Tag: سید مراد علی شاہ

  • انتظارقتل کیس:‌وزیراعلیٰ کی ہدایت پرنئی جےآئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری

    انتظارقتل کیس:‌وزیراعلیٰ کی ہدایت پرنئی جےآئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: انتظارقتل کیس میں‌ اہم پیش رفت ہوئی ہے. وزیراعلیٰ کی ہدایت پرنئی جےآئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق انتظار قتل کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے.

    نئی جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنااللہ عباسی ہوں‌ گے. جے آئی ٹی میں‌ ڈی آئی جی ساؤتھ، رینجرزاوراسپیشل برانچ کے نمائندے شامل ہیں.

    ذرایع کے مطابق حساس اداروں کے نمائندگان بھی جے آئی ٹی میں شامل ہوں گے، جے آئی ٹی کو 15 روزکے اندر تحقیقات کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی ہے.

    اس ضمن میں‌ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ سید مراد علی شاہ نےانتظارکے والد سے کیا وعدہ پورا کیا۔

    واضح رہے کہ انتظارکے والد کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    انتظار قتل کیس: واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں انتظار قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جب اینٹی کار لفٹنگ فورس (اے سی ایل سی) کے چار اہلکاروں نے نامعلوم کار پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملائشیا سے آنے والا انتظار نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا۔

    انتظار قتل کیس: والد تفتیش سے دلبرداشتہ، چیف جسٹس کو خط لکھ دیا

    خبر میڈیا میں آنے کے بعد اس پر شدید ردعمل آیا، تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی، مگر انتظار کے والد نے اس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا.

    اب اس معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے. وزیراعلیٰ کی ہدایت پرنئی جےآئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • افسران آتے جاتے رہتے ہیں، نظام پر کوئی اثر نہیں پڑتا، مراد علی شاہ

    افسران آتے جاتے رہتے ہیں، نظام پر کوئی اثر نہیں پڑتا، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کا معاملہ عدالت میں ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اس لیے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا تاہم افسران آتے جاتے رہتے ہیں اس سے نظام میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    یہ تبصرہ آج سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی برطرفی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ افسران آتے جاتے رہتے ہیں اس لیے نظام میں کوئی فرق نہیں پڑتا کیوں کہ نظام کامیابی سے اپنے امور کی انجام دہی میں مشغول ہے اور سندھ حکومت ایک نظام کے تحت چل رہی ہے کسی ایک شخص پر نہیں۔

    درگاہ لعل شہباز قلندر کے دورے پر آئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ درگاہ کی سیکیورٹی کا خود جائزہ لیا ہے جس کے تحت عرس میں سیکیورٹی کےموثرانتظامات کیے جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ایم کیو ایم کے وائٹ پیپر اور پی ایس پی کے دھرنوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کے دونوں دھڑوں کو اپنے بانی کی کمی محسوس ہو رہی ہے جیسے بانی متحدہ نے نفرتیں پھیلائیں یہ لوگ بھی وہی کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں دھڑے اپنے بانی کا نام لینا پسند نہیں کرتے مگر طرز سیاست وہی اپنائی جا رہی ہے جب کہ وائٹ پیپر محض تعصب پرمبنی ہے اور اس میں کوئی سچائی نہیں ہے کیوں کہ ایم کیوایم پاکستان کو تو یہ بھی معلوم نہیں کہ سندھ میں 6 ڈویژن ہیں۔

  • افغانیوں کو بہت جلد واپس بھیج دیا جائے گا، مراد علی شاہ

    افغانیوں کو بہت جلد واپس بھیج دیا جائے گا، مراد علی شاہ

    نوابشاہ : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیہون دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، افغانیوں کو بہت جلد واپس بھیج دیا جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب شاہ میں شہید بینظیر بھٹو یونی ورسٹی کے سالانہ کانوکیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سیہون دھماکے کی تحقیقات کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے،سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت میں مدد ملی۔

    دھماکے کےالزام میں متعدد افراد کو گرفتارکیا گیا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کی تعداد بتانا ابھی مناسب نہیں ہوگا۔

