Tag: سینیٹ الیکشن

  • سینیٹ الیکشن: اسپیکر قومی اسمبلی نے اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی

    سینیٹ الیکشن: اسپیکر قومی اسمبلی نے اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی

    اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اوپن بیلٹ سے سینیٹ الیکشن کرانے کے صدارتی ریفرنس کی حمایت کر دی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنا تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات شفاف ہونے چاہیئں، سینیٹ انتخابات کی شفافیت اوپن بیلٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

    انھوں نے اپنے جواب میں کہا کہ آئین سازی یا آئین میں ترمیم پارلیمنٹ کا کام ہے اور آئین کی تشریح کرنا سپریم کورٹ کا استحقاق ہے، عدالت جو بھی فیصلہ کرے اسمبلی اس کی حمایت کرے گی۔

    جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے سپریم کورٹ سے آرٹیکل 226 کی تشریح کا ہی کہا ہے، سینیٹ انتخابات کے شفاف انعقاد سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی، افسوس کی بات ہے ماضی میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے الزامات سامنے آئے۔

    سندھ حکومت نے سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل کرنے کی مخالفت کر دی

    یاد رہے کہ پنجاب، خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی حکومت نے اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ الیکشن کرانے کی حمایت کی ہے، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے اس کی مخالفت کی گئی ہے۔

    سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی پاکستان نے اوپن بیلٹ کی مخالفت کی ہے، ادھر سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے لیے الیکشن کمیشن نے بھی صدارتی ریفرنس کی مخالفت کی ہے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت ہی ہوتے ہیں، آئین کے آرٹیکلز 59، 219 اور 224 میں سینیٹ انتخابات کا ذکر ہے۔

    جواب میں کہا گیا کہ آرٹیکل 226 سے واضح ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے سوا الیکشن خفیہ رائے شماری سے ہوں گے، آئین میں کل 15 انتخابات کا ذکر ہے، آئین پاکستان اوپن بیلٹ کی اجازت نہیں دیتا، آئین میں صرف وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کے انتخابات کو ہی اوپن کیا گیا ہے۔

  • سینیٹ الیکشن: وزیر اعظم اور چوہدری پرویز الہٰی میں فون پر رابطہ

    سینیٹ الیکشن: وزیر اعظم اور چوہدری پرویز الہٰی میں فون پر رابطہ

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان اور چوہدری پرویز الہٰی میں آج سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور پرویز الہٰی کے درمیان فون پر رابطہ ہوا ہے، جس میں وزیر اعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور پرویز الہٰی کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے پرویز الہٰی سے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب آپ سے رابطہ کریں گے، ہم سینیٹ الیکشن مسلم لیگ ق کے ساتھ مل کر لڑنا چاہتے ہیں۔

    پرویز الہٰی نے وزیر اعظم سے گفتگو میں سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کی ہامی بھری، انھوں نے کہا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں اور آپ کا پورا ساتھ دیں گے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سینیٹ انتخابات سے قبل متحرک ہو چکے ہیں، انھوں نے ارکان اسمبلی سے رابطے اور ملاقاتیں بھی کی ہیں، وزیر اعلیٰ نے وزرا کو گروپ بنا کر ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    عثمان بزدار نے آج ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ممبرز صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقات کی، اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کی خیریت دریافت کی۔

    ادھر آج چوہدری پرویز الہٰی مسلم لیگ ق پنجاب کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ ق لیگ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ اور ضامن جماعت ہے، ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اداروں کی پشت پر موجود ہیں۔

  • سندھ سے پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدوار کون؟

    سندھ سے پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدوار کون؟

    کراچی: پی ٹی آئی سندھ میں سینٹ کے خواہش مند اراکین کے درمیان مقابلے کا طریقہ کار طے کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ سے پی ٹی آئی کے امیدوار کون ہوں گے، اس کا فیصلہ ایم پی ایز ووٹنگ کے ذریعے کریں گے۔

