Tag: سیدو شریف ایئرپورٹ

  • سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ایک سال سے معطل، کروڑوں‌ کا مالی نقصان

    سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ایک سال سے معطل، کروڑوں‌ کا مالی نقصان

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث گزشتہ ایک سال سے سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ پر ایک سال سے فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے سی اے اے کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے سوات کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کے لیے غیر سنجیدگی اور عدم دل چسپی کا مظاہرہ کیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی سیاحت کے فروغ کی پالیسی کے تحت سوات ایئر پورٹ کو 17 سال بعد 2021 میں فضائی آپریشن بحال کیا گیا تھا۔

    پہلی پرواز 26 مارچ 2021 کو سیاحوں کو لے کر سیدو شریف پہنچی تھی، تاہم پی آئی اے نے اسلام آباد سے سیدوشریف کے لیے پروازیں کچھ عرصے جاری رکھنے کے بعد فلائٹ آپریشن بند کر دیا۔

    پی آئی اے کے سی ای او کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن نے سیدو شریف کا آپریشن مسافروں کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے بند کیا ہے، نقصان ہونے کی وجہ سے آپریشن مزید چلانا پی آئی اے کے لیے نا ممکن ہوگیا تھا، جس پر گزشتہ سال فلائٹ آپریشن بند کرنا پڑا۔

    ذرائع کے مطابق سی اے اے نے پی آئی اے سمیت دیگر نجی ایئر لائنوں کو سوات ایئرپورٹ کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کے لیے کوئی احکامات بھی نہیں دیے۔

    واضح رہے کہ سی اے اے کے قوانین کے مطابق قومی ایئر لائن سمیت نجی ایئر لائنوں کو بھی شمالی علاقہ جات کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنا لازمی ہے۔

  • دہشتگردی کیخلاف جنگ سے سیاحت تک کا سفر،17سال بعد سیدو شریف ایئرپورٹ دوبارہ بحال

    دہشتگردی کیخلاف جنگ سے سیاحت تک کا سفر،17سال بعد سیدو شریف ایئرپورٹ دوبارہ بحال

    سوا ت: 17سال بعد سوات کے سیدو شریف ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہوگیا ، پہلی پرواز سیاحوں کو لیکر سوات پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جنت نظیر وادی سوات جانیوالے سیاحوں کیلئے طویل انتطار کے بعد بڑی خوشخبری آگئی ، سیدو شریف ائیرپورٹ سترہ سال بعد پروازوں کے لیے کھول دیا گیا۔

    اسلام آبادایئرپورٹ سے پہلی پرواز پی کے 650 کے ذریعے 47مسافرروانہ ہوئے ، ایئرپورٹ سے وزیرہوابازی غلام سرور نے مسافروں کوروانہ کیا۔

    پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد سے سوات کے سیدوشریف ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی، وزیراعلیٰ محمودخان ، وفاقی وزراغلام سرور، مرادسعید بھی پرواز سے سوات پہنچے۔

    جس کے بعد شجرکاری مہم کےتحت وزیراعلیٰ کےپی محمودخان نے سیدوشریف ایئرپورٹ پر پودا لگایا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فلائٹ آپریشن کے حوالے سے رن وے کی بحالی، آپریشنل اسٹاف کی تعیناتی سمیت دیگر انتظامات مکمل کئے۔

    وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت کے وژن کومدنظررکھتے ہوئے پی آئی اے کی پروازیں ہفتے میں دو دن جمعہ اورسوموار کو سیدوشریف کیلئے روانہ ہوں گی۔

    اسکردو، گلگت اور چترال کے بعد یہ چوتھا سیاحتی مقام ہے، جس کیلئے قومی ائیرلائن کااپنا فضائی آپریشن کیا۔

    خیال رہے سال 2014 میں دہشت گردی کے باعث سیدوشریف ایئرپورٹ کو بند کیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے 17 سال بعد سیدو شریف کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کیلئے تیار

    پی آئی اے 17 سال بعد سیدو شریف کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کیلئے تیار

