Tag: سیلاب

  • سیلاب میں پھنسی خاتون کو کیسے بچایا گیا؟ ریسکیو ورکر کا حیرت انگیز اقدام

    سیلاب میں پھنسی خاتون کو کیسے بچایا گیا؟ ریسکیو ورکر کا حیرت انگیز اقدام

    امریکی ریاست ٹیکسس میں بارش کے پانی کے سیلاب میں بدل جانے کے بعد شہری شدید مشکلات کا شکار ہوگئے، مشکل میں پھنسی ایک خاتون کو دلیرانہ انداز میں بچانے والے ریسکیو ورکرز کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ 24 مئی کا ہے، خاتون ندی کے قریب سے سیلابی پانی میں سے اپنی گاڑی گزارنا چاہ رہی تھیں لیکن منہ زور سیلابی ریلے کے آگے گاڑی رک نہ سکی اور بہہ گئی۔

    خاتون نے گاڑی سے چھلانگ لگائی اور کسی طرح قریب موجود درخت کی شاخیں پکڑ کر خود کو روکے رکھنے میں کامیاب ہوگئیں۔

    ویڈیو میں کچھ ریسکیو اہلکار بھی دکھائی دے رہے ہیں جو موقع پر موجود تھے۔

    ایک اہلکار نے خاتون کی طرف رسی پھینکی تاکہ وہ اسے پکڑ لیں، اس کے بعد اہلکار تیر کر خاتون تک پہنچا، جس کے بعد کنارے پر موجود دیگر اہلکاروں نے دونوں کو رسی کے ذریعے کنارے پر کھینچ لیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے خاتون کو کوئی چوٹ نہیں پہنچی لیکن وہ خوفزدہ ہیں۔

    دوسری جانب حکام اور انتظامیہ نے لوگوں کو تاکید کی ہے کہ سیلاب کے دوران گاڑی میں سفر سے گریز کریں، اور منہ زور سیلابی ریلے کے اندر جانے سے گریز کریں۔

  • آسٹریلیا میں بدترین سیلاب: وزیر اعظم نے دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کردی

    آسٹریلیا میں بدترین سیلاب: وزیر اعظم نے دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کردی

    کینبرا: آسٹریلیا میں 50 سالہ تاریخ کے بدترین سیلاب نے ریاست نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ میں تباہی مچا دی، وزیر اعظم نے دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کر کے لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔

    آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گاڑی سیلابی پانی میں کسی کھلونے کی طرح بہتی دکھائی دے رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سیلابی پانی میں جانے سے گریز کریں، شکر ہے کہ بہہ جانے سے قبل ڈرائیور گاڑی سے بحفاظت نکل آیا۔

    اس ویڈیو کو محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ مین روڈز کوئنز لینڈ کے ٹویٹر پر شیئر کیا گیا تھا، اب تک 94 ہزار سے زائد افراد اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں اور اسے ڈرائیور کی غلطی قرار دے چکے ہیں۔

    لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسے سیلابی پانی میں جانے اور رسک لینے سے گریز کرنا چاہیئے تھا۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا کے مشرقی ساحل پر شدید بارشوں کے نتیجے میں ریاست نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ میں 50 سالہ تاریخ کا بدترین سیلاب آگیا ہے۔

    سیلاب سے کئی گھر تباہ جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں، دونوں ریاستوں سے اب تک 18 ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے۔

    نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے متعدد علاقے زیر آب آچکے ہیں جبکہ سڑکیں اور شاہراہیں مکمل طور پر ڈوب چکی ہیں۔

  • سعودی عرب: ڈوبتے ہوئے بچے کو بچانے والا شہری ہیرو قرار

    سعودی عرب: ڈوبتے ہوئے بچے کو بچانے والا شہری ہیرو قرار

    ریاض: ایک سعودی شہری نے تیراکی نہ جاننے کے باوجود ایک بچے کو ڈوبتے ہوئے دیکھا تو بلا جھجھک پانی میں چھلانگ دی اور بچے کی جان بچا لی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایک سعودی شہری نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے ایک بپھری ہوئی ندی میں ڈوبتے ہوئے بچے کو بچا لیا جب کہ وہ تیرنا بھی نہیں جانتا تھا۔

