Tag: سینیٹ انتخابات

  • بانی پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دیدی

    بانی پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دیدی

    پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی  پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا سے جنرل نشستوں کیلئے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی اور عرفان سلیم، خرم ذیشان اور اظہر مشوانی کے ناموں کی منظوری دی ہے۔

    خیبرپختونخوا سے ہی اعظم سواتی اور ارشاد حسین ٹیکنوکریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار ہوں گے جبکہ خواتین کی نشستوں پرعائشہ بانو اور روبینہ ناز پی ٹی آئی امیدوارہوں گی۔

    پنجاب سے حامد خان اور زلفی بخاری جنرل نشست پرامیدوار ہوں گے، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر یاسمین راشد امیدوار ہوں گی جبکہ خواتین کی نشست پر صنم جاوید امیدوار ہوں گی۔

    واضح رہے کہ 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ کے انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔

    کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 19 مارچ تک مکمل کی جائے گی جبکہ 21 مارچ کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اور 25 مارچ تک ٹربیونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلے کیے جائیں گے۔

  • عام انتخابات میں تاخیر نے سینیٹ انتخابات بھی التوا کا شکار بنا دیے

    عام انتخابات میں تاخیر نے سینیٹ انتخابات بھی التوا کا شکار بنا دیے

    اسلام آباد: عام انتخابات میں تاخیر نے سینیٹ انتخابات بھی التوا کا شکار بنا دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے سبب سینیٹ انتخابات التوا کا شکار ہو گئے ہیں، سینیٹ انتخابات الیکٹورل کالج پورا نہ ہونے کی وجہ سے مقررہ وقت پر نہیں ہو سکیں گے۔

    موجودہ سینیٹ کی مدت 11 مارچ تک ہے جب کہ انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں ہونا تھے، پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات تمام صوبائی حکومتوں کی قیام کے بعد ہوں گے۔

    خوشاب ، کوہاٹ اور گھوٹکی کے چند پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ، ووٹرز کی قطاریں لگ گئیں

    سینیٹ انتخابات مارچ کے تیسرے ہفتے تک التوا کا شکار ہو سکتے ہیں، نئے سینیٹرز کے انتخاب تک موجودہ سینیٹرز ایوان کا حصہ ہوں گے، انتخابات کا شیڈول ایک ماہ پر محیط ہوگا۔

  • پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ الیکشن چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا

    پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ الیکشن چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کی شکست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے، اور سینیٹ چیئرمین الیکشن کے خلاف الیکشن ٹریبونل جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ الیکشن چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کی شکست کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    دوسری طرف رہنما پیپلز پارٹی مصطفیٰ نواز کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے عدالتی فیصلے نکال لیے ہیں، قانون کہتا ہے کہ نام کے اوپر لگائی گئی مہر ٹھیک ہے، ہم یہ ڈاکا نہیں ہونے دیں گے، اور سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ جائیں گے۔

    مصطفیٰ نواز نے مزید کہا کہ ہم تحریک عدم اعتماد بھی لا سکتے ہیں، یقین ہے کہ کسی نے دھوکا نہیں کیا، ہم ایک ووٹ سے جیتے ہیں۔

    فاروق ایچ نائیک نے یوسف رضاگیلانی کے مسترد شدہ ووٹ چیلنج کر دیے

    واضح رہے کہ آج ایوان بالا میں سینیٹ کے چیئرمین کے لیے ہونے والے الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد ہوئے، ان 7 ووٹوں میں باکس کی بجائے نام پر مہر لگائی گئی ہے، جب کہ آٹھواں ووٹ دونوں امیدواروں کے خانوں میں مہر لگانے پر مسترد ہوا۔

