Tag: سید علی گیلانی

  • بھارتی پولیس کا سید علی گیلانی شہید کے گھر اور دفتر پر چھاپا

    بھارتی پولیس کا سید علی گیلانی شہید کے گھر اور دفتر پر چھاپا

    بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی شہید کے گھر اور دفتر پر چھاپا مارا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی شہید کے گھر اور دفتر سمیت تحریک حریت جموں و کشمیر کے دفتر پر چھاپا مار کر تلاشی لی۔

    بھارتی پولیس نے چھاپے کے دوران سید علی گیلانی کی کتب اور اہم دستاویزات ضبط کر لیں، کل جماعتی حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی شہید کے گھر اور تحریک حریت کے دفتر پر چھاپو ں کی شدید مذمت کی ہے۔

    کےایم ایس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک برس میں 100 سے زائد سیاسی و شہری رہنماؤں کے گھروں پر کارروائیاں کی گئی ہیں، سیاسی دفاتر پر چھاپوں کے دوران دستاویزات اور الیکٹرانک آلات ضبط کر لیے جاتے ہیں۔

    بھارتی پولیس نے 80 سے زائد سماجی تنظیموں کے دفاتر پر چھاپے مارے ہیں، اور فنڈنگ سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    بنگلادیش نے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کو مسترد کر دیا

    دریں اثنا، آج ایک تقریب میں پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف توجہ مبذول کرائی، انھوں نے اپنے شوہر محمد یاسین ملک کی حالت زار کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے تعاون کی اپیل بھی کی، جو نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔

  • سال کے آخری دن مودی حکومت کا شرمناک قدم، تحریک حریت جموں و کشمیر پر پابندی عائد کر دی

    سال کے آخری دن مودی حکومت کا شرمناک قدم، تحریک حریت جموں و کشمیر پر پابندی عائد کر دی

    نئی دہلی: سال کے آخری دن مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے تناظر میں ایک اور شرمناک قدم اٹھاتے ہوئے تحریک حریت جموں و کشمیر پر پابندی عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کرنے والے مرحوم رہنما سید علی گیلانی کی جماعت تحریک حریت جموں و کشمیر کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔

    مودی سرکار کے کشمیر دشمن وزیر داخلہ امیت شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں سید علی گیلانی مرحوم کی جماعت تحریک جموں و کشمیر پر ممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور مقبوضہ کشمیر میں اسلامی قوانین نافذ کرنے کا الزام عائد کیا۔ امیت شاہ نے لکھا تحریک جموں و کشمیر کو غیر قانونی سرگرمیوں کے ایکٹ یو اے پی اے کے تحت غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

    یہ قدم غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے آزادی پسند تنظیموں کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اٹھایا، تحریک حریت جموں و کشمیر پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت 5 سال کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے، جو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے۔

    سید علی گیلانی نے اپنی ساری عمر بھارت کے غاصبانہ قبضے سے کشمیر کو آزاد کروانے کی جدوجہد میں گزاری، علی گیلانی نے بھارتی اہلکاروں کے تشدد کا سامنا کیا اور طویل عرصہ نظر بندی میں گزارا، سید علی گیلانی کا 2021 میں نظر بندی کے دوران ہی 92 سال کی عمر میں سری نگر میں انتقال ہوا۔

    تحریک حریت جموں و کشمیر کی قیادت سید علی گیلانی مرحوم کے بعد مسرت عالم بھٹ کے ہاتھوں میں ہے، مسرت عالم بھٹ بھی اس وقت جیل میں ہیں، اور 27 دسمبر کو مسرت عالم کی جماعت مسلم لیگ آف جموں کشمیر کو بھی کالعدم جماعت قرار دے دیا گیا تھا۔

  • علی گیلانی کی میت پر بھارتی ناظم الامور طلب، پاکستان نے سخت مؤقف پیش کیا

    علی گیلانی کی میت پر بھارتی ناظم الامور طلب، پاکستان نے سخت مؤقف پیش کیا

    اسلام آباد: سید علی گیلانی کی میت قبضے میں لینے پر دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے ان کے سامنے سخت مؤقف پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت قبضے میں لینے پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی۔

    پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو میت کے ساتھ کیے گئے سلوک پر سخت مؤقف سے آگاہ کیا، انھیں بتایا گیا کہ کشمیری رہنما کے خاندان کو مرضی کے مطابق تدفین کی اجازت نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    حریت رہنما سید علی گیلانی سپرد خاک، علاقے میں کرفیو

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج بار بار کشمیریوں کے خلاف اندھا دھند طاقت کا استعمال کر رہی ہے، ناظم الامور کو کہا گیا کہ بھارت کو اپنی حرکتوں سے باز آنا چاہیے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی غلط فہمیاں علاقائی امن کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔

    یاد رہے کہ یکم ستمبر 2021 کو تحریک آزادئ کشمیر کے بانی رہنما سید علی شاہ گیلانی 92 برس کی عمر میں طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں، مقبوضۂ کشمیر میں پاکستانیت کا نعرہ بلند کرنے والے نڈر انسان اب ہم میں نہیں رہے، علالت کے باوجود زندگی کے آخری ایام انھوں نے بھارتی قید میں گزارے۔

  • کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے: سید علی گیلانی

    کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے: سید علی گیلانی

    سرینگر: کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، محمد اشرف صحرائی اور کارکنوں کی گرفتاری بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے جارحانہ اقدامات کے آگے نہیں جھکیں گے۔

    سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، محمد اشرف صحرائی اور کارکنوں کی گرفتاری بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فوج نے یوم شہدائے کشمیر سے ایک روز قبل حریت رہنما اشرف صحرائی کو گرفتار کیا تھا، اشرف صحرائی کو صبح سویرے سرینگر میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

    قابض فورسز اشرف صحرائی کے بیٹے جنید صحرائی کو پہلے ہی نام نہاد آپریشن کے دوران شہید کر چکی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے، چند روز قبل بارہ مولا میں آپریشن کے دوران ایک کار سوار کو گاڑی سے نیچے اتار کر اس کے 3 سالہ نواسے کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔

    بعد ازاں ایک اور کارروائی میں قابض فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

  • جدوجہد آزادی سے وابستگی میرے خون میں شامل ہے،سید علی گیلانی

    جدوجہد آزادی سے وابستگی میرے خون میں شامل ہے،سید علی گیلانی

    سری نگر: بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ جدوجہد آزادی سے وابستگی میرے خون میں شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسی کوئی طاقت نہیں جو مجھے شہدائے کشمیر کے نصب العین کےتحفظ سے دور رکھ سکے، جدوجہد آزادی سےوابستگی میرےخون میں شامل ہے۔

    سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ اپنے خلاف بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری پروپیگنڈے کومسترد کرتا ہوں،اے پی ایچ سی سےعلیحدگی کا مطلب حق خودارادیت کی مقدس تحریک سے علیحدگی ہرگز نہیں ہے۔

    بزرگ کشمیری رہنما کا مزید کہنا تھا کہ میری وضاحت بھارتی میڈیا،ضمیر فروش اشرافیہ کے جعلی پروپیگنڈے کا جواب ہے۔

    سید علی گیلانی کا حریت کانفرنس سے علیحدگی کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک حریت کے بانی بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے آڈیو پیغام کے بعد تحریری طور پر بھی کل جماعتی حریت کانفرنس سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

    خط میں سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر اس فورم سے مکمل طور پر علیحدگی کا اعلان کر رہے ہیں۔

  • پاکستان ہمارا مشن، راستہ اور منزل ہے، سید علی گیلانی

    پاکستان ہمارا مشن، راستہ اور منزل ہے، سید علی گیلانی

    سری نگر: چیئرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا مشن، راستہ اور منزل ہے۔

    کمشیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں اپنی رہائش گاہ پر نظر بند بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا مشن تھا اور وہ اپنی پوری زندگی اس مشن پر مضبوطی سے ڈٹے ہوئے ہیں۔

    سید علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمارا نعرہ ہے، ہمارا مشن اور راستہ ہے، کشمیری اپنی تمام جدوجہد اور گلوبل مشن کے طور پر اپنے مستقبل کو پاکستان سے منسلک کرنے کی کاوشوں میں مصروف ہیں۔

    علیل بزرگ رہنما نے کہا کہ پاکستان خدا کی ایک بڑی نعمت ہے اور وہ پوری ویڈیو میں پاک سرزمین اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    دوسری جانب حریت رہنماؤں نے معروف کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کے 36 ویں شہادت کے موقع پر منگل کے روز وادی بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

  • آج کی جدوجہد اور مزاحمت کل آزادی لائے گی: علی گیلانی

    آج کی جدوجہد اور مزاحمت کل آزادی لائے گی: علی گیلانی

    سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ آج کی جدوجہد اور مزاحمت کل جموں و کشمیر میں آزادی لائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بزرگ حریت رہنما علی گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی حیثیت قابض اور جارح کی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادیں اس بات کا ثبوت ہیں، آج کی جدوجہد اور مزاحمت کل آزادی لائے گی۔

    سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کشمیر کی سیکڑوں ایکڑ زمین پر قبضہ کر چکی ہے، بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ فوجی محاصرہ

    خیال رہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا 141 واں دن ہے، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلسل محاصرے سے کشمیری بنیادی ضروریات کی اشیا سے محروم ہیں، مقبوضہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بدستور بند ہے جب کہ کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے بند اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چند دن قبل حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو 21 سال پرانے جعلی مقدمے میں طلب کیا گیا، میر واعظ اور علی گیلانی کو مسلسل نظر بند رکھا جا رہا ہے جب کہ یاسین ملک قید ہیں۔

    بھارتی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں نام نہاد سرچ آپریشن اور محاصرے کے دوران کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • 27 اکتوبر1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، سید علی گیلانی