    امیدواروں کا نام شارٹ لسٹ کرنے کے لیے پی ٹی آئی سندھ نے پروسس آف الیمینیشن متعارف کرا دیا، ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر خواہش مند امیدواروں کے لیے پروسس آف الیمینیشن اختیار کیا جائے گا۔

    فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی تمام امیدواروں کے لیے ووٹنگ کریں گے، ہر کٹیگری پر کم ووٹ حاصل کرنے والا مرحلہ وار خارج کر دیا جائے گا۔

    سینیٹ انتخابات: پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کس کس کو ملیں گے؟

    رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ آخر میں بچ جانے والے 3 نام پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کو بھیجے جائیں گے، امیدواروں کے نام کا حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ ہی کرے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا مارچ میں تین ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کو دوبارہ سینیٹ انتخابات میں اتارنے کا ارادہ ہے، جن میں شیری رحمان، فاروق ایچ نائک اور سلیم مانڈوی والا شامل ہیں۔

    پی پی کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے نئے چہروں کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں

    الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں

    اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو تیار رہنے کا گرین سگنل دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کی تیاریاں شروع کر دیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کی تیاریاں جلد مکمل کر لی جائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات فروری میں ہی کرائے جا سکتے ہیں، عام طور پر اراکین کے ریٹائرڈ ہونے سے ایک ہفتہ قبل الیکشن کرائے جاتے ہیں، تاہم الیکشن کمیشن چاہے تو اراکین کی ریٹائرمنٹ سے 30 روز قبل بھی الیکشن کرا سکتا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ 12 سے 15 فروری کو انتخابات کی تجویز زیر غور ہے، اپوزیشن استعفے دے کر حکومت اور الیکشن کمیشن کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے، استعفوں کی صورت میں الیکشن کمیشن 60 دن میں ضمنی انتخاب کرنے کا پابند ہے، جب کہ ضمنی انتخاب کے نتیجے میں کامیاب امیدواروں کی مدت 13 مارچ تک ہی ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کو آئندہ 6 سال کے لیے مقررہ مدت میں نئے انتخابات کرانے ہوں گے، واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے سینیٹ کا الیکٹورل کالج توڑنے کا اعلان کیا ہے۔

    خیال رہے کہ 12 مارچ 2021 کو سینیٹ کے 52 ارکان ریٹائرڈ ہو جائیں گے، جس سے اپوزیشن کے سینئر ارکان ایوان سے باہر ہو جائیں گے۔

    ریٹائرڈ ہونے والے ارکان اپنی 6 سالہ مدت پوری کر رہے ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ ان اراکین کے لیے دوبارہ انتخاب ایک خواب بن رہا ہے۔

  • جہانگیرترین کی ہمشیرہ خواتین نشست پرسینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گی

    جہانگیرترین کی ہمشیرہ خواتین نشست پرسینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گی

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکریٹری جہانگیرترین کی ہمشیرہ سیمی ایزدی خواتین نشست پرسینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گی، پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز سیمی ایزدی کوسینیٹ کاٹکٹ جاری کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری سرورسے پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹ امیدوارسیمی ایزدی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پارلیمانی امور اور سینیٹ انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جہانگیرترین کی ہمشیرہ سیمی ایزدی خواتین نشست پرسینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گی۔

    گزشتہ روزسینیٹر سعدیہ عباسی کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست کے لئے پاکستان تحریک انصاف نے سابق جنرل سیکریٹری جہانگیرترین کی ہمشیرہ سیمی ایزدی کوسینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا تھا۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب سے سینیٹ کی 2 خالی نشستوں پرضمنی الیکشن کیلئے شیڈول جاری کیا تھا ، جس کے مطابق 31 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی حاصل اورجمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست یکم نومبرکو جاری ہوگی۔

