Tag: سیب

  • سرخ یا ہرا، کس سیب میں غذائیت زیادہ ہوتی ہے؟

    سیب کی افادیت سے کون واقف نہیں ہوگا، لیکن لوگ ہمیشہ سرخ اور ہرے سیب میں افادیت کے سلسلے میں موازنہ کے حوالے سے تذبذب کا شکار رہتے ہیں۔

    مشہور مقولہ ہے کہ روزانہ ایک سیب آپ کو ڈاکٹر سے دور رکھ سکتا ہے، لیکن اگر کوئی اچانک سوال کر بیٹھے کہ کس رنگ کا سیب، تو یہ سوال دل چسپی سے خالی نہ ہوگا۔

    سب سے پہلے تو یہ موٹی بات ذہن میں بٹھا لینے کی ہے کہ سبز اور سرخ دونوں قسم کے سیب غذائیت، وٹامنز اور کیلوریز سے بھرپور ہوتے ہیں، اس لیے جو بھی دستیاب ہو کھانے میں تامل نہیں کرنا چاہیے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سرخ اور ہرے سیب میں رنگ ہی نہیں، بلکہ غذائیت کے حوالے سے بھی فرق موجود ہے۔

    سرخ سیب

    دنیا بھر میں سیبوں کی ساڑھے سات ہزار اقسام پائی جاتی ہیں، جب کہ صرف کشمیر میں 113 اقسام موجود ہیں، اور سرخ سیب ان میں سے ایک قسم ہے، اور یہ لذیذ ذائقے کی وجہ سے کافی شہرت رکھتا ہے۔

    پٹھوں کی مضبوطی کے لیے چاکلیٹ پروٹین شیک بنانے کا طریقہ

    سرخ سیب نہایت میٹھا اور رس دار ہوتا ہے، یہ سبز سیب کی نسبت قدرے سخت جب کہ اس کا چھلکا پتلا رسیلا اور سرخ ہوتا ہے۔

    اس سیب کے چھلکے کی سرخ رنگت اینتھوسیانین نامی خاص جز کی وجہ سے ہوتی ہے، سرخ سیب میں غذائیت سبز سیب سے کم ہوتی ہے لیکن اس میں چینی بشمول اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

    ہرا سیب

    یہ سیب ذائقے میں کھٹا ہوتا ہے، اور اس کا چھلکا قدرے موٹا ہوتا ہے جو اسے مزید خستہ بناتا ہے۔ ہرے سیب میں سرخ سیب کی نسبت وٹامن اے، وٹامن بی، وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن کے، آئرن، پوٹاشیم اور پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

    تاہم دوسری طرف ہرے سیب میں فائبر زیادہ لیکن چینی اور کاربوہائیڈریٹس کم ہوتے ہیں۔

  • موسمِ سرما میں یہ پھل کھائیں اور قوتِ مدافعت بڑھائیں

    موسمِ سرما میں یہ پھل کھائیں اور قوتِ مدافعت بڑھائیں

    موسم سرما میں رس بھرے اور رنگ برنگے پھل کھانے سے پانی کی کمی پوری ہونے کے ساتھ ساتھ ان میں موجود غذائی اجزا اور اینٹی آکسیڈینٹس قوت مدافعت بھی بڑھاتے ہیں۔

    تحقیق کے مطابق پھل اور سبزیاں کھانے سے دل کی بیمایوں اور کینسر سمیت دیگر بیماریوں سے تحفظ ملتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں میں قوت مدافعت کمزور ہو جاتی ہے اور نزلہ و بخار سمیت دیگر وبائی امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اگر اپنی خوراک میں موسمی پھلوں کو شامل کر لیا جائے تو نہ صرف مجموعی طور پر صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ بیماریوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قوت مدافعت بھی پیدا ہوتی ہے۔

    مالٹا

    مالٹے میں پائے جانے والے نیوٹرینٹس، فائبر، پوٹاشیم اور وٹامنز کی وجہ سے اس کے بہت سے فوائد ہیں۔

    مالٹا فری ریڈیکلز کو پیدا ہونے سے روکتا ہے جو کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس میں پایا جانے والا فائبر اور پوٹاشیم دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ مالٹا فلیونائڈ اینٹی آکسیڈینٹس کا موثر ذریعہ ہے جو شوگر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔

    مالٹے میں موجود وٹامن سی کی بڑی مقدار جلد کو تر و تازہ اور مضبوط رکھتی ہے اور زخموں کو بھرنے میں مدد کرتی ہے۔

    املوک

    املوک میں بہت سے نیوٹرینٹس موجود ہیں۔ اس میں پلانٹ کمپاؤنڈز پائے جاتے ہیں جن میں اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات ہیں۔

    تحقیق بتاتی ہے کہ املوک پھل کئی قسم کے کینسر اور میٹا بولک امراض کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

    اس میں کیلشیم، فاسفورس، آئرن، فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں جو مختلف بیماریوں کے قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں۔

    سیب

    سیب ایسا پھل ہے جو ہر موسم میں پایا جاتا ہے اور انسانی جسم کے لیے اس کے بے شمار فوائد ہیں۔

    اس پھل میں موجود فائٹو نیوٹرینٹس شوگر، کینسر اور ہائپر ٹینشن کو کے خطرے کو کم کرتے ہیں اور جلد کو تر و تازہ بناتے ہیں۔

    سیب میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈینٹس، فائبر اور وٹامن سی بہت سی دیگر بیماریوں سے بچاؤ کا ذریعہ ہیں۔ انہیں جلد چھلکے سمیت کھانا چاہیے کیونکہ چھلکے میں وٹامن اے، سی، کے، کیلشیم اور فاسفورس پایا جاتا ہے۔

    انار

    انار میں فائبر کی بڑی مقدار ہونے کی وجہ سے یہ وزن کم کرنے، قبض اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مفید ہے۔

    انار میں موجود پولی فینولک کمپاؤنڈز دل کے لیے فائدہ مند ہیں اور سسٹولک بلڈ پریشر کو کم کرتے ہیں۔ اس میں ایسے کمپاؤنڈز بھی پائے جاتے ہیں جو دانتوں، منہ کی بدبو، بیکٹیریا اور فنگس کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔

    ناشپاتی

    سردیوں میں ناشپاتی کا استعمال بہت زیادہ کیا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسا ہی پھل ہے، جسے آپ سردیوں میں بہت آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کا رس صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔ بچے بھی اسے بڑے شوق سے کھا سکتے ہیں۔

    آپ کے آنتوں کو صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ یہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ناشپاتی وٹامن ای اور سی جیسے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ناشپاتی میں سوزش کش خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جسم میں سوزش کو کم کرتی ہیں۔

  • کیا آپ اس تصویر میں سیب ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    کیا آپ اس تصویر میں سیب ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    مختلف تصاویر میں چھپی ہوئی اشیا ڈھونڈنا دماغ کے لیے مشق ہے جو دلچسپ اور پریشان کن دونوں ہوسکتی ہے، تاہم پھر بھی لوگ ایسی تصاویر اور پہیلیوں میں دماغ لڑانا پسند کرتے ہیں۔

    زیر نظر تصویر بھی ایسی ہی ہے جس میں بے شمار ٹماٹر دکھائی دے رہے ہیں۔

    انسٹاگرام پر ایک آرٹسٹ نے اپنی بنائی ہوئی یہ تصویر شیئر کی، ساتھ ہی اپنے فالوورز کو چیلنج دیا کہ اس تصویر میں 3 سیب بھی موجود ہیں، کیا وہ انہیں تلاش کرسکتے ہیں؟

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Gergely Dudás (@thedudolf)

    اس تصویر کو ہزاروں افراد نے لائیک کیا جبکہ متعدد نے سیب ڈھونڈنے کی کوشش بھی کی۔

    کچھ فالوورز نے لکھا کہ بالآخر وہ سیب ڈھونڈنے میں کامیاب رہے اور اس چکر میں ان کی آنکھیں دکھنے لگیں۔

    کیا آپ نے تینوں سیب تلاش کرلیے؟

  • آمنہ الیاس کی انسٹاگرام ویڈیو پر صارفین کی تنقید

    آمنہ الیاس کی انسٹاگرام ویڈیو پر صارفین کی تنقید

    آمنہ الیاس کی کک سیب اور سر میں فرق نہ کر سکی، ایک شخص کے سر پر سیب رکھ کر کک سے نشانہ بنانے کی کوشش میں ان کی کک سیدھی کھوپڑی پر لگ گئی۔

    ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس کو ایک شخص کے سر پر سیب رکھ کر اسے کک سے نشانہ بنانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے، آمنہ نے اس واقعے کی ویڈیو دو دن قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

    اگرچہ آمنہ الیاس نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ یہ ویڈیو بناتے ہوئے مذکورہ شخص کو چوٹ نہیں پہنچائی گئی، تاہم ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آمنہ کی کک سیدھی اس شخص کی کن پٹی پر لگتی ہے، جس سے وہ ایک طرف گر جاتا ہے۔

    انسٹاگرام پر اس ویڈیو کو لاکھوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے اور اس پر درجنوں افراد نے کمنٹس کیے ہیں، ویڈیو پر کمنٹس کرنے والے افراد میں شوبز شخصیات بھی شامل ہیں، جنھوں نے اداکارہ کے عمل کی حوصلہ شکنی کرنے کی بجائے ان کے عمل پر خوشی کا اظہار کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Amna Ilyas (illy) (@aamnailyas)

    تاہم بعض شخصیات نے ویڈیو کو خوف ناک بھی قرار دیا اور کہا کہ ویڈیو سے تشدد کی جھلک دکھائی دیتی ہے، بعض صارفین نے ان کی حوصلہ افزائی کرنے والی شوبز شخصیات پر بھی برہمی کا اظہار کیا، آمنہ الیاس کی اس ویڈیو پر مسکرانے والی شوبز شخصیات میں اداکارہ منال خان، ایمن خان اور سید صائم علی شامل تھے۔

    لوگوں نے کہا جس مرد کے سر پر ’فروٹ‘ رکھ کر اداکارہ پاؤں سے نشانہ لگا رہی ہیں، اس شخص کی جگہ ان اداکارہ کو ہونا چاہیے تھا، ایک صارف نے اسے شرم ناک قرار دیا، اور اکثر نے لکھا کہ اب اس شخص کو بھی موقع دیا جانا چاہیے اسی طرح کک مارنے کا۔

  • جب سیب آرڈر کرنے والے شہری کو آئی فون موصول ہوا

    جب سیب آرڈر کرنے والے شہری کو آئی فون موصول ہوا

    ویسے تو اکثر اوقات آن لائن آئی فون خریدنے والے افراد کو دھوکا ہوجاتا ہے اور آئی فون کی جگہ انہیں کچھ اور موصول ہوجاتا ہے، لیکن ایک برطانوی شہری کو سیب آرڈر کرنے پر ایپل کا آئی فون مل گیا۔

    انگلینڈ کے رہائشی 50 سالہ نک جیمز نے سپر مارکیٹ ٹیسکو سے سیب آرڈر کیے تھے، جب وہ انہیں وصول کرنے گیا تو عملے نے اسے آگاہ کیا کہ اس کے تھیلے میں ایک سرپرائز ہے۔

    جیمز یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اسے تحفے کے طور پر ایک آئی فون دیا گیا ہے۔ تحفہ پا کر جیمز نے ٹیسکو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس کا بیٹا اس فون کو دیکھ کر نہایت خوش ہے۔

    اس کا کہنا ہے کہ سرپرائز کا سن کر مجھے لگا کہ یہ کوئی ایسٹر ایگز قسم کا تحفہ ہوگا لیکن یہ تحفہ میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔

    یہ تحفہ دراصل ٹیسکو کی پروموشن اسکیم کا حصہ تھا، ٹیسکو اپنے گاہکوں کو شاپنگ کرنے پر آئی فون، ایئر پوڈز اور سام سنگ کی ڈیوائسز تحفے میں دے رہی ہے۔

    اس کے لیے وہ شاپنگ کرنے والے کسی بھی گاہک کا انتخاب کرتے ہیں اور اسے تحفہ دیتے ہیں، ٹیسکو کی یہ اسکیم ایک ہفتے کے لیے ہے۔

