Tag: سیمی فائنل

  • پاکستان شاہینز کا سفر تمام، سیمی فائنل میں پرتھ اسکارچرز سے شکست

    پاکستان شاہینز کا سفر تمام، سیمی فائنل میں پرتھ اسکارچرز سے شکست

    ڈارون(24 اگست 2025): ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں پرتھ اسکارچرز نے پاکستان شاہینز کو 48 رنز سے شکست دیدی۔

    پاکستان شاہینز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سیمی فائنل میں ہار گئی، اس جیت کے ساتھ ہی پرتھ اسکارچرز نے فائنل میں جگہ بنالی جبکہ پاکستان شاہینز کو ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری بار سیمی فائنل سے باہر ہونے کا سامنا کرنا پڑا۔

     یہ اس سیریز میں پرتھ اسکارچرز کی پاکستان شاہینز کے خلاف دوسری کامیابی ہے، پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پرتھ اسکارچرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    پرتھ اسکارچرز نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے، جواب میں پاکستان شاہینز 17 اعشاریہ ایک اوورز میں 107 رنز بناکر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔

    یہ پڑھیں: پاکستان شاہینز نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کو 107 رنز سے شکست دے دی

    پرتھ اسکارچرز کی کی جانب سے نکولس ہابسن نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے، ان کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی وجہ سے اسکارچرز 69 رنز پر 6 وکٹیں گنوانے کے بعد 155 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔

    پاکستان شاہینز کی جانب سے سعد مسعود نے 21 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہران ممتاز اور محمد وسیم جونیئر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان شاہینز کو پہلے ہی اوور میں نقصان برداشت کرنا پڑا, یاسر خان صفر پر آؤٹ ہوئے، تیسرے اوور میں معاذ صداقت 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دونوں بیٹرز کو میتھیو کیلی نے آؤٹ کیا۔

    عبدالصمد 10، خواجہ نافع 26 اور کپتان عرفان خان 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کا اسکور دسویں اوور میں 5 وکٹوں پر صرف 65 رنز تھا۔

  • ورلڈ گیمز اسنوکر، محمد آصف نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

    ورلڈ گیمز اسنوکر، محمد آصف نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

    پاکستان کے محمد آصف ورلڈ گیمز اسنوکر کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

    پاکستان کے محمد آصف نے ورلڈ گیمز اسنوکر کے کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے زیک کوسکر کو زیر کرتے ہوئے 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔

    پاکستان کے محمد آصف نے پہلے فریم میں 51 کا بریک کھیلتے ہوئے 15-79 سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرا فریم انہوں نے 31-89 سے اپنے نام کیا۔

    اب آصف ورلڈ گیمز 2025 میں میڈل سے ایک فتح کی دوری پر ہیں، سیمی فائنل میں فتح آصف کا میڈل یقینی کردے گی۔ سیمی فائنل میں شکست کی صورت میں انہیں برانز میڈل کا میچ کھیلنا ہوگا۔

    محمد آصف نے عالمی چیمپئن کا ٹائٹل کشمیریوں کے نام کردیا

    پاکستان اب تک ورلڈ گیمز کی تاریخ میں ایک ہی میڈل جیت پایا ہے، پاکستان کے لیے واحد میڈل اسنوکر میں شوکت علی نے 2001 میں حاصل کیا تھا۔ شوکت علی نے 2001 ورلڈ گیمز میں اسنوکر کا برانز میڈل جیتا تھا۔

  • انڈر 18 ایشیا کپ میں پاکستان نا قابل شکست، سیمی فائنل میں رسائی

    انڈر 18 ایشیا کپ میں پاکستان نا قابل شکست، سیمی فائنل میں رسائی

    انڈر 18 ایشیا کپ میں پاکستان کے مستقبل کے ستاروں نے اپنی دھاک بٹھا دی اور مسلسل چوتھی فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

    چین میں کھیلے جا رہے انڈر 18 ایشیا کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سبز ہلالی پرچم سربلند کر دیا اور پول میں ناقابل شکست رہتے ہوئے مسلسل چار فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

    آخری پول میچ میں گرین شرٹس نے میزبان چین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا اور فائنل فور میں جگہ بنا لی۔

    پاکستان ٹیم 11 جولائی کو سیمی فائنل میں ملائیشیا کا مقابلہ کرے گی جب کہ دوسرا سیمی فائنل جاپان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوگا۔

