Tag: سیلاب

  • ممکنہ سیلاب کا خطرہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کا فیصلہ

    ممکنہ سیلاب کا خطرہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کا فیصلہ

    لاہور: ممکنہ سیلاب اور اربن فلڈنگ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کا فصیلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیرڈیزاسٹرمینجمنٹ میاں خالدمحمود نے ملاقات کی، اس موقع پر ممکنہ سیلاب اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر بات چیت کی گئی۔

    وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کو موثر انتظامات کی ہدایت کی۔ ملاقات کے موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ضلع کا ایمرجنسی پلان مرتب کیا جائے گا، انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈوزٹ کررہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ خانکی ہیڈورکس کا دورہ کر کے زمینی حقائق کا خود جائزہ لیا، پی ڈی ایم اے کے انتظامات کی مانیٹرنگ کی جائے گی، ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے، باقاعدگی سے اجلاس کر کے صورت حال کا جائزہ لیا جائے۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ انتظامات کے سلسلے میں کوتاہی یا غفلت برتنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

  • کراچی میں کل طوفان اور سیلاب کا خطرہ

    کراچی میں کل طوفان اور سیلاب کا خطرہ

    کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے باسیوں کو کل طوفان اور سیلاب کے خطرے سے خبردار کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، تیز ہوائیں چلیں گی اور آندھی بھی آئے گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی شروع ہو جائے گی، کل شب سے شہر میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو جائے گا اور اس کا سلسلہ گرج چمک کے ساتھ 2 دن تک جاری رہے گا۔

    مون سون کی پہلی بارش 30 سے 40 ملی میٹر ریکارڈ کی جا سکتی ہے، بارش سے پہلے شہر میں حبس کی کیفیت اور آندھی کا بھی امکان ہے، مون سون کی پہلی بارش سے شہر میں سیلاب کی صورت حال کا بھی خدشہ ہے۔

    ملک کے بڑے شہر پر بدستور اندھیروں کا راج، کے الیکٹرک کے آگے سب بے بس

    ادھر شہر میں محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کر دیا ہے اور دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی کوئی تیاری دکھائی نہیں دے رہی ہے، نالے تک صاف نہیں کیے گئے ہیں، کے الیکٹرک انتظامیہ نے بارش سے قبل کھمبوں پر ارتھنگ بھی مکمل نہیں کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 49 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں سے کراچی کے علاوہ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    موسمیات کے مطابق آج کراچی میں درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، مغربی سمت سے ہواؤں کی رفتار 8 سے 10 ناٹیکل میل ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 53 فی صد ہے۔

  • اقوام متحدہ کا کانگو میں پاکستانی امن دستے کی کاوشوں کا اعتراف

    اقوام متحدہ کا کانگو میں پاکستانی امن دستے کی کاوشوں کا اعتراف

    نیویارک: اقوام متحدہ نے بھی کانگو میں پاکستانی امن دستے کی کاوشوں کا اعتراف کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اقوام متحدہ نے کانگو میں سیلاب متاثرین کی مدد کرتے پاکستانی امن دستے کی کاوشیں قابل تعریف قرار دے دیں۔

    یو این کی جانب سے کانگو میں مدد میں مصروف پاکستانی امن دستے کی ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کی گئی ہے، جس کے ساتھ پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی دستے نے شدید سیلاب سے متاثرہ علاقے میں ہزاروں جانیں بچائیں۔

    کانگو میں‌ سیلاب کی تباہ کاریاں: پاک فوج کے جوانوں نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو پاکستانی امن اہل کاروں نے پیٹھ پر اٹھا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا، پاکستان امن دستوں میں تعاون کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔

    پیغام میں کہا گیا کہ پاکستانی اہل کاروں نے خطروں سے کھیل کر ہزاروں قیمتی جانیں بچائیں، ویڈیو پاکستانی امن مشن اہل کاروں کی فرض شناسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی امن دستے نے کانگو میں بھرپور امدادی کارروائیاں کیں اور شدید سیلاب میں پھنسے 2 ہزار سے زائد افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنایا۔

    پاکستانی امن دستے کے اہل کاروں نے سیلاب کی تباہ کاریوں کو روکنے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے، دور دراز اور دشوار گزار راستوں والے علاقوں میں راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

  • مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

    مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

    ریاض: سعودی محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کردیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کے محکمہ شہری دفاع نے متعدد ضلعوں میں بارش کے بعد سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    شہری دفاع کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج پیر سے بدھ تک متعدد کمشنریوں میں بارش کی توقع ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، طائف، الکامل، اضم، میسان، اللیث، القنفذہ، المویہ اور الخرمہ کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پر خطر مقامات سے دور رہیں۔