    نتیجے کے اعلان کے بعد فاروق ایچ نائیک نے پریزائیڈنگ افسر کے سامنے یوسف رضاگیلانی کے مسترد شدہ ووٹ چیلنج کیے تاہم، دلائل سامنے آنے کے بعد پریزائڈنگ افسر نے اپوزیشن کا احتجاج مسترد کرتے ہوئے کہا میں رولنگ دے رہا ہوں کہ فیصلہ آپ کو نہیں پسند تو الیکشن ٹریبونل جائیں۔

    صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب

    خیال رہے کہ حکومتی امیدوار صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کر چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے ہیں، جب کہ ان کے مقابلے میں پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو 42 ووٹ ملے۔ صادق سنجرانی نے دوسری مرتبہ چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

  • سینیٹ انتخابات : صدرالدین شاہ کو پی ٹی آئی کی جانب سے ووٹ نہ دینے کا انکشاف

    سینیٹ انتخابات : صدرالدین شاہ کو پی ٹی آئی کی جانب سے ووٹ نہ دینے کا انکشاف

    کراچی : سینیٹ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر صدرالدین شاہ کو پی ٹی آئی کی جانب سے ووٹ نہ دینے کا انکشاف سامنے آیا، جی ڈی اے کے رہنما نے الزام لگایا ہے کہ کریم گبول،رابستان خان، عمر عمیری و دیگر نے ووٹ نہیں دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ووٹ کے معاملے پرجی ڈی اے اور پی ٹی آئی آمنےسامنے آگئے ، جی ڈی اے نے صدرالدین شاہ کو پی ٹی آئی کی جانب سے ووٹ نہ دینے کا انکشاف کیا۔

    جی ڈی اے کے رہنما عبدالرزاق راہمو نے کہا سندھ میں پی ٹی آئی کے 6 سے 7ممبران نے ہمیں ووٹ نہیں دیا، پارٹی قیادت اورگورنرکو بتا دیا کہ کن ارکان نے ووٹ نہیں دیا، کریم گبول،رابستان خان،عمرعمیری ودیگرنےووٹ نہیں دیا۔

    نصرت سحرعباسی کا کہنا تھا کہ جن ممبران نےووٹ نہیں دیا جلد سامنے آجائے گا۔

    سندھ میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے جی ڈی اے نے عدالت اور الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے، الیکشن کمیشن سندھ میں سینیٹ الیکشن سےمتعلق انکوائری کرے، انکوائری ہونی چاہیے 6ضمیر فروش اراکین کون تھے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی فرائض پورے کرے۔

    جی ڈی اے کی رہنما نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ المیہ ہے کہ پیپلزپارٹی کے 7اراکین راتوں رات معذور ہوگئے، ایک خاتون رکن نےایوان میں کھڑے ہوکرتقریر کی ، دوسرے دن وہی خاتون وہیل چیئرپرآئیں، ان کے ووٹ دوسرے اراکین نے کاسٹ کئے۔
    .
    نصرت سحر عباسی نے مزید کہا جی ڈی اے کا ایک ایک رکن لیڈر شپ کیساتھ اٹیچ رہا ہے، ہمارےساتھ بھی ضمیر خریدنے کی بہت کوششیں کی گئیں، اللہ کاشکرہےجی ڈی اےکے5ممبرمیں سےایک بھی نہیں بکا۔

    شہریارمہر کا کہنا تھا کہ ہمارے الیکشن پر اعتراض ہے،جلد عدالت سے رجوع کریں گے ، ہم نے وزیراعظم سے بھی رابطہ کیا ہے، پی ٹی آئی میں کالی بھیڑوں کو تلاش کیا جائے، ہم نے وزیراعظم کو شواہد ارسال کردئیے ہیں۔

  • سینیٹ انتخابات میں شکست:رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ وزیر اعظم کے ریڈار پر آگئیں

    سینیٹ انتخابات میں شکست:رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ وزیر اعظم کے ریڈار پر آگئیں