    قومی ٹیم نے گزشتہ روز بنگلہ دیش کو تین کے مقابلے میں 6 گولز سے آؤٹ کلاس کر دیا تھا۔

  • پاکستان ٹیم کی ایشین بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل تک رسائی

    پاکستان ٹیم کی ایشین بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل تک رسائی

    مسقط : پاکستان ایشین بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ میں سعودی عرب کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا، قومی ٹیم نے گزشتہ روز بھارتی ٹیم کو 2.0 سے شکست دی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسقط عمان میں کھیلے جانے والی ایشین بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

    کوارٹر فائنل میں پاکستان نے سعودی عرب کو 1-2 سے شکست دی، قومی ٹیم کی کامیابی کا اسکور 4-17 ، 14-6 اور 4-8 رہا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ایشین بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کو 2-0 سے ہرادیا تھا، قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف 36-7 اور 34-6 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

    بھارت کے خلاف شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، پاکستان نے ایونٹ میں 4 میچز کھیلے، جن میں 2 میں اسے کامیابی ملی جبکہ 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    بھارت سے قبل ایشین بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے فلپائنز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اسے ایران اور اردن کے خلاف میچز میں شکست ہوئی تھی۔

  • انڈین ٹیم نہ آئی، چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل دیکھنے اہم بھارتی شخصیت پاکستان آ گئی (ویڈیو)

    انڈین ٹیم نہ آئی، چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل دیکھنے اہم بھارتی شخصیت پاکستان آ گئی (ویڈیو)

    مودی سرکار نے ٹیم تو نہ بھیجی مگر اہم بھارتی شخصیت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے پاکستان ضرور پہنچ گئی۔

    بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے کے بعد روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کیا اور اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیل رہی ہے۔ تاہم اسی بھارت کی ایک اہم شخصیت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا لاہور میں آج ہونے والا دوسرا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا لاہور پہنچ گئے۔

    چیمپئنز ٹرافی، دوسرا سیمی فائنل دیکھنے بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا  لاہور پہنچ گئے - Sport - Dawn News Urdu

    اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا فیملی کے ہمراہ منگل کے روز لاہور پہنچے اور وہ آج قذافی اسٹیڈیم میں یہ اہم میچ دیکھیں گے۔

     

    ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا سے نجی ہوٹل میں بعض قومی کرکٹرز نے بھی ملاقات کی۔

    بتایا جا رہا ہے کہ بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشین کرکٹ بورڈ کے سربراہان بھی آج لاہور میں سیمی فائنل میچ دیکھیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

    فائنل میچ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ آج کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم بھارت کے مدمقابل ہوگی۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-2nd-semi-final-sa-vs-nz-will-be-played-today/

  • بھارت آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں کس طرح ہرا سکتا ہے؟ روی شاستری نے بتادیا

    بھارت آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں کس طرح ہرا سکتا ہے؟ روی شاستری نے بتادیا

    بھارت کے سابق ہیڈکوچ روی شاستری نے بھارتی ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے کہ وہ چیمپئنزٹرافی سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو کس طرح ہراسکتی ہے۔

    روی شاستری نے آسٹریلیا کےخلاف چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل سے پہلے بھارتی کپتان اور کوچ کو ٹیم منتخب کرنے کے حوالے سے مشورہ دیا ہے، انھوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں جاتے ہوئے کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سابقہ میچ کی ٹیم کو برقرار رکھیں۔

    سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم پہلے بلے بازی کرتی ہے تو 240-250 یا اس سے کچھ زائد رنز بنانے ہونگے، یہ سیمی فائنل جیسے بڑے میچ کے لیے مسابقتی اسکور ہوگا۔

    تاہم چیمپئنزٹرافی 2025 کے سیمی فائنل سے قبل آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کو دہرانے کا اشارہ دے دیا ہے۔

    بھارت کو سیمی فائنل میں ’بلیو‘ کے بجائے ’اورنج‘ جرسی پہننے کا مشورہ

    آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ دبئی کی پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہوگی، احمد آباد میں 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی فائنل پچ بھی اسی طرح کی ٹریک تھی اور آسٹریلیا بھارت سے بہتر پرفارمنس دینے میں کامیاب رہا تھا۔

