Tag: سینیٹ کا اجلاس

  • قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر تک ملتوی

    قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر تک ملتوی

    اسلام آباد : قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کا وقت ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا، قومی اسمبلی اجلاس آج تین بجے سہ پہر  جبکہ سینیٹ کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت ہوا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم سینیٹ اجلاس میں آج لائے جانے کا امکان ہے۔

    آئینی ترمیم کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس کئی بار تبدیل ہوا، رات 7 بجے بلایا گیا اجلاس کا وقت ساڑھے 9 بجے کیا گیا، جو رات گئے شروع ہوا۔

    اس سے قبل سینیٹ کا اجلاس جو دن کے 12 بجے ہونا تھا، اس کا وقت 3 بجے، شام ساڑھے 6 بجے اور پھر رات 8 بجے رکھا گیا تھا اور اب پھر سینیٹ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سینیٹ کا اجلاس:  نو منتخب ارکان  آج حلف اٹھائیں گے

    سینیٹ کا اجلاس: نو منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد : سینیٹ کے نو منتخب اراکین آج حلف اٹھائیں گے ، جس کے بعد نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس آج صبح 9بجے ہوگا، جس کا 10نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا ہے کہ سیکریٹری سینیٹ اجلاس کیلئے پریذائیڈنگ افسر کا اعلان کریں گے۔

    ایجنڈے میں کہا گیا کہ نومنتخب ارکان سینیٹ آرٹیکل 65 کے تحت حلف اٹھائیں گے، حلف لینے کے بعد ارکان سینیٹ رول آف ممبرزپر دستخط کریں گے۔

    اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد پریذائیڈنگ آفیسر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے، دونوں آئینی عہدوں کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار سیکرٹری سینیٹ سے کاغذات وصول کرنے کے بعد دوبارہ جمع کرائیں گے۔

    کاغذات منظور ہونے کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست جاری کرے گا، جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے سیکرٹ ووٹنگ ہوگی، ایوان میں سادہ اکثریت سے دونوں عہدوں کا چناؤ کیا جائے گا/

    اگر ضرورت پڑی تو خفیہ بیلٹ کے ذریعے چیئرمین سینیٹ کا چناؤ ہوگا، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے نتائج کااعلان کیا جائےگا، نتائج کےاعلان کے بعد نومنتخب چیئرمین سینیٹ حلف اٹھائیں گے۔

    چیئرمین کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عمل میں لایاجائےگا اور ضرورت پڑنےپرڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاخفیہ رائےشماری سےالیکشن ہوگا، نتائج کے بعد نومنتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیا جائےگا، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ساڑھے 12 بجے ہو گا۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختوانخو میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخاب ملتوی ہونے کے بعد 96 ممبران کے ایوان بالا میں 85 سینیٹرز چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    پیپلز پارٹی 24 سینیٹرز کیساتھ سینیٹ کی سب سے بڑی پارٹی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے 19، 19 ارکان ہیں، جے یو آئی 5، بی اے پی 4، ایم کیو ایم اور اے این پی 3، 3، ق لیگ، نیشنل پارٹی، بی این پی ایک، ایک جبکہ آزاد ارکان کے پاس سینیٹ کی 5 نشستیں ہیں۔

    گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے افطار ڈنر کا اہتمام کیا، جس میں بلاول بھٹو زرداری، اتحادی جماعتوں اور پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے شرکت کی۔

    افطار ڈنر میں سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوئے، سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ بھی یوسف رضا گیلانی کی دعوت میں موجود تھے، سابق وزیر اعظم نے افطار ڈنر میں شریک تمام سینیٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا، اس دوران شیری رحمان نے چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے نمبر گیم سے آگاہ کیا۔

  • قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں  بھی نیب ترمیمی بل اور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2022 منظور

    قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی نیب ترمیمی بل اور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2022 منظور

    اسلام آباد : قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی الیکشن ایکٹ اور نیب قوانین میں ترامیم کے بل کثرت رائے سے منظور کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا ، جس میں وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے الیکشن ایکٹ اور نیب قوانین میں ترامیم کے بل پیش کئے۔

    جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور امپورٹڈحکومت نامنظور کے نعرے لگائے جبکہ چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کاگھیراؤ کیا۔

    اپوزیشن ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں ،اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے بل کی منظوری کیلئےایوان کی رائے لی، جس کے بعد نیب ترمیمی بل اور الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2022 کثرت رائے منظور کرلئے گئے۔

    اپوزیشن کے شور شرابے میں بل کی منظوری دی گئی، اس سے قبل بلوں پر تحریک منظور کی گئی تھی۔

    اپوزیشن لیٖڈر شہزادوسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا یہ بل متعلقہ کمیٹی کوبھجوایاجائے، اوورسیزووٹرز کے حق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے، اوورسیز ووٹر قوم کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔

    وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے بتایا کہ اوورسیزکا ووٹ نہ ختم کیا گیا ہے نہ کیا جائے گا، بل کےذریعےاوورسیز کے حقوق واپس نہیں لیے گئے، بل میں الیکشن کمیشن کو پابند کیا گیا کہ وہ اوورسیز کو ووٹ کاحق دے۔

    جس پر شہزادوسیم کا کہنا تھا کہ 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    یاد رہے حکومت نے جمعرات کو قومی اسمبلی سے منظور کی گئی قانون سازی سینیٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزرات پارلیمانی امور کی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بل فوری سینیٹ بھیجنے کی ہدایت کی تھی، سینیٹ سے بلزکی منظوری سے اصلاحات کے بعد انتخابات کا مطالبہ پورا ہوجائے گا۔

    گذشتہ روز قومی اسمبلی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) کے استعمال کے خاتمے ، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ نیب قوانین کے ترمیم کا بل بھی منظور کیا گیا تھا۔

  • صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب

    صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کر مسلسل دوسری بار چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے جب کہ ‏پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی 42 ووٹوں کے ساتھ شکست کھا گئے. ان کے 7 ووٹ مسترد ہوئے.

    یوسف رضا گیلانی کے پولنگ ایجنٹ فاروق ایچ نائیک نے مسترد ووٹوں‌ پر اعترض اٹھایا جسے پریذائیڈنگ افسر نے مسترد کر دیا اور صادق سنجرانی کو کامیاب قرار دیا گیا.

    پریذائیڈنگ افسر نے صادق سنجرانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا.

    چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے 99 میں سے 98 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے جماعت اسلامی ‏کے رکن نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

    چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے سینیٹ کا اجلاس پریزائیڈنگ افسرسید مظفر حسین شاہ کی زیر صدارت ہوا. ارکان کوحروف تہجی کےاعتبارسےبلایا گیا اور 98 اراکین نے ووٹ کاسٹ کئے.

    جماعت اسلامی کے مشتاق احمد کا نام پکارا گیا مگر وہ موجود نہیں تھے پریزائڈنگ افسر نے گھنٹی بجا کر ایک منٹ اضافی دیا اور مشتاق احمد خان کا نام پکارا لیکن وہ غیرحاضر تھے.

    ووٹ پول کرنے کا طریقہ کار


    یزائیڈنگ آفیسر  نے  اراکین کو ووٹ پول کرنےکے طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا چیئرمین سینیٹ کیلئے بیلٹ پیپرز ہرے رنگ کے جاری کئے جائیں گے، امیدواروں کےنام اردومیں درج ہوں گے۔

    پریزائیڈنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ حروف تہجی کےاعتبارسےووٹرزکےنام پکارےجائیں گے، بیلٹ پیپرپرغلطی ہوتوبیلٹ باکس میں ڈالنے سے پہلےبتائیں، غلطی ہونے پر نیا بیلٹ پیپر جاری کیا جاسکتا ہے۔

