Tag: سیلاب متاثرین

  • متاثرین کی بحالی کے لیے 200 ارب سے زائد درکار ہوں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

    متاثرین کی بحالی کے لیے 200 ارب سے زائد درکار ہوں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے میں متاثرین کی بحالی کے لیے 200 ارب سے زائد درکار ہوں گے، وزیر اعظم نے 10 ارب روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ روز وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سینئر صحافیوں سے ملاقات کی، جس میں انھوں نے صحافیوں سے سیلاب کی صورت حال پر بات چیت کی۔

    بزنجو نے کہا وزیر اعظم اور پاک فوج بھرپور معاونت کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے 10 ارب روپے دینے کا اعلان کیا ہے، لیکن متاثرین کی بحالی کے لیے 200 ارب سے زائد درکار ہوں گے۔

    وزیر اعظم کا بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کا اعلان

    صحافیوں سے گفتگو میں عبدالقدوس بزنجو نے اپنے بارے میں دل چسپ گفتگو بھی کی، کہا لوگ بلاوجہ کہتے ہیں کہ میں سو رہا ہوتا ہوں، میں کہتا ہوں سوتے ہوئے اتنا کام کر رہا ہوں اگر جاگ گیا تو کیا ہوگا؟ انھوں ںے مزید کہا کہ لوگ پاگل ہیں جو ہر وقت سونے والے کو وزیر اعلیٰ اور پارٹی صدر بنائیں گے؟

    انھوں ںے کہا بلوچستان میں 2010 کے سیلاب سے 100 گنا زیادہ تباہی ہوئی ہے، اتنی تباہی ہے کہ حکومت کا ہر ایک شخص تک پہنچنا مشکل ہے، لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں اور ہمارے پاس دینے کے لیے ٹینٹ نہیں ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ٹینٹ نہ ملنے کے سلسلے میں مالی مسئلہ نہیں بلکہ حکومت کو مارکیٹ سے ٹینٹ نہیں مل رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا زمینی اور ریلوے رابطے معطل ہونے سے آئندہ دن مشکل ہیں، عبدالقدوس بزنجو نے وی آئی پی دوروں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ریلیف آپریشن میں رکاوٹ آتی ہے، وزیر اعظم کو بھی کہا تھا کہ آپ کا دورہ مشکلات پیدا کرتا ہے۔

    قدوس بزنجو نے یہ بھی کہا کہ کوئٹہ میں بارش نے وہاں نقصان پہنچایا ہے جہاں زمینیں قبضہ ہوئی ہیں۔

  • نیلم منیر نے سیاست دانوں کی نااہلی پر سوال اٹھا دیا

    نیلم منیر نے سیاست دانوں کی نااہلی پر سوال اٹھا دیا

    معروف اداکارہ نیلم منیر نے سیاست دانوں کی نااہلی پر سوال اٹھا دیا، انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین بے گھر اور دربدر ہیں لیکن ہمارے سیاست دان اقتدار کے لیے ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ نیلم منیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سیلاب زدگان کی تصاویر شیئر کردیں۔

    تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ سیلاب نے پورے ملک میں تباہی مچادی ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ بے گھر، دربدر اور تباہ حال لوگ خوفزدہ اور پریشان ہیں، لیکن ہمارے سیاست دان اقتدار کے لیے ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اللہ کے سامنے اپنی صفائی کیسے پیش کرسکیں گے؟

    اس سے قبل متعدد دیگر اداکار بھی سیلاب سے تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار اور امداد کی اپیل کرچکے ہیں۔

  • سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پی آئی اے بھی میدان میں آگئی

    سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پی آئی اے بھی میدان میں آگئی

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ریلیف آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایرلائن سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے میدان میں آگئی، پی آئی اے نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ریلیف آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    سی ای او پی آئی اے نے قومی ایرلاین کے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کو فعال کرکے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

    پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 24 گھنٹے این ڈی ایم اے کے ہمراہ کوآرڈینیشن کرے گا۔

    سیلاب متاثرین کی امداد ریلیف آپریشن کے لیے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں دوسرے درجے کا ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا ہے۔

    سندھ بلوچستان سمیت ملک بھر میں پی آئی اے ریلیف آپریشن میں این ڈی ایم اے کے ہمراہ مل کر کام کرے گا۔

    ایمرجنسی الرٹ جاری ہونے کے بعد پی آئی اے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر فعال ہوگیا ہے جبکہ پی آئی اے کے متعلقہ حکام کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    پی آئی اے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں "بلو لیول” ایمرجنسی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

  • ’ایک ماہ کے آذر کی جان بچائیں‘ سندھ کے سیلاب متاثرین بے یارو مددگار

    ’ایک ماہ کے آذر کی جان بچائیں‘ سندھ کے سیلاب متاثرین بے یارو مددگار

    حیدرآباد:  نوشہروفیروز سے حیدرآباد آنے والے سیلاب متاثرین کے کیمپ میں ایک ماہ کے  بیمار بچے آذر کی جان خطرے میں آگئی۔

