Tag: سیلز ٹیکس

  • بلوچستان حکومت نے احساس پروگرام کی رقم پر ٹیکس ختم کردیا

    بلوچستان حکومت نے احساس پروگرام کی رقم پر ٹیکس ختم کردیا

    کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے احساس پروگرام اور پرائم منسٹر ریلیف فنڈ عطیات کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ کردیا گیا، بلوچستان میں اب تک احساس پروگرام کے تحت 6 لاکھ 51 ہزارسے زائد مستحق افراد میں 7 ارب 91 کروڑ روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بلوچستان میں احساس پروگرام اور پرائم منسٹر ریلیف فنڈ عطیات کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے۔

    لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت نے یہ فیصلہ مستحقین کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔

    خیال رہے کہ احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت اب تک 1 کروڑ 31 لاکھ 37 ہزارسے زائد افراد میں 158 کھرب روپے سے زائد رقم تقسیم کی گئی ہے۔

    بلوچستان کے 6 لاکھ 51 ہزارسے زائد مستحق افراد میں 7 ارب 91 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے، گلگت بلتستان میں 1 ارب 16 کروڑ روپے اور زاد کشمیر میں 2 ارب 61 کروڑ روپے مستحق افراد میں تقسیم کیے گئے۔

    سندھ میں 39 لاکھ 97 ہزارسے زائد افراد میں 48 ارب 20 کروڑ روپے، پنجاب میں 58 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد میں 71 ارب 21 کروڑ روپے اور پختونخواہ میں 22
    لاکھ 25 ہزار افراد کو 27 ارب ایک کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔

  • سندھ، سیلز ٹیکس وصولی میں 24.75 فی صد اضافہ

    سندھ، سیلز ٹیکس وصولی میں 24.75 فی صد اضافہ

    کراچی: سندھ ریونیو بورڈ کی خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے، اس سلسلے میں جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فروری 2020 میں خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی میں 24.75 فی صد اضافہ ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فروری میں خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی 7.58 ارب سے بڑھ کر 9.58 ارب تک جا پہنچی، رواں مالی سال 8 ماہ میں خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی میں 13.63 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    رواں مالی سال خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی 68 ارب 59 کروڑ رہی، گزشتہ مالی سال اسی مدت میں خدمات پر سیلز ٹیکس 60 ارب 36 کروڑ وصول ہوا تھا۔ ریونیو بورڈ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی کا ہدف 125 ارب مقرر ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 25 فی صد زائد ہے۔

    خیال رہے کہ ایف بی آر نے ملک بھر کے چھوٹے دکان داروں سے ٹیکس وصولی کے لیے ڈرافٹ تیار کیا تھا، جس کے مطابق چھوٹے دکان دار سال میں 2 بار ٹیکس ادائیگی کریں گے، اور ان کا کوئی آڈٹ نہیں ہوگا، چھوٹے دکان دار وِد ہولڈنگ ٹیکس وصولی کرنے کے پابند نہیں ہوں گے، دکان داروں کے لیے ویلتھ اسٹیٹمنٹ بھی فائل کرنا ضروری نہیں ہوگا۔

  • سیلز ٹیکس سے متعلق شناختی کارڈ کے حوالے سے جنرل آرڈر جاری، ایف بی آر

    سیلز ٹیکس سے متعلق شناختی کارڈ کے حوالے سے جنرل آرڈر جاری، ایف بی آر

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ انوائس، سیلز ٹیکس غیر رجسٹرافراد کی طرف سے سپلائر کے اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایف بی آر نے اپنے پیغام میں سیلزٹیکس سے متعلق شناختی کارڈ کےحوالے سے جنرل آرڈر جاری کردیا۔

    ایف بی آر نے کہا کہ شناخت کے لیے این ٹی این یا این آئی سی کی فراہمی نیک نیتی تصور ہوگی، ٹیکس انوائس کو سیلزٹیکس کے ایکٹ کی شق23 بی پوری کرتی ہو۔

