لاہور(31 اگست 2025): محکمہ موسمیات کے جاری الرٹ کے مطابق ملک میں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے جاری وارننگ میں کہا ہے کہ دریائے ستلج، بیاس، راوی اور چناب میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ 1 سے 3 ستمبر کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، وسطی اور شمالی پنجاب میں بھاری سے انتہائی تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ دریائے ستلج اور بیاس کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں میں غیر معمولی پانی کے بہاؤ کا خدشہ ہے۔
https://urdu.arynews.tv/peshawar-rains-and-floods-report-on-damage-31-august-2025/
دوسری جانب پروویشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے یکم سے پانچ ستمبر تک پنجاب کے تین دریاؤں ستلج، راوی، چناب اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دروان دریائے چناب میں ہیڈ تریموں کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا اور گنڈا سنگھ والا پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار رہے گی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بھارت کی جانب سے تینوں دریاؤں میں پانی چھوڑنے کا خدشہ ہے جبکہ 3 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