Tag: سیلاب متاثرہ علاقے

  • سوات : سیلاب متاثرہ علاقے کی صفائی میں مصروف رضاکاروں کو 20 تولے سونا مل گیا

    سوات : سیلاب متاثرہ علاقے کی صفائی میں مصروف رضاکاروں کو 20 تولے سونا مل گیا

    سوات: سیلاب متاثرہ علاقے کی صفائی میں مصروف رضاکاروں کو 20 تولے سونا مل گیا تاہم ملنے والا سونا اصل مالک کو شناخت کے بعد واپس لوٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوات میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف کام کے دوران ایک مقامی مدرسے کے طلبہ نے دیانت داری کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے 20 تولہ سونا اس کے اصل مالک کو واپس کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیچڑ اور ملبے سے اٹے طلبہ ایک تباہ شدہ گھر سے طلائی زیورات برآمد کر رہے ہیں، بعدازاں یہ زیورات مدرسے کے مہتمم کے حوالے کیے گئے، جنہوں نے تصدیق کے بعد امانت اصل مالک تک پہنچا دی۔

    مقامی ذرائع ک نے بتایا کہ طلبہ کو اس عمل پر 10 ہزار روپے بطور انعام دیے گئے، تاہم انہوں نے یہ رقم بھی چندے میں دے دی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں فی تولہ 24 قیراط سونے کی موجودہ قیمت 3 لاکھ 55 ہزار 700 روپے ہے، جس حساب سے برآمد ہونے والا یہ سونا کئی ملین روپے مالیت کا تھا۔

    مدرسے کے طلبہ کے اس اقدام کو عوام اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

  • پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

    پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

    اسلام آباد: فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں۔

    اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نکولس گیلے نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میخاں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے 30 ارب ڈالر سے زیادہ درکار ہیں، پاکستان ہی نہیں یورپ، نائجیریا اور ویتنام بھی قدرتی آفات کے نرغے میں ہیں۔

    نکولس گیلے نے کہا کہ فرانس نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ آبادی کی ہر ممکن مدد کی اور کرے گا، موسمیاتی تغیر سے بین الاقوامی برادری کو مشترکہ انداز میں نمٹنا ہو گا۔

    انھوں نے کہا فرانسیسی صدر نے پیرس معاہدے کے تحت تمام ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی مدد کی اپیل کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی موسمیاتی یک جہتی معاہدے پر زور دیا۔

    فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب آیا تو ان کے ملک نے فوری طور پر ہنگامی آلات اور فوجی ماہرین کو پاکستان بھیجا اور ریلیف آپریشن میں مدد کی، خصوصی پرواز سے خیمے اور غذائی اشیا بھیجے گئے۔

    انھوں نے کہا فرانس کے 40 سول سیکیورٹی ماہرین نے دادو ضلع میں پانی صاف کرنے کے پلانٹس نصب کیے، فرانسیسی فوجی ٹیم نے مقامی سیلاب متاثرین کو 6 لاکھ لیٹرز پینے کا صاف پانی فراہم کیا، فرانس نے ایک طویل پل بھی سندھ حکومت کو حوالے کیا۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ فرانس نے پاکستان کے تین صوبوں میں 90 ہزار افراد کے لیے 10 لاکھ یورو کی رقم مختص کی، ایک کروڑ یورو ماؤں اور بچوں کی غذائیت کے لیے عالمی ادارہ خوراک کے لیے مختص کیے گئے۔

    نکولس گیلے نے بتایا کہ سندھ کے اضلاع قمبر، شہداد کوٹ اور خیرپور کے 30 ہزار سیلاب متاثرین کو مدد دی جا رہی ہے، فرانسیسی امداد سے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ میں 40 ہزار افراد کو فائدہ ہوگا۔

  • وزیر اعظم ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ

    وزیر اعظم ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ ہوگئے، وزیر اعظم متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے دورے کے لیے روانہ ہوگئے، وفاقہ وزرا مریم اورنگزیب، سردار اسرار ترین، عبد الواسع، نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔

    وزیر اعظم خشنوب اور قلعہ سیف اللہ میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم خیمہ بستی کا دورہ کریں گے اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔

    خیال رہے کہ بارشوں سے بلوچستان میں تباہی کی داستان رقم ہوچکی ہے، اب تک صوبے میں 137 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    صوبے میں 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں جبکہ متعدد دیگر ڈیم پانی سے بھر گئے ہیں۔