Tag: سینما گھر

  • کرونا وبا ختم ہوتے ہی شائقین سینما گھروں کا رخ کریں گے: ہمایوں سعید

    کرونا وبا ختم ہوتے ہی شائقین سینما گھروں کا رخ کریں گے: ہمایوں سعید

    کرونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے وہیں فلم انڈسٹری کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، خصوصاً پاکستانی فلم انڈسٹری جو اس وقت اپنی بحالی کے مرحلے میں تھی اس وبا کے دوران خاصی متاثر ہوئی۔

    معروف اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کرونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد جب سینما گھر کھلیں گے تو شائقین ضرور واپس آئیں گے۔

    ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال سے پاکستانی فلم انڈسٹری کی تعمیر نو جاری تھی، نئے سینما گھر کھل رہے تھے، سرمایہ کار اس طرف راغب ہورہے تھے لیکن کرونا وبا کی وجہ سے ان کوششوں کو خاصا دھچکا پہنچا۔

    انہوں نے کہا کہ اس پورے عرصے کے دوران لوگوں نے سینما گھروں کو بہت مس کیا ہے لہٰذا سینما کھلتے ہی وہ ضرور واپس آئیں گے۔

    ہمایوں کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران نیٹ فلکس اور امیزون پرائم پر ویب سیریز اور مختلف قسم کا مواد دیکھنے کا رجحان بے حد بڑھ گیا ہے، لیکن تب بھی سینما دیکھنے کے لیے فیملی کے ساتھ باہر نکلنا اور درجنوں افراد کے ساتھ بڑی اسکرین پر فلم دیکھنا یہ وہ جادو ہے جو کسی صورت گھر بیٹھے حاصل نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ ان پلیٹ فارمز کی مقبولیت مزید بڑھتی جائے گی اس کے باوجود سینما کی جگہ کوئی نہیں لے سکے گا۔

    ہمایوں سعید نے بتایا کہ سینما گھر کھلتے ہی وہ خود بھی بھرپور انداز میں واپسی کریں گے۔ ان کی فلم لندن نہیں جاؤں گا 60 فیصد تیار ہے، اس کی 40 فیصد شوٹنگ لندن میں ہونی تھی لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے لندن بند ہوگیا۔

    ان کے مطابق جون جولائی تک جیسے ہی لندن میں لاک ڈاؤن ختم ہوگا وہ اس فلم کی شوٹنگ مکمل کریں گے اور ستمبر تک اس فلم کو ریلیز کردیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ان کی مزید فلموں کے اسکرپٹس بھی تیار ہیں جن کی شوٹنگ سال رواں کے وسط میں شروع کردی جائے گی۔

  • جدہ اور ریاض کے بعد دمام میں بھی عوام کیلئے سینما گھر کھل گئے

    جدہ اور ریاض کے بعد دمام میں بھی عوام کیلئے سینما گھر کھل گئے

    ریاض: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے میڈیا نے مشرقی شہر دمام میں پہلے سینیما گھر کا افتتاح کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان بن عبدالعزیز کے ویژن 2030 کے تحت مشرقی گورنری کے شہر دمام میں بھی عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کےلیے پہلے سینما گھر کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی آڈیو ویژول میڈیا جنرل اتھارٹی کے سربراہ نے دمام کے لولو مال پہلے سینما کاافتتاح کیا ، اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 2019 سے 2020 کے دوران پانچ سینیما گھر کھولے جائیں گے جبکہ چھٹا سینما 2021 میں کھولا جائے گا، جن میں سے پہلا ریڈ سی مال کمپلیکس میں کھولا گیا جبکہ الاندلس مالک، اسٹار ایونیو، ابحر مال اور المسرۃ مال میں چار سینیما گھر کھولے جائیں گے۔

    جدہ کے ریڈ سٹی مال میں بنائے جانے والے وی او ایکس سینیما میں 12 اسکرینیں نصب کی گئیں جبکہ الاندلس میں 27، اسٹار ایونیو میں 9 اسکرینیں لگائیں جائیں گی، رواں سال کے آخر تک تین سینیما گھروں کا افتتاح کیا جائے گا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ برس ابحرل مال میں 11 اسکرینوں اور المسرۃ مال میں 6 اسرکین والے سینیما گھر قائم کیے جائیں گے۔

    العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سینیما کا افتتاح مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ہوا، وی او ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اعلان کیا کہ اُن کا گروپ آئندہ پانچ برسوں میں 600 سینیما گھر قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لیے 5 ارب 33 کروڑ ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی حکومت وژن 2030 کے تحت مسلسل روشن خیالی کی طرف گامزن ہے، اس ضمن میں خواتین کو نہ صرف خود مختار بنایا جارہا ہے بلکہ انہیں ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