Tag: سیز فائر

  • امریکا کا آذربائیجان اور آرمینیا سیز فائر سے متعلق اہم بیان

    امریکا کا آذربائیجان اور آرمینیا سیز فائر سے متعلق اہم بیان

    واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا نے انسانی ہم دردی کی بنیاد پر سیز فائر پر پھر اتفاق کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی کوششوں کے نتیجے میں کچھ عرصے سے باہم متصادم ممالک آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان حال ہی میں دو مرتبہ جنگ بندی ہو چکی ہے، تاہم جنگ بندی برقرار نہ رہ سکی۔

    آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر معاہدے کی خبر دی ہے، انھوں نے کہا کہ فریقین سیز فائر پر متفق ہو گئے ہیں اور اس پر میں آذربائیجان اور آرمینیا کے سربراہان کو مبارک باد دیتا ہوں۔

    آرمینیا کا آذربائیجان کی شہری آبادی پر میزائل حملہ،12 افراد جاں بحق

    امریکی صدر نے ٹویٹ کیا کہ دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی معاہدے پر عمل پیرا ہونے پر اتفاق کیا ہے، اس معاہدے سے بہت سی جانیں بچ جائیں گی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ سیز فائر ڈیل کروانے پر مجھے سیکریٹری پومپیو اور اپنی ٹیم کے دیگر ممبران پر فخر ہے۔ ادھر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نگورنو کاراباخ میں آج سے جنگ بندی معاہدے کا نفاذ ہوگا۔

    واضح رہے کہ متنازعہ علاقے نگورنوکارباخ پر دونوں ممالک کے درمیان 27 ستمبر سے جاری جھڑپوں میں 400 سے زائد افراد ہلاک اور ہزار کے قریب زخمی ہونے کے بعد روس کی ثالثی میں دو ہفتے قبل جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔

    تاہم 17 اکتوبر کو آرمینیا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آذربائیجان پر میزائل حملے کیے، جس کے نتیجے میں 12 شہری جاں بحق ہوئے۔ آرمینیا کی فوج نے آذربائیجان کے شہر گانجا میں میزائل داغے تھے جو شہری علاقے میں جا گرے۔ میزائل حملے سے متعلق آذربائیجان کے صدر کے معاون نے کہا کہ بیلسٹک میزائل آرمینیا سے فائر کیا گیا تھا، جب کہ آرمینیا کی وزارت دفاع کے ترجمان نے آذربائیجان پر بیلسٹک میزائل حملے کی تردید کی۔

  • بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

    اسلام آباد: بھارت کی جانب سے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو آج دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا، ڈپٹی ہائی کمشنر کو کہا گیا کہ بھارت سیز فائر معائدے کی پاسداری کرے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز پر کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ 60 سالہ سلامت بی بی اور 13 سالہ ذیشان ایوب شہید ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، بھارتی اشتعال انگیزی سے 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی

    ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی

    سیالکوٹ : بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں محمد مشتاق نامی شخص زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق  وادی کشمیر سے قریب ورکنگ باؤنڈری لائن پر بھارتی فوج نے سیزفائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    بھارتی سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے محمد مشتاق نامی شخص زخمی ہوگیا جس کو ابتدائی طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ کینٹ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ و مارٹر گولے گرنے سے عمارتوں کو لگے اور دیہی علاقوں کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، دوسری جانب بھارتی فائرنگ و گولہ باری کا چناب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کی توپوں کا منہ بند کردیا۔

    اس سے قبل نو جنوری کو بھارتی فوج نے ایل او سی میں شاہ کوٹ سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کی زد میں آکر ایک خاتون شہید ہوگئیں۔

    یاد رہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے ساتھ ساتھ ایل او سی پر اکثر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کرتا رہا ہے لیکن پاک فوج کے فوری اور مؤثر جواب کے بعد دشمن کو منہ کی کھانا پڑتی ہیں ۔