    اس وقت پورا ملک سیلابی صورتحال سے دو چار ہے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش سیلاب زدگان کی کہانیاں، خبریں، تصویریں اور وائرل ویڈیوز دیکھ کر لوگوں کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

    سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کے سیلاب متاثرین کیمپ میں ایک ماہ کا بچہ آذر امداد کا منتظر ہے۔

    انتظامیہ کی امداد کے منتظر ہیں، متاثرین

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق قاسم آباد اولڈ وحدت کالونی کے اسکول میں 200 سے زائد سیلاب متاثرین پناہ لیے ہوئے ہیں اور حکومتی امداد کا انتظار کررہے ہیں۔

    کیمپ میں موجود ایک ماہ کے بیمار بچے آذر کے لیے نہ دوائیں ہیں اور نہ ہی پینے کے لیے دودھ ہے، ماں اپنے لخت جگر کے لیے پریشان ہیں جبکہ انتظامیہ اسکول میں چھوڑ کر چلی گئی کمروں میں تالے لگے ہوئے ہیں۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی امداد کے منتظر ہیں لیکن کمروں میں تالے لگا کر ہمیں بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا نمائندہ اے آر وائی نیوز سے رابطہ

    صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ آپ کے نمائندے زاہد کلہوڑو سے گفتگو ہوئی ہے ڈپٹی کمشنر کو کہا ہے کہ ننھے بچے کو غذا اور دوائیں فراہم کی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کے اکاؤنٹ میں فنڈز بھیج دیے ہیں لوگوں کو کھانا فراہم کرنا اور ان کی دیکھ بھال ہمارا فرض ہے۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تمام صورت حال کو مانیٹر کیا جارہا ہے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

    حیدرآباد کے شہری کس طرح  گھروں میں محصور

    علاوہ ازیں حیدرآباد میں بارش کا سلسلہ تھم گیا مگر رہائشی آبادی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور نکاسی آب کے لیے انتظامیہ نہیں نظر نہیں آرہی ہے۔

    فضائی منظر میں دیکھا گیا کہ حیدرآباد کے شہری کس طرح اپنے گھروں میں محصور ہیں اور ان کا گھروں سے نکلنا محال ہے جبکہ لوگوں کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے۔

  • سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف

    سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ایس ایم ایس سروس متعارف

    اسلام آباد : سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے وزیراعظم فلڈ ریلیف میں عطیات جمع کرانے کے لئے ایس ایم ایس سروس متعارف کرادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وزیراعظم فلڈریلیف فنڈ کا شارٹ کوڈ 9999 جاری کردیا گیا۔

    اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نےباضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، موبائل فون سےفنڈ لکھ کر 9999پرایس ایم ایس بھیج کر 10 روپے عطیہ کرسکتے ہیں۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ تمام آپریٹرز جمع ہونے والے عطیات سے این ڈی ایم اے کو مطلع کریں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم نےسیلاب متاثرین کےلئےوزیراعظم فلڈریلیف فنڈ 2022 قائم کیا تھا ، عوام وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈاکاؤنٹ نمبرجی- 12164 میں عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔

    گذشتہ روز پاک فوج کے افسران اور وفاقی کابینہ کے ارکان نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کی تھی۔

  • صدر مملکت نے عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کردی

    صدر مملکت نے عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کردی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کردی۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم، سمندر پار پاکستانی اور عالمی برادری متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے، سیلاب متاثرین کو ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے، سڑکوں، پلوں اور مواصلاتی نظام کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

    صدر مملکت نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا، ایک بار پھر قوم امدادی کوششوں میں دل کھول کر اپنا حصہ ڈالے۔

  • امداد کی بروقت فراہمی سمیت سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف آپریشن کے لیے اہم فیصلے

    امداد کی بروقت فراہمی سمیت سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف آپریشن کے لیے اہم فیصلے

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم کی زیر صدارت حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال پر گزشتہ رات 3 گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ملک میں سیلابی صورت حال سے متعلق ہنگامی بنیادوں پر صوبائی حکومتوں کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔

    وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد کو مزید تیز اور منظم کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دیں، جو تمام صوبوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی اشیا کی فوری فراہمی یقینی بنائیں گی۔ وفاقی وزرا اور اتحادی رہنماؤں کی سربراہی میں صاف پانی، خیموں، ادویات، اور راشن پر علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

