Tag: سیلاب

  • سیلاب متاثرین کوریلیف نہیں مل رہا، میاں محمودالرشید

    سیلاب متاثرین کوریلیف نہیں مل رہا، میاں محمودالرشید

    لاہور: قائدِحزبِ اختلاف پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دوروں کے نام پروزیرِاعلیٰ پنجاب ہیلی کاپٹر کے پیٹرول کی مدمیں روزانہ 50لاکھ روپے سے زائد رقم اڑا رہے ہیں۔

    وزراءاور سیکرٹریوں کے دوروں کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ پنجاب میں آنے والے سیلاب پر حقائق نامہ دوئم جاری کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ان دوروں کے نتیجے میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا بلکہ عوام کے اشتعال اورغم و غصہ میں اضافہ ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہاکہ وزیرِاعلیٰ اوروزراءدورے بند کرکے رقم بھوکے، پیاسے اور کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہوئے ہزاروں خاندانوں کی خوراک اور صاف پانی کی فراہمی پر خرچ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ تنہا ہیلی کاپٹر میں جاتے ہیں ، نہ وہ اپنے ساتھ کوئی خوراک لے کر جا سکتے ہیں اورنہ ہی سیلاب میں ڈوبے ہوئے کسی شخص کو بچاسکتے ہیں ، وہ محض فوٹو سیشن اور معطل کرنے کا شوق پورا کرنے کیلئے جاتے ہیں۔

    میا ں محمود الرشید نے کہا کہ عوام نے چیف منسٹرسیلاب فنڈ مسترد کردیا، کوئی پیسہ جمع کروانے کیلئے تیارنہیں، اب سرکاری ملازمین کو ایک دن کی تنخواہ چیف منسٹر فنڈ میں جمع کروانے کیلئے کہا جارہا ہے۔

  • پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

    پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری

    ملتان: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک افواج کی امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں ۔جنوبی پنجاب میں پاک فضائیہ چھ ہیلی کاپٹرز اور دیگر امدادی سامان کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں دن رات سر گرم عمل ہے۔

    تاریخ کا بد ترین سیلاب بالائی پنجاب کے بعد اب جنوبی پنجاب میں تباہی مچا رہا ہے۔ہمیشہ کی طرح پاک افواج اپنے متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ۔

    بری، بحری اور فضائی افواج کے جوان سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کام سر انجام دے رہے ہیں، پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی ہدایت پر چھ ہیلی کاپٹرز ملتان،احمد پور سیال اور مظفر گڑھ کے علاقوں میں ریسکیو آپریشن سرانجام دے رہے ہیں ۔

    ہیلی کاپٹرز کی مدد سےسینکڑوں متاثرین سیلاب کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،جبکہ پچیس ہزار کلو گرام سے زائد کھانے پینے کی اشیاءسیلاب زدگان تک پہنچا ئی جا چکی ہیں۔

    پاک آرمی اور بحریہ کے جوان بھی سیلاب زدہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کررہے ہیں،رسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے رضاکاروں کی جانب سے بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • سیلاب نے شجاع آباد کا رخ کرلیا، کئی بستیاں زیر آب

    سیلاب نے شجاع آباد کا رخ کرلیا، کئی بستیاں زیر آب

    ملتان : شیر شاہ بند سے نکلنے والا سیلابی ریلا شجاع آباد کی طرف بڑھنے لگا، نصیر والہ چوک اور خان پور قاضیہ سمیت کئی دیہات زیرآب آگئے ہیں جبکہ پاک فوج نے امدادی کاموں کیلئے دو ہیلی پیڈ تیار کرلئے ہیں۔

    شیرشاہ بند میں شگاف کے باوجود پانی کا دباؤ کم نہ ہوسکا، پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، شیرشاہ بند ٹوٹنے کے بعد سیلابی ریلا شجاع آباد کی جانب بڑھنے لگا ہے، سیلابی پانی سے بستی حسن بخش، نصیر والہ چوک اور خان پور قاضیہ سمیت کئی بستیاں زیر آب آگئی ہیں۔

    ملتان، مظفرگڑھ شاہراہ زیر آب آنے سے روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    احمد پور سیال کے قریب سمندوآنہ کے مقام پر پڑنے والے شگاف کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے پرکر دیا ہے، پاک فوج نے امدادی کاموں کے لئے دو ہیلی پیڈ تیار کر لئے ہیں ، سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کرنے کے لئے پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

  • ملتان ڈوبنے کا اندیشہ: شیرشاہ بند دھماکا خیزمواد سےاڑادیاگیا

    ملتان ڈوبنے کا اندیشہ: شیرشاہ بند دھماکا خیزمواد سےاڑادیاگیا

    ملتان :شہر کو بچانے کے لئے انتظامیہ نے آخری کوشش بھی کرڈالی گئی ہے، ہیڈ محمد والا بند کے بعد شیر شاہ بند کو بھی بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔

    پانی کی بے رحم لہروں نے ہر طرف تباہی مچادی ہے، دریائے چناب کے سیلابی ریلےنے ملتان شہر کی آخری ڈیفنس لائن سکندری نالے کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہےجس کے باعث شہر کو بچانے کے لئے حکومت نے آخری اقدام کے طورپرشیر شاہ بند کو بھی بارودی مواد سے اڑا دیا۔

    بپھرے پانی نے زوردکھایاتو بہاؤ تیز ہونےکےسبب ہیڈ محمد والابند بارودی مواد نصب سے اڑادیاگیا، جس کے بعد پانی قریبی علاقوں میں داخل ہوگیا، ممدوٹ، بستی سیال، قاسم بیلہ اور نواب پور کی مزید بستیاں ڈوب گئی ہیں، مظفر گڑھ میں سیلابی پانی لال پور، دوآبہ ، سنکی،روہاڑی اور بھٹہ پور سمیت کئی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے، سیلابی پانی نواحی بستیوں کی جانب بڑھنےلگا،احمدپور سیال سمن دوآنہ کے مقام پر حفاظتی بند میں شگاف ڈال دیئےگئے۔

  • شکارپورمیں سیلاب متوقع،مکینوں کی محفوظ مقام پرمنتقلی

    شکارپورمیں سیلاب متوقع،مکینوں کی محفوظ مقام پرمنتقلی

    جعفرآباد: شکارپور میں کچےکےمکینوں کومحفوظ مقام پر منتقلی کرنے کی ہدایت جاری کردی گئیں ہیں، جبکہ جعفرآبادجیل سے ایک سوبیس قیدیوں کومچھ منتقل کیا جارہا ہے۔

    پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں سےلاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں ادھرسندھ کےعلاقے شکارپور میں سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر کچےکے علاقے میں رہنے والوں کومحفوظ مقام پرمنتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئیں ہیں۔

    دوسری جانب اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سندھ میں سیلاب کے خدشے کے پیشِ نظربلوچستان میں سندھ سے متصل علاقے جعفرآبادمیں واقع جیل میں بھی سیلابی پانی جانے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔

    سیلاب سے متاثر ہونے کے خطرے کے باعث جعفرآبادجیل سے ایک سو بیس قیدیوں کو مچھ منتقل کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سیلاب سے رواں مالی سال کے معاشی اہداف پر نظر ثانی کا امکان

    سیلاب سے رواں مالی سال کے معاشی اہداف پر نظر ثانی کا امکان

    اسلام آباد: ملک میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہ کاریوں کے باعث رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ معاشی اہداف پر نظرثانی کا امکان ہے۔

    وزارتِ خزانہ کے زرائع کے مطابق سیلاب نے زرعی شعبے کو بُری طرح متاثر کیا ہے، اس سے زرعی شعبے کی خراب کارکردگی کے باعث پیداوار میں کمی اور صنعتی وکاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔

    ذرائع کے مطابق نقصانات کےحتمی تخمینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ مقررہ معاشی اہداف پر نظرثانی کرنا ہے یا نہیں۔

    وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ ملکی مجموعی پیداوار، مالیاتی خسارہ اور ٹیکس ریونیو سمیت دیگر معاشی اہداف میں کمی کرنا پڑے گی کیونکہ سیلاب سے قبل سیاسی عدم استحکام کے باعث ملکی معیشت کو ایک ہزار ارب روپے کے لگ بھگ نقصان پہنچ چکا ہے اور اب سیلاب سے نقصانات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

  • چین سےملنی والی رقم قرض نہیں براہ راست سرمایہ کاری تھی، خواجہ آصف

    چین سےملنی والی رقم قرض نہیں براہ راست سرمایہ کاری تھی، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیر پانی و بجلی نے سیلاب سے نقصانات کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے کم بارشوں سے زیادہ نقصان ہوا،ایک سو اٹھائیس افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران سیلاب کی صورت حال اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیل بتاتے ہوئے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیلاب سے کم بارشوں سے زیادہ نقصان ہوا،128افراد لقمہ اجل بنے،2لاکھ70ہزار زخمی 1242گھروں کونقصان پہنچا،191سیلابی ریلے میں بہہ گئے ایک ہزار53گاؤں متاثر ہوئے،3لاکھ ایکڑ سے زائد فصلیں تباہ 217ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں 4لاکھ36ہزار کی آبادی متاثر ہوئی 2000لوگ ریلیف کیمپس میں موجود ہیں۔

    خواجہ آصف نے مزید کہاہےکہ چین سےملنی والی رقم قرض نہیں براہ راست سرمایہ کاری تھی، چینی بینک نجی سرمایہ کاری پر کمرشل قرضے جاری کرےگا، انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کیلئے چین کا کوئلہ استعمال نہیں ہو گا اور تھر میں دو منصوبے شروع کئے جائیں گے جس میں وہیں کا کوئلہ استعمال ہو گا تاہم پنجاب میں پراجیکٹ کیلئے کوئلہ درآمد کیا جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں شروع ہونے والے پراجیکٹ کیلئے شفاف طریقے سے کوئلہ درآمد کیا جائے گا ۔