  • الحدیدہ بندرگاہ کا کنٹرول یو این سنبھالے، سیز فائر کو تیار ہیں، حوثی کمانڈر

    الحدیدہ بندرگاہ کا کنٹرول یو این سنبھالے، سیز فائر کو تیار ہیں، حوثی کمانڈر

    واشنگٹن/صنعاء : اقوام متحدہ کے سفیر نے دورہ یمن کے دوران حوثی کمانڈرز سے ملاقات کی، دوران ملاقات حوثی کمانڈر نے جنگ بندی کی مشروط یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے یمن نے خانہ جنگی کا شکار ملک یمن کے دورے کے دوران حوثی جنگجوؤں سے طویل ملاقات کی جس میں یمن کی مظلوم عوام کے جان و مال کے حوالے گفتگو ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سفیر برائے یمن اور حوثی کمانڈر کے درمیان ملاقات میں جنگجوؤں کے کمانڈر نے اقوام متحدہ کے سفیر کو جنگ بندی اور امن و امان کے لیے تعاون کی مشروط یقین دہانی کروائی۔

    حوثی کمانڈر نے اقوام متحدہ کے سفیر برائے یمن مارٹن گرفتھس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے لیے الحدیدہ بندرگاہ کے حصول کےلیے جاری جنگ کو روکنے کےلیے تیار ہیں اس شرط پر کہ بندر گاہ کا انتظام اقوام متحدہ سنبھالے۔

    عرب میڈیا کے مطابق الحدیدہ بندر گاہ پر کنٹرول حاصل کے لیے عرب اتحاد اورحوثیوں کے درمیان جنگ کے باعث خوراک کی ترسیل میں ہوش ربا کمی واقع ہوئی تھی جس کے باعث جنگ زدہ ملک میں فاقہ کشی کا مزید اضافہ ہوگیا تھا جو پے در پے لوگوں لقمہ اجل بنا رہا تھا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ لوگوں کی فاقہ کشی کے بعد اقوام متحدہ نے الحدیدہ بندر گاہ کا کنٹرول سنبھالنے کی پیش کش کی تھی جسے سعودی عرب کی قیادت میں کام کرنے والے عرب اتحاد اور حوثی جنگجوؤ دونوں نے قبول کیا تھا اور دونوں فریقین نے غیر مشروعط سیز فائر کا اعلان کیا تھا۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سفیر برائے یمن مارٹن گرفتھس بدھ کے روز دورہ یمن پر روانہ ہوئے تھے تاکہ الحدیدہ سمیت یمن کے دوسرے علاقوں میں صورتحال کو دیکھ سکیں۔

  • افغان حکومت کی جانب سے سیز فائر کا اعلان، پاکستان کا خیر مقدم

    افغان حکومت کی جانب سے سیز فائر کا اعلان، پاکستان کا خیر مقدم

    اسلام آباد: پاکستان نے افغان حکومت کی جانب سے عید الاضحی پر سیزفائر کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور دیرپا امن کے لیے ایسے اقدامات کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لیے پاکستان ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان جشن آزادی کے موقع پر اعلان زیادہ اہمیت کا حامل ہے، سیزفائر اعلان سے افغان عوام عیدالاضحی امن وسکون سے منائیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات امن واستحکام کا ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔

    افغان صدر اشرف غنی کا 3 ماہ کی مشروط جنگ بندی کا اعلان

    خیال رہے کہ افغانستان کے 99 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی نے طالبان سے مشروط جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آج یعنی 20 اگست سے 19 نومبر تک فائر بندی رہے گی تاہم یہ اسی صورت برقرار رکھی جائے گی اگر طالبان سیز فائر کا احترام کریں، اگر طالبان نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ افغان حکومت کی جانب سے یکطرفہ سیز فائر کا اعلان پر فی الحال طالبان سمیت کسی عسکری گروہ یا تنظیم کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • بھارت امن کی خواہش کو ہماری کم زوری نہ سمجھے، میجرجنرل آصف غفور

    بھارت امن کی خواہش کو ہماری کم زوری نہ سمجھے، میجرجنرل آصف غفور

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کم زوری نہ سمجھا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ بھارت ہماری سول آبادی کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے، اور مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم سیز فائر معاہدے کو اہمیت دیتے ہیں، بھارت نے 13 سال میں جنگ بندی کی 2 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں کیں، بھارتی فائرنگ سے نقصان نہ ہونے کی وجہ سے ہم ردعمل نہیں دیتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیز فائر کے معاملے پر بھارتی میڈیا بھی پاکستان کی طرف اپنا رخ موڑ دیتا ہے، اس سلسلے میں پاکستانی میڈیا کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔

    بھارت میں حالیہ دو واقعات ہوئے جس کے ثبوت مانگ رہے ہیں لیکن بھارت ثبوت دینے کو تیار نہیں ہے، جب کہ پاکستان میں دہشت گردی کے کئی واقعات ایسے ہیں جس کا ثبوت بھی موجود ہے لیکن بھارت اس کو ماننے سے انکار کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کا کلبھوشن یادیو کے طور پر ثبوت موجود ہے، بھارتی صحافیوں کو متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کرایا گیا، امید ہے بھارتی صحافیوں نے جو دیکھا اس سے آگاہ کیا ہوگا۔

    افغان ایکشن پلان


    ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفورنے پریس کانفرنس میں پاک افغان ایکشن پلان پر تفصیل سے بات کی، ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے امن کا براہ راست پاکستان پر اثر پڑتا ہے اس لیے پاکستان وہاں قیام امن کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم سے زیادہ کسی کی خواہش نہیں کہ افغانستان میں امن ہو، ہم نے افغان وفد سے پانچ ورکنگ گروپس بنانے سے متعلق بات کی ہے، فوجی رابطوں کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکی کام یابی کی خواہش ہے۔

    ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ پچاس فی صد علاقہ افغان حکومت کے کنٹرول میں نہیں، اس لیے پاک افغان سرحد پر جیو فینسنگ کی گئی، تاکہ سرحد پار سے حملے بند ہوں، اس دوران ہمارے سات جوان شہید کیے گئے لیکن فینسنگ کا کام بند نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈیورنڈ لائن بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحد ہے، ہم اپنی چیک پوسٹوں پرحملہ برداشت نہیں کریں گے، برداشت کی پالیسی ہے لیکن پاکستان کو نقصان برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    پاکستان میں دہشت گرد نیٹ ورک اور افغان مہاجرین


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل صفایا کیا گیا ہے جس میں حقانی نیٹ ورک بھی شامل ہے، آپریشن ضرب عضب کے بعد سب کے خلاف کارروائی کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ چند عناصر نے افغان کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے اس لیے ہم چاہتے ہیں افغان مہاجرین کی باعزت طریقے سے واپسی ہو، ہم پاکستان کے مفاد میں ہر کام کریں گے۔

    بلوچستان، سلمان بادینی اور ایران


    میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بلوچستان میں ہماری فورسز نے بہترین کارروائیاں کیں، سلمان بادینی کو مقابلے کے بعد ہلاک کیا گیا، وہ فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔

    انھوں نے کہا کہ سلمان بادینی کے نیٹ ورک کے خاتمے کے بعد امید ہے حالات بہتری کی طر ف جائیں گے، بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کو بھی بڑھایا گیا ہے۔

    ایران کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایران بارڈر پر بھی حالات بہتری کی جانب جا رہے ہیں، اس سلسلے میں ایران بارڈر سیکورٹی فورس کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن قائم کیا گیا ہے۔

    منظور پشتین کے مطالبات جائز تھے


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے منظور پشتین کے معاملے پر بھی تفصیلی بات کی، انھوں نے کہا کہ وہ خود منظور پشتین اور محسن داوڑ سے ملاقات کر چکے ہیں، ان کے مطالبات جائز تھے۔

    انھوں نے کہا کہ منظور پشتین اور محسن داوڑ کی تمام جی او سیز سے بات کرائی گئی، انھیں یقین دلایا گیا تھا کہ مسائل حل ہوں گے، محسن داوڑ کی جانب سے شکریے کا پیغام بھی آیا لیکن پھر منظور احمد اچانک منظور پشتین ہو گیا۔

    انھوں نے کہا کہ اس کے بعد منظور پشتین کی سوشل میڈیا پر مہم چل پڑی اور اس کی آئی ڈیز افغانستان اور بیرون ملک سے چلنا شروع ہوگئیں، فوج کے خلاف پاکستان سمیت بیرون ملک مظاہرے کیے گئے، آرٹیکل لکھے گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس پروپیگنڈے کا جواب پاکستانی نوجوانوں نے دیا، میں انھیں سلام پیش کرتا ہوں، سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف مہم کا ان نوجوانوں نے خوب جواب دیا، ہمیں اپنی فوج پر یقین رکھنا ہے۔

