Tag: سینیٹ قرارداد

  • الیکشن کمیشن کی سینیٹ  قرارداد پر انتخابات ملتوی کرنے سے معذرت

    الیکشن کمیشن کی سینیٹ قرارداد پر انتخابات ملتوی کرنے سے معذرت

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے سینیٹ قرارداد پر انتخابات ملتوی کرنے سے معذرت کرلی اور کہا اس مرحلے پر عام انتخابات کو ملتوی کرنا مناسب نہیں ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سے متعلق سینیٹ سیکریٹریٹ کو خط لکھا، سینٹ کو یہ خط ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن پاکستان سید ندیم حیدر کی جانب سے ارسال کیا گیا۔

    الیکشن کمیشن پاکستان نے سینٹ کی قرارداد نمبر 562 پر جواب جمع کرایا، جس میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ قرارداد کا اجلاس میں جائزہ لیا، 5 جنوری 2024 کے ساتھ سینیٹ کی طرف سے منظور کردہ قرارداد نمبر 562 کاپی کے ساتھ اس کمیشن کو بھجوائی گئی، اس معاملے پر کمیشن کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

    خط میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر پاکستان کی مشاورت سے 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ مقرر کی۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے، کمیشن نے نگراں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سیکیورٹی بہتر بنانے اور عام انتخابات پرامن/قابل اعتماد انعقاد کے لیے ووٹرز کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔

    خط میں کہنا تھا الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کے انعقاد کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات کر لیے ہیں، 8 فروری 2024 کو عام انتخابات 2024 کے انعقاد کے لیے اگست کو سپریم کورٹ میں کمٹمنٹ بھی جمع کرائی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے خط میں کہا کہ ماضی میں عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات سردیوں کے موسم میں ہوتے رہے ہیں، کمیشن کے لیے اس مرحلے پر عام انتخابات 2024 کو ملتوی کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

  • الیکشن  3 ماہ کیلئے ملتوی کرانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع

    الیکشن 3 ماہ کیلئے ملتوی کرانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع

    اسلام باد: سینیٹ میں الیکشن ملتوی کرانے کی ایک اور قرارداد جمع کرادی گئی، جس میں کہا ہے کہ سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر انتخابات 3ماہ کے لئے ملتوی کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن 3 ماہ کیلئے ملتوی کرانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع کرادی گئی، قرارداد آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہدایت اللہ نے جمع کرائی۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر انتخابات 3 ماہ کیلئے ملتوی کیے جائیں، سینیٹ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ پر زور دیتا ہےوہ پرامن الیکشن انعقاد پر غور کرے۔

    قرارداد میں کہنا تھا کہ امیدواروں کونشانہ بنانے کے بڑھتےواقعات میں اضافے پر گہری تشویش ہے۔

    یاد رہے 5 جنوری کو سینیٹ میں 8 فروری کے عام انتخابات کو معطل کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی تھی۔

    سینیٹر دلاور خان نے الیکشن میں سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے قرارداد پیش کی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں صورتحال خراب ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور محسن داوڑ پرحملے ہوئے ہیں جب کہ ایمل ولی خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو تھریٹ ملے ہیں۔ الیکشن کے انعقاد کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔

    قرارداد میں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ محکمہ صحت ایک بار پھر کورونا کے پھیلنے کا عندیہ دے رہا ہے

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ چھوٹے صوبوں میں بالخصوص الیکشن مہم چلانے کیلیے مساوی حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن شیڈول معطل کر کے سازگار ماحول کے بعد شیڈول جاری کرے۔