    گرفتار افراد سے تحقیقات کرکے ہی اصل ملزمان تک پہنچا جائے گا،واقعے میں ملوث جو بھی ہوگا اسے کڑی سزا ملے گي انسانیت کے دشمنوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف پوری قوم کو متحد ہونا پڑےگا، سرحد پار سے آنیوالے لوگوں کیلئے سیکیورٹی نہایت سخت کردی گئی ہے، غیر رجسٹرڈ افغانیوں کو بہت جلد واپس بھیج دیا جائے گا۔

  • پاکستان اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    پاکستان اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید مضبوطی آتی جارہی ہے ۔

    وہ کراچی میں ایرانی قونصلیٹ میں ایران کے 83 ویں سالانہ تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان مسلم برادر ملک ہیں اور دونوں کے درمیان خوشگوار بردرانہ تعلقات ہیں جس میں گذرتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوطی آتی جا رہی ہے۔

    تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن ایک وسیع المفاد منصوبہ ہے جس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا اس کے علاوہ ایران کے تعاون سے سندھ میں چار اسکول اور اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان یہ تعاون جاری رہے گا اور انشاء اللہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کی معاونت کرتے رہیں گے اور دہشت گردی کو شکستِ فاش دیں گے۔

    تقریب میں وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ، سابق وزیر اعلٰی قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ سمیت ایرانی قونصل جنرل محمود احمد اور عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

  • جعلی بھرتیوں کا انکشاف، وزیراعلیٰ سندھ برہم

    جعلی بھرتیوں کا انکشاف، وزیراعلیٰ سندھ برہم

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری کے جعلی دستخط سے بورڈ آف ریونیو میں 3 کلرکس کی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کی انکوائری کے لیے چیف سیکریٹری کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پرنسپل سیکریٹری کے جعلی دستخط سے محکمہ ریونیو میں بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے جس پر نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تحقیقات کے لیے چیف سیکیرٹری کو ہدایات جاری کردیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں بھرتیوں کے لیے اپائنمنٹ لیٹرز وزیر اعلیٰ ہاؤس سے اس دوران جاری ہوئے جب پرنسپل سیکریٹری تعطیلات پر تھے، ان کی غیر موجودگی میں ان کے دستخط سے ہونے والی اپائنمنٹ نے بھرتیوں کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے جعلی دستخط سے ہونے والی بھرتیوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن کو تحقیقات کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے جلد از جلد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے جس کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اگر میرے یا میرے اسٹاف کی جانب سے کسی کے پاس ملازمت کے لیے ایسا خط آئے تو عمل نہ کیا جائے کیوں کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے ملازمتوں کے لیے براہ راست خط جاری نہیں کیے جاتے۔

    واضح رہے کہ سندھ میں جعلی بھرتیوں اور نو سربازوں کی جانب سے عوام کو لوٹنے کے واقعات کے سدباب کے لیے موجودہ متحرک وزیر اعلیٰ سندھ نے اہم اقدامات اُٹھائے ہیں جس سے جعلی بھرتیوں کے واقعات میں نہ صرف یہ کہ کمی آئی ہے بلکہ اب جعلی بھرتیاں فوری گرفت میں بھی آجاتی ہیں۔

  • سندھ میں‌ ‌دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی منظوری،93 مدارس کی نگرانی کا حکم

    سندھ میں‌ ‌دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی منظوری،93 مدارس کی نگرانی کا حکم

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی منظوری دے دی، انٹیلی جنس بنیادوں پر دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جائے گا، صوبے کے 93 مدارس کو واچ لسٹ میں ڈالنے حکم دے دیا گیا ساتھ ہی کراچی کے مضافات اور کچی آبادیوں کا ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جائےگا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن امان سے متعلق اہم اور اعلیٰ سطح اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری داخلہ اور دیگر نے شرکت کی۔