    سینیٹ ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ 15 نومبرکوپنجاب اسمبلی میں ہوگی ۔

    مزید پڑھیں : سپریم کورٹ نے ن لیگی رہنما سعدیہ عباسی اور ہارون اختر کی سینیٹ رکنیت کالعدم قرار دے دی

    واضح رہے کہ رہے سپریم کورٹ نے سعدیہ عباسی کی رکنیت کالعدم قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سعدیہ عباسی کاغذات جمع کراتے وقت دہری شہریت کے حامل تھی۔

  • عمران خان کا بڑا فیصلہ: سینیٹ الیکشن میں بکنے والے20اراکین کے نام بتا دیئے

    عمران خان کا بڑا فیصلہ: سینیٹ الیکشن میں بکنے والے20اراکین کے نام بتا دیئے

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ بیچنے والے پی ٹی آئی کے بیس ارکان کے نام بتادیئے، ان کا کہنا ہے کہ ان افراد کو شوکاز دے رہے ہیں،اگر انہوں نے وضاحت نہ دی توان کے نام نیب کو دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے سینیٹ الیکشن میں پیسہ لینے والے بیس ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا، اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جن پارٹی اراکین نے اپنے ووٹ بیچے ہیں ہم ان کو شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں اور ان سے جواب طلب کر رہے ہیں اور اگر انہوں نے جواب نہیں دیا تو انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا اور قانونی کارروائی کیلئے ان کے نام نیب کو بھی بھجوائیں گے.

    جن اراکین کو شوکاز نوٹس دیا گیا ہے ان میں نرگس علی ،دینا ناز ،فوزیہ بی بی، نسیم حیات اورنگینہ حیات شامل ہیں جبکہ مردوں میں بابر سلیم ،سمیع اللہ زیب، یاسین خلیل، امجد آفریدی، قربان خان، زاہد درانی، سردار ادریس، عبید مایار، عبدالحق، جاوید نسیم، معراج ہمایوں، عارف یوسف، فیصل زمان، سیمی علی زئی اور وجیہہ الزمان شامل ہیں۔

    پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں تیس چالیس سال سے ووٹ بکتا رہا ہے،اس معاملے پر کوئی پارٹی ایکشن نہیں لیتی تھی، میں نے ووٹ بیچنے والے اپنے ارکان کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا تھا، پہلا قدم اٹھایا ہے، اس سے ہماری پارٹی کو بھی نقصان ہوگا،,ضمیر فروشوں کو پارٹی سے نکالنا ووٹ کا تقدس ہے دیگر پارٹیاں بھی ہمت کریں.

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے لے کر بکنے والوں کی تحقیقات کیلئے  ایک کمیٹی بنائی گئی تھی، جو لوگ ملوث تھے اس میں سے کئی نام ہمیں شروع میں ہی مل گئے تھے، چاہتے تھے کہ پوری تحقیقات کے بعد نام سب کےسامنے لائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے سسٹم کی خرابی ہے کہ ووٹ کیلئے رشوت لینے پر کوئی پکڑ نہیں ہوتی، پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹ الیکشن کے طریقہ کارکو تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن ہماری تجاویز کو نظرانداز کیا گیا۔

    عمران خان نے کہا کہ پارٹی کے جو اراکین اسمبلی نہیں بکے ان کو داد دینا چاہتاہوں، پارٹی کے دیگر اراکین کو سینیٹ الیکشن میں4،4کروڑ روپے کی آفرز کی گئیں لیکن انہوں نے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔  

  • وزیراعظم اب ہارس ٹریڈنگ کےخلاف چیخ وپکارکررہے ہیں‘ عمران خان

    وزیراعظم اب ہارس ٹریڈنگ کےخلاف چیخ وپکارکررہے ہیں‘ عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو اب خیال آیا کہ سینیٹ انتخابات میں فیصلہ کن کردار سرمائے نے ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم اب ہارس ٹریڈنگ کے خلاف چیخ وپکارکررہے ہیں، کہا جا رہا ہے سینیٹ الیکشن میں پیسےکا استعمال ہوا۔

