Tag: سیاسی خبریں

  • حکومت نے پی پی ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کا مطالبہ مسترد کر دیا، ذرائع

    حکومت نے پی پی ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کا مطالبہ مسترد کر دیا، ذرائع

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی حکومت نے پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں انتظامی معاملات پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز پہلے ہونے والی دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات بے نتیجہ رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے پی پی ارکان اسمبلی کو فنڈز دینے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا،حکومتی ٹیم نے فنڈنگ کے مطالبے کے جواب میں کہا کہ فی الحال مجموعی منصوبوں کے لیے فنڈنگ کر سکتے ہیں۔

    حکومتی ٹیم نے یہ بھی کہا کہ ہم تو اپنے ارکان اسمبلی کو بھی الگ فنڈنگ نہیں کر رہے ہیں، جس پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے میٹنگ میں ناراضی کا اظہار کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی میٹنگ کا اختتام ایک اور کمیٹی بنانے پر ہوا ہے۔

    ’’پیپلز پارٹی مذاق کے موڈ میں بالکل نہیں‘‘ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ پی پی کا مکالمہ

    واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کا پاور شیئرنگ پر وفاقی حکومت سے اختلاف شدید تر ہوتا جا رہا ہے، وفاقی حکومت سندھ کے منصوبوں پر فنڈز جاری نہیں کر رہی ہے، اور بلوچستان کے مسائل پر بھی سنجیدہ نہیں ہے۔

    پیپلز پارٹی کے مطابق وفاقی حکومت کے پی کے اور پنجاب میں گورنرز کے ساتھ انتظامی امور بھی حل نہیں کر رہی ہے، پی پی پی رہنماؤں نے قیادت سے شکوہ کیا ہے کہ انھوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ووٹ دیے، لیکن بدلے میں ہمارے ووٹرز کے لیے کچھ نہیں ہو رہا ہے۔

  • کیا نواز شریف کو جیل واپس بھجوایا جا رہا ہے؟ اسپتال کے دروازے کس نے بند کیے؟

    کیا نواز شریف کو جیل واپس بھجوایا جا رہا ہے؟ اسپتال کے دروازے کس نے بند کیے؟

    لاہور: ترجمان پنجاب حکومت نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے واپس جیل بھجوائے جانے کے سلسلے میں خاموشی توڑ دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کے واپس جیل بھجوائے جانے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

    [bs-quote quote=”نواز شریف کو اسپتال سے کسی بھی جگہ منتقل کرنے کا حکم نہیں ملا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”سربراہ میڈیکل بورڈ”][/bs-quote]

    شہباز گل نے بتایا کہ نواز شریف کے حالیہ ٹیسٹوں کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے، سابق وزیرِ اعظم کے مستقبل کا فیصلہ ٹیسٹ رپورٹس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہوگا۔

    دوسری طرف نواز شریف کی علاج کے لیے قائم کیے گئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف کو اسپتال سے کسی بھی جگہ منتقل کرنے کا انھیں کوئی حکم نہیں ملا ہے۔

    سربراہ میڈیکل بورڈ پروفیسر محمود ایاز نے بتایا کہ نواز شریف کو منتقل کرنے سے قبل ڈسچارج سلپ بنائی جائے گی، جیسے ہی جیل حکام کی جانب سے نوٹس ملتا ہے، ڈسچارج سلپ بنادی جائے گی۔

    [bs-quote quote=”گیٹ بند ہونا معمول کی بات ہے۔” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″ author_job=”ایم ایس سروسز اسپتال”][/bs-quote]

    پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو منتقل کرنے سے پہلے ڈاکٹرز کو بھی آگاہ کیا جائے گا، سروسز اسپتال میں تا حال سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

    ادھر سروسز اسپتال کے دروازے بند کرنے سے متعلق اسپتال کے ایم ایس نے مؤقف دیا ہے کہ چھٹی کی وجہ سے گیٹ نمبر 2 بند کیا گیا ہے۔

    ایم ایس سروسز اسپتال نے کہا کہ ایمرجنسی کا گیٹ ہی کھلا ہوا ہے، گیٹ بند ہونا معمول کی بات ہے۔

  • تھر میں پاکستان کا جھنڈا پیپلز پارٹی کی وجہ سے لہرا رہا ہے، بلاول بھٹو

    تھر میں پاکستان کا جھنڈا پیپلز پارٹی کی وجہ سے لہرا رہا ہے، بلاول بھٹو

    تھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھر میں پاکستان کا جھنڈا پیپلز پارٹی کی وجہ سے لہرا رہا ہے۔

