Tag: سینیٹر لنزے گراہم

  • آرمی چیف کی امریکی سینیٹر لنزے گراہم اور جنرل ریٹائرڈ جیک کین سے ملاقات

    آرمی چیف کی امریکی سینیٹر لنزے گراہم اور جنرل ریٹائرڈ جیک کین سے ملاقات

    واشنگٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی سینیٹر لنزے گراہم اور جنرل ریٹائرڈ جیک کین سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان میں امن پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ اپنے دورہ امریکا کے دوران امریکی سینیٹر لنزے گراہم اور جنرل ریٹائرڈ جیک کین سے ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغانستان میں امن پر بات چیت ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاک امریکا تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی، سینیٹر گراہم نے دورہ پاکستان کی یادیں تازہ کیں جبکہ انہوں نے خطے میں سیکیورٹی پر پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تعلقات کا استعمال کر کے خطے میں دیر پا استحکام لا سکتے ہیں۔

    ملاقات میں آرمی چیف نے پاکستان میں بہتر سیکیورٹی صورتحال پر روشنی ڈالی اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔

    اپنے دورہ امریکا کے دوران اس سے قبل آرمی چیف نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا تھا جہاں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    آرمی چیف اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امریکی اور پاکستانی قیادت کی ملاقات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ افغان قیادت میں افغان کنٹرولڈ حل پر بھی زور دیا گیا۔

    گزشتہ روز آرمی چیف نے امریکی دفاعی ہیڈ کوارٹر پینٹا گون کا دورہ کیا تھا جہاں ان کا تاریخی استقبال ہوا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

    آرمی چیف نے امریکی قائم مقام وزیر دفاع سمیت چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے ملاقات کی، اس موقع پر افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

    انہوں نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

  • وزیر اعظم سے سینیٹر لنزے گراہم کی ملاقات، ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پر تبادلۂ خیال

    وزیر اعظم سے سینیٹر لنزے گراہم کی ملاقات، ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پر تبادلۂ خیال

    واشنگٹن: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان سے ری پبلکن پارٹی کے سینیٹر لنزے گراہم نے ملاقات کی، جس میں امریکی صدر سے ہونے والی ملاقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج واشنگٹن ڈی سی میں واقع پاکستان ہاؤس میں ری پبلکن پارٹی کے سینیٹر لنزے گراہم نے وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔

    اس ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، مشیر خزانہ، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان شریک تھے۔

    ملاقات میں پاک امریکا تعلقات میں بہتری اور خطے میں پاکستان کے کردار پر بھی بات چیت کی گئی جب کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات سے متعلق معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات آج ہوگی

    خیال رہے کہ سینیٹر لنزے گراہم علاقائی امن و امان کے حوالے سے تازہ ترین پاک امریکا باہمی تعلقات کے سرگرم حامی رہے ہیں اور وہ پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں۔

    سینیٹر لنزے گراہم امریکی سینیٹ کمیٹی فار جوڈیشری کے سربراہ بھی ہیں۔

    واضح رہے کہ آج پونے نو بجے وائٹ ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے یاد دگار ملاقات کریں گے، وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر خود عمران خان کا استقبال کریں گے۔

    آج عمران خان سے پاکستانی سفارت خانے میں عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس نے بھی ملاقات کی۔