Tag: سیلاب زدگان

  • کینیڈا کا  پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے بڑا اعلان

    کینیڈا کا پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے بڑا اعلان

    اوٹاوا: کینیڈا نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے 25 ملین ڈالر مزید امداد کا اعلان کردیا، پاکستان کے ہائی کمشنر نے کینیڈین حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے مزید ڈھائی کروڑ ڈالر امداد بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

    یہ فنڈنگ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت، غذائیت، خوراک، پانی اور صفائی کے لیے استعمال کی جائے گی۔

    کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے کینیڈین حکومت اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین مضبوط تعلقات پختہ بنیادوں پر استوار ہیں۔

    یاد رہے کینیڈین وزیرہرجیت سجن نے ابتدائی طور پر 5 ملین کینیڈین ڈالرامداد کا اعلان کیا تھا۔

    کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنرظہیرجنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں تھیں ، جس میں سیلاب سے تباہی اور سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی پر بات چیت کی۔

    ہائی کمشنر نے کہا تھا کہ سیلاب اور بارش سے اب تک 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثرہوچکےہیں، سیلاب اوربارش سے 1100سے زائدانسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

  • سعودی عرب سے سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان لیکر دوسرا جہاز پاکستان  پہنچ گئی

    سعودی عرب سے سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان لیکر دوسرا جہاز پاکستان پہنچ گئی

    کراچی : سعودی عرب سے سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان لیکر دوسرا جہاز پاکستان پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے دوست ملک سعودی عرب بھی متحرک ہیں۔

    سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان کے ساتھ سعودی عرب سے انسانی ہمدردی کی دوسری پرواز کراچی پہنچ گئی، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر، سعودی قونصل جنرل اور این ڈی ایم اے کے نمائندے نے طیارے کا استقبال کیا۔

    گذشتہ روز سیلاب زدگان کی مدد کیلئے سعودی عرب سے امدادی سامان لے کر پہلا جہاز کراچی پہنچا تھا۔

    ائیرپورٹ پر سعودی سفیر سعیدالمالکی نے امداد پاکستانی حکام کے حوالے کی، امدادی سامان کنگ سلمان ریلیف سینٹرکی جانب سے بھیجا گیا تھا۔

    ائیر برج کے تحت پہلے دو طیارے ایک سو اسّی ٹن سامان لا رہے ہیں، جس میں ادویات، خیمے اور کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں۔

    سعودی عرب کی جانب سے بھیجے گئے سامان سے ساڑھے انیس ہزار سیلاب زدگان کی مدد ہوگی۔

    صوبائی وزیرسندھ سعیدغنی نے سعودی سفیر اور قونصل جنرل سے ملاقات میں سعودی حکومت اور عوام کا متاثرین کیلئے امدادی سامان کی فراہمی پرشکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے سعودی عرب نے پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے عطیہ مہم شروع کی ہے ، مملکتِ سعودی عرب نے سعودی مخیرافراد سے پاکستانی عوام کی مدد کیلئے عطیات کی اپیل ہے۔

  • امریکا میں سیلاب زدگان کے لیے بڑی فنڈ ریزنگ، 3 گھنٹے میں ایک ملین ڈالر

    امریکا میں سیلاب زدگان کے لیے بڑی فنڈ ریزنگ، 3 گھنٹے میں ایک ملین ڈالر

    ہیوسٹن: امریکا میں سیلاب زدگان کے لیے ایک بڑی فنڈ ریزنگ میں محض 3 گھنٹے کے اندر ایک ملین ڈالر جمع ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ہیوسٹن میں الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں میئر سلوسٹر ٹرنر نے بھی شرکت کی۔

    ارکان کانگریس شیلا جیکسن لی اور ایل گرین نے تقریب کے شرکا کو پاکستان میں سیلاب کی صورت حال سے آگاہ کیا۔ شیلا جیکسن نے کہا بائیڈن انتظامیہ نے مزید 20 ملین ڈالرز امداد کی منظوری دی ہے۔

    پاکستانی نژاد امریکی تاجر سید جاوید انور نے سیلاب زدگان کے لیے 2 لاکھ ڈالر عطیہ کیے۔

  • اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے

    اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے ہیں، حنا ربانی کھر نے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 2 روزہ دورے پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے پہنچے ہیں، وہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور حکومت کے دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    انتونیو گوتریس نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑے پیمانے پر امداد کی جائے، انھوں ںے کہا میں تباہ کن سیلاب سے متاثر افراد سے اظہار یک جہتی کے لیے پاکستان پہنچا ہوں، پاکستان موسمیاتی تباہی سے نبرد آزما ہے۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی پاکستان سے محبت نئی نہیں ہے، انتونیو گوتریس اس سے قبل بھی متعدد بار پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کر چکے ہیں۔

    انتونیو گوتریس اس سے قبل 10 سال تک مہاجرین کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں، یو این سیکرٹری جنرل نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی خدمات کو سراہا۔

    یواین قیادت نےعالمی سطح پر پاکستان کی پُرامن فوج کی کارکردگی کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا، اور امن مشنز میں پاکستانی خواتین کے نہایت متاثر کُن کردار کو ہمیشہ سراہا۔

    خیال رہے کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے امن مشنر میں خواتین کی نمائندگی اور درجہ بندی پر خصوصی توجہ دی۔

  • سیلاب زدگان کے لیے جانے والا سامان کباڑیہ کو  فروخت کرنے والا ٹرک ڈرائیور رنگے ہاتھوں گرفتار

    سیلاب زدگان کے لیے جانے والا سامان کباڑیہ کو فروخت کرنے والا ٹرک ڈرائیور رنگے ہاتھوں گرفتار

    بھکر : سیلاب زدگان کے لیے جانے والا سامان کباڑیہ کو فروخت کرنے کا انکشاف سامنے آیا، پولیس نے ٹرک ڈرائیور اور کباڑیہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے، پاک فوج، حکومت، فلاحی اداروں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہے۔

    ایسے میں سیلاب متاثرین کے لئے جانے والا سامان کباڑیہ کو فروخت کرنے کا واقعہ سامنے آیا، واقعہ پنجاب کے علاقے بھکر میں پیش آیا۔

    ٹرک ڈرائیور منرل واٹر، آٹا اور دیگرسامان کباڑیہ کو فروخت کرتے پکڑا گیا ، ڈرائیور نے لاکھوں روپے مالیت کا سامان ہزاروں میں فروخت کیا گیا۔

    مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع کر دی ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور اور کباڑیہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کا سامان قبضہ میں لیکرتھانہ منتقل کردیا ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں سیلاب سے 33 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ 1,100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • سیلاب زدگان میں وبائی امراض پھوٹ پڑے

    سیلاب زدگان میں وبائی امراض پھوٹ پڑے

    لاہور: جنوبی پنجاب کے سیلاب زدگان میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، ہزاروں متاثرین سانس اور جلد کی بیماریوں، ڈائریا اور بخار میں مبتلا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے سیلاب زدگان میں وبائی امراض پھوٹ پڑے، جنوبی پنجاب کے 37 ہزار سے زائد سیلاب زدگان سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 33 ہزار سے زائد سیلاب زدگان خارش اور جلدی امراض کا شکار ہیں، 20 ہزار سے متاثرین تیز بخار اور 17 ہزار سے زائد متاثرین ڈائریا میں
    مبتلا ہوگئے۔

    محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 21 سیلاب زدگان کو کتوں نے کاٹ لیا جبکہ ڈیرہ غازی خان میں 2 متاثرین کو سانپ ڈسنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔

    ڈھائی ہزار سیلاب زدگان آنکھوں کی مختلف بیماریوں کا شکار ہیں، 3 ہزار سے زائد جان بچانے کے دوران زخمی ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں قائم میڈیکل کیمپس میں 30 ہزار سے زائد متاثرین مختلف بیماریوں کے ساتھ آئے۔

    مجموعی طور پر راجن پور میں 68 ہزار، ڈیرہ غازی خان میں 58 ہزار، لیہ میں 8 ہزار اور مظفر گڑھ میں 6 ہزار سے زائدسیلاب زدگان مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔

  • عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں سے سیلاب زدگان  کیلئے عطیات جاری رکھنے کی اپیل

    عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں سے سیلاب زدگان کیلئے عطیات جاری رکھنے کی اپیل

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات جاری رکھنے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مبطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اوورسیز  پاکستانیوں سے پورٹل کے ذریعےعطیات جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے میں پورٹل سے موصول ہونے  والے عطیات 2 ملین ڈالرز سے تجاوزکر گئے، ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے تعاون کیا ہے۔

    گذشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹیلی تھون میں دل کھول کر عطیات دینے پر پاکستانی عوام خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے کل رات اتنی دل کھول کر عطیہ کیا اور ٹیلی تھون کے3گھنٹےمیں لوگوں نے 5 ارب روپے دینے کا اعلان کیا۔

    خیال رہے تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے ٹیلی تھون پر پاکستانیوں نے پانچ ارب روپے سے زیادہ کے عطیات دیئے تھے۔

  • امریکی کانگریس میں پاکستان کاکَس سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک

    امریکی کانگریس میں پاکستان کاکَس سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک

    واشنگٹن: امریکی کانگریس میں پاکستان کاکَس سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک ہو گیا۔

    پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن نے صدر جو بائیڈن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کی جائے۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ امریکا سیلاب زدگان کی بحالی میں بھرپور حصہ لے۔ شیلا جیکسن لی کو کاکس کے بانی رکن ڈاکٹر آصف ریاض نے سیلاب کی صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بحالی اور امداد میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

    ’برطانیہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کےساتھ ہے‘

    برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 1.5 ملین پاؤنڈز امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔ گزشتہ روز ملکہ الزبتھ نے صدر ممللکت عارف علوی کو خط لکھا کر پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری ہمدردیاں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو متاثر ہوئے ہیں۔

    کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس بھی عالمی برادری سے پاکستان میں آئے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امداد کی اپیل کر چکے ہیں۔

  • عمران خان آج رات  سیلاب زدگان کے لیے ٹیلی تھون کریں گے

    عمران خان آج رات سیلاب زدگان کے لیے ٹیلی تھون کریں گے

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج رات سیلاب زدگان کے لیے ٹیلی تھون کریں گے، عمران خان نے تمام پاکستانیوں اوراوورسیز کو شرکت کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج رات ساڑھے 9 سے 12 بجے سیلاب متاثرین کیلئے بین الاقومی ٹیلی تھون منعقد کریں گے۔

    ٹیلی تھون کے ذریعے مخیرحضرات سے سیلاب متاثرین کیلئے چندہ جمع کیا جائے گا، اس موقع پر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلی بھی عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔

    عمران خان نے سیلاب متاثرین کیلئے ٹیلی تھون سے متعلق خصوصی پیغام میں کہا تھا کہ اللہ نےہمیں بڑےامتحان میں ڈالا ہے، 2010 سے بھی بڑا سیلاب آج پاکستان میں آیا ہوا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک کے بہت سےعوام سیلاب سے شدید متاثر ہیں، سیلاب متاثرین کیلئےٹیلی تھون کے ذریعے پیسے اکٹھے کر رہا ہوں۔

    عمران خان نے تمام پاکستانیوں اور اوورسیز کو ٹیلی تھون میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا جیسے جیسے پیسہ آئے گا سیلاب متاثرین میں تقسیم کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی تھون سے جو فنڈز آئیں گے ان کو ثانیہ نشتر دیکھیں گی، ثانیہ نشتر کے ماتحت ایک کمیٹی میں تمام صوبوں کے لوگ شامل ہوں گے اور ٹیلی تھون سے جو پیسہ ملے گا وہ پورے پاکستان میں استعمال ہوگا۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عدالت نے پابندی ختم کی تو سیلاب زدگان کےلیےٹیلی تھون تمام چینلزپر لائیو ہو گی ، بہرحال 500سے زیادہ ڈیجیٹل پلیٹ فورمز اس نشریات کیلئے استعمال ہوں گے۔

  • یورپی یونین کا سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد کا اعلان

    یورپی یونین کا سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد کا اعلان

    برسلز: یورپی یونین نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے سیلاب کے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کر دیا، نگران انسانی ہمدردی پروگرام کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدد کی جائے گی۔

    تہینی تھماناگوڈا نے کہا کہ سیلاب نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی ہے، پروگرام کے تحت بلوچستان کے علاقوں جھل مگسی اور لسبیلا میں سیلاب زدگان کی مدد کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب نے سندھ اور بلوچستان پر قیامت ڈھا دی ہے، سندھ میں چوبیس گھنٹے میں مزید تیس افراد جاں بحق، جب کہ بلوچستان میں مون سون سیزن کی تباہی میں 234 افراد جان سے گئے۔

    بلوچستان میں اٹھائیس ہزار مکانات منہدم ہوئے اور ساڑھے سات ہزار گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جب کہ 710 کلومیٹر طویل شاہراہیں اور 18 پل متاثر ہوئے، جب کہ ایک لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