    فیڈرل بورڈآف ریونیو کے مطابق خریدارکی طرف سے فراہم این آئی سی نادرا سے تصدیق شدہ ہونا چاہیے، این آئی سی یا این ٹی این فروخت کنندہ کے کسی بھی ملازم یا ساتھی کا نہ ہو۔

    ایف بی آر نے مزید کہا کہ انوائس، سیلز ٹیکس غیر رجسٹرافراد کی طرف سے سپلائر کے اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔

    حکومت تاجروں کے جائز مطالبات کو حل کرنے کے لیے تیار ہے، چیئرمین ایف بی آر

    یاد رہے کہ رواں ہفتے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف حاصل کرلیں گے، حکومت تاجروں سے بات چیت اور اُن کے جائز مطالبات کو حل کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • ٹیکس چوری روکنے کے لیے بڑی دکانوں کی انوائس مانیٹرنگ کا فیصلہ

    ٹیکس چوری روکنے کے لیے بڑی دکانوں کی انوائس مانیٹرنگ کا فیصلہ

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے بڑے کریانہ اسٹورز، بیوٹی پارلرز، بیکری اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کی انوائس مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے انوائس مانیٹرنگ سسٹم کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ انوائس سسٹم کا دائرہ بڑے کریانہ اسٹورز اور بیوٹی پارلرز تک بڑھایا جائے گا۔

    ایف بی آر کے مطابق بیکری اور ریٹیل آؤٹ لیٹس میں بھی انوائس سسٹم نصب ہوگا۔ مذکورہ اسلام آباد پائلٹ پراجیکٹ وفاقی دارالحکومت میں شروع کیا جائے گا۔ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی پر ملک بھر میں مانیٹرنگ سسٹم نصب ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق انوائس مانیٹرنگ سسٹم اپ ڈیٹ کر کے ریئل ٹائم سسٹم میں تبدیل کیا جائے گا، سسٹم کی تنصیب کے بعد انوائسز کی کاپی فوری طور پر ایف بی آر کو مل جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو ریٹیل آؤٹ لیٹس کی اصل سیل بھی معلوم ہوجائے گی۔ سسٹم سے صارفین سے کٹوتی کردہ سیلز ٹیکس کا ڈیٹا بھی حاصل ہوجائے گا۔

    ایف بی آر کے مطابق اسلام آباد میں 300 سے زائد ریسٹورنٹس میں یہ سسٹم نصب کیا جا چکا ہے۔

  • چیئرمین ایف بی آر کی وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ

    چیئرمین ایف بی آر کی وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ

    اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر نے وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں اگست تک 579 ارب ریونیو اکٹھا کیا جا چکا ہے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 14.65 فی صد زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف بی آر کی کارکردگی اور اب تک ہونے والی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ رواں سال فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ 83 ہزار افراد کا اضافہ ہوا، 2017 میں یہ تعداد 1514817 تھی جواب 2561099 ہو گئی، ڈومیسٹک ٹیکس کلیکشن میں 28 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

    بریفنگ میں چیئرمین نے کہا کہ ایف بی آر اہل کاروں سے شخصی رابطہ قائم کرنے کی ضرورت ختم کی جا رہی ہے، اور رجسٹریشن، ٹیکس سرٹیفکیٹ اجرا، ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے معاملات کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے، آڈٹ سمیت دیگر مراحل کو بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔

    چیئرمین نے کہا کہ نادرا کی شراکت سے ’سہولت‘ ویب پورٹل کا اجرا کر دیا گیا ہے، ایف بی آر کو موصول مالی تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی، شکایات کے ازالے کے لیے آن لائن نظام کو مزید مؤثر بنایا جا چکا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سالوں سے زیر التوا 16 ارب روپے ری فنڈز واپس کیے جا چکے ہیں، دکان داروں اور ریٹیلرز کے لیے ٹیکس سسٹم کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے، ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لیے ’ٹیکس آسان‘ کے نام سے موبائل ایپ کا اجرا کر دیا، ٹیکس کے فارمز کا اردو میں ترجمہ بھی کیا جا چکا ہے، ایف بی آر کی ویب سائٹ کو بھی اردو میں بنانے پر کام جاری ہے۔