    وہ سندھ کے پس ماندہ علاقے تھر میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا ’شہید بھٹو نے بھارت سے جنگی قیدی اور تھر کی سرزمین لی تھی۔‘

    بلاول کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ حکومت کی مدد سے تھر کول کا منصوبہ بنایا جو ملک میں توانائی کے بحران کے حل کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی وفاقی حکومت بنا کر غربت کے خاتمے کا پروگرام پورے ملک میں پھیلائے گی اور غذائی قلت، بھوک اور بے روزگاری کا مقابلہ کرے گی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ’پیپلز پارٹی کے سامنے ہمیشہ کٹھ پتلی اتحاد کھڑے کیے جاتے ہیں جو عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے، یہ حکومتیں کوئی اور چلاتا ہے، یہ کوئی اور کام کرتی ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کو منافقت اور یو ٹرن کی سیاست پر مبنی سازشوں کا علم ہے، اس سیاست میں کرپشن کے خلاف بات کی جاتی ہے لیکن کرپٹ لوگوں کو ساتھ بٹھا دیا جاتا ہے۔

    ن لیگ اور پی ٹی آئی نے دہشت گردوں سے مل کر ہم پر حملے کیے، بلاول بھٹو

    پی پی چیئرمین نے کہا ’بے نظیر بھٹو کا نام ماروی ملیر جی رکھا گیا تھا، عوام ان سے محبت کرتے ہیں، مخالفین کوشش کر رہے ہیں کہ بے نظیر کا شروع کیا ہوا انکم سپورٹ پروگرام ختم کر دیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔‘

    بلاول کا کہنا تھا کہ وہ پہلی بار الیکشن لڑ رہے ہیں، اقتدار میں آکر لوگوں کے مسائل حل کریں گے، عوام نے ہر جگہ جوش و جذبے سے استقبال کیا ہے، انھوں نے کہا ’یہ میری پہلی انتخابی مہم ہے، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ اسلام کوٹ میں ایئر پورٹ بنایا جائے گا جس سے عوام کو بہت فائدہ ہوگا، اتفاق رائے کے بغیر ڈیمز کی تعمیر کو عوام نہیں مانیں گے، یہ 1973 کے آئین کے خلاف سازش ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نامزدگی فارم میں تبدیلی کا معاملہ، سابق اسپیکر نے انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کردیا

    نامزدگی فارم میں تبدیلی کا معاملہ، سابق اسپیکر نے انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ظاہر کردیا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایاز صادق نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نئے فارم بنائے گی تو اس سے انتخابات میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

     ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں تمام جماعتوں کا بھی یہ فیصلہ تھا کہ فارم میں تبدیلی لانی ہے لیکن عدالت نے الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد فیصلہ دیا۔

    سابق اسپیکر نے کہا کہ سب کو پتا تھا کہ اکتیس مئی کو حکومت کی مدت پوری ہوجائے گی پھر بھی اتنا موقع نہیں دیا گیا کہ اسمبلی میں اس معاملے پر فیصلہ کیا جاسکے۔

    ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر عدالت نے فیصلہ درست وقت پر نہیں کیا، ہم اس کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجوع کریں گے، اس سلسلے میں وکلا سے بھی مشاورت ہوگئی ہے، پٹیشن جلد فائل کردیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو قوتیں الیکشن کے درپے ہیں انھوں نے حکمت عملی بنالی ہے، اگر ن لیگ 60 سے 70 نشتیں لیتی ہے تو انتخابات وقت پر ہوں گے لیکن اگر ن لیگ 100 یا زائد نشتیں لے گی تو پھر انتخابات نہیں ہوں گے۔

    سردار ایاز صادق نے کہا کہ چوہدری نثار ن لیگ کے ٹکٹ سے نہ بھی لڑے تو بھی پارٹی نہیں چھوڑیں گے، وہ پارٹی ٹکٹ لینے نہ آئے تو خود دینے چلا جاؤں گا۔

    ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن کی بریفنگ


    دوسری طرف ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن اختر نذیرنے دوبارہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نامزدگی فارم پر ہمارا جو مؤقف عدالت میں تھا وہ آج بھی قائم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نامزدگی فارم پر بھی انھوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم ابہام دور کرنے کے لیے سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔

    کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار‘ الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس شروع


    اختر نذیر نے کہا کہ نامزدگی فارمز کو قانون کی بجائے قواعد کا حصہ ہونا چاہیے، عدالت نے فارم کو کالعدم قرار نہیں دیا بلکہ بہتری کا کہا ہے، نیز عدالت نے تسلیم کیا ہے کہ فارم میں تبدیلی کا اختیار پارلیمنٹ کو ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار دے کر الیکشن کمیشن کو نئے کاغذات نامزدگی تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