    بچہ برساتی ندی کے کنارے پانی میں گر گیا تھا جو پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سنبھل نہیں سکا، ڈوبتے ہوئے بچے کو دیکھ کر اس شخص نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔

    وہاں موجود افراد کی جانب سے بنائی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ ندی کے گدلے پانی کی سطح پر موجود ہے جبکہ کچھ لوگ کنارے سے خوفزدہ حالت میں اسے دیکھ رہے ہیں۔

    ایسے میں سعودی شہری عامر الشہری نے تیراکی نہ جانتے ہوئے اور اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے کسی حفاظتی اقدام کے بغیر ندی میں چھلانگ لگا دی۔ شہری نے اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے بچے کو تیز بہاؤ سے نکال کر اپنی طرف کھینچا اور پانی سے باہر نکلنے میں اس کی مدد کی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاقے عسیر کے شمال مغرب میں احد تھربان کے قریب اس برساتی ندی میں پانی کا بہاؤ گزشتہ دنوں کی موسلا دھار بارش کے باعث کافی تیز ہوگیا ہے۔

    حالیہ بارشوں کے باعث اس طرح کے ندی نالے کناروں سے باہر بہہ نکلتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی حکام نے عوام کو ایسے علاقوں سے دور رہنے کی پرزور اپیل اور تاکید کی ہے۔

    دوسری جانب مذکورہ شہری عامر نے ندی کے قریب رہنے والے تمام افراد کو اپنے بچوں کو ندی کے کنارے سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے

    ان کے اس بہادرانہ اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عربی میں ہیش ٹیگ ہیرو عامر الشہری ٹرینڈ کرنے لگا۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ہمت کی تعریف کی جبکہ ایک سعودی تاجر نے انہیں 2 ہزار 667 ڈالر انعام بھی دیا۔

  • سعودی عرب: سیلاب میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری

    سعودی عرب: سیلاب میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری

    ریاض: سعودی عرب میں تیز بارشوں کے بعد سیلاب میں بہہ جانے والے نوجوان کی تلاش جاری ہے، نوجوان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    سعودی میڈیا کے مطابق سلطنت کے مختلف شہروں میں تیز بارشیں اور طوفان آیا جس کے باعث بعض علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔

    ایسے میں حائل میں ایک سعودی نوجوان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد تیزی سے وائرل ہوئی جس کے بعد اس کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا۔

    سعودی سول ڈیفنس کی ٹیمیں اور درجنوں رضا کار سیلاب میں ڈوبی وادی میں نوجوان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

    وادی حائل میں بھی ان دنوں سیلابی صورتحال ہے جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • سعودی عرب: سیلاب میں بہنے والی لڑکی کی لاش مل گئی

    سعودی عرب: سیلاب میں بہنے والی لڑکی کی لاش مل گئی

    ریاض: سعودی عرب میں گزشتہ روز آنے والے سیلاب میں ایک لڑکی بہہ کر لاپتا ہو گئی تھی، جس کی لاش کافی تلاش کے بعد مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے علاقے وادی العرج میں آنے والے سیلاب میں بہہ جانے والی لڑکی کی لاش جمعے کو مل گئی، لاش کی تلاش کے آپریشن میں شہری دفاع کے اہل کاروں کے ساتھ رضاکاروں نے بھی حصہ لیا۔

    اس مہم میں امدادی انجمن ساعد اور کئی رضاکار ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد کامیابی حاصل کی، سرچ آپریشن کے دوران طائف کے گورنر بھی موجود تھے، انھوں نے شہری دفاع کے اہل کاروں اور رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا۔