    27 اکتوبر1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، سید علی گیلانی

    سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن بھارتی فوج جموں وکشمیر میں داخل ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق حریت رہنما سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے مکمل شٹر داؤن کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے باہر مقیم تمام کشمیری 27 اکتوبر کو بھارت کے قبضے کے خلاف مظاہرے کریں اور مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں قید شہریوں کی حالت زار کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کروائیں۔

    سید علی گیلانی نے کہ بھارت سے آزادی کے لیے کشمیری 1947 سے تاحال قربانیاں دے رہے ہیں اور ان کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک جدوجہد جاری رکھنے کے لیے بدستور پرعزم ہیں۔

    کشمیری رہنما نے کہا کہ 27 اکتوبر1947 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن بھارتی فوج جموں وکشمیر میں داخل ہوئی تھی اور کشمیریوں کی منشا اور تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے پر قبضہ کیا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کی سربراہی میں بھارتی حکومت کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا فیصلہ، مظالم میں اضافہ مقبوضہ کشمیر کو اپنی کالونی بنانے کے پرانے ہتھکنڈے ہیں۔

  • کشمیریوں کی شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: سید علی گیلانی

    کشمیریوں کی شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: سید علی گیلانی

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے وادی کشمیرجموں ریجن اور لداخ کے عوام سے چٹان کی طرح متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری عوام اپنی شناخت، مذہب اور عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    اپنے ایک پیغام میں بزرگ رہنماء سید علی گیلانی نے اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی بے مثال قربانیاں ہر گز رائیگا نہیں جائیں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد ہی طلوع ہوگا۔

    انہوں نے تمام کشمیری سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کے مذموم عزائم میں اس کا آلہ کار بننے سے اجتناب کریں۔

    سیدعلی گیلانی نے کشمیرپولیس کے اہلکاروں سے کہا کہ وہ بھارت کی سہولت کاری سے گریز کریں تاکہ ان کی اپنی مائیں، بہنیں اور بھائی بھارت کے مکروہ ہندتوانظریہ کا غلام بننے سے محفوظ رہیں۔

    دنیا کو حریت رہنما سید علی گیلانی کی کال کو سنجیدگی سے لینا چاہئے، شاہ محمود قریشی

    انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی میں تیزی کیلئے جلد ہی معاشرے کے تمام طبقوں کیلئے آزادی کیلنڈر جاری کیاجائے گا۔ سیدعلی گیلانی نے حریت رہنماﺅں پر زور دیا کہ وہ عوام الناس کے ساتھ مکمل طور پر وابستہ رہیں اور بھارت کے قبضے کے خلاف ان کی جدوجہد میں رہنمائی کریں۔

  • بھارتی فوج مارنےکےلیےتیارہےتوہم مرنےکے لیے تیارہیں، حریت رہنما

    بھارتی فوج مارنےکےلیےتیارہےتوہم مرنےکے لیے تیارہیں، حریت رہنما

    سری نگر: بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے خط کے ذریعے اپیل کی ہے کہ عوام اپنے علاقوں میں مظاہرے اور احتجاج کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ کشمیرمیں مواصلاتی نظام بند اورہزاروں نوجوان گرفتارہیں،کشمیری عوام بہادری سے بھارتی مظالم کے خلاف کھڑے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج مارنےکےلیےتیارہےتوہم مرنےکے لیے تیارہیں،مقبوضہ کشمیرسےباہرلوگ کشمیرکےسفیربنیں اوراحتجاج کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پوری فوج بھی لےآئے کشمیری حق کے لیے کوشاں رہیں گے۔

    سید علی گیلانی کا کہنا تھاکہ بھارت کی کوشش کےباوجودمسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھا۔بھارت کشمیر نہیں،بلکہ کشمیرکی سرزمین چاہتاہے،عوام اپنے علاقوں میں مظاہرے اور احتجاج کریں۔

    حریت رہنما علی گیلانی کا کہنا تھاکہ پاکستان اور مسلم امہ کشمیریوں کی مدد کے لیے آگےآئیں،عمل کاوقت ہے،ایسانہ ہواتوآئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گی۔ہمیں مکمل متحرک ہوناپڑے گا۔

    کشمیر کے بزرگ رہنماسید علی گیلانی نے کشمیریوں کےنام خط میں کہا ہے کہ بھارت کو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔عالمی میڈیاکشمیر کے مسئلے کوجس طرح اجاگرکررہاہے پہلے کبھی نہیں ہوا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل لاک ڈاؤن کے 21 ویں دن ہزاروں کشمیریوں نے سری نگر کے علاقے صورہ میں نماز جمعہ کے بعد کرفیو توڑتے ہوئے زبردست مظاہرہ کیا، پاکستانی پرچم تھامے کشمیریوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔

    مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی، مظاہرین پر بھارتی فوج نے زبردست شیلنگ کی اور پیلٹ گنوں سے حملے کیے۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے متعدد کشمیری شدید زخمی ہو گئے تھے ، دوسری طرف میڈیا پر پابندیوں کے باوجود عالمی میڈیا نے مقبوضہ وادی میں مودی کا فسطائی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