  • سیب سے وزن کیسے کم کیا جا سکتا ہے؟ ماہر ڈاکٹر نے بتا دیا

    سیب سے وزن کیسے کم کیا جا سکتا ہے؟ ماہر ڈاکٹر نے بتا دیا

    سیب کو طاقت اور قوت کا خزانہ کہا جاتا ہے، اور یہ بات بہت عام ہے کہ دن میں ایک سیب کھانے سے آپ ڈاکٹر سے دور رہ سکتے ہیں، لیکن اب ایک ماہر خاتون ڈاکٹر نے سیب سے وزن کم کرنے کا طریقہ بھی بتا دیا ہے۔

    جیسا کہ آپ جانتے ہوں گے کہ سیب سب سے زیادہ وسیع پیمانے پر درخت پر کاشت ہونے والا پھل ہے، اس کا درخت مغربی ایشیا میں شروع ہوا، اور اب دنیا پھر میں بہ کثرت پایا جاتا ہے، اور یہ دل سمیت کئی امراض سے بچاؤ کے لیے بے حد مفید ہے، تاہم اس کی مدد سے آپ وزن بھی کم کر سکتے ہیں۔

    سیب ہر جگہ آسانی سے دستیاب ہوتا ہے، بہت زیادہ مہنگا بھی نہیں ہوتا، کچھ لوگ صرف درآمد شدہ سیب ہی کھاتے ہیں، لیکن اب وہ بھی زیادہ مہنگے نہیں رہے، نیوزی لینڈ سے جو سیب آئے ہیں ان دنوں وہ بھی سستے ہیں، سیب اپنی قدرتی صلاحیتوں کے باعث پاور ہاؤس کہلائے جانے کا حق دار پھل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ام راحیل نے سیب سے وزن کم کرنے کا اہم فارمولا بھی بتا دیا ہے۔

    دو سیب کھانے سے وزن کم

    کچھ لوگ جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں وہ سیب ہی پر انحصار کرتے ہیں، اس سلسلے میں ڈاکٹر ام راحیل کہتی ہیں کہ سیب کے اندر چکنائی کے اجزا بے حد کم ہیں، جب کہ فائبر (ریشے) اور پوٹاشیم بہت زیادہ مقدار میں موجود ہیں، اگر آپ کو وزن کم کرنے کے لیے سیب کا استعمال کرنا ہے تو نہار منہ 2 سیب کھائیں، اس کے بعد لنچ ہلکا پھلکا لیں اور اس کے ایک گھنٹے بعد بھی سیب کھا سکتے ہیں لیکن ناشتے میں صرف سیب ہی کھائیں۔

    اگر صحیح ڈائٹ پلان بنانا ہے تو چیا سیب رات کو دودھ میں بھگو کر رکھیں، صبح اس میں سیب اور کیلے ڈال کر صرف یہی ناشتے کے طور پر استعمال کریں، اس سے آپ پورا دن تر و تازہ رہیں گے، آپ کا وزن بھی نہیں بڑھے گا اور جسم کی چربی کم ہوتی جائے گی۔ آپ جو کچھ کھاتے ہیں اس میں سے جو چکنائی خلیات میں جا کر جمع ہوتی ہے، اس سے یہ بھی رک جائے گا۔

    کھانے کا درست طریقہ

    عام طور سے یہ کہا جاتا ہے کہ صبح سویرے خالی معدہ سیب کھانا چاہیے، جب ہم رات دیر کھانا کھا کر سوتے ہیں یا رات کو دیر سے سونے کی عادت ڈالی ہوئی ہے تو صبح جب ہم اٹھتے ہیں تو خود کو بہت زیادہ تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں، بہت سے لوگوں کو ایسے میں صبح اٹھ کر بے آرامی محسوس ہوتی ہے، اور اس سے ہاضمے کے نظام پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    لہٰذا اگر آپ صبح اٹھ کر سب سے پہلے ایک سیب کھاتے ہیں تو اس سے آپ کو پورے دن کے لیے توانائی مل جاتی ہے کیوں کہ سیب توانائی سے بھرپور پھل ہے، اس سے تیزابیت بھی کم ہو جاتی ہے، لیکن یہاں پر شرط یہ ہے کہ کھانے سے قبل سیب کو نیم گرم پانی سے دھونا ضروری ہے، تاکہ اس پر اگر ویکس پالش ہوئی ہے تو وہ اتر جائے۔

