Tag: سیلاب

  • سندھ میں بارشوں سے تباہی: وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط

    سندھ میں بارشوں سے تباہی: وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں بارشوں سے نقصانات سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا، وزیر اعلیٰ نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ عوام کی مالی مدد کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر سندھ میں بارشوں سے نقصانات کی تفصیل پیش کی۔ خط میں انہوں نے اربوں روپے نقصانات کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں لوگوں کی بڑی تعداد بے گھر ہوئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ انہوں نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ عوام کی مالی مدد کی جائے، چاہتے ہیں کہ ہر متاثرہ خاندان کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں۔

    اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سندھ میں بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے، صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے اپنے دور میں ہر متاثرہ خاندان کو 60 ہزار روپے دیے تھے، چاہتے ہیں کہ اس مرتبہ 1 لاکھ روپے دیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں نے اس مرتبہ 100 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، میں متاثرین کی مدد کرنے اور ان کو سنبھالنے کے لیے ہر جگہ گیا ہوں۔ گڈو سے کوٹری بیراج تک وزرا کی کمیٹیز بنا دی ہیں، بلاول بھٹو 3 دن کے دورے پر آج نکل رہے ہیں۔

  • دریائے چناب کی تباہ کاریاں جاری، اطراف کی زرعی زمین دریا برد

    دریائے چناب کی تباہ کاریاں جاری، اطراف کی زرعی زمین دریا برد

    لاہور: دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے، قادر آباد برج کے قریب دریا کناروں سے باہر نکل آیا ہے اور آس پاس کی زرعی زمین دریا برد ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قادر آباد برج کے قریب دریائے چناب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دریا کے پانی کے کٹاؤ سے زرعی زمین دریا برد ہوچکی ہے۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ 6 سال میں 500 ایکڑ سے زائد زرعی رقبہ دریا برد ہوچکا ہے، کوٹ محمد آباد کا نصف گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ چکا ہے۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دریا پر بند بنانے کے لیے محکمہ ایری گیشن کو ہر سال فنڈ ملتے ہیں لیکن ہم اپنی مدد آپ کے تحت دریا پر بند باندھتے ہیں تاکہ محفوظ رہ سکیں۔

    ادھر اوچ شریف میں بھی دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے، ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 26 ہزار 219 کیوسک جبکہ پانی کا اخراج 1 لاکھ 12 ہزار 719 کیوسک ہے۔

    علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت زمیندارہ بند مضبوط کر رہے ہیں، قریبی علاقوں کے مکین اپنے مال مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔

    محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلہ ہفتہ اور اتوار کے درمیان ہیڈ پنجند سے گزرے گا۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں: ترجمان

    بلوچستان میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں: ترجمان

    کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں، حکومت ریلیف و ریسکیو اور بحالی کا کام کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بارشوں میں صوبے میں 13 اموات ہوئیں، حکومت نے ریلیف اور ریسکیو کا کام تندہی سے کیا۔

    لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں سے حالیہ بارشوں میں جانی نقصان نہیں ہوا، ناڑی بینک میں سیلابی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا گیا۔ ایم 8 خضدار رتو ڈیرو شاہراہ پر کافی نقصان ہوا جہاں بحالی کا کام جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں 3 ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کی تجویز پر کام کر رہے ہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل ایک بچی ریلوے کالونی سے اغوا ہوئی، سی سی ٹی وی کیمروں میں ایک شخص کو بچی لے جاتے دیکھا گیا، واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کی تحقیق اور بچی کی بازیابی کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنادی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں اگست کے پورے مہینے بارشیں جاری رہیں جن میں خاصا نقصان ہوا، بلوچستان کے بعض اضلاع میں 278 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    شدید بارشوں سے 300 گاؤں زیر آب آگئے جبکہ گیس لائن بھی متاثر ہوئی جس سے صوبے کے کئی شہروں میں گیس منقطع ہوگئی۔ صوبے میں بحالی کے کاموں میں پاک فوج نے بھی حصہ لیا۔

  • سندھ کے آفت زدہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد کے منتظر ہیں: مرتضیٰ وہاب