    اسٹیو اسمتھ نے ورلڈکپ 2023 فائنل کی طرح شائقین کو خاموش کرانے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے پر یقین رکھتے ہیں، شائقین کو خاموش کرانے پر نہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/harbhajan-singhs-game-plan-for-indias-semi-final-clash-against-australia/

  • آسٹریلوی کپتان اسمتھ نے 2023 ورلڈ کپ فائنل کو دہرانے کا اشارہ دیدیا

    آسٹریلوی کپتان اسمتھ نے 2023 ورلڈ کپ فائنل کو دہرانے کا اشارہ دیدیا

    چیمپئنزٹرافی 2025 کے سیمی فائنل سے قبل آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کو دہرانے کا اشارہ دے دیا۔

    آسٹریلوی کپتان نے بھارت سے ٹاکرے سے قبل دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دبئی کی پچ سطح خشک ہے، یہ اسپنرز کے لیے سازگار ہوگی، احمد آباد میں 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی فائنل پچ بھی اسی طرح کی ٹریک تھی اور آسٹریلیا بھارت سے بہتر پرفارمنس دینے میں کامیاب رہا تھا۔

    بھارت کے خلاف سیمی فائنل سے پہلے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے اس بات پر بھی اظہار خیال کیا کہ دبئی کی پچ کس طرح کا برتائو کرسکتی ہے۔

    کینگرو کپتان نے کہا کہ بھارت کے لیے فائدے کی بات کی جائے تو اسے ایک لحاظ سے شاید فائدہ تو ہے لیکن میں یہ یقین سے نہیں کہہ سکتا، ہاں یہ واضح ہے کہ بھارت نے اپنے تمام میچز یہیں کھیلیں ہیں۔

    اسٹیو اسمتھ نے ورلڈکپ 2023 فائنل کی طرح شائقین کو خاموش کرانے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ کھیل میں بہترین کارکردگی دکھانے پر یقین رکھتے ہیں، شائقین کو خاموش کرانے پر نہیں۔

    آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ بھارت نے دیکھا ہے کہ دبئی میں پچ کی سطح کس طرح کی ہے، وہ یہاں مسلسل کھیل رہی ہے اور اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، سیمی فائنل میں مقابلہ سخت ہوگا۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنزٹرافی 2025 کا پہلا سیمی فائنل ون ڈے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن بھارت کے درمیان آج 4 مارچ کو ہوگا۔

    https://urdu.arynews.tv/kamran-akmal-india-team-jersey-ahead-of-semifinal/

  • کونسا کھلاڑی سیمی فائنل جتواسکتا ہے؟ روہت شرما نے بتادیا

    کونسا کھلاڑی سیمی فائنل جتواسکتا ہے؟ روہت شرما نے بتادیا

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا سیمی فائنل سے قبل کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں دباؤ دونوں ٹیموں پر ہو گا،آسٹریلیا شاندار ٹیم ہے، خصوصاً ناک آؤٹ مرحلے میں سخت حریف ثابت ہوسکتی ہے۔

    دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ جیت کے لیے بیٹنگ اور بولنگ یونٹ کے طور پر بہترین کارکردگی دکھانی ہو گی۔

    بھارتی کپتان نے کہا کہ ورون چکرورتی کی درست اور اسپیڈ وارئٹی شاندار ہے، وہ بڑی وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دبئی کی سلو پچ پر اسپنرز ہی میچر ونر ثابت ہو سکتے ہیں۔

    اُنہو ں نے کہا کہ ورون مخالفین کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں اور بڑے میچز جتوا سکتے ہیں، دبئی میں ٹورنامنٹ سے پہلے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے بھرپور ٹریننگ کی۔

    اُنہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی حکمت عملی پر قائم رہنا ہو گا، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھارتی مڈل آرڈر نے دباؤ میں اچھی کھیلا۔

    روہت کا کہنا تھا کہ دبئی کے 3 میچز میں مختلف حالات میں بیٹنگ اور بولنگ کمبی نیشنز کو آزمایا ہے، اُنہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر نے دباؤ میں کارکردگی دکھائی تو مزید مخالفین کو بھی شکست دے سکتے ہیں۔

    دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں بیٹنگ میں ناکامی کے باوجود بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی میزبانی میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ سے قبل طویل عرصے تک خراب فارم کا شکار رہنے والے بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی پاکستان کیخلاف سنچری اسکور کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ میں پھر ناکام رہے لیکن وہ ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