    اسلام آباد : سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید وفروخت کے معاملے پر پی ٹی آئی ایم این اےغلام بی بی بھروانہ وزیراعظم کے ریڈارپر آگئیں ، غلام بی بی بھروانہ نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تردید کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کےانتخابات میں شکست کے بعد رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ وزیر اعظم کے ریڈار پر آگئیں، ذرائع کا کہنا ہے ووٹنگ کے دوران غلام بی بی بھروانہ کی نقل و حرکت مشکوک تھی۔

    غلام بی بی بھروانہ کاتعلق جھنگ سے ہے۔۔پی ٹی آئی سے پہلے غلام بی بی بھروانہ ن لیگ میں رہ چکی ہیں۔

    دوسری جانب غلام بی بی بھروانہ نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تردید کرتے ہوئے کہا گیلانی کوووٹ نہیں دیا، اگر ووٹ دیتی توعلی الاعلان دیتی، کسی سے ڈرنے والی نہیں۔

    یاد رہے اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی کے امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دے دی تھی ، یوسف رضاگیلانی کو 169 ووٹ ملے، جب کہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے، قومی اسمبلی سے مجموعی 340 ووٹ کاسٹ ہوئے، اور 7 مسترد ہوئے۔

  • سندھ اسمبلی: 7 حکومتی اراکین کا ووٹ دوسرے اراکین نے کاسٹ کیا

    سندھ اسمبلی: 7 حکومتی اراکین کا ووٹ دوسرے اراکین نے کاسٹ کیا

    کراچی: سندھ اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے ووٹنگ کے دوران 7 حکومت اراکین کے ووٹ کسی دوسرے رکن نے کاسٹ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سات حکومتی اراکین سندھ اسمبلی جسمانی معذوری کے باعث ووٹ خود کاسٹ نہ کر سکے، جس پر ان کے ووٹ دوسرے اراکین نے کاسٹ کیا۔

    ذرائع کے مطابق پروین قائمخانی آج ویل چیئر پر اسمبلی پہنچی، انھوں نے کہا میں ووٹ کاسٹ نہیں کر سکتی، جس پر ان کا ووٹ ارباب لطف اللہ نے کاسٹ کر دیا۔

    علی نواز مہر نے بھی خود ووٹ کاسٹ نہیں کیا، اس لیے ان کا ووٹ شبیر بجارانی نے کاسٹ کیا۔

    پی پی والوں کو پراٹھے، حلوہ پوری ملی، ہمیں سوکھے سینڈوچ: فواد چوہدری

    مراد علی شاہ سینئر نے عذر پیش کیا کہ ان کی نظر کم زور ہے، جس پر ان کا ووٹ گنور اسران نے کاسٹ کر دیا، اسی طرح صوبائی وزیر ہری رام کشوری نے بھی کہا کہ وہ کاغذ پر لکھا نہیں پڑھ سکتے، ان کا ووٹ بھی دوسرے رکن اسمبلی نے کاسٹ کیا۔

    واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن سندھ میں مجموعی 11 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں، 7 جنرل نشستوں پر پیپلز پارٹی کے 5 امیدوار کامیاب رہے، جن میں شیری رحمان، جام مہتاب، سلیم مانڈوی والا، تاج حیدر اور شہادت اعوان شامل ہیں۔

    2 جنرل نشستوں پر ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری اور پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کامیاب رہے، سندھ سے 2 خواتین نشستوں پر پلوشہ خان اور خالدہ اطیب کامیاب ہوئیں، جب کہ 2 ٹیکنوکریٹ نشستوں پر فاروق ایچ نائیک اور سیف اللہ ابڑو کامیاب ہوئے۔

  • سردار خان رند کا سینیٹ انتخابات سے دست بردار ہونے کا اعلان

    سردار خان رند کا سینیٹ انتخابات سے دست بردار ہونے کا اعلان

    کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے رکن سردار خان رند نے سینیٹ انتخابات سے دست بردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی نے پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کو منا لیا، جس کے بعد ان کے صاحب زادے سردار خان رند سینیٹ الیکشن سے دست بردار ہو گئے۔

