اسلام آباد : سیشن عدالت نے 27 میں سے مزید 5 یوٹیوب چینلز کی بندش کا حکم معطل کردیا ، گزشتہ روزدو چینلز کی بندش کا حکم معطل کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی عدالت میں 27 یو ٹیوب چینلز کی بندش کے عدالتی حکم کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے اپیل پر سماعت کی، عدالت نے مزید 5 یوٹیوب چینلزکی بندش کاحکم معطل کردیا۔
سیشن عدالت نے نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو 21 جولائی کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے 27 یوٹیوب چینلزبلاک کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ عدالت نے گزشتہ روز دو یوٹیوب چینلزکی بندش کا حکم معطل کیا تھا۔
مزید پڑھیں : 27 معروف یوٹیوب چینلز کی بندش ، بڑی پیش رفت سامنے آگئی
یاد رہے عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر دو صفحات کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا ، جس میں 27 معروف یوٹیوب چینلز بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔
حکم نامے میں کہا گیا تھا شواہد کی بنیاد پر عدالت سمجھتی ہے، معاملہ پیکا ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کے تحت قابل سزا جرم ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں یوٹیوب کے افسر انچارج کو حکم دیا تھا کہ مذکورہ ستائیس چینلز کو مکمل طور پر بند کرے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق مطیع اللہ جان ، صابر شاکر ، عبد القادر ، حیدر مہدی ، عمران ریاض ، اوریا مقبول جان ، مخدوم شہاب الدین، وجاہت سعید خان، عبدالقادر، ساجد گوندل، اسد طور ، صدیق جان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف ، نیا پاکستان اور ڈیلی قدرت کے یوٹیوب چینلز بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