    محکمہ شہری دفاع کے مطابق موسمی نقشوں کا مطالعہ کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے تاہم اس کے باعث سیلابی ریلوں کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

    شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ بارش کے وقت وادیوں، ڈھلانوں، نشیبی علاقوں اور سیلاب کی گزر گاہوں سے دور رہیں، سیلابی ریلوں سے بچنے کے لیے سلامتی کے ضوابط اور موصول ہونے والی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔

  • برف باری، سیلاب، مکانات اور تودے گرنے سے 28 افراد جاں بحق

    برف باری، سیلاب، مکانات اور تودے گرنے سے 28 افراد جاں بحق

    چمن/مظفر آباد: برف باری، بارش اور سیلابی صورت حال نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ہے، تودے گرنے سمیت مختلف واقعات میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں تودے، چھتیں، دیواریں گرنے، اور کرنٹ لگنے سے کم از کم اٹھائیس افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں، وادیٔ نیلم میں تودے گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔

    آزاد کشمیر میں متعدد مکانات، دکانیں اور مسجد بھی تباہ ہو گئی، سرگن بکولی میں برف باری میں پھنسے 10 افراد لا پتا ہو گئے ہیں، بلوچستان کے شہر ژوب میں 2 مکانوں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جان سے گئے، چمن میں منگنی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوئے جب کہ راولا کوٹ میں کرنٹ لگنے سے ایک شہری جان سے گیا۔

    آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری نے تباہی مچا دی ہے، بھاری جانی و مالی نقصان ہوا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بارش اور برف باری سے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ ارسال کر دی گئی، یہ رپورٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تیار کی، رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری سے 12 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہوئے، 16مکانات مکمل، 14 جزوی متاثر ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں 4 دکانوں کو نقصان پہنچا، ایک مسجد شہید اور 3 گاڑیاں تباہ ہو گئیں، وادی نیلم میں 14 مکانات مکمل، 6 جزوی تباہ، 4 دکانیں متاثر ہوئیں، راولا کوٹ میں ایک مکان تباہ جب کہ ایک خاتون جاں بحق ہوئی، سدھنوتی میں ایک شخص جاں بحق، ایک مکان مکمل، دو جزوی تباہ ہوئے، مظفر آباد کے علاقے اپر طارق آباد میں لینڈ سلائیڈنگ سے 6 مکانات کو نقصان پہنچا۔

  • جاپان میں سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

    جاپان میں سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک

    ٹوکیو: جاپان میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک ہوگئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد جاپان کے مختلف حصوں میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مکانات میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی اور ٹرین سروس بھی متاثر ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاپان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔

    جاپان میں طوفانی بارشوں اورسیلاب نےتباہی مچادی‘ ہلاکتوں کی تعداد 199 ہوگئی

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نو افراد شیبا میں جبکہ ایک شخص فوکوشیما میں ہلاک ہوگیا، ملک کے مختلف حصوں میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مکانات میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی اور کئی مقامات پر ٹرین سروس بھی متاثر ہوگئی ہے۔

    وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق عموما ایک ماہ میں ہونے والی بارش گزشتہ روز صرف آدھے دن میں ہو گئی۔

    جاپان میں ابھی دو ہفتے قبل ہی آنے والے ایک طاقت ور سمندری طوفان میں اسی سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔

  • کونگو میں سیلاب نے تباہی مچادی، 6 افراد ہلاک

    کونگو میں سیلاب نے تباہی مچادی، 6 افراد ہلاک

    کنشاسا: افریقی ملک کونگو میں موسلادھار بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کونگو کے دارالحکومت کنشاسا میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کنشاسا کے علاقے سلمباؤ میں سیلاب کے باعث تقریباً تیس رہائشی مکان منہدم ہوگئے جس کی زد میں آکر پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    دریں اثنا ضلع پلنڈی میں بارش کے بعد حادثہ پیش آیا جہاں ایک خاتون کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئیں۔

    مقامی میئر اوگسٹن منکیسی کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات سے بچنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہرممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    خیال رہے کہ کونگو میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اسی افریقی ملک میں بارش کے بعد لینڈسلائیدنگ سے 48 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

    صومالیہ میں طوفان نےتباہی مچادی‘ 50 سے زائد افراد ہلاک

    گزشتہ سال مئی میں شمالی افریقہ کے ملک صومالیہ میں طوفان بادوباراں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، بند ٹوٹ گیا

    دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، بند ٹوٹ گیا

    اوچ شریف: دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، پانی کے دباؤ کے باعث موضع عظمت پور میں زمیندارہ بند ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے نتیجے میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل اونچی ہو رہی ہے، زمیندارہ بند ٹوٹنے سے عظمت پور اور مکھن بیلہ کے علاقے زیر آب گئے۔

    سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اہل علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت بند بنانے میں مصروف ہیں۔

    دوسری طرف چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے تلوار پوسٹ پر دریائے ستلج میں سیلابی صورت حال کا جائزہ لیا، انھوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

    [bs-quote quote=”سیلاب سے پنجاب بھر میں صرف ایک جانی نقصان ہوا ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”چیئرمین این ڈی ایم اے”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ پانی چھوڑنے سے ملکوں کو بہت بڑا نقصان ہوتا ہے، ہم نے اپنے ذرایع سے پتا کروا لیا تھا کہ بھارت پانی چھوڑے گا، سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 16 اگست سے تیاری کر لی تھی جب کوئی سیلابی ڈیٹا نہیں آیا تھا۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہم ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں، میں نے پورے علاقے کا فضائی دورہ کیا، تحصیل اور ڈسٹرکٹ لیول پر نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جب پانی نیچے جائے گا تو اس کے بعد پھیلنے والی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع پانی چھوڑا گیا، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی، اس کے بارے میں متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے گا، دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے جو پانی چھوڑا گیا تھا پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا تھا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب سے پنجاب بھر میں صرف ایک جانی نقصان ہوا ہے، کام کرنے والی ٹیمیں لوگوں کی فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ لگائیں گی۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ 4 ہزار افراد کو صحت کی سہولیات دی گئیں اور 13 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، مشکل کی اس گھڑی میں حکومت سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

  • دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی

    دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی

    وہاڑی: دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے، سیلاب سے زمین کے کٹاؤ کا عمل جاری ہے، مزید علاقے زیر آب آنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں‌ مبتلا مودی سرکار نے پانی کو ہتھیار بنا لیا ہے، پڑوسی ملک آبی دہشت گرد پر اتر آیا، بھارتی آبی جارحیت سے دریائے ستلج میں سیلاب کے بعد ہیڈ اسلام کے مقام پر بھی پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔

    سیلاب کے باعث دھان اور کپاس سمیت دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، زمین کے کٹاؤ کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے، خطرہ ہے کہ مزید علاقے زیر آب آ جائیں گے۔

    موضع جملیرا، ساہوکا، فاروق آباد، جھیڈو سمیت متعدد علاقے زیر آب آ چکے ہیں، ریسکیو اہل کار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیز کردیا گیا ہے، عثمان بزدار

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، پنجاب میں آنے والے سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا خود جائزہ لیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں قصور، اوکاڑہ، بہاول نگر، پاکپتن میں ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے چناب بھی بے قابو ہو چکا ہے، پنجاب کے ساتھ سندھ کے علاقوں کے شدید متاثر ہونے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے، روجھان میں دریائے سندھ کا بند ٹوٹنے سے کئی بستیاں زیرآب آ چکی ہیں۔

  • چین میں سیلاب نے تباہی مچادی، 9 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

    چین میں سیلاب نے تباہی مچادی، 9 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

    بیجنگ: چین میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے باعث نو افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں بارشوں اور سیلاب کے باعث نو افراد ہلاک ہوگئے، بڑی تعداد میں افراد بے گھر بھی ہوئے، جنہیں محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق چین کے شمال مشرقی اور جنوبی شہروں میں گذشتہ دنوں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچائی، بارشوں اور سیلاب کے باعث سب سے زیادہ نقصان صوبہ سیچوان میں ہوا۔

    شدیدبارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف واقعات میں 9 افراد ہلاک جبکہ 35 افراد لا پتہ ہیں۔ بڑی تعداد میں افراد بے گھر بھی ہوئے ، جنہیں محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔

    متاثر علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے، جبکہ حکام نے ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے اور ہرممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    رواں سال جون میں چین میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچائی تھی، جس کے باعث متعدد عمارتیں جزوی طور پر متاثر ہوئی تھیں، جبکہ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی تھیں۔

    چین میں سیلاب نے تباہی مچادی، 17 افراد ہلاک

    مئی 2015 میں چین کے چھ صوبے تباہ کن سیلاب کی زد میں آئے تھے جس کے باعث درجنوں افراد لقمہ اجل بنے تھے، شدید باشوں اور سیلاب کے باعث مختلف علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل رہے۔