Tag: سیلفی

  • بھارتی اداکارہ ملائیکہ اروڑا کا رکشے والے کے ساتھ سیلفی کھینچنے سے انکار

    بھارتی اداکارہ ملائیکہ اروڑا کا رکشے والے کے ساتھ سیلفی کھینچنے سے انکار

    معروف بھارتی اداکارہ ملائکہ اروڑا کی حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنے ایک مداح رکشے والے کو نظر انداز کر کے وہاں سے چلی جاتی ہیں، مداح ان کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کر رہا تھا۔

    ملائکہ اروڑا جو اپنی فٹنس کی وجہ سے مشہور ہیں، اپنے اکھڑ رویے کی وجہ سے اب لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن رہی ہیں۔

    حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ان کی نئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک عمارت کے باہر کھڑی فوٹوگرافرز کو تصاویر کے لیے پوز دے رہی ہیں۔

    اس دوران قریب ہی موجود ایک رکشے والا ان کے قریب آجاتا ہے اور ان کے ساتھ سیلفی لینے کی درخواست کرتا ہے، اس کے بعد وہ ٹوپی پہن کر بظاہر تصویر کے لیے تیاری کرتا ہے۔

    لیکن ملائکہ ایک منٹ بھی ان کا انتظار کیے اور تصویر کھنچوائے بغیر اسے نظر انداز کر کے اندر چلی جاتی ہیں اور رکشے والا اپنا سا منہ لے کر رہ جاتا ہے۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اداکارہ پر بے حد تنقید کی گئی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ جتنا ان کا غرور ہے اتنی بڑی تو یہ اداکارہ بھی نہیں۔ بعض لوگوں نے انہیں فلاپ اداکارہ بھی قرار دیا۔

  • گھریلو جھگڑے پر شوہر نے فیس بک لائیو آکر بیوی کا گلا کاٹ دیا

    گھریلو جھگڑے پر شوہر نے فیس بک لائیو آکر بیوی کا گلا کاٹ دیا

    مصر میں بے رحم شوہر نے گھریلو جھگڑے پر اپنی بیوی کو فیس بک لائیو آکر ذبح کردیا اور کٹے سر کے ساتھ اپنی سیلفی سسرال والوں کو بھیج دی۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کی پولیس جب سفاک شوہر کو گرفتار کرنے پہنچی تو وہ اپنی بیوی کی سرکٹی لاش کے ساتھ فیس بک لائیو پوسٹ کر رہا تھا۔

    مقامی پولیس نے بتایا کہ جب اس نے دیکھا تو اپنے تینوں کم سن بیٹوں کو دبوچ لیا اور دھمکی دی کہ اگر مجھے جانے نہیں دیا گیا تو میں تینوں بچوں کا گلا کاٹ دوں گا۔

    آٹھویں کے طالبعلم کی چاقو کے زور پر شادی رچانے کی کوشش

    پولیس ٹیم نے ملزم کو باتوں میں الجھائے رکھا اور موقع دیکھ کر اسے گرفتار کرلیا تاہم تینوں بچے کی حفاظت کا خیال بھی رکھا گیا۔

    سفاک ملزم نے پولیس کو بتایا کہ بیوی سے جھگڑا ہوا تھا، غصے میں آکر پہلے اسے تشدد کرکے قتل کیا اور پھر گلا کاٹ دیا۔

    ہمسائیوں کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا اور بیوی اسے چھوڑ کر بھی چلی گئی تھی لیکن بعد میں صلح ہوگئی۔

  • طیارہ حادثے میں بچ جانے والے جوڑے کی سیلفی وائرل

    طیارہ حادثے میں بچ جانے والے جوڑے کی سیلفی وائرل

    پیرو: طیارہ حادثہ میں زندہ بچ جانے والے افراد عام طور سے اتنے دہشت زدہ ہوتے ہیں کہ کچھ سوچنے سمجھنے کے قابل ہی نہیں ہوتے، لیکن پیرو میں طیارہ حادثے کے بعد ایک جوڑے کو سیلفی لینے کی سوجھی، جو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرو کے شہر لیما کے جارج شاویز بین الاقوامی ایئرپورٹ سے جمعہ کو سہ پہر ایک طیارہ اڑان بھرنے ہی والا تھا جب ایک فائر ٹرک اس سے ٹکرا گیا۔

