Tag: سید قائم علی شاہ

  • ابھی جوان ہوں زیادہ کام کرسکتا ہوں، قائم علی شاہ

    ابھی جوان ہوں زیادہ کام کرسکتا ہوں، قائم علی شاہ

    لاڑکانہ: سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ جب تک ہاتھ پاؤں سلامت ہیں اسی طرح قوم کی خدمت کرتا رہوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اپنی صاحبزادی نفیسہ شاہ کے ہمراہ سخت سیکیورٹی میں گڑھی خدا بخش پہنچے، جہاں انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    مزار پر حاضری دینے کے بعد سید قائم علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ابھی جوانوں سے بھی زیادہ جوان ہوں اور اُن سے زیادہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں‘‘۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے سے منصب سے مستعفیٰ ہونے کے بعد قائم علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’جب تک زندہ ہوں قوم کی خدمت کرتا رہوں گا ‘‘۔

    قائم علی شاہ کا کہنا تھا ’’، پاکستان پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے اور ایک سمندر کی مانند ہے، جس میں سب سما سکتے ہیں، انہوں نے مراد علی شاہ سمیت سندھ کابینہ کے ممبران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا‘‘۔

    قائم علی شاہ نے کہا ’’میں پیپلزپارٹی کا کارکن ہوں قیادت کا ہر فیصلے کے آگے سرخمِ تسلیم کروں گا کیونکہ پی پی صوبے کی فلاح اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے‘‘۔

     

  • کراچی میں صفائی کا حکم: وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کچرے کی نذر

    کراچی میں صفائی کا حکم: وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کچرے کی نذر

    کراچی : وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کراچی بھر سے کچرا اٹھانے کا حکم بھی کچرے کی نذر ہوگیا، شہری انتظامیہ نے بات ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دی۔ دو دن گزر گئے شہر سے کچرا تو دورکی بات ایک تنکا بھی نہیں اٹھایا گیا۔

    Kachra5

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ کا الٹی میٹم ختم ہونے میں صرف ایک دن رہ گیا۔ کچراسے بھرا کراچی وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کوچیلنج کررہا ہے۔


    Karachi still not cleaned of garbage despite… by arynews

    وزیراعلی سندھ کے کچرا اٹھانے کا حکم بھی کچرے کی نذر ہوگیا، گٹروں سےابلتا گندہ پانی سائیں کے سخت احکامات کو منہ چڑارہاہے۔

    Kachra2

    کراچی میں آٹھ برسوں میں بھی کچرا نہیں اٹھایا جاسکا تو وزیر اعلیٰ سندھ نے بلدیاتی حکام کو کچرا صاف کرنے کے لیے 3 دن کا الٹی میٹم دیا جس پر تاحال عمل درآمد نہ ہوسکا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کا بیان محض بیان ہی ہے کیوں کہ شہر میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست نہیں کیا گیا۔

    Kachra3

     

    دوسری جانب کچرا اٹھانے کی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ تین دن میں کچرا اٹھانا ممکن ہی نہیں۔ کیوں کہ کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کی مرمت کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے تو کچرا کیسے اٹھایا جا سکتا ہے۔

    Kachra1

    واضح ہدایات کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر موجود ہیں جس کے باعث وزیر اعلیٰ سندھ کا الٹی میٹم مذاق لگتا ہے۔

    بزرگ وزیراعلیٰ کے رعب و دبدبہ کا اندازہ کچرے سے بھرے نالوں کو دیکھ کر بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ جو باربار احکامات اور فنڈزجاری ہونے کے باوجود صاف نہ ہوسکے۔

    Kachra4

    ٹس سے مس نہ ہونے والی مشینیں دیکھ کر حقیقت معلوم ہو جاتی ہے۔ انتظامی ادارے اگر وزیراعلیٰ سندھ کی بھی نہیں سنیں گے تو کیا کراچی میں کچرا اٹھوانےکیلئے وزیراعظم کو آناہوگا؟

     