    عمران خان نے کہا کہ حکمران جماعت کو فکرتھی تو ہماری تجویزکی حمایت کیوں نہیں کی، سینیٹ الیکشن کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی تجویزدی تھی، ہماری تجویزکا مقصد سینیٹ الیکشن میں غلط طریقہ کارکوروکنا تھا۔

    Imran Khan

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سوال کیا کہ کیا 10 ارب ڈالرسالانہ منی لانڈرنگ پاکستان کا ایشونہیں؟، منی لانڈرنگ پاکستان کومعاشی طورپرتباہ کررہی ہے۔

    سینیٹ انتخابات میں ایک بار پھر شرمناک ہارس ٹریڈنگ ہوئی: عمران خان

    خیال رہے کہ 4 مارچ کوپاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنے نمائندوں کو بولی لگانے والوں کے ہاتھوں بکتے دیکھا، سینیٹ انتخابات میں ایک بار پھر شرمناک ہارس ٹریڈنگ ہوئی۔

    یاد رہے کہ 14 مارچ کووزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ زرداری اور عمران ہارس ٹریڈنگ کے بادشاہ ہیں، جو تماشہ ہوا سب نے دیکھا، ن لیگ واحد پارٹی ہے، جس نے ارکان کی خرید و فروخت نہیں کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہوگئے، فضل الرحمان

    ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہوگئے، فضل الرحمان

    کوٹ ادو : جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کچھ لوگ آسمانوں سے اتر کر اعلیٰ عہدوں پر بیٹھ جاتے ہیں، ایسے سیاستدانوں کو ملک سے نکالنا ہوگا، ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہو گئے۔

    ان خیالات اظہار انہوں نے کوٹ ادو میں جمیعت علمائے اسلام ف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے آصف زرداری اورعمران خان پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پہلے ایک دوسرے کو کرپشن کا چاچا ماما کہتے ہیں بعد میں یہی چاچے مامے ساتھ ہوجاتے ہیں۔

    زرداری کہتا ہے کہ میں نے ایسا چکر چلایا اور عمران خان کواس میں پھنسایا، دوسری طرف عمران خان کہتا ہے کہ میں نے زرداری کو پھنسایا، ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہوگئے، انہوں نے کہا کہ کس کی ڈگڈگی پر یہ بندروں کی طرح ناچتے ہیں؟

    عوام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ آسمانوں سے اترکر ہمارےاعلیٰ عہدوں پربیٹھ جاتے ہیں، وہ کون سی قوتیں ہیں جو انہیں ان عہدوں پر بٹھاتی ہیں؟

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے ملک کوجس جنگ میں دھکیلا ملکی ادارے مل کربھی نہیں نکال سکتے، آج ہمیں معاشی طور پر ایشیا کا ٹائیگر ہونا چاہئے تھا مگر ہم بھیک مانگ رہے ہیں، امریکا آج بھی ہمیں اپنےدیئے ہوئے چند سکوں کے طعنے دیتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مغربی تہذیب ہم پرمسلط کی جارہی ہے، امریکہ بھارت کو طاقتور بناکر پاکستان کا ایٹمی پروگرام تباہ کرنا چاہتا ہے۔ مغربی دنیا پاکستان سے اسلامی اقدار کا خاتمہ چاہتی ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔

    مولانافضل الرحمان نے مزید کہا کہ آج کوٹ ادو کےعوام نے ثابت کردیا کہ وہ جے یو آئی ف کے ساتھ ہیں، یہ سرزمین ہمارے بزرگوں کی ہے، جب تک جے یو آئی ہے کوئی جاگیردار تمہارا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا، پنجاب کےعوام کو بتائیں غریب کی مدد کو جے یو آئی ف پہنچ چکی ہے۔

