(22 اگست 2025): برطانیہ نے پاکستان میں کلاؤڈ برسٹ طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلابی ریلوں کے متاثرین کے لیے 1.33 ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ نے حالیہ طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور اس کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلابی ریلوں سے ہونے والی تباہی اور اس کے متاثرین کے لیے 1.33 ملین پاؤنڈ (پاکستانی تقریباً 50 کروڑ روپے سے زائد) کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
برطانیہ کی جانب سے دی جانے والی یہ امداد پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے 7 متاثرہ اضلاع میں امداد فراہم کی جائے گی اور 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد متاثرہ خاندان کو یہ امداد ملے گی۔
جن علاقوں میں ہیلتھ کلینکس کو نقصان پہنچا، وہاں موبائل میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جب کہ نان فوڈ آئٹمز، فوڈ راشن اور شیلٹر مٹیریل کی بے گھر خاندانوں میں تقسیم جاری ہے۔
حکومت سندھ کو بھی بارش کی صورت میں قدرتی آفت سے نمٹنے کی تیاری میں بہتری کے لیے مدد فراہم کی گئی۔ ابتدائی طور پر ٹھٹھہ، نوشہرو فیروز اور جامشورو اضلاع میں امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ کے بادشاہ چارلس اور وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
اس حوالے شاہ برطانیہ نے خط اور وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے پاکستان ہم منصب شہباز شریف سے رابطہ کر کے مصیبت کی اس گھڑی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