  • متوقع بارشیں : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس

    متوقع بارشیں : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس

    کراچی : سندھ حکومت نے صوبے میں متوقع بارشوں سے نمٹنے کیلئے پیشگی حکمت عملی ترتیب دینے کی تیاری کرلی۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مون سون کی بارشوں، نالوں کی صفائی اور پانی کی نکاسی کے معاملات پر غورخوص کیا گیا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات اور محکمہ آب پاشی متوقع بارشوں سے نمٹنے کےلیے الرٹ ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین اور ٹھٹھہ میں دو دن بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں صفائی کا ورک آرڈر جاری کردیا گیا ہے، یاد رہے کہ کراچی میں 12 تا 13 جولائی کو 55 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بہت زیادہ بارشوں کا امکان نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارشون کے پیش نظر جنگی بنیادوں پر نالوں کی صفائی اور پشتے مضبوط کیے جارہے ہیں

     

  • اقتصادی کونسل کا اجلاس غیر آئینی تھا، قائم علی شاہ

    اقتصادی کونسل کا اجلاس غیر آئینی تھا، قائم علی شاہ

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ آئینی طور پر اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا ہی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے بجٹ اجلاس میں شرکت اور صرف سر ہلا کر اجلاس میں پیش ہونے والے بجٹ کو منظور کیا۔

    قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ میری نظر میں اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا ہی نہیں کیونکہ وفاقی وزراء ہماری بات سنے بغیر اجلاس ختم کر کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔

    قائم علی شاہ نے شکوہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف آف لائن ہوئے تو انہوں نے وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کو مخاطب کر کے کہا کہ ’’ مٹینگ شروع کریں اور کچھ ہماری بات بھی سُن لیں‘‘۔

    جس کے جواب میں احسن اقبال نے وزیر اعلی سندھ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ ایک ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کریں اسمبلی اجلاس کے بعد آپ سے ملاقات کریں گے‘‘۔ قائم علی شاہ نے دعویٰ کیا ہےکہ کافی دیر بعد جب اُن کے موبائل پر کال ملائی تو اُن کا نمبر بند تھا۔

    اس موقع پر انہوں نے وفاقی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم سے وزیروں کی بے رخی کا شکوہ کیا مگر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، ان کے رویوں سے یہ لگتا ہے کہ ’’وفاق جمہوریت نہیں چاہتا‘‘۔

    دوسری جانب وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں پورے ملک میں دو سو ایک ترقیاتی اسکیموں میں سے صرف 6 یا 7 منصوبے سندھ کو دئیے گئے ہیں۔

     

  • جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دینگے، سید قائم علی شاہ

    جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دینگے، سید قائم علی شاہ

    جامشورو: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے ہمارا سر حاضر ہے، اس کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت کیخلاف ہیں۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس مبارک کی تقریبات کے تیسرے روز اختتامی تقریب کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار شریف پہ چادر چڑھا کر دعا بھی کی، انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان انشاء اللہ ملاقات ہو گی۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے ہماری جانیں قربان ہیں جمہوریت کے لئے ہماری اعلیٰ قیادت سمیت کارکنان نے قربانیاں دی ہیں، اس کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت ہی عوام کے راج کا نام ہے، یہ عوام کی حکمرانی ہے عوام بھی چاہتی ہے کہ جمہوری حکومت قائم رہے، کسی ڈکٹیٹر کی حکومت ہمیں نہیں چاہئے، عوام کے مسائل خود عوام سے ساتھ مل کر حل کریں گے۔

    انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ اور پی پی رہنماؤں کے درمیان ملاقات پر جو پارٹی فیصلہ کرے گی وہی ہمارا فیصلہ ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے احتساب کمیشن پر کام جاری ہے افسران اور کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے صحافیوں  سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ کی تزئین و آرائش کے لئے کسی قسم کا حساب کتاب نہیں کیا جائے گا، جنتی رقم لگی لگائے جائے گئی اور درگاہ سمیت شہر بھر کو خوب صورت بنایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں آنے والے تمام زائرین کو تمام سہولیات فراہم کی گئیں ہیں، جس کے سبب آنے والے زائرین کو عرس کے دوران کسی قسم کی تکلیف نہیں ہوئی۔