  • پی پی اورپی ٹی آئی کی سیاست کامقصدصرف عوام کودھوکہ دینا ہے‘ نواز شریف

    پی پی اورپی ٹی آئی کی سیاست کامقصدصرف عوام کودھوکہ دینا ہے‘ نواز شریف

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ عدالتی اصلاحات ہمارے آئندہ الیکشن کے منشورکا حصہ ہوں گی، اصلاحات وقت اورقوم کی ضرورت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے احتساب عدالت میں غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدل کے لیے کسی انٹرنیشنل فرم کی خدمات نہیں لی، تحریک عدل کے لیے ہمارے پاس اپنا مواد بہت ہے۔

    نوازشریف نے کہا کہ ہم کوئی نیب تونہیں ہیں جوعالمی فرم کی خدمات لیں، اصلاحات کا دروازہ ہروقت کھلا رہنا چاہیے، عام حالات میں بہت ساری چیزیں سامنے نہیں آتی جبکہ امتحان کے دورمیں بہت ساری چیزیں واضح ہوجاتی ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا کہ مجھے مسلم لیگ ن کی صدارت سے ہٹانےکا کیا مقصد ہوسکتاہے؟ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے اپنا کردارادا کریں گے۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی پی اورپی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد صرف عوام کو دھوکہ دینا ہے، یہ ہروقت امپائرکی انگلی کی طرف دیکھتے ہیں اور ہمیشہ سے چوردروازے سے آنے کے خواہشمند ہیں۔

    نوازشریف نے کہا کہ ان کی نوبت یہ آگئی 100 اور 200 لوگوں کے جلسےکررہے ہیں، اورکریں اتحاد اور سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بنوائیں، انہوں نے سوال کیا کہ کون ہے یہ سنجرانی؟۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ 6 لوگوں کے گروپ نے نامزد کیا وہ آتے ہی چیئرمین سینیٹ بن گیا،ان کے پیچھےجوہیں وہ سب کوپتہ ہے سینیٹ الیکشن میں ہرانا تھا تواپنے زور سے ہراتے۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں واجد ضیاء کا بیان آج دوسرے روز بھی قلمبند کیا جا رہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سینیٹ الیکشن میں شکست خوردہ عناصرارکان کوعزت دینا سیکھیں، شازیہ مری

    سینیٹ الیکشن میں شکست خوردہ عناصرارکان کوعزت دینا سیکھیں، شازیہ مری

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ کل سینیٹ الیکشن میں حکمرانوں نے منہ کی کھائی، یہ لوگ ایک بار نہیں دو بار ہارے ہیں، شکست خوردہ عناصرارکان کو عزت دینا سیکھیں۔

    یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہی، شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ ہارنے والے رونے کے بجائے کھلے دل سے اپنے خلاف آنے والے نتیجوں کو قبول کریں اور اپنے اراکین کو عزت دینا سیکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی بات کرتے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں بلوچستان کے ساتھ جو حشر نشر کیا گیا وہ سب سے سامنے ہے، بلوچستان کے لوگ بھیڑ بکریاں نہیں ہیں نہ ہی وہ نواز شریف کی اوطاق تھی۔


    مزید پڑھیں: سینیٹ میں ہار گئے لیکن جنگ ہم ہارنے والوں میں سے نہیں ، کیپٹن(ر)صفدر


    یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے بعد ہونے والے پہلے اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی گھن گرج سنائی دی۔


    مزید پڑھیں: آج سینیٹ میں جمہوریت ہارگئی، پتلی تماشا جیت گیا، خواجہ سعد رفیق


    محمود اچکزئی نے کہا کہ کل جمہوری اورغیرجمہوری قوتوں کی پہلی لڑائی ہم ہارگئے جو ہوا وہ سیاسی تاریخ کاسیاہ ترین دھبہ ہے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف بےنظیر اور ذوالفقاربھٹو کا نظریہ زندہ کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