    اسلام آباد : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے ) 17 سال بعد سیدو شریف کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کیلئے تیار ہے، پہلی پرواز جمعہ کی صبح لاہور براستہ اسلام اباد روانہ ہوگی ۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے سیدوشریف کیلئے فلائٹ آپریشن 26 مارچ کو شروع کیا جائے گا، ابتدائی تحفظات کو دور کرکے اب پہلی پرواز جمعہ کی صبح لاہور براستہ اسلام اباد روانہ ہوگی۔

    پرواز لاہور سے صبح 8 بجے اور اسلام آباد سے 9 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی جبکہ واپسی کی پرواز سیدو شریف سے شام 5 بجے روانہ ہوگی۔

    پی آئی اے کی پروازیں سیاحت کے فروغ کیلئے ہفتے میں دو دن بروز جمعہ اور سوموار چلائے گی ، اسکردو، گلگت اور چترال کے بعد یہ چوتھا سیاحتی مقام ہے، جس کیلئے قومی ائیرلائن اپنا فضائی آپریشن چلائے گی۔

    دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں اور ڈی جی سی اے اے کی ہدایت پرعملہ تعینات کردیا گیا ہے۔

    سیدو شریف ایئرپورٹ پر آپریشنل ٹیم بھی تعینات کردی گئی ہے اور مختلف افسران و عملے کے سیدو شریف ایئر پورٹ پر ٹرانسفر کردیئے گیے ہیں۔

    کنٹرول ٹاور کو آپریشنل کرنے کے ساتھ ساتھ اے ٹی سی بھی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ سیدو شریف ایئرپورٹ پر فائربریگیڈ، ایمبولینس اوردیگرضروری عملے کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹ سروسز آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

    سی اے اے کے مطابق سیدو شریف ایئرپورٹ کے رن وے کو پہلے ہی قابل استعمال بنا دیا گیا ہے، ایئرپورٹ پر تمام ایس او پیز کو مکمل طور پرعملدرآمد کیا جارہا ہے۔

  • پی آئی اے  کوعارضی طورپر سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کی اجازت

    پی آئی اے کوعارضی طورپر سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کی اجازت

    اسلام آباد : قومی ائیر لائن ( پی آئی اے ) کوعارضی طورپرسیدوشریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کی اجازت دے دی گئی، سیدوشریف ایئرپورٹ پراے ٹی آر طیارے کی لینڈنگ کی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیدوشریف ایئرپورٹ کھولنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹ کو آپریشنل کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو مراسلہ جاری کردیا ہے ، ایڈیشنل ڈائریکٹرایئرپورٹ سروس نےمراسلہ جاری کیا۔

    جس میں پی آئی اےکوعارضی طورپرسیدوشریف ایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن کی اجازت دے دی گئی ، سی اے اےحکام نے کہا سیدوشریف ایئرپورٹ2014سےآپریشنل نہیں تھا تاہم پی آئی اے کی درخواست پرایئرپورٹ پر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

    فضائی آپریشن سےمتعلق ایئرٹریفک کنٹرولر،اے ایس ایف ودیگرکوآگاہ کردیاگیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ سیدوشریف ایئرپورٹ پراے ٹی آر طیارے کی لینڈنگ کی جاسکتی ہے۔

    سی اے اے کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پرترقیاتی کاموں میں سول ایوی ایشن نے خطیر رقم خرچ کی ہے، جس میں ایئرپورٹ رن وے،گاڑیوں کی پارکنگ و تزئین و آرئش کی گئی ہے۔

  • سوات ایئر پورٹ پر ٹیسٹ فلائٹ کے لیے جلد انتظامات کی ہدایت

    سوات ایئر پورٹ پر ٹیسٹ فلائٹ کے لیے جلد انتظامات کی ہدایت

    پشاور: سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کے تحت برسوں سے بند پڑے سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کو دوبارہ سے آپریشنل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کا سیدو شریف کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن رواں ماہ کے آخری ہفتے میں سیدو شریف ایئر پورٹ پر اے ٹی آر طیارے کی ٹیسٹ فلائٹ کرے گی۔