    اس حادثے میں رن پر موجود دو فائر فائٹرز ہلاک ہو گئے تھے، تاہم طیارے میں سوار کوئی مسافر یا عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا، فائر ٹرک کے طیارے سے ٹکرانے کی وجہ سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

    اکثر ایسے حادثات میں بچ جانے والے مسافر اگر فون نکالتے بھی ہیں تو اپنے پیاروں کے ساتھ بات کرنے کے لیے، لیکن اس جوڑے نے تباہ شدہ طیارے کے ساتھ ایک تصویر لینے کے لیے موبائل فون کا استعمال کیا۔

    تصویر میں نظر آنے والے شخص اینرک وارسی نے تصویر کے کیپشن شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’جب زندگی آپ کو دوسرا موقع دیتی ہے۔‘‘

    یہ تصویر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، فیس بک پر ایئربس 320 کے پیج پر بھی اس تصویر کو شیئر کیا گیا اور لکھا گیا ’’سال کی بہترین سیلفی، خوشی ہے کہ وہ خیریت سے ہیں۔‘‘

    تاہم دوسری طرف کچھ صارفین نے اسے مضحکہ خیز قرار دیا، بہت سے لوگوں نے کہا کہ جوڑے کو یہ احساس ہونا چاہیے تھا کہ جب وہ تصاویر کلک کر رہے تھے تو ان کی زندگیاں داؤ پر لگی تھیں۔

    ایک شخص نے لکھا کہ فائر فائٹرز کے لواحقین کے لیے یہ بہت دکھ کی بات ہے، شاید تصویر میں نظر آنے والے جوڑے کو ہلاکتوں کا علم نہیں تھا یا شاید وہ خود بچ جانے سے بہت مطمئن تھے۔

  • مارک زکر برگ کی 10 ارب ڈالر کی سلیفی، انٹرنیٹ صارفین اس پر میمز کیوں بنانے لگے؟

    مارک زکر برگ کی 10 ارب ڈالر کی سلیفی، انٹرنیٹ صارفین اس پر میمز کیوں بنانے لگے؟

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (فیس بک) کے بانی مارک زکر برگ نے گرافکس سے تیار کردہ اپنی سیلفی پوسٹ کی جو انٹرنیٹ پر مذاق کا نشانہ بن گئی، لوگوں نے کہا کہ 10 ارب ڈالرز خرچ کیے جانے کے بعد ایسی سیلفی مذاق لگتی ہے۔

    میٹا (فیس بک) نے حال ہی میں ہورائزن ورلڈز نامی گیم کو میٹاورس پلیٹ فارم سے مزید 2 ممالک میں متعارف کروایا ہے، برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کے بعد فرانس اور اسپین میں اس گیم کو متعارف کرانے کا اعلان مارک زکر برگ نے اپنی ایک ڈیجیٹل اوتار کی سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے کیا۔

    یہ سیلفی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی اور میٹا کے نئے پلیٹ فارم کی بجائے بیشتر افراد کمپنی کے سی ای او مارک زکر برگ کی میٹاورس سیلفی پر بات کرتے رہے۔

    اس سیلفی میں مارک زکربرگ کا ڈیجیٹل اوتار پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے کھڑا ہے۔

    مگر سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ایک کمپنی جس نے میٹا ورس کے لیے اپنا نام میٹا رکھ دیا، یہ تصویر مذاق لگتی ہے۔

    کچھ افراد نے کہا کہ مارک زکر برگ کی سیلفی مستقبل کے میٹا ورس کی تشکیل میں میٹا کی ناکامی کی علامت ہے حالانکہ گزشتہ سال کمپنی نے اس مقصد کے لیے 10 ارب ڈالرز خرچ کیے۔

    بیشتر افراد نے اس ڈیزائن کا موازنہ 1990 کی دہائی کے گرافکس سے کرتے ہوئے کہا کہ سیلفی میں مارک زکر برگ کا انداز بچگانہ ہے۔

    شاید مارک زکر برگ نے بھی اس تنقید اور میمز کو دیکھ لیا تھا اور اسی وجہ سے اہم اپ ڈیٹس بشمول نئے اوتار گرافکس کو جلد متعارف کروانے کا اعلان کیا، فیس بک اور انسٹاگرام پر مارک زکر برگ نے زیادہ بہتر اواتار کی تصویر بھی پوسٹ کی۔

    انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ میں جانتا ہوں کہ حال ہی میں جو تصویر میں نے پوسٹ کی وہ بہت سادہ تھی، وہ ایک لانچ کے لیے جلد بازی میں لی گئی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ ہورائزن ورلڈ کے گرافکس بہت کچھ کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں اور ان کو بہت تیزی سے بہتر کیا جائے گا۔

  • شعیب اختر، نعمان نیاز کی صلح کے بعد فواد چوہدری کی سیلفی

    شعیب اختر، نعمان نیاز کی صلح کے بعد فواد چوہدری کی سیلفی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور سرکاری ٹی وی کے اینکر پرسن نعمان نیاز کے مابین اپنے گھر پر صلح کرائی تو اس کے بعد انھوں نے ایک سیلفی بھی لی۔

    سرکاری ٹی وی پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پاک نیوزی لینڈ میچ کے سلسلے میں گفتگو کے دوران نعمان نیاز نے شعیب اختر سے بدتمیزی کی تھی، اور اچانک انھیں پروگرام سے چلے جانے کا کہا، جس پر شعیب اختر نے شو چھوڑ دیا۔

    بعد ازاں، شعیب اختر کے مداحوں اور پاکستانی عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر جو ردِ عمل سامنے آیا، اس نے نعمان نیاز کو مشکل میں ڈال دیا، دوسری طرف شعیب کے لیے مداحوں کے دلوں میں موجود پیار بھی سب نے دیکھا۔

    نعمان نیاز اور شعیب اختر میں صلح ہو گئی

    اگرچہ اس کے بعد نعمان نیاز نے اے آر وائی نیوز کے ایک پروگرام میں شعیب اختر سے ہاتھ جوڑ کر معافی بھی مانگی، لیکن دونوں کے درمیان معاملات بگڑ چکے تھے، جس پر فواد چوہدری نے میدان میں آ کر اپنا کردار نبھایا۔

    آج وزیر اطلاعات کے گھر پر شعیب اختر اور نعمان نیاز کے درمیان صلح ہو گئی، صلح کے بعد اس واقعے کو یادگار بنانے کے لیے گھر سے باہر آ کر فواد چوہدری نے ایک سیلفی بھی لی۔

    سیلفی میں فواد چوہدری تو خوش نظر آ رہے ہیں تاہم شعیب اختر کے چہرے پر کچھ خاص خوشی یا اطمینان کا تاثر نہیں دکھائی دیتا، جب کہ نعمان نیاز مطمئن نظر آتے ہیں۔

    اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سیلفی شیئر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے پیغام کے ساتھ ایک شعر بھی لکھا:

    دوست دو چار نکلتے ہیں کہیں لاکھوں میں

    جتنے ہوتے ہیں سِوا، اتنے ہی کم ہوتے ہیں

    فواد چوہدری نے لکھا کہ بات اتنی نہیں تھی کہ اس پر اتنی گفتگو ہوتی، لیکن کیا ہے کہ، سوشل میڈیا اب اتنا بڑا ہے کہ چھوٹی باتیں بھی بڑی ہو جاتی ہیں۔

  • بکری کے ساتھ سیلفی لینے کا شوق خاتون کو مہنگا پڑ گیا

    بکری کے ساتھ سیلفی لینے کا شوق خاتون کو مہنگا پڑ گیا

    بعض افراد انوکھی سیلفیز بنانے کے اس قدر شوقین ہوتے ہیں کہ وہ اس کے لیے خطرہ مول لینے کو بھی تیار ہوجاتے ہیں، ایسی ہی ایک خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو سیلفی لینے کے چکر میں بکری کے غصے کا نشانہ بن گئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون بکری کے قریب موجود ہیں اور بکری کا پاؤں بندھا ہوا ہے۔

    ابتدا میں بکری نرمی سے ان کے قریب آنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن رسی کی وجہ سے پہنچ نہیں پاتی اور شاید اسی وجہ سے طیش میں آجاتی ہے۔

    دوسری دفعہ وہ حملہ کرنے کے ارادے سے خاتون کی طرف بڑھتی ہے لیکن ناکام رہتی ہے، خاتون کو بھی بکری کے عزائم کا ارادہ ہوجاتا ہے۔

    تیسری دفعہ بالآخر بکری اپنے ارادے میں کامیاب رہتی ہے اور اچھل کر خاتون پر حملہ کردیتی ہے، بکری کے سینگ خاتون کے سر اور چہرے پر لگتے ہیں اور وہ گر جاتی ہیں جبکہ کیمرا بھی ان کے ہاتھ سے چھوٹ جاتا ہے۔

    اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے دیکھا، بعض افراد خاتون سے افسوس کرتے بھی دکھائی دیے۔

  • بھارت: 3 لڑکیاں سیلفی لینے کے دوران ڈوب کر ہلاک

    بھارت: 3 لڑکیاں سیلفی لینے کے دوران ڈوب کر ہلاک

    حیدرآباد: بھارت میں تین نوجوان لڑکیاں سیلفی لینے کے دوران ڈوب کر ہلاک ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک گاؤں میں دو بہنوں سمیت تین لڑکیاں جھیل میں سیلفی لینے کے دوران گر کر ڈوب گئیں۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ضلع نرمل کے گاؤں شنگنگام میں پیر کے روز جھیل سے تین لڑکیوں کی لاشیں ملیں، جن کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ اتوار سے غائب تھیں۔

    لڑکیوں میں دو بہنیں 16 سالہ الیمی سنیتا اور 14 سالہ ویشالی، اور ایک کزن 14 سالہ انجلی شامل تھیں، خاندانی ذرائع کے مطابق تینوں لڑکیاں سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے کے لیے اچھی تصویر بنانے کی کوشش کرنے کے لیے جھیل کی طرف گئی تھیں۔

    پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ سنیتا اور ویشالی وقت گزارنے کے لیے اپنی والدہ اور کزن کے ہمراہ اتوار کو اپنے زرعی فارم پر گئی تھیں، جہاں وہ اپنے موبائل فون سے تصاویر لے رہی تھیں، اس دوران لڑکیوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے جھیل کے قریب جا کر تصاویر کھینچنے کی خواہش ظاہر کی۔

    لڑکیوں کی والدہ نے بتایا کہ جب لڑکیاں کافی دیر تک واپس نہیں آئیں، تو انھیں فکر لاحق ہوئی اور لڑکیوں کی تلاش شروع کر دی، لیکن ناکامی کی صورت میں تھانے میں لڑکیوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی۔

    اگلی صبح دیہاتیوں نے جھیل میں لڑکیوں کی لاشیں تیرتے دیکھیں، تو پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لے لیا۔

    جائے حادثے سے ملنے والے موبائل فون کی تصاویر چیک کی گئیں تو وہ ڈوبنے سے چند لمحے پہلے کی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ لاشوں سے کوئی قتل کا شبہ نہیں ہوتا، اور جہاں وہ لڑکیاں ڈوب کر ہلاک ہوئیں وہاں بہت زیادہ پھسلن تھی، جس کے باعث تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ لڑکیاں پھسلن کی وجہ سے ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔

  • مریم نواز کی سیلفیاں

    مریم نواز کی سیلفیاں

    بہاولپور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی بہالپور ریلی کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو سیلفیاں لیتے بھی دیکھا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز بہاولپور جلسے میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں تو اس دوران انھوں نے سیلفیاں بھی لیں۔

    ریلی کے دوران جب وہ گاڑی پر موجود تھیں تو انھوں نے کئی زاویوں سے اپنے موبائل سے سیلفی لی، اس دوران رانا ثنا اللہ بھی ان کے قریب کھڑے تھے۔

    پی ڈی ایم نے استعفے دئیے تو حکومت کا کام تمام ہوجائیگا، مریم نواز

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بہاولپور میں پی ڈی ایم کی جانب سے ریلی نکالی گئی تھی جس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا تھا کہ جس دن پی ڈی ایم نے استعفے دیے اس دن حکومت کا کام تمام ہو جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا پنجاب کو طعنہ دیا جاتا تھا کہ وہ ظلم کے خلاف نہیں کھڑا ہوتا، اب پنجاب اس ظلم کے خلاف کھڑا ہوگیا ہے اور اپنے حقوق کے لیے تیار ہے۔

    ریلی میں پی ڈی ایم نے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان بھی کیا۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انیس جنوری کو فارن فنڈنگ کیس کے خلاف الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔

  • نوجوان کو سیلفی مہنگی پرگئی

    نوجوان کو سیلفی مہنگی پرگئی

    ماسکو: روس میں منچلے نوجوان کو سیلفی کے شوق نے مشکل میں ڈال دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی دارالحکومت ماسکو میں نوجوان نے ایڈونچر کے طور پر عمارت کی کھڑکی کی پاس سیلفی لینے کی کوشش کی، لیکن یہ تجربہ اس کے لیے بھیانک ثابت ہوا۔

