Tag: سید جبران

  • سید جبران نے ’عداوت‘ سے متعلق کیا کہا؟

    سید جبران نے ’عداوت‘ سے متعلق کیا کہا؟

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سید جبران نے ڈرامہ سیریل ’عداوت‘ سے متعلق اپنی رائے ظاہر کردی۔

    ڈرامہ سیریل ’عداوت‘ میں سید جبران (اسجد)، شازیل شوکت (ماریہ)، فاطمہ آفندی (اریبہ، منفی کردار)، سعد قریشی (ریحان)، دانیہ انور (بے بی، منفی کردار)، نوید رضا (انکسار)، راحت غنی (عنبر)، سچل افضل (فہد) ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

    عداوت کی ہدایت کاری کے فرائض سید جاری خوشنود نقوی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ریحانہ آفتاب نے لکھی ہے۔

    ڈرامے کی کہانی سعد قریشی، فاطمہ آفندی، سید جبران، شازیل شوکت کے گرد گھومتی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح اریبہ، ماریہ سے بدلہ لیتی ہیں اور بے بی بھائی اسجد کی شادی کزن عنبر سے نہیں ہونے دیتیں۔

    سید جبران نے کہا کہ عداوت کی کہانی خاندان پر مبنی ہے، میں یہ نہیں کہوں گا کہ اس ڈرامے میں کچھ نیا ہے جو لوگوں نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا لیکن اس ڈرامے میں گھریلو مسائل کو مختلف انداز میں دکھایا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گھریلو مسائل بھی وہی ہوتے ہیں غلط فہمی، حسد ہوگیا لیکن ان معاملات کو حل کس طرح کیا جاتا ہے، عداوت میں بھی یہی دکھایا گیا ہے۔

     سید جبران نے کہا کہ امید ہے کہ مداح ڈرامے کو پسند کررہے ہوں گے۔

  • سجل علی نے سید جبران کو تھپڑ کیوں مارا؟

    سجل علی نے سید جبران کو تھپڑ کیوں مارا؟

    معروف اداکار سید جبران نے اس وقت کے بارے میں بتایا جب انہوں نے سجل علی کے ہاتھ سے تھپڑ کھایا تھا، جبران کا کہنا تھا کہ سجل کا تھپڑ کھا کر وہ ہل گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اداکار سید جبران نے ایک ویب شو میں ایک ڈرامے کا دلچسپ قصہ سنایا جس میں ان کے ہمراہ سجل علی نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

    اداکار نے بتایا کہ ایک سین تھا جس میں سجل کو انہیں تھپڑ مارنا تھا، ہدایت کار یاسر نواز نے کہا کہ چلو اب شاٹ کے لیے تیار ہوجاؤ۔

    اداکار نے بتایا کہ میں جیسے ہی مڑا سجل نے مجھے زوردار تھپڑ مار دیا، وہ تھپڑ ایسا تھا جس نے مجھے پورا ہلا دیا، سیٹ پر بیٹھے یاسر نواز قہقہہ لگا کر ہنس پڑے، انہوں نے مجھے بلایا اور کہا لو دیکھو یہ سین، میں یہ کیسے لگاؤں کہ اتنی چھوٹی سی لڑکی تمہیں مار رہی ہے، تم اپنی جگہ پر قائم تو رہو؟

    جبران کا کہنا تھا کہ میں نے سین دیکھا کہ سجل اتنی چھوٹی سی اور میں اتنا لمبا، اس نے مجھے جیسے ہی تھپڑ مارا میں بچوں کی طرح پورا ہل گیا، میں نے کہا یاسر بھائی اس کا ہاتھ بہت زور سے لگا ہے۔

    اداکار نے بتایا کہ بعد میں یاسر نے کہا کہ اب پتا چل گیا نہ کہ اس کا ہاتھ بھاری ہے، جاؤ اور اب تیار رہنا۔

    ساتھ ہی جبران نے مداحوں کو وارننگ دی کہ سجل کا تھپڑ کبھی نہ کھایئے گا، وہ جتنی چھوٹی لگتی ہے اس کا ہاتھ اتنا ہی بھاری ہے۔

    جبران نے اسی شو کے دوران اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ سجل علی اور صبا قمر ان کی پسندیدہ اداکارائیں ہیں۔