  • حالیہ سیلاب تاریخ کا بدترین سیلاب ہے، خواجہ آصف

    حالیہ سیلاب تاریخ کا بدترین سیلاب ہے، خواجہ آصف

    اسلام آباد:  وزیرِ پانی و بجلی خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ حالیہ سیلاب تاریخ کا بدترین سیلاب ہے، تریموں سے آج بڑا ریلا گزرے گا، بیراج بچانے کیلئے حفاظتی بندوں میں شگاف ڈال دیئے ہیں۔

    پارلیمنٹ اجلاس میں سیلاب سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ  قادرآباد سے 9لاکھ کیوسک پانی گزرا ہے جبکہ  قادرآباد سے پانی گزرنے کی گنجائش 8لاکھ کیوسک ہے۔

    خواجہ آصف نے بتایا کہ تریموں سے آج سیلاب کا بڑا ریلا گزرے گا، تریموں بیراج بچانے کیلئے کچھ بند توڑے گئے ہیں، بند توڑنے کے باعث 7لاکھ آبادی متاثر ہوئی ہے جبکہ  پھنسے ہوئے لوگوں کو کشتیوں، ہیلی کاپٹرسے نکالاجارہا ہے۔

    وزیرِپانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا ہےکہ  پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے لوگوں کو نکالا جارہاہے،12ستمبرکو 6سے 7لاکھ کیوسک پانی پنجند پہنچنے گا، 14ستمبرکوپانی مٹھن کوٹ سے ہوکرگڈو پہنچے گا، گڈوبیراج سے 8لاکھ کیوسک کا ریلا گزرے گا۔

      خواجہ آصف نے بتایا کہ  سیلاب سے کم جبکہ بارشوں سے زیادہ جانی نقصان ہوا، بارش اور سیلاب سے 128اموات ہوئی ہیں۔

    وزیرِپانی وبجلی نے کہا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے 1242گھروں ،3لاکھ ایکڑفصلوں کو نقصان پہنچا،  پانی کے راستوں پر تجاوزات قائم کرلی گئی ہیں، تجاوزات کے باعث پانی کاراستہ کم ہوگیا ہے۔

  • مودی کی جانب سے امداد کی پیشکش مذاق کے مترادف ہے، حافظ سعید

    مودی کی جانب سے امداد کی پیشکش مذاق کے مترادف ہے، حافظ سعید

    پنجاب :جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت نے پانی چھوڑنے کی پیشگی اطلاع نہ دے کر آبی جارحیت کی، مودی کی جانب سے امداد کی پیشکش مذاق کے مترادف ہے۔

    رانا ٹاؤن شاہدرہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر پانی چھوڑا، جس سے پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے، بھارت آبی جارحیت سے باز نہیں آ رہا، مقبوضہ کشمیر میں 62 ڈیمز بنائے جا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہر سال بغیر اطلاع پانی چھوڑ کر پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کر رہا ہے لیکن عالمی برادری کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، اگر اب بھی بھارت کو آبی جارحیت سے نہ روکا گیا تو پھر بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    حافظ سعید نے کہا کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کی امداد کی پیشکش مذاق ہے، مقبوضہ کشمیر میں آزاد کشمیر سے زیادہ تباہی آئی ہے، جہاں کے متاثرہ بھائیوں کے لئے امدادی سامان بھیجا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی اختلافات کا وقت نہیں، ہر ایک کو متاثرین سیلاب کی مدد کرنی چاہیئے، اختلافات حل کرنے کیلئے پارلیمنٹ اور عدلیہ موجود ہیں۔

  • سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج کی امدادی کارروائیاں جاری

    سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج کی امدادی کارروائیاں جاری

    پنجاب: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے گوجرانوالہ ڈویژن میں چوّن ریلیف اورتہتر ہیلتھ کیمپ قائم کیے ہیں۔

    پنجاب میں سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا رکھی ہے، سیکڑوں دیہات پانی کی نذر ہوئے تو ہزاروں افراد بے گھر ایسے میں ہر دم تیار پاک فوج کے جوان اپنے عزیز ہم وطنوں کی مدد کو پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں ۔

    متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے، ملتان ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، تریموں ہیڈ ورکس میں پاک فوج کے جوان سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں ۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے گوجرانوالہ ڈویژن میں چوّن ریلیف اور تہتر ہیلتھ کیمپ قائم کیے ہیں، کیمپوں میں متاثرین کو کھانے پینے کی اشیاء اور طبی امداد دی جارہی ہے۔

    بجوات اور چپراڑ سے پانچ سو افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، ریلیف آپریشن میں اب تک مجموعی طور پر ساڑھے چھ ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چُکا ہے، امدادی سرگرمیوں میں تین سو کشتیاں اور آرمی کے سولہ ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