     

  • گڈاپ کیڈٹ کالج ایشیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہوگا،قائم علی شاہ

    گڈاپ کیڈٹ کالج ایشیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہوگا،قائم علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ یہ میرا خواب ہے کہ گڈاپ کیڈٹ کالج صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ ایشیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہو اور یہی وجہ ہے کہ میں نے کورکمانڈر کراچی کو بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین بنایا ہے۔

    انہوں نے یہ بات آج وزیراعلیٰ ہاوٴس میں کیڈٹ کالج گڈاپ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کیڈٹ کالج گڈاپ کا پیٹرن انچیف بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کیڈٹ کالج گڈاپ کا منصوبہ کراچی کے دیہی علاقہ میں شروع کیا گیا جس پر لاگت کا تخمینہ 1.5بلین روپے ہے۔

    اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں کے ہونہار طلباء کو گروم کرنا ہے تاکہ وہ پاکستان آرمی کو جوائن کر سکیں۔ یہ منصوبہ کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے سپرد کیا گیا ہے، کیونکہ یہ اپنے عہد کے پکے ہیں اور وہ اس کالج کو ایشیاء کا بہترین تعلیمی ادارہ بنا سکتے ہیں۔

    کورکمانڈر کراچی نے کہا کہ کیڈٹس کی تربیت اور تعلیم اعلیٰ معیار کی ہوگی اور ہر کوئی اپنے بچے یابچی کا کیڈٹ کالج گڈاپ میں داخلہ کراسکتا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے بورڈ آف گورنرز کو منصوبہ کی تکمیل اور اس کے آغاز کے حوالے سے اپنے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

     

  • کور کمانڈر کراچی کی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات

    کور کمانڈر کراچی کی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات

    کراچی: کور کمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل نوید مختیار نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاوٴس میں ملاقات کی۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ اور کور کمانڈر نوید مختار نے صوبہ سندھ باالخصوص کراچی کی امن و امان کی مجموعی صورتحال ، دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹیڈ آپریشن ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات میں اپیکس کمیٹی کے فیصلوں جن میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے قیام مستحکم انوسٹی گیشن اور ہائی پروفائل کیسز کی مناسب طریقے سے فالو اپ شامل ہیں پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے نئے آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ سے کہا ہے کہ وہ انوسٹی گیشن کے سسٹم کو مستحکم بنائیں تاکہ مضبوط پر اسیکیوشن کو یقینی بنایا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی میں انوسٹی گیشن آفیسرز (آئی روز) کے لئے ترغیبات سے متعلق فیصلے پر بھی عملدرآمد ہورہا ہے اور اس مقصد کے لئے ضروری ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرنے کی خواہاں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو جدید ضروری آلات سے لیس کر کے مزید مستحکم اور فعال بنایا جار ہا ہے۔

  • ذوالفقارعلی بھٹوکی برسی شایان شان انداز سے منانے کا فیصلہ

    ذوالفقارعلی بھٹوکی برسی شایان شان انداز سے منانے کا فیصلہ

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کونسل کا اجلاس پی پی سندھ کے صدرسید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاوٴس میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں 4اپریل 2016کو قائد عوام اور پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 37ویں برسی کی تیاریوں اور انتظامات پرغوروخوص کیا گیا۔

    اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر، جام مہتاب ڈھر، آغا سراج درانی،سینیٹر ہری رام ، سینیٹرعاجزدھامرہ ، پروفیسراین ڈی خان اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورسینیٹ اراکین نے شرکت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 4اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 37ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام شرکت کریں گے اور جلسے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی رہنما اور پارٹی کے صوبائی صدور خطاب کریں گے۔

    اجلاس میں تمام ضلعی تنظیموں اور تمام ذیلی تنظیموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے جنرل باڈیز اجلاس کر کے برسی میں شرکت کے پروگرام کو حتمی شکل دیں اور قافلوں کی شکل میں گڑھی خدابخش پہنچیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدارتی نظام کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ملک کا نظام پارلیمانی ہے اور پارلیمانی ہی رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے اصولوں کی خاطر اپنی جان قربانی کی اور آمر جنرل ضیاالحق کے سامنے سر نہیں جھکایا اور تاریخ میں امر ہوگئے۔