    اس موقع پر سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور شہید ہونے والے اہلکاروں کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں دہشت گردی کے تدارک کے لیے انٹیلی جنس معلومات کی بنیادوں پر بلا امتیاز آپریشن کیا جائے گا، جس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آپریشن کی منظوری دے دی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ کراچی شہر کے مضافاتی علاقوں اور کچی آبادیوں میں آباد لوگوں کا ڈیٹا بیس تیار کیا جائے، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر ملکیوں کا ریکارڈ تیار کرنے کا حکم بھی دیا، اس عمل میں رینجرز کی مدد بھی لی جائے گی۔

    اجلاس میں سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو صوبے میں قائم 93 مدارس کا نام واچ لسٹ میں شامل کرنے کا حکم بھی دیا، انہوں نے کہا کہ صوبے بھر بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن کے قیام کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے۔

    اجلاس میں وزیر اعلٰیٰ سندھ کو سرکاری زمین قائم پر سیاسی جماعتوں کے دفاتر گرائے جانے پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تنظیمیں پاکستان کی دشمن ہیں، کوئی بھی تنظیم دہشت گردی میں ملوث پائی گئی تو اس کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان سے متعلق اپیکس کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا۔

  • عمران خان کو جو کرنا ہے کریں، ہم کام کرنے آئے ہیں، مراد علی شاہ

    عمران خان کو جو کرنا ہے کریں، ہم کام کرنے آئے ہیں، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں اسلحہ ایک سیاسی جماعت کے ہیڈ کوارٹر کے قریب سے ملا ہے شک تو جائیگا، عمران خان کو جو سیاست کرنی ہے وہ کریں،ہم کام کرنےآئے ہیں۔

    ان خیالات کا ااظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    عزیزآباد سے ملنے والے اسلحے کی کڑیاں ملنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شکوک وشبہات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اسلحہ ایک سیاسی جماعت کے ہیڈ کواٹرکے قریب سےملا ہے شکوک شبہات تو پیدا ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ اینٹی کرپشن محکمے کو بھی بہتر بنا رہے ہیں اور اینٹی کرپشن پر نیا قانون بھی لے کر آئیں گے۔

    نیب کا کسی ایک پارٹی کے پیچھے پڑنا اور برسوں پرانے کیسز ختم کرنا درست نہیں۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا ایم کیو ایم استعفے دے یا نہ دے وہ اپنا کام کرتے رہیں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ

     وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم کرپشن کےخلاف ہیں نیب اپنا کام کرتارہے ہمیں کوئی ڈرنہیں، عمران خان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان کو جوسیاست کرنی ہے وہ کریں، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے۔

    مراد علی شاہ نے کرپشن پرنوکمپرو مائس کا اعلان کرتے ہوئے اینٹی کرپشن قوانین میں اصلاحات کرنے کا بھی عندیہ دے دیا۔

  • میئرکراچی وسیم اختر بے قصور ہوئے تو رہا ہو جائیں گے، مراد علی شاہ

    میئرکراچی وسیم اختر بے قصور ہوئے تو رہا ہو جائیں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میئرکراچی کا معاملہ عدالت میں ہے، اگر وہ بے قصور ہیں تو عدالت رہا کرسکتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری اور عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔


    CM Sindh attends Abdullah Shah Ghazi's Urs by arynews

    معروف صوفی بزرگ عبد اللہ شاہ غازی کے تین روزہ عرس کے آخری روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کلفٹن میں ان کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کا کوئی رہنما غیر قانونی طور پر گرفتار نہیں ہے، بے گناہ لوگوں کو جلد رہا کردیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے نیب کی کارروائی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نیب خوامخواہ کارروائیاں نہ کرے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ملک کیلئے ہر جمہوری جماعت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں اور جو جماعت آئین کی حدود میں رہ کر کام کرے گی اسے پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔

    اسی سے متعلق : نومنتخب میئر وسیم اخترکی رہائی کے لیے سول سوسائٹی کا مظاہرہ

    ان کا کہنا تھا ملکی آئین اور قانون کے خلاف کسی کو بھی کام کرنے کی اجازت نہیں دےسکتے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا پولیس کو مزید فعال کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ کسی اور ادارے سے مدد نہ لی جائے۔