    پریزائیڈنگ آفیسر نے مزید بتایا کہ موبائل فونز، کیمرے اور دیگر الیکٹرانک آلات پولنگ بوتھ لے جانے پر پابندی ہے جبکہ بیلٹ پیپرپر لگائی جانیوالی مہر25 ووٹ کے بعد تبدیل کی جائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کی سہولت کیلئے پولنگ 5بجے بند کی جائے گی پھر گنتی ہوگی، گنتی کے بعد منتخب ہونےوالے امیدوار سے چیئرمین سینیٹ کا حلف لیا کائے گا، چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کےبعدڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہوگا۔

    پولنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت


    ایوان میں خالی بیلٹ باکس دکھایا گیا ، جس کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر نے پولنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی، جس کے بعد عبد الغفور حیدری نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔

    خیال رہے سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کیلیے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی مد مقابل ہیں ، نمبر گیم میں اپوزیشن پچاس ووٹ کے ساتھ آگے جبکہ حکومتی اتحاد کے پاس اڑتالیس ووٹ ہیں۔

  • قومی اسمبلی  اور سینیٹ کا اجلاس آج ہوگا

    قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : سینٹ اور قومی اسمبلی کے الگ الگ اجلاس آج ہوں گے، متحدہ اپوزیشن نے سینیٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا اوراجلاس کے لئے 6 نکاتی ایجنڈا بھی دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس آج دن 3بجے ہوگا، سینیٹ اجلاس کے لیے 38 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

    اجلاس میں وفاقی وزیرپارلیمانی امور صدر کے خطاب پربحث کی تحریک اور مشیر خزانہ اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل 2019 منظوری کے لیے پیش کریں گے جبکہ فارن ایکس چینج ریگولیشن ترمیمی بل 2019 منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    قومی اسمبلی پہلے ہی دونوں بلوں کی منظوری دے چکی ہے ، وزارت تجارت کا جیوگرافیکل انڈی کیشن رجسٹریشن اور پروٹیکشن بل اور آئی جی اسلام آباد کے خلاف تحریک استحقاق سے متعلق کمیٹی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

    سینیٹ اجلاس میں قواعدو ضوابط اور استحقاق کمیٹی کی چیئرپرسن عائشہ رضا رپورٹ پیش کریں گی جبکہ مختلف کمیٹیوں اور قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹ پیش کی جائیں گی۔

    دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس چار بجے شروع ہوگا، قومی اسمبلی کےاجلاس کی صدارت قائمقام اسپیکرقاسم سوری کریں گے۔

    یاد رہے سینیٹ اجلاس اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ، متحدہ اپوزیشن نے سینیٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا، ریکوزیشن 37 ارکان کے دستخط سے جمع کرائی گئی تھی اور اجلاس کے لئے 6 نکاتی ایجنڈا بھی دیا تھا۔

    آرڈیننس کے اجراء کا معاملہ، کشمیر کی صورتحال، اپوزیشن رہنماوں کے خلاف انتقامی کارروایوں کا معاملہ ،سردی میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

  • سینیٹ سے منی بل کی منظوری، اپوزیشن اراکین کا شدید احتجاج

    سینیٹ سے منی بل کی منظوری، اپوزیشن اراکین کا شدید احتجاج

    اسلام آباد : اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود منی بل سینیٹ سے منظور کرلیا گیا، اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نا منظور نا منظور کے نعرے لگائے۔
    تفصیلات کے مطابق چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں منی بل سے متعلق فنانس کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود منی بل سینیٹ سے منظور کرلیا گیا جس پر اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج کیا،اراکین نے نا منظور نا منظور کے نعرے بھی لگائے۔
    سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن اس تمام عمل کو مسترد کرتی ہے، حکومت نے آرڈیننس فیکٹری قائم کر رکھی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے اجلاس میں منی بل پر رائے شماری نہیں کرائی گئی جو خلاف قانون ہے۔
    اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ متعلقہ کمیٹی میں اپوزیشن کی سفارشات شامل ہیں تو اب کیااعتراض ہے، چیئرمین ایک دفعہ فیصلہ کر لے تو وہ حتمی ہوتا ہے۔
    علاوہ ازیں اجلاس کے آغاز میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