    چیئرمین نے مزید بتایا کہ متحرک ٹیکس گزاروں کی فہرست کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، ایف بی آر تجارت میں سہولت کاری کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے، برآمدات آسان اسکیم کے تحت برآمدات کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مختلف کسٹم اسٹیشنز پر اسکینرز نصب کر دیے گئے ہیں، طور خم بارڈر پر کسٹم کی سہولت 24 گھنٹے فراہم کر دی گئی ہے، کرتارپور راہداری پر کسٹم آپریشنز آیندہ چند ہفتے میں شروع کر دیے جائیں گے، موبائل اسمگلنگ روک تھام سے متعلق اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اور ہوائی اڈوں پر کرنسی ڈیکلیئر سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔

  • پنجاب ریونیو اتھارٹی کا پرائیویٹ کلینکس کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    پنجاب ریونیو اتھارٹی کا پرائیویٹ کلینکس کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی نے لاہور میں پرائیویٹ کلینکس کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے فنانس ایکٹ 2019 کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور کے تمام پرائیویٹ کلینکس کو سیلز ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔

    پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین کی جانب سے انفورسمنٹ افسران کو ٹاسک سونپ دیے گئے۔

    واضح رہے اس سے قبل کراچی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا تھا، ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور سرجنز کا بڑے پیمانے پر ٹیکس ادا نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر نے کراچی کے ڈاکٹرز اور سرجنز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا

    ایف بی آر کی جانب سے ایک دستاویز جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن کے باوجود ڈاکٹرز ٹیکس ادا نہیں کر رہے ہیں، اس سلسلے میں ایف بی آر کی جانب سے شہر کے معروف اسپتالوں کو نوٹس جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹروں کی آمدن پر مبنی تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔

    ایف بی آر کی طرف سے مذکورہ نوٹسز کراچی کے 30 بڑے اسپتالوں کو جاری کیے گئے۔ ایف بی آر نے ڈاکٹروں کے شناختی کارڈ نمبر اور نام بھی طلب کیے۔

    حکومت پاکستان کی جانب سے خصوصی ہدایات کے بعد ریونیو ادارے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے سلسلے میں مختلف شعبہ جات کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

  • عوام سیلز ٹیکس طلب کرنے والے غیر رجسٹرڈ افراد کی نشان دہی کریں: ایف بی آر

    عوام سیلز ٹیکس طلب کرنے والے غیر رجسٹرڈ افراد کی نشان دہی کریں: ایف بی آر

    کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خریداری کے وقت اگر ان سے سیلز ٹیکس طلب کیا جائے اور وہ خود غیر رجسٹرڈ ہوں تو ایسے تاجروں کی نشان دہی کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کا کہنا ہے کہ عوام سیلز ٹیکس طلب کرنے والے غیر رجسٹرڈ افراد کی نشان دہی کریں، سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ تاجر ہی اپنی اشیا کی فروخت پر سیلز ٹیکس لے سکتا ہے۔

    غیر رجسٹرڈ تاجروں سے متعلق عوام کی جانب سے شکایات پر ایف بی آر نے سرکلر جاری کر دیا۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ افراد کو 13 ہندسوں والا سیلز ٹیکس نمبر جاری کیا جاتا ہے، عوام تاجروں سے سیلز ٹیکس نمبر والی رسید طلب کر سکتے ہیں۔

    ایف بی آر نے یہ بھی کہا کہ این ٹی این نمبر سیلز ٹیکس رجسٹرڈ نمبر کا متبادل نہیں ہے، جب کہ عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ سیلز ٹیکس میں غیر رجسٹرڈ تاجروں کو سیلز ٹیکس وصولی کا بالکل اختیار نہیں۔

