Tag: سیلاب متاثرین

  • سیلاب متاثرین کو حیدرآباد لے جانے والی مسافر بس حادثے سے بال بال بچ گئی

    سیلاب متاثرین کو حیدرآباد لے جانے والی مسافر بس حادثے سے بال بال بچ گئی

    دادو: سیلاب متاثرین کو حیدرآباد لے جانے والی مسافر بس حادثے سے بچ گئی اور بس میں سوار سیلاب متاثرین معجزانہ طور محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق دادو کے علاقے جوہی میں سیلاب متاثرین کو حیدرآباد لے جانے والی مسافر بس حادثے سے بال بال بچ گئی۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ سیلابی پانی ہونے کے سبب بھان جوہی روڈ بند تھا، بس سیلابی پانی کی وجہ سے روڈ کے ساتھ سیلابی پانی کے گڑھے میں اتر گئی۔

    جس کے باعث مسافر خوف زدہ ہوکر چیخ چلانے لگے تاہم کرین کے ذریعے بس کو گڑھے سے نکال لیا گیا ہے اور بس میں سوار سیلاب متاثرین معجزانہ طور محفوظ رہے۔

    خیال رہے بلوچستان سے آنے والا ریلا قمبر شہداد کوٹ کے بعد دادو میں تباہی مچانے لگا ہے ، ایم این وی ڈرین میں شگاف پڑنے کے بعد پانی خیرپور ناتھن شاہ میں داخل ہوگیا ہے۔

    جوہی شہر کے چاروں جانب پانی ہی پانی ہے ، جوہی کو بچانے کیلئے شہری اپنی مدد آپ کےتحت رنگ بند کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔

  • ترکی سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لیکر چھٹا طیارہ  پاکستان  پہنچ گیا

    ترکی سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لیکر چھٹا طیارہ پاکستان پہنچ گیا

    کراچی : ترکیہ سے سیلاب متاثرین کے لیےامدادی سامان لیکر چھٹا طیارہ پاکستان پہنچ گیا، سامان میں کمبل، خیمے اور کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد ترکی کی جانب سے بڑے پیمانے پر سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکی سے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان لیکر چھٹا جہاز کراچی ائیرپورٹ پہنچ گیا۔

    ذرائع کے مطابق خصوصی جہاز میں ترکی نے کمبل، خیمے، کھانے پینے کی اشیا سیلاب متاثرین کے لیے لائی گئی ہیں۔

    چند دن کے دوران ترکی اب تک سات طیاروں کے ذریعے 75 ٹن سے زائد سیلاب متاثرین کی امداد کا سامان پہنچ چکا ہے۔

    گذشتہ روز ترک ٹی وی نے انقرہ سے سیلاب زدگان کے لیےامدادی سامان سے لے کر آنے والی ٹرین کی ویڈیو جاری کی تھی ، یہ ٹرین ایران کے راستے آٹھ دن میں پاکستان پہنچے گی۔

    بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر پر ترک صدر رجب طیب اِردوان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سیلاب زدگان کی امداد کیلیے ترک صدر کے مشکور ہیں۔

  • سیلاب متاثرین کیلئے 25 ہزار روپے فی خاندان فراہمی کی منظوری

    سیلاب متاثرین کیلئے 25 ہزار روپے فی خاندان فراہمی کی منظوری

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب زدگان کیلئے 25 ہزار روپے کے امدادی کیش کی فراہمی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

    اجلاس میں سیلاب زدگان کیلئے امدادی کیش کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت سیلاب زدگان میں 25 ہزار روپے فی خاندان کو فراہم کئے جائیں گے اور وفاق صوبوں کو بھی رقم فراہمی میں حصہ ڈالنے کی بات کرے گا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اقتصادی امور ڈویژن کی جی 20 ممالک سے قرض موخر اقدامات کی سمری کی منظوری دی، قرض موخر اقدام کے تحت جی ٹونٹی ممالک سے قرض موخر کرنے کے معاہدے کیے جائیں گے۔