  • تعلیمی نصاب میں جمہوریت سے متعلق مضامین شامل کرنے کا فیصلہ

    تعلیمی نصاب میں جمہوریت سے متعلق مضامین شامل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے نئے تعلیمی نصاب میں جمہوریت سے متعلق مضامین کو باقاعدہ طورپرشامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ کردارسازی کے مضامین بھی نصاب کا حصہ ہونگے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم بلیغ الرحمن نے ایوان کو بتایا کہ جماعت اول تا پنجم تک نصاب مکمل ہے چھٹی جماعت سے دہم تک پر کام جاری ہے اورنئے نصاب میں جمہوریت سمیت کردار سازی کو بھی نصاب میں شامل کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دوہزار چھ کا نصاب ابھی لاگو نہیں ہوا بہت سی چیزوں کی تصحیح ہونا باقی ہے۔ وفاق نے نئے نصاب پر کام شروع کر رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ شہریت کو بھی نصاب میں شامل کررہے ہیں۔

    حکومت سینیٹرز کی سفارشات کو سنجیدگی سے لیتی ہے، زاہد حامد

    علاوہ ازیں سینیٹ میں فنانس بل پر تحریک بھی منظور کی گئی ۔جس میں دریافت کیا گیا کہ کس حد تک فنانس بل پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ وفاق کی علامت ہے چاروں صوبوں کی اس میں نمائندگی ہے۔ بجٹ سال میں ایک دفعہ پیش ہوتا ہے بڑی محنت سے ہم ڈرافٹ پڑھ کر تجاویز دیتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں ان تجاویز پر کس حد تک عمل ہوتا ہے۔

    اس پر وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ حکومت معزز اراکین کی سفارشات کو سنجیدگی سے لیتی ہے، ہر سفارش پر بحث ہوتی ہے اور اسے زیر غور لایا جاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایوان بالا کے اراکین کی دو سو چھہتر سفارشات تھیں ایک سو انتیس فنانس ڈویژن کے حوالے سے تھیں، پچھہتر سفارشات جو کہ اٹھاون فیصد بنتی ہیں، اس پر اس مالی سال میں عمل کیا گیا۔

    ملکی وغیر ملکی قرضوں سے نجات کے حوالے سے قرارداد منظور

    اس کے علاوہ ایوان نے ملکی اور غیر ملکی قرضوں سے نجات اور روڈ میپ کے حوالے سے قرارداد بھی منظور کی۔ زاہد حا مد کا کہنا تھا کہ شرح نمود میں اضافے کے لئے قرضے لئے جاتے ہیں۔

    دوہزار تیرہ میں زرمبادلہ کے ذخائر انتہائی کم تھے اورشرح سود بہت زیادہ تھا، مائیکرو عدم توازن اور توانائی بحران شدید تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مالی خسارے اور بیرونی قرضوں کے پیش نظر واضح روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ پندرہ سال کے لئے روڈ میپ تیار کرکے عمل شروع کر دیا ہے اور اس روڈ میپ کو قانونی تحفظ حاصل ہے مالیاتی خسارے میں مسلسل کمی ہورہی ہے زرمبادلہ کے ذخائر بیس ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس گزاروں کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اوروفاقی ٹیکس آمدن میں باسٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بعد ازاں سینیٹ اجلاس بدھ کی صبح ساڑھے دس بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔

  • سینیٹ: جادوگروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، معاملہ کمیٹی کے سپرد

    سینیٹ: جادوگروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، معاملہ کمیٹی کے سپرد

    اسلام آباد: سینیٹ کے اجلاس کے دوران جادوگروں کے خلاف کارروائی کے لیے تحریک پیش کردی گئی ، چیئرمین سینیٹ نے معاملہ بل کمیٹی کے سپرد کردیا اور کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی نقطہ نظر حاصل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس آج چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں سینیٹر چوہدری تنویر نے جادوگروں کے خلاف کارروائی کے لیے تحریک التوا پیش کرتے ہوئے کہا کہ جادو ٹونہ ہمارے معاشرے میں سنجیدہ مسئلہ ہے، سفلی عمل کرنے والے لوگ بہت زیادہ ہیں مختلف ٹی وی چینلز نے ایسے بہت سے لوگوں کو بے نقاب بھی کیا ہے تاہم چند دن بعد یہ عمل دوبارہ شروع ہوجاتا ہے