    وزیر اعظم نے فوری طور پر اسلام آباد میں سفرا کی کانفرنس بلانے کا بھی فیصلہ کیا، جس میں سفیروں کو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اعتماد میں لیا جائے گا، اور انھیں ریسکیو اور امدادی آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے بی آئی ایس پی کے تحت جاری فلڈ ریلیف کیش پروگرام میں تقسیم میں تعطل کا سخت نوٹس لیا، اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ 3 دن کے اندر فلڈ ریلیف کیش کی رقم تقسیم کرنے کی ہدایات پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے بی آئی ایس پی کو 2 ستمبر تک فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے تحت 25 ہزار فی متاثرہ خاندان پہنچانے کی دو ٹوک ہدایات جاری کر دیں، اور کہا کہ جو بینک اس ٹارگٹ کو پورا نہ کر سکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کے لیے کشتیوں کی یقینی فراہمی کے لیے ڈی جی ایم او اور نیول چیف سے رابطے کی بھی فوری ہدایت کی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت اقتصادی امور اور خزانہ کو ہدایت کی کہ ڈونرز کانفرنس میں بین الاقوامی اداروں، تنظیموں کی طرف سے امداد متاثرین تک پہنچانے کی جامع حکمت عملی بنائی جائے۔

    انھوں نے فلڈ ریلیف کمیٹی کو پاک فوج کو سیلاب متاثرین کے ریسکیو آپریشن کے لیے مدعو کرنے اور کارروائیوں کو منظم کرنے کی بھی ہدایت کی، اور کہا ڈی جی ایم او کو فوری طور پر اعتماد میں لے کر حکومتی ریسکیو و ریلیف آپریشن اور پاک فوج کے آپریشنز کو یکجا کر کے منظم کیا جائے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں گھروں کے نقصانات کے پیش نظر متاثرین کے لیے خیموں کی تعداد 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں سیلابی صورت حال کے پیش نظر ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر ہنگامی اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے، وزیر اعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

  • وزیر اعظم کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری

    وزیر اعظم کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری ہے، وزیر اعظم نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، متعلقہ وزارتوں اور دیگر محکموں کو اشتراک عمل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ سیلاب کی تباہی میں مزید اضافہ کر رہا ہے، سیلاب سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے، ان کی مدد ہم سب کا فرض ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ قدرتی آفت کا شکار علاقوں میں بحالی بڑا کام ہے، یہ اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے۔

    انہوں نے پاکستانیوں، مخیر اداروں اور دیگر تنظیموں سے مدد کے کام میں ہاتھ بٹانے کی بھی اپیل کی۔

  • سیلاب متاثرین کے لیے امدادی فنڈ قائم ، وزیراعظم کی مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل

    سیلاب متاثرین کے لیے امدادی فنڈ قائم ، وزیراعظم کی مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل

    اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی فنڈ قائم کردیا اور مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کےلیےامدادی فنڈ قائم کر دیا۔

    وزیراعظم نے مخیر حضرات سے اپیل ہےکہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہل وطن کی مدد کریں، تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغری ٰبرپا کی ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بے تحاشہ نقصانات ہوئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب متاثرین کے لیےجاری کردیے، مخیر حضرات مشکلات میں گھرے پاکستانیوں کو پھرآباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔.

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے، اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے وقت دل کھول کر مدد کی، اہل پاکستان دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور صوبائی حکومتیں بھی متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو تیز کیا جاسکے۔

    انھوں نے بتایا کہ رقوم پرائم منسٹر ریلیف فنڈ 2022 کےاکاؤنٹ نمبر جی 12164 میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔

  • رابطہ عالم اسلامی کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے اہم قدم

    رابطہ عالم اسلامی کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے اہم قدم

    اسلام آباد: سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے رابطہ عالم اسلامی کا فوڈ پیکج پہنچ گیا، 6 ہزار پیکجز متاثرہ علاقوں کو بھجوا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے فوڈ پیکج کی ترسیل کے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے، سعودی سفیر اور دیگر نے شرکت کی۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس موقع پر کہا کہ ملک کو رواں سال پے در پے مشکلات کا سامنا رہا، لیکن سندھ میں امدادی کارروائیوں کی زیادہ ضرورت ہے، خوشی ہے کہ سعودی عرب جیسے ہمارے بھائی موجود ہیں۔

    تقریب میں سعودی سفیر نے کہا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں 6 ہزار خاندانوں کو فوڈ پیکیج تقسیم کیا، سعودی حکومت اور عوام ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ ہیں، میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید بہتر کرنے کا خواہش مند ہوں۔

    عالمی ادارہ صحت کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا عطیہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا عطیہ بھیجا تھا، اس سلسلے میں اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر میں سامان حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔

    تقریب میں سربراہ ڈبلیو ایچ او پاکستان ڈاکٹر پلیتھا نے سامان وزارت صحت کے حوالے کیا تھا، یہ سامان 15 آئی ای ایچ کٹس پر مشتمل تھا، ہنگامی کٹ میں 3 ہزار افراد کے لیے ایک ماہ کا امدادی سامان شامل تھا۔