    دوسری اہم بات یہ کہ سیب چھلکے کے ساتھ کھانا چاہیے کیوں کہ اس کے چھلکے میں بہت زیادہ غذائیت ہوتی ہے، جو لوگ جسمانی طور پر کمزور ہیں، جو ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اور خصوصاً وہ لوگ جو وزن کم کرنا چاہ رہے ہیں، وہ صبح کے وقت 2 سیب کھائیں، ان سے انھیں بہت فائدہ ملے گا، انھیں نہ صرف اچھی غذا مل جائے گی بلکہ ان کا دن بھی اچھا گزرے گا۔

    سیب کے استعمال کے طریقے

    عام طور سے لوگ کہتے ہیں کہ سیب پسند نہیں، اس کے چھلکے پسند نہیں۔ تو اس کا حل یہ ہے کہ سیب کو مختلف طریقوں کے ساتھ کھایا جائے، جیسا کہ سیب سے کئی چیزیں بنائی جا سکتی ہیں، اس سے پین کیک بنا سکتے ہیں، کیرامل کر سکتے ہیں، اوٹس کے ساتھ ملا کر کھا سکتے ہیں، جب کہ ذیابیطس کے مریضوں کو سیب کا شیک بہت زیادہ مفید ہوتا ہے، سلاد میں بھی استعمال ہو سکتا ہے، جام، مربہ اور جیلی بھی بنا سکتے ہیں، اور کچے سیبوں کا سالن بھی تیار ہو سکتا ہے۔

  • 140 لیٹر پانی سے تیار ہونے والا کافی کا ایک کپ

    140 لیٹر پانی سے تیار ہونے والا کافی کا ایک کپ

    کیا آپ روزانہ صبح اٹھ کر کافی پیتے ہیں؟ تو کیا آپ جانتے ہیں آپ کی ایک کپ کافی میں کتنا پانی شامل ہوتا ہے؟ شاید آپ کہیں کہ ایک کپ، لیکن درحقیقت آپ کی ایک کپ کافی میں 140 لیٹر پانی شامل ہوتا ہے۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے مطابق ایک کپ کافی میں استعمال ہونے والے بیجوں کو اگانے، تیار کرنے اور منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے 140 لیٹر پانی استعمال ہوتا ہے۔

    درحقیقت زراعت پانی استعمال کرنے والا سب سے بڑا شعبہ ہے۔ زمین پر موجود صاف پانی کا 70 فیصد حصہ زراعت میں استعمال کیا جاتا ہے۔ گویا آپ کے سامنے رکھی کھانے پینے کی کوئی بھی شے کئی سو لیٹر پانی سے اگائی گئی۔

    جب ہم کوئی کھانے پینے کی شے پھینکتے یا ضائع کرتے ہیں تو اس کئی سو لیٹر پانی کو بھی ضائع کرتے ہیں جو کسی بھی طرح ایک احسن عمل نہیں ہے۔

    صرف کافی ہی نہیں ہر خوردنی شے بے تحاشہ پانی کے استعمال کے بعد اس حالت میں ہمارے سامنے ہوتی ہے کہ اسے کھایا جاسکے۔ جیسے گائے کا ایک کلو گوشت 15 ہزار 415 لیٹر پانی کے استعمال کے بعد حاصل ہوتا ہے۔

    اسی طرح ایک سیب 70 لیٹر پانی کے استعمال کے بعد تیار ہوتا ہے۔

    پانی کا اس قدر استعمال کرنے میں زراعت واحد شعبہ نہیں، فیشن انڈسٹری بھی کچھ اسی طرح پانی استعمال کرتی ہے۔

    فیشن کی صنعت ایک سال میں اتنا پانی استعمال کرتی ہے کہ اس سے اولمپک سائز کے 3 کروڑ 20 لاکھ سوئمنگ پولز بھرے جا سکتے ہیں۔

    آپ کے روزمرہ استعمال کی ایک سادی ٹی شرٹ بنانے میں 2 ہزار 720 لیٹر جبکہ ایک جینز بنانے میں 10 ہزار لیٹر پانی استعمال ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق پانی بچانے اور ماحول دوست بننے کے لیے ضروری ہے کہ مختلف اشیا کو کم سے کم خریدا جائے اور پھینکنے کے بجائے کسی اور طرح استعمال کیا جائے۔

