Tag: سینیٹ کے اجلاس

  • غیرجانبدارالیکشن کیلئے الیکشن کمیشن سے تعاون کررہے ہیں، نگراں وزیرداخلہ

    غیرجانبدارالیکشن کیلئے الیکشن کمیشن سے تعاون کررہے ہیں، نگراں وزیرداخلہ

    اسلام آباد : نگراں وزیرداخلہ اعظم خان نے کہا ہے کہ غیرجانبداراور شفاف الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کررہے ہیں، پاک فوج کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر موجود ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں من وامان کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا، نگراں وزیرداخلہ نے کہا کہ18ویں ترمیم کے بعد امن وامان کا قیام صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے اور وفاقی حکومت صوبوں سے مکمل تعاون کررہی ہے۔

    الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ الیکشن کمیشن سے مکمل رابطے میں ہے، الیکشن کمیشن سے شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کے انعقاد کیلئے تعاون کررہے ہیں، وزارت داخلہ نے ایک کو آرڈینیشن سینٹر قائم کیا ہے، الیکشن سے متعلق یہ سینٹر پورا ہفتہ کام کرتا ہے۔

    اعظم خان کا مزید کہنا تھا کہ پر امن انتخات کیلئے 25جولائی کو ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز میں فوج کے جوان تعینات کئے جائیں گے، پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر موجود ہوں گے۔

    نگراں وزیرداخلہ نے بتایا کہ سیاست دانوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، انہیں پرائیویٹ گارڈز رکھنے کی بھی اجازت ہوگی،بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس ہفتے کی صبح 10بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ نگراں وزیرداخلہ اعظم خان نے ایک نجی چینل سے گفتگو میں کہا تھا کہ الیکشن مہم کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جان کو بھی خطرہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • مجرموں‌ کو ڈرائی کلین کرنے والی فیکٹری بند کی جائے،شاہی سید

    مجرموں‌ کو ڈرائی کلین کرنے والی فیکٹری بند کی جائے،شاہی سید

    کراچی : عوامی نیشل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ کراچی میں دہشت گرد اپنی موجودگی ثابت کر رہے ہیں جب کہ قانون اپنا کردار ادا کرتا نظر نہیں آرہا۔

    سینیٹر شاہی سید نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے اسسٹنٹ کیمرا مین کی دہشت گردی کے واقعہ میں ہلاکت نہایت قابلِ مذمت ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مکمل امن بحال نہیں ہوسکا۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنی کارروائیوں کے ذریعے اپنی موجودگی کا احساس دلاتے رہتے ہیں لیکن پولیس انہیں گرفتار کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔

    شاہی سید نے اپنے خطاب میں سوال کیا کہ کیا صرف ڈاکٹرعاصم ہی دہشت گردوں کامعاون تھا ؟ باقی لوگوں کو کیوں آزاد چھوڑ رکھا ہے اور مقدمات تعطل کا شکار کیوں نظر آتے ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم میں بھی ”گڈ” اور ”بیڈ” کی اصطلاح آ گئی ہے جس کے تحت جو لندن والی ایم کیوایم کو چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی یا ایم کیو ایم پاکستان جوائن کرلے وہ صاف ستھرا ہوجاتا ہے۔

    سینیٹر شاہی سید نے مطالبہ کیا کہ ڈرائی کلین کی فیکٹری لگانےکا کام بند کیا جائے اور مجرم کو بطور مجرم دیکھتے ہوئے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے کیوں کہ سخت سزاؤں کے بغیر جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ بے اختیار ہیں وہ تو ایک ایس ایچ او تک تبدیل نہیں کرسکتے جب کہ ایس ایچ او کا حال یہ ہے کہ وہ جرائم میں خود ملوث ہیں تو امن و امان کیسے قائم ہوگا۔

    سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ کراچی میں پولیس سیاسی مداخلت کے باعث تباہ ہوئی اور میں ایسے دو ایس ایچ اوز کو جانتا ہوں جو اغوا برائے تاوان اور قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

  • ہماری کوئی حیثیت نہیں؟سینیٹر رحمان ملک کا اجلاس سے بائیکاٹ

    ہماری کوئی حیثیت نہیں؟سینیٹر رحمان ملک کا اجلاس سے بائیکاٹ

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ ہم عوامی نمائندے ہیں ہماری ہی بات نہیں سنی جاتی، لہٰذا ایسے سینیٹ کے اجلاس میں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ورکرز ویلفیئر فنڈز کے ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے پر سینیٹر رحمان ملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوامی نمائندے ہیں ہماری ہی بات نہیں سنی جاتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ جہاں بات نہ سنی جائے وہاں بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں،میں اب یہاں نہیں بیٹھوں گا، جس کے بعد رحمان ملک نے سینیٹ کے اجلاس سے واک آؤٹ کردیا، واک آؤٹ کے لیے رحمان ملک نے اے این پی کے سینیٹر شاہی سید کو بھی دعوت دی۔

    اس موقع پر کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ آپ ناراض ہوکر مت جائیں واک آؤٹ کا فیصلہ صحیح نہیں، بعد ازاں کمیٹی ممبران رحمان ملک کو منا کر واپس کمیٹی میں لےآئے۔

    واضح رہے کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ حکام کے مطابق ورکرز ویلفیئر بورڈ میں بھرتی کیے جانے والے 6 سو افراد بلیک لسٹ ہوئے ہیں، 17سو سے زائد افراد کی ڈگریوں کی تصدیق کا مرحلہ جاری ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مزید لوگوں کے کاغذات اور اسناد جعلی نکلنے کا امکان ہے۔

    امریکا نے 5 برس تک مودی کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں رکھا، رحمان ملک

    سینیٹ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مودی کا سرجیکل آپریشن ہونا چاہیے، کشمیر کے حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں، کشمیر کے لیے ہمیں الگ طرز کی پالیسی اپنانی ہوگی، پاک افواج بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

    رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا نام امریکا نے پانچ سال تک دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالے رکھا، امریکی سینٹرز بتائیں کہ مودی کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے کس نے نکالا؟

    انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے بنگلا دیش میں تسلیم کیا ہے کہ مکتی باہنی بھارت نے ہی بنوائی تھی۔