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنگالی باباؤں کے لیے مناسب قانون سازی ہونی چاہیے۔

    جواب میں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے معاملہ بل کمیٹی کے سپرد کر دیا اور کہا کہ کمیٹی اسلامی نظریاتی کونسل کا نقطہ نظر بھی لازمی طور پر حاصل کرے۔

  • سی پیک کا نام تبدیل نہیں ہوگا، چین نے پاکستان کو آگاہ کردیا

    سی پیک کا نام تبدیل نہیں ہوگا، چین نے پاکستان کو آگاہ کردیا

    اسلام آباد : حکومت نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ چین نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ سی پیک کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چئیر مین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیفران کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ پا کستان میں چین کے سفیر نے بھارت میں چین کے سفیر کی طرف سے سی پیک کا نام تبدیل کرنے کے بیان کی تردید کردی ہے اور پا کستان کو با ضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایران کی جانب سے ان کی مسلح افواج کے سربراہ نے سرحد پر جھڑپوں میں 12 سرحدی گارڈز کے قتل کے بعد پاکستان میں کاروائی کا بیان دیا لیکن یہ طریقہ درست نہیں ہے۔ دو دوست ہمسایہ ممالک کے رابطے کا طریقہ ایسا نہیں ہوتا۔

    ایران کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے ان سے احتجاج کیا گیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک افغان چمن بارڈر پر سرحد کی ہماری جانب مردم شماری جاری تھی۔ مردم شماری کی ٹیم کے ہمراہ ایک فوجی اور ایک نیم فوجی جوان تھا۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ انہوں نے سرحد پار کرنے پر فائر کھول دیا۔ عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات پر مشترکہ سروے کرایا گیا جس کی رپورٹ مکمل ہو چکی ہے۔ تناؤ کو کم کرنے کے لیے ہر سطح پر بات چیت جاری ہے۔ اگر افغان فوجی چاہتے تو وہ ہمارے فوجیوں پر فائر کھولنے کی بجائے ان کو گرفتار بھی کر سکتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی وفد کے دورہ افغانستان میں حامد کرزئی اور عبد اللہ عبداللہ نے مثبت بیان دیئے۔ انہوں نے کہا کہ حامد کرزئی نے پاکستان دورہ کی دعوت بھی قبول کی چمن کے واقعہ سے چند روز قبل چیف آف جوائنٹ اسٹاف کمیٹی نے افغانستان کا دورہ بھی کیا۔

    سیاسی معاملات میں گورنر سندھ کی مداخلت اور سی سی آئی اجلاس سے متعلق اپوزیشن کی تحریک پر وزیر قانون زاہد حامد نے جواب دیا اورکہا کہ یہ دونوں نان ایشوزہیں ۔سی سی آئی کی میٹنگ کے منٹس بنا کر سب جماعتوں کو بھیجے گئے اور وزرائے اعلی نے منٹس کنفرم کئے جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم نے منٹس کنفرم نہیں کئے ۔ آئندہ میٹنگ میں مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ وہ آئین کے مطابق ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں انہوں نے پارٹی میٹنگ یا جلسے میں شرکت کی اور نہ ہی گورنر ہاؤس میں کوئی میٹنگ کی۔

    زاہد حامد نے کہا کہ گورنر سندھ نے کوئی سیاسی بیان دیا اور نہ ہی کسی ٹاک شو میں شرکت کی، گورنر سندھ کو مختلف جماعتوں کے لوگ ملنے آئے تھے جن سے ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لۓ ملتوی کر دیا گیا۔