  • ان 5 غذاؤں کو ملا کر کھانا حیرت انگیز فوائد کا سبب

    ان 5 غذاؤں کو ملا کر کھانا حیرت انگیز فوائد کا سبب

    دنیا میں موجود ویسے تو تمام غذائی اشیا اپنے اندر بے پناہ فوائد رکھتی ہیں اور صرف کسی مخصوص حالت میں ہی نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں، لیکن کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں اگر کسی اور غذا کے ساتھ ملا کر کھایا جائے تو ان کے فوائد دگنے ہوجاتے ہیں۔

    ہوسکتا ہے مختلف اشیا کی یہ آمیزش آپ کے لیے نہایت حیرت انگیز ہو لیکن ان کے فوائد آپ کو دنگ کردیں گے۔

    یہ غذائی اشیا انفرادی طور پر بھی اپنے اندر بے پناہ فوائد و غذائیت رکھتی ہیں لیکن انہیں ملا کر کھانے سے ان کی خاصیت و فوائد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    آئیں دیکھتے ہی وہ کون سی غذائیں ہیں۔

    سیب اور چاکلیٹ

    1

    آپ نے اس سے قبل کبھی چاکلیٹ اور سیب کو ایک ساتھ کھانے کے بارے میں نہیں سنا ہوگا۔ چاکلیٹ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ، اور سیب میں موجود کیچن نامی مادہ دونوں مل کر دماغی کارکردگی میں بے پناہ اضافہ کرسکتے ہیں۔

    یہ دونوں مرکبات دل اور خون کی شریانوں کے لیے بھی مفید ہے اور ان سے کینسر کے امکان میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔

    دلیہ اور اورنج جوس

    2

    دلیہ اور اورنج جوس میں موجود مرکب فینول نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے اور جسم سے زہریلے اور مضر اجزا کو خارج کر کے جسم کی صفائی کرتا ہے۔

    سبزیاں اور دہی

    3

    قدرتی دہی کیلشیئم سے بھرپور ہوتا ہے اور یہ معدے اور آنت کے افعال کو بہتر کرتا ہے۔

    سبزیوں خصوصاً گاجر میں موجود ریشہ کیلشیئم کو جذب کرنے اور اسے جسم کے لیے مزید فائدہ مند بنانے میں مدد دیتا ہے۔

    سبز چائے اور لیموں

    4

    سردیوں میں سبز چائے میں لیموں ڈال کر پینا جسم میں نمی اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔

    سبز چائے قوت مدافعت کے لیے بہترین ہوتی ہے اور اس میں وٹامن سی یعنی لیموں کی آمیزش اس کے خواص کو بڑھا دیتی ہے۔

    ٹماٹر اور زیتون کا تیل

    5

    کیا آپ جانتے ہیں اٹلی کے باشندوں میں امراض قلب کی شرح نہایت کم ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ٹماٹر اور زیتون کے تیل کو ملا کر استعمال کرتے ہیں۔

    ٹماٹر میں موجود لائیکو پین دل اور خون کی شریانوں کے افعال میں بہتری لاتا ہے۔ یہ مادہ خاص طور پر شریانوں کو تنگ اور بوسیدہ ہونے سے محفوظ رکھتا ہے جس سے جسم میں خون کی روانی بہتر رہتی ہے۔

    لائیکو پین کو اگر فائدہ مند چکنائی جیسے زیتون کے تیل کے ساتھ استعمال کیا جائے تو اس کی خاصیت بڑھ جاتی ہے۔

  • سیب جوانی برقرار رکھنے والا پھل، تحقیق

    سیب جوانی برقرار رکھنے والا پھل، تحقیق

    نیویارک: امریکا کے طبی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ ایک سیب اور چند اسٹرابیری کھانے والا شخص عمر رسیدہ ہونے کے باوجود بوڑھا نہیں ہوتا۔

    ویسے تو ایک معقولہ مشہور ہے کہ ’روزانہ ایک سیب کھانے والے افراد ڈاکٹرز سے دور رہتے ہیں‘ کیونکہ اس پھل میں موجود قدرتی وٹامنز اور پروٹین انسان کو صحت مند رکھتے ہیں۔

