Tag: سیل کرنے کا فیصلہ

  • ایران کا افغانستان کے ساتھ بارڈر سیل کرنے کا فیصلہ

    ایران کا افغانستان کے ساتھ بارڈر سیل کرنے کا فیصلہ

    ایران نے دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر افغانستان کے ساتھ سرحد سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے خطے اور بالخصوص پڑوسی ممالک میں دہشتگرد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، طالبان کے زیر اثر متعدد دہشتگرد تنظیموں مثلاً ٹی ٹی پی اور اسلامی ریاست خراساں کو افغان سر زمین پر محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق طالبان کی سرپرستی میں ان تنظیموں کی جانب سے پاکستان اور ایران میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، حال ہی میں ایران نے دہشتگردی کے واقعات کے پیش نظر افغانستان کے ساتھ سرحد سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    بڑھتی دہشتگردی سے تنگ آکر ایران نے افغان سرحد پر 3 سو کلو میٹر لمبی اور 4 میٹر اونچی دیوار کھڑی کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا۔

    اس سے قبل ایرانی وزیر دفاع محمد رضا اشتیانی نے کہا ہے افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی بحالی اور فعال ہونا خطے کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے، کرمان بم دھماکے میں بھی دہشتگرد افغانستان سے ایران  آئے جس کی وجہ سے ملکی سیکیورٹی کو شدید نقصان پہنچا۔

  • گندم اسمگلنگ کا خدشہ ، سندھ حکومت کا سندھ بلوچستان بارڈر سیل کرنے کا فیصلہ

    گندم اسمگلنگ کا خدشہ ، سندھ حکومت کا سندھ بلوچستان بارڈر سیل کرنے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے گندم اسمگلنگ کے خدشے کے پیش نظر سندھ بلوچستان بارڈرسیل کرنےکافیصلہ کرلیا ، محکمہ خوراک نے بارڈرسیل کرنے کیلئے تحریری درخواست دے دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو کے مطابق گندم اسمگلنگ کے خدشے کے پیش نظر سندھ حکومت نے سندھ بلوچستان بارڈرسیل کرنےکافیصلہ کرلیا ،سندھ کابینہ نےفوڈایکٹ کے تحت بارڈرسیل کرنےکی ہدایت کردی ہے۔

    محکمہ خوراک نےمحکمہ داخلہ کو بارڈر سیل کرنےکیلئے تحریری درخواست دے دی ہے اور کہا کہ گندم ذخیرہ اندوزی کرنےوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے، سندھ کی گندم اسمگل کرنےکیلئےمافیاسرگرم ہے، سندھ میں گندم کی ذخیرہ اندوزی ہونےنہیں دیں گے۔

    صوبائی وزیرخوراک ہری رام کشوری لعل نے کارروائی کی تصدیق کردی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز سندھ میں سرکاری گندم کی اربوں روپے کی چوری کا انکشاف سامنے آیا تھا ، محکمہ خوراک سندھ نے سرکاری گوداموں سے ہونےوالے اس چوری کی تصدیق بھی کی تھی۔

    محکمہ خوراک سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری گوداموں سے ایک لاکھ اڑسٹھ ہزارمیٹرک ٹن گندم چوری کی گئی، اس کی مالیت اوپن مارکیٹ میں سات ارب روپے بتائی جارہی ہے۔

    محکمہ خوراک کےمطابق اس کےعلاوہ ایک ارب پانچ کروڑ روپے کی گندم نوری آباد کے بعدکراچی آتے آتے غائب ہوگئی، چیف سیکریٹری نے محکمہ خوراک کی گندم چوری کرنے والے ملازمین، ٹھیکیداروں اور ملوث ملز اونر کیخلاف تحقیقات کی سفارش پرانکوائری اینٹی کرپشن کو سونپ دی۔

  • متحدہ کے خلاف کریک ڈائون، کراچی اور حیدر آباد میں دفاتر سیل،گرفتاریاں

    متحدہ کے خلاف کریک ڈائون، کراچی اور حیدر آباد میں دفاتر سیل،گرفتاریاں

    کراچی:متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو سمیت پارٹی کےکراچی اور حیدر آباد میں واقع  دفاتر کو  سیل کردیا گیا، رینجرز کی بھاری نفری نے نائن زیرو کے اطراف گھیرا ڈال کر سرچ آپریشن کیا، کاغذات، واکی ٹاکی اور دیگر آلات اپنے قبضے میں کرلیے۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتالی کیمپ میں پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کے الزام کے بعد ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، فاروق ستار، عامر خان، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین، خواجہ اظہار الحسن، ارشد وہرہ، خواجہ سہیل، ساجد احمد،شاہد پاشا،وسیم احمد، کنور نوید جمیل اور قمر منصور سمیت دیگر رہنمائوں کی گرفتاری کے بعد اب نائن زیرو سمیت اس سے ملحق میڈیا ڈپارٹمنٹ اور دیگر تمام شعبہ جات کو سیل کردیا گیا۔

    نائن زیرو سیل کرنے کے لیے رینجرز کی بھاری نفری چند گھنٹوں سے موجود ہے جس میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں، رینجرز نے ایم کیو ایم کی گلی سیل کی بعدازاں پورے مرکز کو سیل کردیا، علاقے میں ہر آنے اور جانے والے شخص کو روک دیا گیا،  نائن زیرو کے اطراف واقع گھروں اور مشتبہ مکانات کی بھی تلاشی لی۔

    رینجرز نے قائد ایم کیو ایم کی رہائش گاہ، سیکیورٹی آفس اور کنٹرول روم کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے لیا،واکی ٹاکی اور دیگر آلات اپنے قبضے میں کرلیے اور نائن زیرو پر موجود 6 سے  7 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کے گلشن اور گلستان جوہر کے دفاتر پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے اور انہیں سیل کردیا ہے،آپریشن سے قبل یہ ایم کیو ایم کے تمام یونٹس اور سیکٹرز پہلے ہی خالی پڑے تھے اس لیے کوئی گرفتاری سامنے نہیں آئی۔

    رینجرز نےعباس ٹائون پر چھاپہ مار کر متحدہ کے دو کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

    علاوہ ازیں کریک ڈائون کے سبب ایم کیو ایم کی ویب سائٹ بھی بند کردی گئی ہے۔