Tag: سیاہ دن

  • اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

    اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

    اسلام آباد: اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی، تحریک میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین اور قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف مرتضیٰ جاوید اور محسن شاہنواز رانجھا نے تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی، یہ تحریک آرٹیکل 53 کے تحت جمع کرائی گئی ہے۔

    تحریک عدم اعتماد میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آئین اور قواعد کی خلاف ورزی کی ہے، ڈپٹی اسپیکر ارکان اسمبلی کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ نوٹس کے 7 دن بعد اس قرارداد کو کارروائی کے لیے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  خواجہ آصف کا ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا اعلان

    قبل ازیں، قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے اعلان کیا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی، انھوں نے کہا کل ایوان میں جو کچھ ہوا وہ پارلیمنٹ کا سیاہ ترین دن تھا، ہماری تقاریر کو میوٹ کیا گیا۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اِسٹے آرڈر کے پیچھے چھپے ڈپٹی اسپیکر نے 12 آرڈیننس بغیر کارروائی پاس کرائے، قاسم سوری نے اسپیکر کی کرسی پر بیٹھ کر یہ سیاہ دن دکھایا۔

  • آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے‘ مریم اورنگزیب

    آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے‘ مریم اورنگزیب

    لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے صوبہ پنجاب کی زندگی بھر خدمت کی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نیب کیسے آزاد ہے وزیراطلاعات کہتے ہیں یہ پہلی گرفتاری ہے۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، شہبازشریف نے صوبہ پنجاب کی زندگی بھر خدمت کی۔

    مسلم لیگ کی رہنما نے کہا کہ سیاست میں جب شکست نہ دی جاسکی تو گرفتار کرلیا گیا، صاف پانی کمپنی میں بلایا گیا، آشیانہ میں گرفتارکرلیا، دوران تحقیقات گرفتاری پرنیب کوجواب دینا پڑے گا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ 80 ارب کے گڑھے کھودنے والے نیب کو نظرنہیں آتے۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیقات ہورہی ہیں اس لیے ضمانت منظورکرنی چاہیے، کوئی شواہد موجود ہیں تو نیب کوریفرنس میں شامل کرنے چاہییں۔

    کرپشن کیس: نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو( نیب) نے آشیانہ کمپنی کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا تھا۔

    نیب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری آشیانہ ہاؤس اسکینڈل میں غیرقانونی ٹھیکے دینے پرگرفتارکیا گیا۔

  • سانحہ اے پی ایس: 16 دسمبر2014 کویوم سیاہ کےطورپریاد رکھا جائےگا‘ وزیراعظم

    سانحہ اے پی ایس: 16 دسمبر2014 کویوم سیاہ کےطورپریاد رکھا جائےگا‘ وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ شہدا کے خون سے لکھے جانے والے باب کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہدائے اے پی ایس کی تیسری برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر 2014 کویوم سیاہ کے طورپریاد رکھا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول نے قوم میں دہشت گردوں کے خلاف وحدت کوجنم دیا اور اس واقعے کے بعد اس قوم نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ لڑنے کا ارادہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان جتنی قربانی کسی نے نہیں دیں، ہم واحد قوم ہیں جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معصوموں کا خون رنگ لایا ہے، قوم ا ن معصوموں کی لازوال قربانی کوہمیشہ یاد رکھے گی۔


    قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کبھی نہیں بھلا پائےگی‘ شہبازشریف


    وزیراعظم نے کہا کہ قوم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور شہدا کےخون سے لکھے جانے والے باب کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور شہداء کے خون سے لکھے اس باب کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ تین سال قبل 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نےعلم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی۔

    آرمی پبلک اسکول میں ہونے والے دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے۔

  • بارہ اکتوبر1999 کاآمرانہ اقدام ترقی روکنے کی سازش تھی‘ شہبازشریف

    بارہ اکتوبر1999 کاآمرانہ اقدام ترقی روکنے کی سازش تھی‘ شہبازشریف

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 12 اکتوبر1999 ملکی سیاسی و جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، اس غیرجمہوری اقدام کےمنفی نتائج آج بھی قوم بھگت رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 12 اکتوبر1999 کا آمرانہ اقدام ترقی روکنے کی سازش تھی، جمہوری عمل سبوتاژ نہ کیا جاتا تو ملک کو مسائل کا سامنا نہ ہوتا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ 12 اکتوبر1999 ملکی سیاسی و جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جمہوریت کو پٹری سے نہ اتارا جا تا توپاکستان کی حالت مختلف ہوتی۔

    شہبازشریف نے کہا کہ آمرانہ حکومتوں کے ادوارمیں ملک وقوم کونقصان پہنچا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل میں ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ذاتی مفادات کی سیاست ختم کرکے ترقی کو مقدم رکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت،آئین کے خلاف کسی اقدام کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    واضح رہے کہ 12 اکتوبر سنہ 1999 کے مارشل لاء کو آج 18 سال مکمل ہوگئے۔18 سال قبل اس وقت کے آرمی چیف پرویز مشرف نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں مارشل لاء نافذ کردیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تواسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