    سردار خان رند بطور آزاد امیدوار سینیٹ کی جنرل نشست پر الیکشن لڑ رہے تھے، انھوں نے کہا کہ یہ تاثر جا رہا تھا کہ میرے الیکشن لڑنے سے اپوزیشن کو فائدہ ہوگا، اس لیے الیکشن سے دست بردار ہو گیا ہوں۔

    صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیٹے کو الیکشن سے دست بردار کرانا میرے لیے مشکل فیصلہ تھا، وہ آزاد امیدوار تھے اور ان کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں، ہمارے اس فیصلے کے اثرات سینیٹ الیکشن میں نظر آئیں گے، تاہم افسوس ہے کہ اس سلسلے میں ہماری جماعت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

    چیئرمین سینیٹ یار محمد رند کو منانے میں کامیاب

    وزیر اعلیٰ جام کمال نے اس موقع پر کہا سردار رند کا اقدام بلوچستان میں مخلوط حکومت کو تقویت دے گا، سرفراز بگٹی، منظور کاکڑ، پرنس آغا عمر جنرل نشست پر ہمارے اہم امیدوار ہیں، 7 جنرل نشستوں میں سے حکمران اتحاد 5 نشستیں جیت سکتا ہے۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے ہم ایک اتحادی، ایک آزاد اور 3 ہماری پارٹی کے سینیٹر منتخب کرائیں گے۔

  • سینیٹ انتخابات  میں کرپشن روکنے کیلیے ویجی لینس کمیٹی قائم

    سینیٹ انتخابات میں کرپشن روکنے کیلیے ویجی لینس کمیٹی قائم

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات میں کرپشن روکنے کیلیے ویجی لینس کمیٹی قائم کردی، کمیٹی الیکشن کمیشن کوضروری معلومات اور ریکارڈ فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں کرپشن روکنے کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں سینیٹ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے ویجی لینس کمیٹی قائم کردی گئی۔

    کمیٹی میں الیکشن کمیشن،ایف بی آر،نیب،اسٹیٹ بینک اورنادرا کےنمائندےشامل ہیں ، کمیٹی الیکشن کمیشن کوضروری معلومات اور ریکارڈ فراہم کرے گی اور انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جہاں ضرورت ہوئی کمیٹی انکوائری کرکےرپورٹ پیش کرے گی۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے شکایات کے لیے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بنا دیا ہے ، جس کے تحت عوام اپنی شکایات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پربھیج سکیں گے جبکہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے، مانیٹرنگ سیل 24گھنٹے کام کرے گا۔

    الیکشن کمیشن میں ٹیلی فون ہیلپ لائن بھی قائم کردی گئی ہے، شکایت 0518848888 پر درج کرائی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پر من و عن عمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پرانے طریقہ کار سے سینیٹ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آرٹیکل218تین کےتحت شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہوگیا ہے، سینیٹ انتخابات گزشتہ سالوں کی طرح خفیہ بیلٹ پیپر کےذریعے ہونگے، ایوان بالا کے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئےتمام اقدامات کئےجائیں گے۔

  • حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کا حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان

    حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کا حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان

    اسلام آباد: سینیٹ الیکشن میں حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ق لیگ، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سمیت حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اتحادی جماعتوں نے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا۔

    حفیظ شیخ نے کہا تین مارچ تاریخی دن ہوگا، پی ٹی آئی سینیٹ میں اکثریت حاصل کرے گی، ہم چاہتے ہیں الیکشن میں پیسہ نہ چلے، گالم گلوچ نہ ہو، جمہوری طریقے سے ارکان اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں۔

