پاکستان میں سیلاب سے انسانوں کے ساتھ ساتھ درخت بھی متاثر ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں درختوں پر مکڑے کے جالے خوفناک منظر پیش کرنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب کے بعد غیر متوقع صورتحال دیکھنے میں آئی جب سیلاب زدہ علاقوں میں لاکھوں مکڑیوں نے پناہ کے لیے درختوں پر ڈیرے جمالئے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ سیلاب سے مکڑیوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے سے تحصیل کیم شاہ کے درختوں نے مکڑی کے جالے کی چادر اوڑھ لی ہے۔
گاؤں جاڑو پنہور کے لنک روڈ کے دونوں اطراف درختوں پر مکڑی کے جالے کی وجہ سے سڑک غار نما بن گئی ہے۔
علاقہ مکین نے بتایا کہ گاؤں کا منظر اتنا خوفناک ہوگیا ہے کہ رات کو الگ بات دن میں بھی آتے ڈر لگتا ہے۔
مکڑی کے جالوں سے سڑک خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ خوفناک نظارے پیش کرنے لگی ہے، ایک اور علاقہ مکین نے کہا کہ دن بدن مکڑی کے جالے بڑھتے جارہے ہیں اور ایک خوفناک منظر ہے۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی عدم دلچسپی کے باعث سیلاب سے درختوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