    مذکورہ شہری سیلفی تو نہ لے سکا لیکن پاؤں کی پھسلن کے باعث عمارت کی کھڑی سے لٹک گیا۔ کمرے میں موجود دو خواتین نے ہمت دیکھائی اور ’انٹن کولوز‘ نامی نوجوان کے دونوں ہاتھ پکڑ کر کمرے کے اندر کھینچ لیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 150 فٹ بلندی سے گرنے کے باعث مذکورہ نوجوان کی جان بھی جاسکتی تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نوجوان پر 44 پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کیا اور اس عمل کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی بھی قرار دیا۔

    انٹن کولوز کو مسلسل 15 منٹ تک مذکورہ خواتین نے تھامے رکھا۔

  • ”کلک“ سے پہلے اسے پڑھ لیجیے….

    ”کلک“ سے پہلے اسے پڑھ لیجیے….

    ہم روشنی کی مدد سے اشیا کو دیکھتے ہیں۔

    انسان نے ترقی کے مدارج طے کیے اور جب یہ جانا کہ اس کی آنکھ کس طرح کام کرتی ہے اور وہ کیسے کسی منظر اور شے کو دیکھ پاتا ہے تو اس نے کیمرا ایجاد کیا۔

    یہ روشنی کی مدد سے ہماری آنکھ کی طرح ہی کام کرنے والی ایک ایجاد ہے۔

    آج یہ ایجاد پہلے سے کہیں زیادہ جدید اور طاقت ور ہوچکی ہے، اور اب ڈیجیٹل کیمروں سے بہترین فوٹوگرافی کی جارہی ہے، مگر اس کے کام کرنے کا بنیادی طریقہ اور اصول انسانی آنکھ اور روشنی ہی ہے۔

    اسے ہم سادہ الفاظ میں بیان کریں تو یہ کہہ سکتے ہیں کہ جس طرح ضرورت سے کم یا زیادہ روشنی میں آنکھ کی پتلی (Pupil) پھیلتے ہوئے یا سکڑ کر روشنی کی شدت (Light Intensity) کو قابو کرکے پردۂ چشم (Retina) پر مناسب عکس بناتی ہے، بالکل اسی کیمرے میں موجود لینز کا سوراخ جسے اپرچر کہتے ہیں اسے بڑا یا چھوٹا کر کے مناسب عکس بنایا جاتا ہے۔

    اچھی فوٹوگرافی کے لیے کیمرے کی آنکھ سے منظر کو قید کرنے کی خواہش رکھنے والے کو ایکسپوژر، شٹر، اپرچر اور آئی ایس او کو سمجھنا ہوتا ہے، کیوں کہ فوٹوگرافی انہی پر عبور حاصل کرنے کا نام ہے۔

    فوٹو گرافر جانتا ہے کہ ایکسپوژر سے مراد ”تصویر میں روشنی کی شدت (مقدار)“ ہے۔ تصویر میں ضرورت سے زیادہ چمک یا منظر میں تاریکی اس کی خرابی تصور کی جاتی ہے۔

    عکاسی کے دوران مناسب ایکسپوژر کے لیے فوٹو گرافر شٹر، اپرچر اور آئی ایس او کی سیٹنگز استعمال کرتا ہے۔

    شٹر دراصل کیمرے میں تصویر بنانے والے سینسر کے آگے موجود پردے کو کہتے ہیں جو تصویر بناتے ہوئے ایک خاص وقت کے لیے کھلتا اور پھر بند ہو جاتا ہے۔ اسی دوران روشنی سینسر پر پڑتی ہے اور عکس بناتی ہے۔

    لینز کا وہ سوراخ جس سے روشنی گزر کر سینسر تک پہنچتی ہے، اسے ہم اپرچر کہتے ہیں جسے فوٹو گرافر بڑا یا چھوٹا کرسکتا ہے تاکہ مرضی کے مطابق مناسب عکس محفوظ کرسکے۔

    اس کے بعد آئی ایس او (ISO) کی وضاحت ضروری ہے۔ اس سے مراد تصویر بنانے والے سینسر کی حساسیت (Sensitivity) ہے اور اس کا خیال رکھ کر ہی اچھا رزلٹ حاصل کیا جاسکتا ہے۔