    انھوں نے کہا ہم سب ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں، عوام چاہتے ہیں کہ قیادت ایمان دار ہو، اصل مسائل عوام کے ہیں جنھیں ہم حل کریں گے، ہم چاہتے ہیں سینیٹ الیکشن مہذب ہوں خرید و فروخت نہ ہو، اس سے پہلے بھی 3 بار سینیٹر منتخب ہو چکا ہوں، جب بھی موقع ملتا ہے ہم پاکستان کی خدمت کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے امین الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اراکین کو رجھانے کی کوششیں کی ہیں لیکن تمام اراکین وفاقی حکومت کے اتحادی ہونے کی وجہ سے متحد ہیں۔

    انھوں نے کہا ایم کیو ایم جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالا دستی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کی ترقی پر توجہ نہیں دی، سندھ کے ارکان پارلیمنٹ کو ڈرایا دھمکایا اور رشوت کی پیش کش بھی کی جا رہی ہے۔

    جی ڈی اے کی رہنما فہمیدہ مرزا نے کہا کہ تمام حلیف جماعتیں متحد ہیں، جی ڈی اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے، سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی حمایت کریں گے، سینیٹ کے راستے میں کرپشن ختم کرنے کے لیے دروازے بند کرنا ضروری ہے، اس لیے اسمبلی، سینیٹ سے قانون سازی نہ ہو تو آرڈیننس لانے پڑتے ہیں۔

    ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی حفیظ شیخ کی ہوگی، تمام اتحادی جماعتیں ان کے ساتھ ہیں۔

  • سینیٹ انتخابات: جماعت اسلامی کا سندھ اور مرکز کے سلسلے میں بڑا اعلان

    سینیٹ انتخابات: جماعت اسلامی کا سندھ اور مرکز کے سلسلے میں بڑا اعلان

    لاہور: ایوان بالا کے انتخابات کے سلسلے میں جماعت اسلامی نے سندھ اور مرکز میں سینیٹ انتخاب سے غیر حاضر رہنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے نومنتخب سینیٹر اعجاز چوہدری اور رہنما جماعت اسلامی امیر العظیم کے درمیان آج لاہور میں اہم ملاقات ہوئی ہے، اس سلسلے میں اعجاز چوہدری نے بتایا کہ امیر العظیم سے ملاقات نہایت نتیجہ خیز رہی۔

    ملاقات کے بعد جماعت اسلامی نے سندھ اور مرکز میں سینیٹ انتخاب سے غیر حاضر رہنے کا اعلان کر دیا، پنجاب سے نو منتخب سینیٹر اعجاز چوہدری نے سینیٹ انتخابات میں تعاون کی اپیل کی تھی تاہم جماعت اسلامی نے تعاون اور حمایت سے انکار کر دیا۔

    دونوں رہنماؤں میں یہ ملاقات منصورہ میں ہوئی، جس کے بعد امیر العظیم نے کہا کہ ہم خیبر پختون خوا کی حد تک پی ڈی ایم کا ساتھ دیں گے، اور کے پی میں پی ڈی ایم ہماری خاتون امیدوار کو ووٹ دے گی، جب کہ ہم جنرل، ٹیکنوکریٹ اور اقلیتی نشست پر ان کو ووٹ دیں گے۔

    سینیٹ الیکشن: جماعت اسلامی نے کے پی میں پی ڈی ایم سے ہاتھ ملا لیے

    رہنما جماعت اسلامی نے کہا اسلام آباد اور سندھ میں جماعت اسلامی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی، اور اپوزیشن سے ہماری ایڈجسٹمنٹ صرف خیبر پختون خوا تک محدود رہے گی۔

    یاد رہے کہ ہفتے کو کراچی میں پی ٹی آئی، جی ڈی اے وفود نے جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور حق کا دورہ کیا تھا اور جماعت اسلامی سے سینیٹ الیکشن میں حمایت کی درخواست کی گئی تھی، امیر جماعت کراچی حافظ نعیم نے کہا تھا کہ فیصلہ مرکز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وفود میں سیف اللہ ابڑو، فدا حسین نیازی اور پیر صدرالدین شاہ راشدی شامل تھے۔