    سوشل میڈیا


    انھوں نے پریس کانفرنس میں سوشل میڈیا کے حوالے سے کہا کہ اس کے استعمال پر تھوڑی نظر ڈالنے کی ضرورت ہے، جنوری سے مئی تک سوشل میڈیا پر غلط تاثر پھیلایا جاتا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سیل آپس میں کھیلتے رہتے ہیں، بہت سے پاکستانیوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس دیکھے بھی نہیں ہوں گے، اس کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ پاک فوج کو الزامات کا جواب دینے کی ضرورت نہیں، عوام کی طرف سے سوشل میڈیا پر مخالفین کو منھ توڑ جواب مل جاتا ہے۔

    کراچی


    انھوں کراچی میں امن کے موضوع پر بھی بات کی، کہا کراچی میں مستقل امن کے لیے سیاست کو جرائم پیشہ عناصر سے دور رکھنا ہوگا، کراچی کے امن کے ضامن عوام ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پر کسی بھی قسم کےالزام کا کوئی اثر نہیں ہوگا، ہمیں صفائی دینے کی ضرورت نہیں، یہ وردی پولیس، ایف سی، رینجرز سب کی ہے۔

    چیک پوسٹوں پر سپاہی شہید ہوتے ہیں،وہ سپاہی پاکستانی ہوتا ہے، افواج پاکستان نے اپنی زندگی ملک کے نام لکھی ہوتی ہے، رد الفساد کے تحت پنجاب میں بھی رینجرز کے آپریشنز جاری ہیں، رینجرز پر بھارتی خلاف ورزی اور آپریشن کا ڈبل پریشر ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی


    لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا ایک کیس سپریم کورٹ میں جاری ہے، ان کی کتاب جیسے ہی آئی فوج نے اس کا جائزہ لیا، انھوں نے کتاب کے لیے این او سی نہیں لیا تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اسد درانی کو ریٹائر ہوئے 25 سال ہوگئے ہیں، انھوں نے ان واقعات کا ذکر کیا ہے جو ریٹائرمنٹ کے بعد ہوئے، تھری اسٹار کا مطلب یہ نہیں کہ جو کچھ بھی کہیں ہم انہیں چھوڑ دیں۔

    فوج اور سیاست


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حکومت نے مدت پوری کی، ہم سے زیادہ کسی کو خوشی نہیں، کہا گیا تھا سینیٹ انتخابات نہیں ہوں گے، الیکشن شیڈول کا اعلان نہیں ہوگا، سب افواہیں غلط ثابت ہوگئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو ایک دوسرے کی قیمت پر الیکشن لڑنا ہے، سیکورٹی فورسز کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، سیاسی الزامات وقت پر چھوڑتے ہیں، پہلے جیسےہی غلط ثابت ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں اور آئندہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سےنکالے۔

    فاٹا


    میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ وانا میں کسی بچی کی موت نہیں ہوئی،سوشل میڈیا پر سب پروپیگنڈا کیا گیا، بچی کی جعلی تصویر لگائی گئی، پاک فوج پر بہت الزامات لگے لیکن وقت کے ساتھ جھوٹے ثابت ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اور فاٹا کے نوجوان ہمارے ساتھ ہیں، کچھ بزرگ فاٹا کے انضمام کے حق میں نہیں تھے لیکن نوجوانوں کی اکثریت انضمام سے مطمئن ہے، فاٹا انضمام کا پاک افغان سرحد سے کوئی تعلق نہیں یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

  • پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان ہاٹ لائن پررابطہ

    پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان ہاٹ لائن پررابطہ

    راولپنڈی :پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے میں دونوں ممالک کے ڈائریکٹرملٹری آپریشنز نے سیز فائر پر بات چیت کی، پاکستان کے ڈائریکٹرملٹری آپریشن نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا۔

    عسکری حکام کے مطابق پاکستان اور بھارت کی بری فوج کے ملٹری آپریشنز ونگ کے ڈائریکٹرز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ کیا گیا، یہ معمول کا ہفتہ وار رابطہ تھا، جس میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

    حکام کے مطابق پاک فوج کے ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز نے بھارت کی لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر مسلسل اشتعال انگیزی اور فائرنگ سے سول آبادی کی جان و مال کو پہنچنے والے نقصانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

    گزشتہ دوہفتے سے بھارت کی ورکنگ باؤنڈری اور لائن آٖ کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری سے خواتین اور بچوں سمیت ایک درجن سے زیادہ پاکستانی شہید اور پچاس کے قریب افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

    بھارتی جارحیت میں کئی مکانات تباہ اور سیکڑوں مویشی بھی ہلاک ہوئے۔