    یونیورسٹی آف منی سوٹا کے ماہرین نے سیب کھانے کے حوالے سے تحقیق کی جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بعض پھل بالخصوص سیب اور اسٹرابیری میں سینولائٹکس نامی کیمیکل پایا جاتا ہے جو بڑھاپے کو روکنے میں بہت معاون ہے۔

    مزید پڑھیں: بڑھاپے میں یادداشت کی خرابی سے بچنا بے حد آسان

    تحقیق کے دوران فِسٹائن کیمیکل کا چوہوں پر تجربہ کیا گیا جس کے بعد نہ صرف اُن کی صحت بہتر ہوئی بلکہ عمر بھی بڑھی۔

    تحقیقاتی ماہرین کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دونوں پھلوں میں موجود قدرتی کیمیکل انسان کے خلیات کو مضبوط بناتا ہے اور بڑھتی عمر کے ساتھ بننے والے سیلز سینیسنٹ کو تباہ کردیتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دن کے کسی بھی حصے میں روزانہ ایک سیب اور چند اسٹرابیریز کھانے سے انسان کی جسمانی صحت برقرار رہتی ہے جس کا سب سے بڑا فائدہ اُسے بڑھتی عمر کے باوجود جوانی کے احساس سے ملتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بڑھاپے تک ارب پتی بنانے والی عادات

    تحقیقاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ادھیڑ عمری کے بعد انسانی جسم میں بننے والے خلیات تقسیم نہیں ہوپاتے جس کی وجہ سے انسان کا دفاعی نظام (قوت مدافعت) کمزور ہوجاتا ہے اور پھر انسان پر بڑھاپے کے اثرات نمودار ہوتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق سینولائٹکس کیمیکل کی بہت سی اقسام ہیں جن میں سے ایک مشہور فِسٹائن ہے، یہ قسم پھلوں کے علاوہ سبزیوں جیسے پیاز اور کھیرے میں بھی پائی جاتی ہے۔

  • غذا کے کھانے کا صحیح وقت

    غذا کے کھانے کا صحیح وقت

    ہماری روزمرہ میں استعمال ہونے والی تمام غذائی اشیا اپنے اندر علیحدہ افادیت رکھتی ہیں۔ اگر انہیں مناسب مقدار اور وقت پر کھایا جائے تو یہ ہمارے جسم کے لیے فائدہ مند بن جاتی ہیں۔

    یہ نقصان صرف اس صورت میں دیتی ہیں جب انہیں زیادہ مقدار میں کھایا جائے یا کسی ایسی بیماری کے دوران کھایا جائے جب یہ اس بیماری کو بڑھاوا دیں۔

    اسی طرح ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر چیز کے کھانے کا ایک مقررہ وقت ہے۔ اگر اس مناسب وقت پر اس شے کو کھایا جائے تو نہ صرف یہ آسانی سے ہضم ہوجاتی ہیں بلکہ یہ جسم کو فائدہ بھی پہنچاتی ہے۔

    آئیں دیکھتے ہیں ہماری غذا میں شامل اجزا کے کھانے کا مناسب وقت کون سا ہے۔


    :چاکلیٹ

    11

    چاکلیٹ کے کچھ ٹکڑے ناشتہ کے وقت کھانا جسم میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار میں اضافہ کرتے ہیں جو بڑھاپے کے عمل کو سست کرتے ہیں۔ چاکلیٹ امراض قلب کے لیے بھی مفید ہے۔

    لیکن اس کی زیادہ مقدار سے جسم میں چربی ذخیرہ ہونا شروع ہوجائے گی جو موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر سمیت کئی بیماریوں کا سبب بنے گی۔


    دودھ

    نیم گرم دودھ جسم اور دماغ کے خلیات کو پرسکون کر کے اچھی نیند لانے میں معاون ثابت ہوتا ہے لہٰذا اسے رات میں سونے سے قبل پینا چاہیئے۔

    اس کے برعکس دن میں دودھ پینا نظام ہاضمہ پر بوجھ بن سکتا ہے اور آپ کے دن بھر کے کھانے کا معمول خراب ہوسکتا ہے۔