    سندھ کے آفت زدہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد کے منتظر ہیں: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا ہے، یہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 20 اضلاع ہیں جنہیں سندھ حکومت نے آفت زدہ قرار دیا، یہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کی جانب سے جاری کردہ بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران سندھ میں 28 افراد جاں بحق ہوئے۔

    بارش کے دوران مکانات، کاروبار، فصلوں اور گھریلو آلات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

    سندھ حکومت نے بارش سے متاثرہ افراد کی مالی معاونت کا فیصلہ بھی کیا ہے اور اس حوالے سے کراچی سمیت متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

  • دادو: کاچھو میں سیلابی صورتحال برقرار، 300 سے زائد گاؤں متاثر

    دادو: کاچھو میں سیلابی صورتحال برقرار، 300 سے زائد گاؤں متاثر

    دادو: صوبہ سندھ کے شہر دادو کے علاقے کاچھو میں تاحال سیلابی صورتحال برقرار ہے، کاچھو میں 10 یونین کونسل اور 300 سے زائد گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر دادو کے علاقے کاچھو میں گزشتہ ہفتے بارشوں کے باعث تاحال سیلابی صورتحال برقرار ہے، کاچھو کے رہائشی کئی دنوں سے گھروں تک محدود ہیں۔

    متعدد سڑکیں اور پلیاں ٹوٹنے سے دادو اور جوہی سے زمینی رابطے معطل ہوچکے ہیں، کاچھو میں 10 یونین کونسل اور 300 سے زائد گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

    سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن کا راستہ بھی تاحال بحال نہ ہوسکا جس سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سیلاب کے باعث درجنوں گاؤں متاثر ہیں، کئی دن سے بجلی بھی غائب ہے۔

    گھروں کی چھتیں اور مکانات گرنے سے علاقہ مکیں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، کاچھو میں سیلابی ریلے میں ڈوب کر مرنے والوں کی تعداد 2 خواتین سمیت 8 ہوچکی ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دادو کا دورہ کیا تھا، انہوں نے جوہی میں سیلاب سے تباہی پر محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    دوسری جانب پاک فوج نے دادو اور جھل مگسی میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن بھی کیا تھا، پاک فوج اور بحریہ کی ٹیموں نے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔

    آپریشن میں آرمی، نیوی میڈیکل اور انجینئرنگ ٹیموں نے سول انتظامیہ کی معاونت کی جبکہ متاثرہ علاقوں میں 1 ہزار افراد کو کھانا بھی فراہم کیا گیا تھا۔

  • چترال میں گلیشیئر پھٹنے سے بچی جاں بحق، متعدد گھر تباہ

    چترال میں گلیشیئر پھٹنے سے بچی جاں بحق، متعدد گھر تباہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چترال میں گلیشیئر پھٹنے سے آنے والے سیلابی ریلے سے 1 بچی جاں بحق جبکہ متعدد گھر تباہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چترال میں یار خون لشٹ کے مقام پر گلیشیئر پھٹنے سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی، ڈپٹی کمشنر کی مرتب کردہ رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 14 اگست کو یار خون لشٹ کے مقام پر گلیشیئر پھٹنے سے سیلابی صورتحال ہوئی، سیلابی ریلے میں بہنے والی بچی کی لاش نکال لی گئی، جاں بحق بچی کا تعلق یار خون سے ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ متاثرہ علاقے میں 25 گھروں کو بھی نقصان پہنچا، سیلابی ریلے میں 17 گھر مکمل طور پر بہہ گئے جبکہ 8 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقے میں 59 گھروں میں 3 ٹن امدادی سامان بھیج دیا گیا، تمام رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہیں۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان کا کل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کرنے کا اعلان

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کرنے کا اعلان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کل کل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کل صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مون سون بارشوں کی تیاری پہلے سے کی گئی تھی،نصیرآباد،جھل مگسی،سبی،لسبیلہ میں توقع سے زیادہ بارش ہوئی،توقع سے زیادہ بارشوں سے سیلابی صورت حال پیدا ہوئی۔

    جام کمال خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج،صوبائی حکومت سے مل کر ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

    ریلوے کا سیلاب میں پھنسے مسافروں کی سہولت کے لیے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ

    اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سیلاب میں پھنسےمسافروں کی سہولت کے لیے 10 اگست کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے سبی کے لیے شٹل ٹرین چلےگی،10اگست کو شام 4 بجے سبی سے کوئٹہ کے لیےشٹل ٹرین چلےگی۔

    واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے شکارپور سے کوئٹہ آنے والی 2 گیس پائپ لائنیں بہا کر لے گئے۔

    صوبے میں سیلابی صورت حال کے باعث محکمہ صحت نے صوبے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

  • ریلوے کا سیلاب میں پھنسے مسافروں کی سہولت کے لیے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ

    ریلوے کا سیلاب میں پھنسے مسافروں کی سہولت کے لیے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ

    لاہور: وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسےمسافروں کی سہولت کے لیے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسےمسافروں کی سہولت کے لیے 10 اگست کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے سبی کے لیے شٹل ٹرین چلےگی،10اگست کو شام 4 بجے سبی سے کوئٹہ کے لیےشٹل ٹرین چلےگی۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیلاب سے سڑکوں کا نظام شدید متاثر ہوا ہے،کوئٹہ اور سبی کے درمیان مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے،سبی ریلوے اسٹیشن پرمسافروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ڈی ایس ریلوے سبی کو مسافروں کو کوئٹہ پہنچانےکی ہدایت کی ہے،سڑکوں کا نظام بہتر ہونے تک کوئٹہ اور سبی کے درمیان شٹل ٹرین چلےگی۔

    بلوچستان کے ضلع بولان میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے شکارپور سے کوئٹہ آنے والی 2 گیس پائپ لائنیں بہا کر لے گئے۔صوبے میں سیلابی صورت حال کے باعث محکمہ صحت نے صوبے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

  • کشتی نہ ملی تو گدا ہی سہی، بھارتی نوجوانوں کی ویڈیو وائرل

    کشتی نہ ملی تو گدا ہی سہی، بھارتی نوجوانوں کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارتی شہر ممبئی میں شدید بارشوں نے شہر کا حشر نشر کردیا، ایسے حالات میں بھی شہر کے لوگ ہنسی مذاق سے باز نہ آئے اور عجیب و غریب حرکتیں کرتے پائے گئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پانی سے بھری ہوئی ایک سڑک پر جہاں لوگ مشکل سے آ جارہے ہیں، وہیں دو نوجوان ایک گدے پر آرام سے لیٹے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ گدا پانی میں تیر رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو 4 ہزار سے زائد لائکس موصول ہوئے۔

    ٹویٹر صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے، کسی نے اسے ممبئی اسٹائل قرار دیا، تو کوئی اسے دیکھ کر فلم ٹائیٹینک کے جیک اور روز کو یاد کرنے لگا۔

    خیال رہے کہ ممبئی میں بارش کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے، ممبئی کے جنوبی علاقے کولابا میں 24 گھنٹوں کے دوران 331 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بارش کے باعث ٹرین، بس سروس، دفاتر اور دیگر ضروری سروسز بند کردی گئیں، بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں 5 روز کے دوران مون سون کی 64 فیصد بارش ہوئی۔

  • بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی

    بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی

    کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں گیس سپلائی معطل ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع بولان میں سیلاب سے تباہ کاریاں جاری ہیں، لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈھاڈر کے قریب بولان ندی سے 2 لاشیں ملی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹی قومی شاہراہ، بی بی نانی، گوکرت اور پنجرہ پل پر ٹریفک تاحال بند ہے، بی بی نانی پل ٹوٹنے کے باعث متبادل راستہ بنایا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بولان میں سیلابی ریلے سے متاثرہ گیس لائن بحال نہ ہوسکی، مستونگ، قلات، پشین اور زیارت میں گیس سپلائی دوسرے روز بھی معطل ہے۔

    بلوچستان میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    بارش کے باعث تحصیل جوہی کے کاچھو کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بلوچستان کے پہاڑی علاقے گاج ندی میں سیلابی پانی کئی دیہات اپنے ساتھ لے گیا، لوگ جانیں بچانے کے لیے درختوں پر چڑھ گئے۔

    تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے پہاڑی سلسلے سے اچانک پانی کا ریلا گاج ندی میں آیا، گاج ندی میں طغیانی سے 50 سے زائد دیہات زیر آب ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ کاچھو میں سیلابی پانی سے 200 دیہات ڈوبنے کی اطلاعات ہیں۔