    ای سی سی نے ایف اے ٹی ایف ٹیم کے دورہ کیلئے انتظامی اخراجات کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی مد میں 70 لاکھ کی منظوری بھی دی، ایف اے ٹی ایف 15 رکنی ٹیم 29 اگست سے 2 ستمبر تک آن سائٹ وزٹ کیلئے دورہ پاکستان پر ہے۔

    وزیر خزانہ کت زیر صدارت اجلاس میں گندم کے اسٹرٹیجک ذخائر 20 لاکھ ٹن کی سطح پر برقرار رکھنے اور این ایچ اے کو بزنس پلان کی تیاری کیلئے 30 ستمبر 2022 تک کی مہلت کی منظوری بھی دے دی گئی۔

    این ایچ اے کو بزنس پلان کی تیاری کیلئے 30 ستمبر 2022 کے بعد مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹی سی پی کو 8 لاکھ ٹن گندم کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات کر دی گئی تھی، گندم کی درآمد حکومتی سطح پر معاہدے یا اوپن بڈنگ کے ذریعے ہونی تھی اب نجی شعبے کے ذریعے گندم درآمد کی جائے گی۔

    گندم کی درآمد کا فیصلہ مقامی سطح پر گندم کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا، نجی شعبے کو گندم کی درآمد پر سبسڈی نہیں ملے گی۔

  • وزیر اعظم سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چین کے شکر گزار

    وزیر اعظم سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چین کے شکر گزار

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر چینی صدر اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چینی صدر اور وزیر اعظم کا سیلاب سے متاثرہ افراد کی مالی امداد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب کی اپنی شدت اور پھیلاؤ کے لحاظ سے کوئی اور مثال نہیں، چین مشکل ترین وقت میں ہمارے ساتھ رہا، ہم اس کی حمایت کی بہت قدر کرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

    سیلاب سے 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔

    ملک بھر میں اب تک سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  • کینیڈین حکومت کا سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے بڑا اعلان

    کینیڈین حکومت کا سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے بڑا اعلان

    اوٹاوا : کینیڈین حکومت نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 5 ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 5 ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا ، کینیڈین وزیرہرجیت سجن نے ابتدائی طور پر 5 ملین کینیڈین ڈالرامداد کا اعلان کیا۔

    کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنرظہیرجنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں ، جس میں سیلاب سے تباہی اور سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی پر بات چیت کی۔

    ہائی کمشنر نے کہا کہ سیلاب اور بارش سے اب تک 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثرہوچکےہیں، سیلاب اوربارش سے 1100سے زائدانسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

    ظہیر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ سیلاب اوربارش سے 1600سےزائدافرادزخمی ہوئے، 7 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک اور 10 لاکھ سے زائد مکانات جزوی یا مکمل طورپرتباہ ہوچکےہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ سیلاب سے 163 پلوں اور 170 دکانیں تباہ ہوچکی ہیں اور 3400 کلومیٹر طویل سڑکوں کونقصان پہنچا جبکہ سیلاب اور بارش سے بڑے پیمانے پر تیار فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔

  • سیلاب متاثرین، جرمن قونصل خانے کا فوڈ ریلیف پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط

    سیلاب متاثرین، جرمن قونصل خانے کا فوڈ ریلیف پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط

    کراچی: سیلاب متاثرین کے لیے جرمن قونصل خانے نے ہنگامی فوڈ ریلیف پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جرمن قونصل خانے نے ہنگامی فوڈ ریلیف پروجیکٹ کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

    ہنگامی فوڈ ریلیف پروجیکٹ کے تحت ضلع لسبیلہ کے ایک ہزار خاندانوں کو 2 ماہ تک کھانا فراہم کیا جائے گا۔

    جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو غذا کی فوری ضرورت ہے، اس پروگرام سے سیلاب زدہ خاندانوں کی مدد ہوگی۔

    ہولگر زیگلر کا کہنا تھا کہ میرا دل سندھ بلوچستان کے عوام کے لیے دھڑکتا ہے، میں اور میری اہلیہ اس مصیبت کی گھڑی میں سندھ اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔

    امریکی کانگریس میں پاکستان کاکَس سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک

    قونصل جنرل نے بتایا کہ انھوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ زیارت میں قائد اعظم کی رہائش گاہ بھی دیکھی تھی، جس نے ان کے دل میں جگہ بنائی۔

    انھوں نے کہا سیلاب متاثرین کی خوراک کی ضروریات پوری ہوں گی تو متاثرین دیگر مسائل پر توجہ دے سکیں گے۔

    بلوچستان رورل پروجیکٹ ڈاکٹر شاہنواز نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا، اور کہا سیلاب کی تباہی سے نمٹنے کے لیے حکومت اور فلاحی اداروں کو غیر ملکی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

  • سیلاب متاثرین کے لیے ملیر پولیس اور انتظامیہ ضلع ملیر کا احسن اقدام

    سیلاب متاثرین کے لیے ملیر پولیس اور انتظامیہ ضلع ملیر کا احسن اقدام

    کراچی: ملیر پولیس نے سیلاب متاثرین کے لیے مثالی اقدام کرتے ہوئے کنڈ جھنڈ اور موئیدان میں 1 ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں میں ایک مہینے کا راش تقسیم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کنڈ جھنڈ اور موئیدان میں 1 ہزار سے زائد سیلاب متاثرہ خاندان موجود ہیں، جن میں ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر اور ڈپٹی کمشنر ملیر ارفان سلام میروانی کی جانب سے ایک مہینے کا راشن تقسیم کیا گیا۔

    شدید بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کی امداد کے لیے عرفان بہادر اور ارفان سلام خود کئی روز سے آپریشن میں موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی ٹیم 3 روز قبل سندھ بلوچستان بارڈر کے قریب پہنچی تھی، جہاں ضلعی انتظامیہ اور ضلع ملیر پولیس کے مشترکہ تعاون سے سیلاب متاثرین کے لیے فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے، جس سے اب تک 2 ہزار سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

    ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کنڈ جھنڈ اور موئیدان میں شدید بارشیں اور سیلابی صورت حال ہے، جس کے بعد حکومت کی جانب سے ان دونوں علاقوں کو آفت ذدہ قرار دیا گیا۔

    دوسری جانب ڈی ایم سی اور ڈی سی ملیر کے مشترکہ تعان سے ہیوی مشینری کے ذریعے سڑکوں کو آمد و رفت کے لیے جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان ضلع ملیر پولیس کا کہنا ہے کہ قدرتی آفت سے نبرد آزما خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ضلع ملیر پولیس اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لا کر آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

  • ترکی اور یواے ای  کے طیارے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان  لے کر پاکستان پہنچ گئے

    ترکی اور یواے ای کے طیارے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گئے

    کراچی : ترکی اور متحدہ عرب امارات سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر طیارے پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی امداد لیکر ترکی سے جہاز کراچی ائیرپورٹ لینڈ کرگیا

    وفاقی وزیر خرم دستگیر خان اور صوبائی وزیر سعید غنی نے ترکی کے حکام سے ریلیف کے لیے پہنچنے والے سامان کو وصول کیا۔

    ائیرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ ترکی سے پہنچنے والے سامان میں ٹینٹ ، کھانے پینے کی اشیا، مچھر دانیاں اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

    اس موقع پر ترکی کے سفارتخانہ کے حکام ا، این ڈی ایم اے حکام اور پی ڈی ایم اے سندھ کے ڈی جی سلمان شاہ ٹیم کے ہمراہ بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