    دہی

    دہی کو کھانے کا بہترین وقت دن میں ہے۔ یہ ہاضمے کے نظام کو بہتر کرتا ہے۔

    لیکن رات کے وقت دہی کھانا نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر اگر آپ گلے کی خرابی یا کھانسی کا شکار ہیں تو ایسی صورت میں رات میں دہی کھانے سے گریز کریں۔


    :پنیر

    4

    کم چکنائی والا پنیر ان افراد کے لیے بہترین ہے جو اپنا وزن بڑھانا چاہتے ہیں۔ لیکن اس کے کھانے کا صحیح وقت صبح ناشتہ کا ہے۔ رات میں پنیر کھانا ہاضمہ کے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔


    :گوشت

    9

    گوشت کو دوپہر کے کھانے میں کھانا چاہیئے۔ یہ ہضم ہونے میں تقریباً 5 گھنٹے لیتا ہے اور اگر اسے رات کے کھانے میں کھایا جائے تو یہ نظام ہاضمہ پر بوجھ بن سکتا ہے۔

    گوشت آئرن حاصل کرنے ک بہترین ذریعہ ہے اور یہ جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔


    دالیں

    دالوں میں ریشہ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور یہ نظام ہاضمہ میں بہتری اور کولیسٹرول میں کمی کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اسی طرح دالیں بہتر نیند لانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

    دالوں کی ان خصوصیات کو دیکھتے ہوئے انہیں شام یا رات میں کھانا چاہیئے۔ صبح ناشتے کے وقت یا دن کے درمیان دالوں سے بنی ڈش جلدی ہضم ہو کر بے وقت بھوک پیدا کرسکتی ہے۔


    :چاول

    2

    اکثر افراد رات کے کھانے میں چاول کھاتے ہیں جو ان میں موٹاپے کا سبب بنتا ہے۔ چاول کھانے کا بہترین وقت دوپہر میں ہے۔


     :آلو

    6

    آلو سے بنی اشیا کا ناشتہ میں استعمال آپ کے جسم کو توانائی فراہم کرے گا۔ البتہ رات کے کھانے میں آلو کے استعمال سے گریز کرنا چاہیئے۔


    :ٹماٹر

    7

    ناشتہ میں ایک ٹماٹر کھانا نظام ہاضمہ کے مسائل کو ختم کرسکتا ہے۔ لیکن خیال رہے اس کی زیادہ مقدار گردوں میں پتھری اور جسم کو سوجن میں مبتلا کرسکتی ہے۔


    :چینی

    1

    چینی سے بنی اشیا کا استعمال کیلوریز میں اضافہ کا سبب بنتا ہے لہٰذا بہتر ہے کہ میٹھی چیزوں کو شام سے پہلے کھا لیا جائے تاکہ دن بھر چلنے پھرنے کے دوران یہ ہضم ہوجائے۔ رات کے وقت چینی سے بنی اشیا کھانا آپ کے وزن میں اضافہ کر سکتی ہیں۔


    :خشک میوہ جات

    10

    دن بھر میں خشک میوہ جات کا استعمال آپ کو بے وقت کھانے سے بچائے گا یوں آپ کے وزن میں اضافہ نہیں ہوگا۔ لیکن خیال رہے کہ خشک میوہ جات جیسے بادام، پستہ، اخروٹ وغیرہ بھرپور غذائیت کے حامل ہوتے ہیں لہٰذا انہیں رات میں کھانے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔


    :نارنگی

    8

    نارنگی کو دن میں کسی بھی وقت کھایا جاسکتا ہے لیکن اسے صبح ناشتہ میں خصوصاً خالی پیٹ کھانے سے گریز کریں۔ صبح نہار منہ نارنگی کھانے سے جسم میں الرجی پیدا ہوسکتی ہے۔


    :کیلا

    5

    کیلا ایک ریشہ دار غذا ہے۔ ناشتہ میں یا دن کے کسی بھی حصہ میں کیلا کھانا آپ کے ہاضمہ کے عمل کو تیز کرسکتا ہے۔ البتہ شام یا رات میں کیلا کھانا نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔


    :سیب

    3

    روزانہ ایک سیب کھانا ویسے تو آپ کو ڈاکٹر سے محفوظ رکھ سکتا ہے لیکن خیال رہے یہ سیب صبح ناشتہ میں کھایا جائے۔ رات میں سیب کھانا آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانے پر مجبور کرسکتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