    ادھر ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کی جانب سے ایک بیان جاری ہوا ہے جس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ کچھ افراد ایف بی آر کا نمایندہ بن کر عوام کو ای میلز کر رہے ہیں، عوام ایسے افراد سے خبردار رہیں۔

    چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریفنڈ کا جھانسا دے کر بینک اکاؤنٹس تفصیلات لی جا رہی ہیں، ایف بی آر کا ان مذموم حرکات سے کوئی تعلق نہیں، کسی بھی بات کی تصدیق کے لیے ایف بی آر ہیلپ لائن سے معلومات لیں۔

  • لاہور ہائی کورٹ میں مہنگے پیٹرول اور زائد سیلز ٹیکس کے خلاف سماعت

    لاہور ہائی کورٹ میں مہنگے پیٹرول اور زائد سیلز ٹیکس کے خلاف سماعت

    لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی زائد قیمتیں اور زائد سیلز ٹیکس کی وصولی کے معاملے پر لاہورہائی کورٹ نے حکومت، وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو نوٹس جاری کردیا، حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر ساڑھے پینتس فیصد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور زائد سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف لاہورہائی کورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ پاکستان میں مہنگا پیٹرول فروخت کیا جا رہا ہے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے ۔

    درخواست گزار نے عدالت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کیلئے احکامات جاری کرنے کی درخواست بھی کی، حکومت پیٹرول پر بیس فیصد جبکہ ڈیزل پر ساڑھے پینتیس فیصد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے تاہم  ہائی اوکٹین پر سیلز ٹیکس کی شرح ساڑھے اکیس فیصد ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں  حکومت نے آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے سیلز ٹیکس بڑھا دیا تھا۔

  • سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، پولٹری ایسوسی ایشن

    سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، پولٹری ایسوسی ایشن

    اسلام آباد : پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن نے پولٹری فیڈ پر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

    ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ اضافی ٹیکسوں کے بعد مرغی کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔

    اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران پولٹری ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میجر (ر) احمد وسیم کا کہنا تھا کہ حالیہ بجٹ میں پولٹری فیڈ پر کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی مد میں بالترتیب پانچ ،پانچ فیصد اضافہ قبول نہیں، اضافے سے فیڈ کی بوری200روپے جبکہ پولٹری مصنوعات 7فیصد تک مہنگی ہوجائیں گی۔

    اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گوشت کی ضروریات کا چالیس فیصد پولٹری صنعت سے حاصل کیا جا رہا ہے۔

    ٹیکسز کے نفاذ سے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی پیداواری لاگت میں ناقابل برداشت اضافہ ہو جائے گا ۔

    ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں مرغی کے نرخ میں اضافہ سندھ کے گرم علاقوں میں واقع پولٹری فارمز میں چوزوں کے مرنے کے باعث ہوا۔

  • بجٹ 16-2015: ترسیلات زر پر10فیصدٹیکس لگائےجانےکاامکان

    بجٹ 16-2015: ترسیلات زر پر10فیصدٹیکس لگائےجانےکاامکان

    اسلام آباد: حکومت آئندہ مالی سال کےبجٹ میں ترسیلات زرپربھی ٹیکس لگانے کاارادہ رکھتی ہے۔بجٹ میں دس فیصدتک ودہولڈنگ ٹیکس لگائے جانےپرغورکیاجارہاہے۔

    حکومت آئندہ مالی سال سےترسیلات زر پردس فیصدٹیکس لگانےکاارادہ رکھتی ہے، ذرائع کےمطابق ٹیکس کےمراعاتی نظام کوختم کرنے کے مرحلہ وارسلسلےکےتحت یہ اقدامات لئےجانےکاامکان ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق ایف بی آرکےتحت جاری کئے گئےایک تہائی ایس آراوز آئندہ بجٹ میں ختم کئےجائیں گے۔ آئی ایم ایف نے اپنے قرض پروگرام میں ایس آراوز کےخاتمے کیلئے شرط عائدکر رکھی ہے۔