    پی آئی اے کے شعبہ ٹریفک کے عملے کو تیاری کی ہدایت کر دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ فلائٹ کے لیے سیدو شریف ایئر پورٹ پر انتظامات کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ سیدو شریف ایئر پورٹ طویل عرصے سے غیر فعال ہے، امن و امان کی صورت حال کے باعث اسے 2004 میں بند کیا گیا تھا، ایئر پورٹ پر ترقیاتی کام کیا جا رہا تھا جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ایئر پورٹ کو طیاروں کی آمد و روانگی کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    سی اے اے کے مطابق سیدو شریف ایئر پورٹ کا رن وے مکمل طور پر تیار ہو چکا ہے، آپریشن شروع کرنے کے لیے پی آئی اے کو ایک ہفتے کے نوٹس پر دیگر سہولیات بھی فراہم کر دی جائیں گی۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر ایئر بس 320 طیاروں کی لینڈنگ کے لیے منصوبہ بندی شروع ہو چکی ہے، اور اس پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔

  • پشاور ایئرپورٹ پر تربیتی طیارے کو حادثہ، سیدو شریف ایئرپورٹ کی آرائش جاری

    پشاور ایئرپورٹ پر تربیتی طیارے کو حادثہ، سیدو شریف ایئرپورٹ کی آرائش جاری

    پشاور: خیبر پختون خوا کے پشاور ایئر پورٹ پر تربیتی طیارہ کچے میں اترنے سے بال بال بچ گیا، سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کی تزئین آرائش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے پشاور پہنچنے والا نجی فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے بعد ٹیکسی وے پر تھا کہ اچانک الٹے سائیڈ کا ٹائر پنکچر ہونے سے بیٹھ گیا، تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریک لگا دیے اور طیارے کو کچے میں اترنے سے بچا لیا۔

    ایئر پورٹ ذرایع کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، اور اس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا، حادثے کے باعث پشاور ائیر پورٹ کا ٹیکسی وے 2 گھنٹے تک بند رہا، تاہم حادثے کے باعث فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ہنگامی بنیادوں پر طیارے کو ٹگ ماسٹر کے ذریعے ٹیکسی وے سے ہٹا کر سائیڈ پر کھڑا کر دیا، بعد ازاں نجی فلائنگ کمپنی نے فوری طور پر اسلام آباد سے نیا ٹائر منگوا کر تبدیل کر دیا۔

    نجی فلائنگ کمپنی کے تربیتی طیارے کا ٹائر تبدیل کیا جا رہا ہے

    ادھر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ سوات کے سیدو شریف ائیر پورٹ کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، سیاحت کے مقصد کے لیے اسے جلد فعال بنا دیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی نے سیدو شریف ائیر پورٹ سے متعلق وزیر اعلیٰ کے پی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ائیر پورٹ کا انفرا اسٹرکچر، رن وے اور ٹیکسی وے مکمل کیا جا چکا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ائیر پورٹ کو طیاروں کی آمد و روانگی کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    وزیراعظم کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، محمود خان

    وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے سلسلے میں وزیر اعظم کی سیاحت کے وژن کے عین مطابق اقدامات کیے گئے ہیں، سیدو شریف، سوات اور دیگر سیاحتی مراکز ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے توجہ کا مرکز ہیں، سوات ائیر پورٹ کو بیرون ملک پروازوں کے لیے بھی کھولا جائے گا تاکہ سیاحت کو فروغ ملے، سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ زر مبادلہ میں بھی اضافہ ہو۔

    انھوں نے کہا تھا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لائنز بھی اپنا آپریشن فوری طور پر شروع کر دیں، ہم وزیر اعظم سے بھی درخواست کریں گے کہ سوات ائیرپورٹ پر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے ساتھ انٹرنیشنل پروازیں بھی جلد شروع کی جائیں۔

    دریں اثنا، وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا ہے کہ حکومت مقامی روٹس کے لیے ہوائی جہاز کے ٹکٹس کو کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