    یاد رہے کہ صوفی بزرگ عبد اللہ شاہ غازی کے 1286 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز جمعہ کے روز ہوا تھا۔

     

  • متحدہ پر لندن رابطے کا الزام لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں، وزیراعلیٰ سندھ

    متحدہ پر لندن رابطے کا الزام لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں، وزیراعلیٰ سندھ

    سکھر : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان اور لندن میں روابط کی باتیں کرنے والے اس کے ثبوت پیش کریں، ایم کیوایم نے خود کوایک ماہ میں بدل کر رکھ دیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اپنے بانی کا نام نکال دیا۔ پارٹی آئین بدل دیا، سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد پیش کردی۔ متحدہ قومی موومنٹ ایک ماہ میں بہت تبدیل ہوگئی ہے۔

    سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان اور لندن میں رابطے کی بات کرنے والے ثبوت کے ساتھ الزام لگائیں، مراد علی شاہ نے بتایا کہ بائیس اگست کی دوپہر تک معاملات درست سمت میں جارہے تھے، اچانک اطلاع ملی بھوک ہڑتالی شرکاء سی ایم ہاؤس پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر قابل عزت ہیں لیکن ان کو اپنی رہائی کیلئے قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے، دورہ سکھر میں وزیراعلیٰ سندھ نے دعویٰ کیا کہ ایسا نظام بنا کر جائیں گے کہ آنے والوں کو کام کرنا ہوگا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک عام سا ورکر ہونے پر فخر ہے۔ قیادت نے مجھ پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے اور اب بلاول اور آصف علی زرداری کی قیادت میں اچھا کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی افسر اپنے ڈسٹرکٹ کو چھوڑ کر باہر نہیں جائے گا۔

    صحافیوں سے گفتگو سے قبل وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سکھر میں ایس آئی یو ٹی سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے نامکمل منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے بھی احکامات جاری کئے۔

     

  • وزیراعلیٰ سندھ کی وزیراعظم سے ملاقات، صوبے کے مسائل پرگفتگو

    وزیراعلیٰ سندھ کی وزیراعظم سے ملاقات، صوبے کے مسائل پرگفتگو

    کراچی : وزیراعظم نواز شریف کی کراچی آمد پر وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے مسائل وزیراعظم کےسامنے رکھ دیئے، جبکہ گورنر سندھ نے ظہرانے میں وزیر اعظم کی پرہیزی کھانوں سے تواضع کی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے نئے وزیراعلٰی مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کے ساتھ وزیراعظم کا استقبال تو کیا، لیکن اپنی ذمہ داری نہ بھولے۔

    وزیراعلٰی نے وزیراعظم کے سامنے صوبے کے مسائل رکھ دیئے اوران کے حل کا مطالبہ کردیا۔ مراد علی شاہ نے وزیراعظم سے سندھ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ دہرایا۔

    این ایف سی سمیت دیگر فنڈز میں حصہ مانگا۔ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کی کراچی موجودگی کے باوجود شیڈول نہ بدلا۔ نوازشریف کے ساتھ ظہرانے میں شرکت کے بجائے ضروری کاموں کو ترجیح دی اورآفیشل میٹنگ کے بعد چلے گئے۔

    ادھر وزیراعظم کے شاہانہ پروٹوکول نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیے رکھا،وزیراعظم جہاں گئےاطراف کی سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم کراچی آئے تو گورنر سندھ نے ظہرانے میں پرہیزی کھانے کھلائے۔وزیراعظم نے خاطر تواضع پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔

    گورنرہاؤس میں دستر خوان پر پرہیزی کھانے چُنے گئے نہاری کے شوقین میاں صاحب نے کراچی میں بھی لذیذ نہاری پر ہاتھ صاف کئے،لیکن چکن نہاری بغیر نمک کے تیار کی گئی تھی۔

    زیتون کےتیل میں تڑکا لگی مچھلی بھی دسترخوان کی زینت بنی۔ مٹن پلاؤ کےساتھ ساتھ اسپیشل مکس سبزی ،مکئی اوربیسن کی روٹی بھی مینیو میں شامل تھی۔