Tag: سینیٹر فلک ناز چترالی

  • خیبرپختونخوا ڈوبا ہوا ہے ، جنازوں کو کاندھا دینے کے لیے جوان نہیں، سینیٹر فلک ناز چترالی روپڑیں

    خیبرپختونخوا ڈوبا ہوا ہے ، جنازوں کو کاندھا دینے کے لیے جوان نہیں، سینیٹر فلک ناز چترالی روپڑیں

    اسلام آباد : سینیٹر فلک نازچترالی سینیٹ اجلاس میں سیلاب متاثرین کی بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں، خیبرپختونخوا ڈوبا ہوا ہے،جنازوں کو کاندھا دینے کےلیے جوان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا معاملہ زیر بحث آیا۔

    سینیٹر فلک ناز چترالی سیلاب متاثرین کی بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارا پورا خیبرپختونخوا ڈوبا ہوا ہے، لیکن حکومتی بنچ خالی ہیں، یہ ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ ہماری باتوں کا جواب دینے کے لیے ایک بھی وزیر موجود نہیں۔”

    فلک ناز نے مزید کہا کہ بونیر میں گھروں کے گھر صفحہ ہستی سے مٹ گئے، ایک ایک گھر سے بائیس بائیس جنازے اٹھے۔

    انہوں نے جذباتی انداز میں کہا خواتین میتوں کو غسل دینے کے لیے خواتین نہیں، جنازوں کو کاندھا دینے کے لیے جوان نہیں بچے۔ ایسے وقت میں سب ہمیں چھوڑ گئے ہیں۔”

    اسی دوران اے این پی کے رہنما سینیٹر ایمل ولی خان نے بھی سخت اظہار خیال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان آفات کا ڈھیر بن چکا ہے، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ “تین گھنٹے سے اجلاس چل رہا ہے لیکن کوئی وزیر ایوان میں موجود نہیں، کیا این ڈی ایم اے صرف وزیراعظم کو بریفنگ دینے کے لیے بنایا گیا ہے؟ اگر ہم سیلاب سے نہیں بچ پاتے تو کلاوڈ برسٹ سے کیسے بچیں گے؟”

    ایمل ولی نے مطالبہ کیا کہ 18ویں ترمیم پر من و عن عمل کیا جائے، اس وقت الخدمت اور خدائی خدمت گار جیسی تنظیمیں خدمات انجام دے رہی ہیں لیکن حکومت کی طرف سے کوئی مدد نظر نہیں آتی۔