     

  • سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، سید قائم علی شاہ

    سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، سید قائم علی شاہ

    خیرپور: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کچھ کالعدم تنظمیں داعش کا نام لیکر سندھ میں خوف پھیلانا چاہتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار سید قائم علی شاہ نے خیرپور میں مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کے اکیڈمکس ڈپارٹمنٹ کی نئی بننے والی بلڈنگ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں داعش کا کوئی وجود نہیں، کراچی میں امن کیلئے جو کچھ کیا وہ عوام کے سامنے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے پیار محبت کےساتھ معاملات حل کرنا چاہتے ہیں۔

    وفاقی حکومت سے سندھ کے حقوق پر سودے بازی نہیں کریں گے ، ان کا کہنا تھا کہ ادویات پر ٹیکس لگا کر وفاقی حکومت نے بڑی زیادتی کی ہم اس کو برداشت نہیں کرینگے۔

    سندھ کے حقوق کے لئے پوری طرح لڑیں گے ، تقریب کے دوران وڈے سائیں حسب معمول سوگئے اور خوب نیند کے مزے لیتے رہے جبکہ وڈے سائیں کو مہران انجنیئرنگ کالج کے پرو وائس چانسلر کی تقریر بھی نہ جگا سکی۔

    اس سے قبل وڈے سائیں اپنے لاؤ لشکر کے ہمراہ وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ مہران انجنیئرنگ کالج پہنچے، وی آئی پی پروٹوکول سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا

    یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی سندھ میں داعش کے وجود کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔

  • ملیر پندرہ کے زیرتعمیرفلائی اوور کا عجلت میں افتتاح

    ملیر پندرہ کے زیرتعمیرفلائی اوور کا عجلت میں افتتاح

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو محکمہ بلدیات کے افسران نے ماموں بنادیا ، 53 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والا ملیر پندرہ کا فلائی اوور منصوبہ ایک ارب روپے میں بھی مکمل نہ ہوسکا۔

    وزیراعلیٰ سندھ سے نامکمل فلائی اورکا افتتاح کرواکر فلائی اوور کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے ، جنوری 2014 میں شروع ہونے والے شہید عبداللہ مراد فلائی اوورکیلئے 53 کروڑ روپے مختص کئے گئے جس کو ایک سال میں مکمل ہونا تھا، لیکن 37 ماہ گذرنے کے باوجود پل مکمل نہ ہوا تھا عجلت میں افتتاح کردیا گیا۔

    پل پر جگہ جگہ گڑھے بنے ہوئے ہیں اور دونوں اطراف کی سڑکیں بھی نہیں بنائی گئیں جبکہ بظاہر مکمل فلائی اوور کو کارپیٹ بھی نہیں کیا گیا اور پل کا ایک حصہ ریلوے پٹری کراس کرکے الفلاح تک جانا ہے اس کا کام بھی شروع نہیں ہوا ہے ۔

     ذرائع کے مطابق ٹھیکیدار نے فلائی اوور کے مذکورہ حصے کیلئے مزید 20 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ فلائی اوور کی تعمیرات میں واضح طور پر بدعنوانیاں نظر آرہی ہیں، تین بار ٹھیکیداروں کو تبدیل کیا گیا۔

    اس منصوبے کے دوران صوبے میں بلدیات کے تین وزیر بھی تبدیل ہوچکے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ پل کے افتتاح کیلئے ایم این اے فریال تالپور، وزیرداخلہ سہیل انور سیال اور وزیر بلدیات جام خان شورو کے ہمراہ آئے تھے۔

    افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ سندھ میڈیا کاسامنا کئے بغیر واپس چلے گئے جبکہ وزیربلدیات جام خان شورو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مکمل ہے میڈیا کو تنقید سے گریز کرنا چاہئیے ، کراچی کے تمام میگا پراجیکٹس پیپلزپارٹی کی حکومت مکمل کرے گی۔