارنے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔

    جب خوراک کی قلت ہوتی ہے تو قطبی ریچھوں کو انسانوں کا شکار کرتے ہوئے بھی اکثر دیکھا گیا ہے۔

  • دبئی میں سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    دبئی میں سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں رواں سال کے پہلے 3 ماہ میں سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، دبئی پہنچنے والے سیاحوں کی تعداد 7 ملین سے زیادہ رہی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سال رواں کی پہلی ششماہی کے دوران 7.12 ملین سیاح دبئی پہنچے ہیں، جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں سیاحوں کی تعداد 2.25 ملین تھی۔

    دبئی کے محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں سیاحوں کی تعداد میں 183 فیصد اضافہ ہوا ہے، کرونا بحران کے باعث دبئی میں سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا تھا۔

    محکمے کا مزید کہنا ہے کہ سب سے زیادہ آنے والے سیاحوں کا تعلق انڈیا سے ہے، دوسرے نمبر پر عمانی سیاح ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر سعودی شہری ہیں۔

    محکمہ سیاحت کے مطابق دبئی کے ہوٹلوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 74 فیصد زیادہ کاروبار ہوا ہے، جون کے آخر تک 773 ہوٹلوں میں 1 لاکھ 40 ہزار 778 کمرے بک ہوئے ہیں۔

  • پاکستانیوں کے لیے بہترین سیاحتی مقام کون سا؟

    پاکستانیوں کے لیے بہترین سیاحتی مقام کون سا؟

    ابو ظہبی: اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، دبئی پہنچنے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی محکمہ معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران دبئی آنے والے سعودی سیاحوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، اس سال سب سے زیادہ سیاح سلطنت عمان سے پہنچے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران دبئی آنے والوں میں سعودی شہری چوتھے اور پاکستانی نویں نمبر پر رہے، پاکستانیوں کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار رہی ہے۔

    اماراتی محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 1.68 ملین سیاح آئے، اس سال ان کی تعداد 5.10 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔

    گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

    محکمہ سیاحت کا کہنا ہے کہ اپریل 2022 کے آخر تک ہوٹل کے کمرے کا اوسط کرایہ 59.6 فیصد بڑھا ہے اور 640 درہم تک پہنچ گیا۔ اس کی وجہ سے فی کمرہ آمدنی میں اوسط اضافہ 93.6 فیصد ہوا۔

    دبئی میں مختلف زمروں سے تعلق رکھنے والے 769 ہوٹلز اور اس کے علاوہ ہوٹل اپارٹمنٹس بھی ہیں۔

    سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران سب سے زیادہ 5 لاکھ 90 ہزار سیاح سلطنت عمان سے آئے، بھارت سے 5 لاکھ 50 ہزار اور برطانیہ سے 3 لاکھ 67 ہزار سیاح آئے۔

    علاوہ ازیں سعودی عرب سے 3 لاکھ 52 ہزار، روس سے 2 لاکھ 35 ہزار، فرانس سے 1 لاکھ 74 ہزار، امریکا سے 1 لاکھ 74 ہزار، جرمنی سے 1 لاکھ 71 ہزار، پاکستان سے 1 لاکھ 32 ہزار اور ایران سے 1 لاکھ 20 ہزار سیاح دبئی پہنچے۔

  • مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے ٹائر چوری ہونے لگے

    مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے ٹائر چوری ہونے لگے

    راولپنڈی: مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے ٹائر چوری ہونے لگے ہیں، ایک پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے ملزمان کا ایک گروہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے ٹائر اور بیٹریاں چرا لیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں جرائم کے خلاف ایک کارروائی میں مقامی پولیس نے ایک 4 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بارے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ ملک کے اہم سیاحتی مقام پر شہریوں کی گاڑیوں کے ٹائر اور بیٹریاں چوری کرتے تھے۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 50 ہزار روپے، 4 بیٹریاں اور 3 گاڑیوں کے ٹائر برآمد کیے، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں جہانزیب، عامر جاوید، ساجد حسین، اور راشد علی شامل ہیں، پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں سے ٹائر اور بیٹریاں چراتے تھے۔

    گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزمان نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں مری کا سیاحتی مقام ایک بار پھر اس وقت میڈیا میں شہ سرخیوں کی زینت بنا تھا جب شدید برف باری کے دوران مقامی انتظامی اداروں کی بد ترین غفلت کے نتیجے میں 22 افراد گاڑیوں میں جاں بحق ہو گئے تھے۔