Tag: سیمنٹ کی بوری

  • بجٹ کے بعد سیمنٹ کی بوری کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟

    بجٹ کے بعد سیمنٹ کی بوری کی قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟

    لاہور: بجٹ کے بعد سیمنٹ کی بوری کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے فنانس بل 2024 پر دستخط کئے جانے کے بعد اس میں موجود ٹیکسز کا اطلاق آج سے ہوچکا ہے، جس کا اثر سیمنٹ کی قیمتوں پر بھی پرا ہے۔

    سیمنٹ ڈیلر آصف سعید کے مطابق سیمنٹ کی بوری کی قیمت 200 روپے اضافے کے بعد سیمنٹ کا بیگ 1300 سے 1500 روپے کا ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے بجٹ آئی ایم ایف کی شراکت داری کے ساتھ تیار کیا ہے جس میں عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے ساڑھے 3 ہزار ارب روپے کے ٹیکس کے مطالبے کی تکمیل کی گئی ہے۔

    حکومت نے مختلف اشیاء پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس جبکہ دیگر پر 10 سے 50 فیصد تک فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی ہے۔

    اس ٹیکس کی زد میں موبائل فون، آٹا، ڈبل روٹی، دودھ، مکھن، کریم، امپورٹڈ میک اپ، پرفیوم، گھڑیاں، مچھلی، شہد، کھجور، سیب، لیچی، مکئی، اوور کوٹ، جیکٹس، کپڑے، ٹریک سوٹ، رومال، مفلر، ٹائی، جوتے سمیت مختلف امپورٹڈ اشیاء آگئی ہیں۔

  • گھر تعمیر کرنے والوں کیلئے بری خبر

    گھر تعمیر کرنے والوں کیلئے بری خبر

    اسلام آباد : ملک میں سیمنٹ کی خوردہ قیمت میں ہفتہ وار بنیادوں پر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 16 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹل قیمت 1201 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.43 فیصد زیادہ ہے۔

    پیوستہ ہفتے میں ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط خوردہ قیمت 1196 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔

    اسی طرح گزشتہ ہفتے کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ہفتہ رفتہ میں ملک کے جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹل قیمت 1187 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے میں بھی 1187 روپے تھے۔

    اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط خوردہ قیمت 1172، راولپنڈی 1177، گوجرانوالہ 1220، سیالکوٹ 1200، لاہور 1240، فیصل آباد 1200، سرگودھا 1180، ملتان 1212، بہاولپور 1230، پشاور 1177 اور بنوں میں 1200 روپے ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط خوردہ قیمت 1157، حیدر آباد 1180 سکھر1250، لاڑکانہ 1173، کوئٹہ 1190 اور خضدار میں 1170 روپے ریکارڈ کی گئی۔