    واضح رہے کہ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ٹویٹر پر شدید بارشوں اور سیلاب سے متعلق خبردار کیا گیا تھا، ایک بیان میں بتایا گیا کہ مکہ مکرمہ ریجن اور اس کی کئی کمشنریز میں کہیں بوندا باندی اور کہیں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں سیلاب کی رپورٹس بھی آ رہی ہیں۔

    سعودی عرب: سیلاب میں بہنے والی خاتون کی لاش برآمد

    شہری دفاع کا کہنا تھا کہ طائف کی وادی العرج میں بھی سیلاب کی رپورٹ ہے، جہاں ایک لڑکی سیلاب میں بہہ کر لا پتا ہو چکی ہے۔

    یاد رہے کہ جولائی میں عسیر ریجن کی وادی عبلا میں سیلاب میں ایک شخص، بچی اور ایک خاتون بہہ کر لاپتا ہو گئے تھے، ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جن کی لاشیں کافی تلاش کے بعد نکال لی گئی تھیں۔

  • پختونخواہ میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے کون سے منصوبے مکمل کیے گئے؟

    پختونخواہ میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے کون سے منصوبے مکمل کیے گئے؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں 5 سال کے دوران سیلاب سے بچاؤ کے لیے مکمل کیے جانے والے منصوبوں کی رپورٹ جاری کردی گئی جن میں کینال روڈ بحالی، فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر اور نکاسی آب کے منصوبے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ترقی و منصوبہ بندی نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں 5 سال کے دوران سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں کی رپورٹ جاری کردی، سنہ 2015 سے 2020 کی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے میں ماحولیاتی تبدیلی اور سیلاب سے بچاؤ کے مختلف منصوبے شروع کیے گئے، منصوبوں پر 15 ہزار 24 ملین روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔

    محکمہ منصوبہ بندی کی رپورٹ کے مطابق منصوبوں میں کینال روڈ بحالی، فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر اور نکاسی آب کے منصوبے شامل ہیں، یہ منصوبے سیلاب کی زد میں آنے والے اضلاع میں مکمل کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پشاور، نوشہرہ اور چارسدہ کے بالائی علاقوں میں ان منصوبوں پر توجہ دی گئی۔

    خیال رہے کہ پختونخواہ میں رواں برس مون سون کے حالیہ اسپیل میں 27 افراد جاں بحق ہوئے، 110 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 13 گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

  • سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے بہت نقصان ہوا: اسماعیل راہو

    سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے بہت نقصان ہوا: اسماعیل راہو

    کراچی: صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے بہت نقصان ہوا جبکہ کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے سبزیوں کی کھپت میں بھی کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے بہت نقصان ہوا، سندھ میں حالیہ بارشوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ سندھ کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے، وفاق کی پالیسیوں نے کاشت کاروں کو مشکلات میں ڈالا ہے۔ فیول، بیج اور کھاد کی قیمتوں میں بہت اضافہ ہو چکا ہے۔

    وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے سبزیوں کی کھپت میں کمی ہوئی، ٹڈی دل کے حملے بھی ہوئے جس پر سندھ حکومت نے بر وقت قابو پایا۔

    ان کے مطابق 15 لاکھ 62 ہزار 20 ایکڑ پر کپاس تھی جسے بہت نقصان پہنچا۔

    خیال رہے کہ نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کے مطابق بلوچستان کے علاوہ پورے ملک سے ٹڈی دل کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

    ٹڈی دل کنٹرول آپریشن کے دوران صوبہ خیبر پختونخواہ میں 15 لاکھ 45 ہزار 27 ایکڑ، پنجاب میں 11 لاکھ 59 ہزار 97 ایکڑ اور سندھ میں 2 لاکھ 24 ہزار 670 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    میر پور خاص: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اندرون سندھ کے شہروں کا خیال رکھا جائے، کراچی لاوارث نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبہ سندھ کے شہر میرپور خاص کا دورہ کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    صدر مملکت نے سندھ کے سیلاب سے متاثر علاقوں کا فضائی جائزہ لیا جبکہ میر پور خاص میں سیلاب متاثرین سے ان کے عارضی قائم کردہ خیموں میں ملاقات بھی کی۔

    وہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف کامیابی عوام کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ اس میں حکومت کے اسمارٹ لاک ڈاؤن جیسے اقدامات شامل تھے، مساجد کے اندر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شفافیت اور انصاف وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح ہے، عوامی حقوق کا تحفظ اور وسائل کا شفاف استعمال ریاست کی ذمے داری ہے۔

    انہں نے کہا کہ کرونا وائرس کے بعد بارش کی صورتحال کا سامنا تھا، کہا گیا کراچی لاوارث ہے، گورنر سندھ نے کہا کراچی لاوارث نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اندرون سندھ کے شہروں کا خیال رکھا جائے گا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بغیر بے ایمانی ایک کروڑ 69 لاکھ خاندانوں کو امداد پہنچائی گئی، حساب لگائیں تو ملک کی 60 فیصد آبادی کی مدد کی گئی۔ پاکستان سے اب ترقی یافتہ ملک سیکھنا چاہتے ہیں، ہم ٹھیک راستے پر ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کا کوئی متبادل نہیں ہے، سندھ کا کوئی حصہ لاوارث نہیں رہ سکتا۔ وفاقی اور سندھ حکومت کے تعاون سے ہی بہتری آئے گی۔

  • ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں: سیلاب متاثرین پیپلز پارٹی کے رہنما پر برس پڑے

    ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں: سیلاب متاثرین پیپلز پارٹی کے رہنما پر برس پڑے

    ٹنڈو محمد خان: صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین نے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کو اپنے درمیان دیکھا تو ان پر برس پڑے اور سخت باز پرس کی، متاثرین کا کہنا تھا کہ جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، انتظامیہ نے اب تک کیا کیا؟

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان پہنچے تو سیلاب متاثرین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، متاثرین نے نوید قمر سے سخت سوالات کیے اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ آپ ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، نکاسی آب کی مشینیں اپنے ساتھ لائے ہیں؟ متاثرین نے سخت غصے میں ان سے سوال کیا کہ مویا شہر زیر آب ہے، انتظامیہ نے کیا کیا؟

    نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان کے گاؤں بجر خان تالپور کا دورہ کیا جہاں بارش کا جمع شدہ پانی دریا بن گیا، گاؤں کے قبرستان زیر آب آچکے ہیں جس سے میتوں کی تدفین میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

    نوید قمر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر اور ان کے بیٹے قاسم نوید بھی ان کے ساتھ تھے۔

    خیال رہے کہ حالیہ بارشوں نے صوبہ سندھ میں تباہی مچادی ہے اور متعدد شہر و دیہات زیر آب آچکے ہیں، بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

  • ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

    ماحولیاتی تبدیلیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تغیراتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے فلڈز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انھیں چیئرمین این ڈی ایم اے، میٹرلوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فلڈ کمیشن حکام سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ ماحولیاتی تغیراتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، انھوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختون خواہ میں نقصانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ ریلیف سرگرمیوں کو مزید بہتر اور نقصانات کا ازالہ کرنے کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر حکمت عملی تشکیل دے سکیں۔

    میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور فلڈ کمیشن حکام نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ حالیہ مون سون کے نتیجے میں اس سال ملک کے اکثر حصوں اور خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں ماضی کی نسبت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، دریاؤں کی صورت حال کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس وقت تمام دریاؤں میں درمیانے درجے کا بہاؤ ہے۔

    وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ملک کے تمام ڈیم پانی سے مکمل طور پر بھر چکے ہیں جس کی بدولت پانی کی دستیابی کی صورت حال تسلی بخش رہے گی۔

    متعلقہ حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ قوی امید ہے کہ مون سون کا دورانیہ وسط ستمبر تک رہے گا، تاہم مزید سیلابی صورت حال کے پیدا ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