    چیمپئنز ٹرافی میں کراؤڈ لانے کی کوشش ہی نہیں کی گئی، شاہد ہاشمی

    ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف صرف 11 رنز کی اننگ کھیلی اور وہ گلین فلپس کے ناقابل یقین شاندار کیچ کے باعث پویلین لوٹے۔ یہ میچ بھارتی اسٹار بیٹر کے کیریئر کا 300 واں ایک روزہ میچ تھا۔

    ویرات کوہلی اس میچ کے ساتھ ہی 300 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے کھلاڑیوں کے کلب کے 18 ویں رکن بن گئے ہیں۔ اسٹار بیٹر نے ٹیسٹ اور ٹی 20 فارمیٹ میں بھی میچوں کی سنچری مکمل کر رکھی ہے۔

  • بھارت کیخلاف سیمی فائنل سے قبل آسٹریلیا کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر

    بھارت کیخلاف سیمی فائنل سے قبل آسٹریلیا کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر

    چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل کل دبئی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا تاہم اس بڑے میچ سے قبل کینگروز کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا گروپ مرحلہ مکمل ہوا اور کل پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تاہم اس بڑے میچ سے قبل پہلے ہی اپنے 5 اہم کھلاڑیوں سے محروم کینگرو ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا پہنچا ہے اور اہم کھلاڑی زخمی ہونے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔

    آسٹریلیا کے بیٹر میتھیو شارٹ انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہو گئے۔ وہ افغانستان کے خلاف گروپ میچ میں گھنٹے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

    میتھیو شارٹ کی انجری کو دیکھتے ہوئے کینگرو کپتان اسٹیو اسمتھ پہلے ہی ان کی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شرکت کے حوالے سے مشکوک تھے۔ تاہم اب میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ان کا خدشہ درست ثابت ہوا اور وہ نہ صرف سیمی فائنل بلکہ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں اس میچ میں بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے جس کے باعث وہ میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    کرکٹ آسٹریلیا نے میتھیو شارٹ کی جگہ کوپر کونولی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے اور آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے۔

    21 سالہ کوپر کونولی نے آسٹریلیا کی جانب سے اب تک صرف تین ایک روزہ میچز کھیلے ہیں اور بھارت کے خلاف میچ ان کا کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کا پہلا میچ ہوگا۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل آسٹریلیا کے ریگولر کپتان پیٹ کمنز سمیت چار اہم کھلاڑی زخمی جب کہ اسکواڈ کے ایک منتخب کھلاڑی نے میگا ایونٹ کے آغاز سے چند روز قبل اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-semi-final-teams/

  • چیمپئنز ٹرافی: سیمی فائنلز میں کون کس سے ٹکرائے گا؟

    چیمپئنز ٹرافی: سیمی فائنلز میں کون کس سے ٹکرائے گا؟

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا گروپ مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا سیمی فائنل کے لیے بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ نے کوالیفائی کیا ہے۔

    پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جا رہی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ مرحلے کا اختتام ہوگیا۔ اب سیمی فائنل کر مرحلہ کل سے شروع ہو رہا ہے 4 اور 5 مارچ کو سیمی فائنلز بالترتیب دبئی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے سے بھارت نے ٹاپ کیا اور نیوزی لینڈ نے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جب کہ گروپ بی سے آسٹریلیا نے پانچ پوائنٹ کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کی، جنوبی افریقہ نے دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے فائنل فور تک رسائی حاصل کی۔

    پہلا سیمی فائنل کل (منگل) کو دبئی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا سیمی فائنل بدھ 5 مارچ کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

    فائنل میچ اتوار 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو یہ میچ دبئی بصورت دیگر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی تھا تاہم گرین شرٹس کی سیمی فائنل میں رسائی اور اعزاز کے دفاع کی مہم ابتدائی دونوں میچز میں نیوزی لینڈ اور بھارت سے شکستوں کے بعد ناکام ہوگئی جب کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

    چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں پاکستان پہلی میزبان ٹیم بن گئی جو میگا ایونٹ میں ایک میچ بھی نہ جیت سکی۔ اس کے علاوہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی کوئی میچ جیتے بغیر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ گروپ بی کی ٹیم افغانستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں بارش بہا کر لے گئی۔