    ذرائع کے مطابق ترکی ایرفورس کے طیارہ ریلیف کا سامان لیکر 7:55بجے لینڈ کیا، ریلیف کا سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم ہوگا۔

    دوسری جانب یو اے ای سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر پہلا طیارہ راولپنڈی پہنچا ، امدادی سامان میں خیمے،خوراک،دوائیں اوردیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔

    متحدہ عرب امارات سے چند دن میں مزید پندرہ طیارے پاکستان پہنچیں گے۔

    خیال رہے گزشتہ روز وزیراعظم کی ترکیہ کےصدرطیب اردوان سے ٹیلیفون پرگفتگوہوئی تھی ، جس میں وزیراعثم نے ترکیہ کے صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا تھا۔

    متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم سے فون پر سیلاب سے تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

  • کور کمانڈر لاہور کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کیمپس قائم

    کور کمانڈر لاہور کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کیمپس قائم

    لاہور : کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 17 مختلف مقامات پر امدادی کیمپس قائم کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کی ہدایت پر امدادی کیمپس قائم کردیئے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لاہور ڈویژن میں پاک آرمی اور پنجاب رینجرز نے 17 مختلف مقامات پر سیلاب زدگان کے لئے امدادی کیمپس لگائے گئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیلاب متاثرین کیلئےامدادی کیمپس فورٹرس سٹیڈیم، صدر، والٹن، جوہر ٹاؤن، گریٹر اقبال پارک، بیدیاں روڈ، ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی، لبرٹی، قصور، شیخوپورہ اور چونیاں کے مقام پر قائم کئے گئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کمیپس میں عوام سیلاب متاثرین کے لئے کیمپس میں عطیات جمع کر وا رہی ہے، عطیات میں خوراک، ادویات، پینے کا پانی، دریاں، کمبل، مچھر دانیاں اور گرم کپڑے شامل ہیں۔

    پاک آرمی اور پنجاب رینجرز کے جوان متاثرین تک عطیات کی ترسیل کے لئے دن رات مصروف عمل ہیں۔

    پاک فوج بلوچستان ، سندھ، کے پی کے اور جنوبی پنجاب کے متاثرین تک ترسیل بھی یقینی بنا رہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام ضرورت کی اس گھڑی میں دل کھول کر عطیات دیں اور متاثرین کو ریلیف پہنچائیں۔

  • گرلز ڈگری کالج میں سیلاب متاثرین کھانا پکانے کے لیے فرنیچر جلانے لگے

    گرلز ڈگری کالج میں سیلاب متاثرین کھانا پکانے کے لیے فرنیچر جلانے لگے

    حیدرآباد: قاسم آباد گرلز ڈگری کالج میں سیلاب متاثرین کھانا پکانے کے لیے فرنیچر جلانے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں قائم قاسم آباد گرلز ڈگری کالج میں سیلاب متاثرین کی جانب سے سرکاری کالج کے فرنیچر کو جلا کر کھانے پکانے کی اطلاع ہے۔

    اس سلسلے میں کالج کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں سابق ڈائریکٹر جنرل کالجز اور موجودہ ڈائریکٹر کالجز آفس سندھ پروفیسر عبدالحمید چنڑ سیلاب متاثرین کو فرنیچر جلانے سے منع کر رہے ہیں۔

    ڈائریکٹر کالجز آفس سندھ پروفیسر عبدالحمید چنڑ نے اطلاع ملنے پر گرلز کالج کا معائنہ کیا، انھوں نے کالج کے فرنیچر کو جلانے سے منع کیا تو سیلاب متاثرین نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

    ڈائریکٹر کالجز آفس سندھ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کالح فرنیچر جلانے سے گریز کریں، خلاف ورزی پر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

    پروفیسر عبدالحمید چنڑ کا کہنا تھا کہ کالج کا سرکاری فرنیچر جلانے سے منع کرنے پر سیلاب متاثرین کا احتجاج ناقابل فہم ہے۔