  • سینیٹ کا اجلاس: حکومت نے اسلامی بینکنگ کے فروغ کی یقین دہانی کرادی

    سینیٹ کا اجلاس: حکومت نے اسلامی بینکنگ کے فروغ کی یقین دہانی کرادی

    اسلام آباد : حکومت نے سینیٹ میں یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلامی بینکنگ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اوراس مقصد کے لئے 3 سینٹر قائم کئے گئے ہیں جو اسلامی بینکنگ کے لئے افرادی قوت کو پورا کریں گے۔

    چئرمین میاں رضاربانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر کے نکتہ اعتراض پر وزیر قانون زاہد حامد نے بتایا کہ اس مقصد کے لۓ شریعہ فریم ورک تشکیل دیاگیا ہے اور 21 اسلامی بینکنگ کے ادارے اس وقت پاکستان میں کام کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2015 میں ایک کمیٹی نے اسلامی بینکنگ کےحوالے سے مؤثر سفارشات دیں۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان میں اس نظام کو رائج ہونا ضروری ہے جس کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا۔ ایمانی قوت اور مضبوطی سے کام کیا جائے تو یہ دنیا کی نجات کا سبب بن سکتا ہے۔

    سینیٹ میں حسین حقانی کے آرٹیکل پر بھی رد عمل دیکھنے میں آیا۔ حکومتی رکن نہال ہاشمی نے کہا کہ بہانہ بن گیا ہے کہ کسی نہ کسی طرح پاکستان پر تنقید کی جائے۔ ہم اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی واشنگٹن میں بیٹھ کر پاکستان کی سالمیت اور ہماری آئی ایس آئی پر تبصرہ کرے۔

    نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت پر سازش رچائی گئی ہے اور اب اہداف طے ہونے چاہئیں کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے۔ پی پی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ میں حسین حقانی کا ترجمان نہیں ہوں پی پی دور میں جتنے بھی ویزے امریکی شہریوں کو جاری ہوئے وہ تمام قواعد کے مطابق تھے، ان کا کہنا تھا کہ میں آصف زرداری کا بطور صدر ترجمان تھا تمام معاملات کا میں عینی شاہد بھی ہوں۔

    فرحت اللہ بابر کی جانب سے اسلام آباد اور ملک کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے بلاگرز کے معاملے کو زیر بحث لانے کی تحریک ایوان میں پیش کی گئی اور کہا گیا کہ پانچ بلاگرز لاپتہ ہوئے چار بازیاب ہوئے ایک تاحال لاپتہ ہے۔ حکومت نے یقین دہانی کروائی کہ بازیاب کروایا جائے گا مگر ایک تاحال لاپتہ ہے جن بلاگرز کی بازیابی ہوئی ان کو کس نے اور کیوں اغواء کیا کچھ معلوم نہیں۔ آج سب کی نظریں ایوان پر ہیں ایوان کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    انہوں نے تجویز دی کہ ایک سب کمیٹی تشکیل دی جائے جو ان لوگوں کے گھروں کا دورہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ایوان نے خاموشی اختیار کی تو پھر معمول بن جائے گا کہ جو بولے اسے غائب کرو، لاپتہ اور پھر اچانک نمودار ہونے والے افراد کی معلومات ایوان کو فراہم کی جائے۔

    عثمان کاکڑ نے بھی ملک میں آئین وقانون کی بالادستی پر زور دیا اور کہا کہ بدقسمتی سے آئین وقانون کی بالادستی نہیں، لوگوں کی پر اسرار گمشدگی اور پھر بازیابی ایک اہم مسئلہ ہے۔ نواز لیگ کے سینیٹرنہال ہاشمی نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملک کے حساس معاملات کو زیر بحث لائے۔

    وزیر مملکت داخلہ برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے بتایا کہ دو لوگ اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے وہ بازیاب ہو چکے ہیں۔ ان سے اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا انہوں نے کسی قسم کی معلومات دینے سے انکار کیا پولیس کو بھی ہدایت کی مگر انہوں نے بات کرنے سے انکار کر دیا کیس ابھی قائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ثمر عباس لاپتہ ہے اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔ بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس بدھ سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