Tag: سینیٹ

  • 8 ہزار سے زائد جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ختم کردیا گیا: ایف آئی اے

    8 ہزار سے زائد جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ختم کردیا گیا: ایف آئی اے

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا کہنا ہے کہ انہیں 9 ہزار 8 سو 22 جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 8 ہزار 7 سو 23 جعلی اکاؤنٹس کو ختم کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس اور شکایات سے متعق کمیٹی کو بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا سے متعلق 29 ہزار 577 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 9 ہزار 8 سو 22 جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے تھیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق 8 ہزار 7 سو 23 جعلی اکاؤنٹس کو ختم کردیا گیا ہے، فیس بک کے حوالے سے 15 ہزار 433 اور ٹویٹر پر 6067 شکایات موصول ہوئیں۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں 114 افراد کام کر رہے ہیں، مزید 400 افراد کی بھرتی کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ شکایات کے حوالے سے فیس بک کا ردعمل اچھا ہے ٹویٹر کا نہیں۔

    کمیٹی کی رکن ناز بلوچ نے کہا کہ میرے نام سے بہت سارے جعلی سوشل میڈیا صفحات چل رہے ہیں، میرے نام سے چلنے والے جعلی اکاؤنٹ بند نہیں ہوتے تو عوام کا کیا ہوگا۔

  • سال 19-2018: سینیٹ میں 20 سرکاری بل اور 322 قراردادیں منظور

    سال 19-2018: سینیٹ میں 20 سرکاری بل اور 322 قراردادیں منظور

    اسلام آباد: سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سال 19-2018 میں سینیٹ نے 20 سرکاری بل اور 322 قراردادیں منظور کیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز و دیگر سینیٹرز نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹ کی سال 19-2018 کی سالانہ پارلیمانی رپورٹ پیش کی۔

    قائد ایوان شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ مسجد پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، شہدا بالخصوص پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو سینیٹ کی ایک سالہ کارکردگی سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں، 4 ماہ حکومت نہ ہونے سے سینیٹ میں قانون سازی کم ہوئی۔ سینیٹ نے 20 سرکاری بل اور 322 قراردادیں منظور کی ہیں۔

    سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ سینیٹ میں ایک سال کے دوران 4 ہزار سوالات ہوئے، اپوزیشن نے قانون سازی کے حوالے سے تعاون کیا ہے۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کا بل اتفاق رائے سے منظور ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم کا بل اتفاق رائے سے منظور کیا جائے گا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن قوانین تبدیل نہیں کرسکیں۔ قوانین اتفاق رائے سے تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

    شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ پلی بارگین اور چیئرمین نیب کے اختیارات کے قانون میں ترمیم چاہتے ہیں، نیب قوانین میں ترمیم سے ادارے کی صلاحیت کو بڑھانا ہوگا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں 6 ہزار مسلمان مساجد میں پناہ لینے پر مجبور: بریفنگ

    مقبوضہ کشمیر میں 6 ہزار مسلمان مساجد میں پناہ لینے پر مجبور: بریفنگ

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کشمیر و گلگت بلتستان کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں 6 ہزار مسلمان مساجد میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس چیئرمین ساجد میر کی زیر صدارت ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پلوامہ حملے پر بحث ہوئی۔

    سینیٹر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملہ شہریوں پر نہیں قابض بھارتی فوج پر ہوا۔ عالمی برادری کو کشمیری عوام پر مظالم نظر نہیں آرہے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، پاکستانی قوم دہشت گردی پر یقین نہیں رکھتی۔

    وفاقی سیکریٹری برائے کشمیر و گلگت بلتستان نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں 6 ہزار مسلمان مساجد میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

    بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے آزاد کشمیر میں ہمیشہ عالمی مبصرین کو خوش آمدید کہا۔ بھارتی حکومت مبصرین کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دیتا۔

    وزارت کشمیر حکام کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کو کشمیر کےحالات پر خط لکھا، پاکستان مسئلہ کشمیر کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب سے مشترکہ اعلامیے میں بھی مسئلہ کشمیر کا ذکر تھا۔

    اجلاس میں اراکین کمیٹی نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا کہ بھارت عالمی مبصرین کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے۔

  • کچھ ادویہ سازکمپنیاں منشیات کی فراہمی میں ملوث نکلیں: آئی جی اسلام آباد

    کچھ ادویہ سازکمپنیاں منشیات کی فراہمی میں ملوث نکلیں: آئی جی اسلام آباد

    اسلام آباد: انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کا کہنا ہے کہ کچھ ادویہ ساز کمپنیاں منشیات کی فراہمی میں ملوث ہیں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے آئی جی کو معاملے پر قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس چیئرمین عتیق شیخ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی۔

    آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ 3 ماہ میں منشیات کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے ہیں، گزشتہ 3 ماہ میں 700 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ کچھ ادویہ ساز کمپنیاں اس کالے دھندے میں ملوث ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں ادویات کی غیر قانونی فروخت کھلے عام جاری ہے، بغیر نسخے کے نہ بک سکنے والی ادویات باآسانی دستیاب ہیں۔

    آئی جی کے مطابق مارکیٹ میں نیند اڑانے والی ادویات باآسانی دستیاب ہیں، ادویات کے استعمال سے نوجوان 24 گھنٹے تک نہیں سوتے۔

    اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے آئی جی اسلام آباد کو معاملے پر قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اسکولوں میں منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے سرگرم ہے۔

    گزشتہ روز وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ منشیات فروشوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو نشانِ عبرت بنا دیں گے۔

    وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی قائم کرنے، منشیات فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے اور پاکستانی معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • قائمہ کمیٹی اجلاس: سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کی سفارش

    قائمہ کمیٹی اجلاس: سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کی سفارش

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافے کی سفارش کی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین فاروق نائیک کی زیر صدارت ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں فنانس ترمیمی بل پر غور کیا گیا۔

    کمیٹی نے بلوچستان میں نکلنے والے کوئلے پر سیلز ٹیکس میں کمی کی سفارش کردی تاہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے کوئلے پر 425 روپے فی میٹرک ٹن سیلز ٹیکس عائد ہے، یہ سیلز ٹیکس پہلے ہی بہت کم ہے۔

    ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ میں دیگر علاقوں میں کوئلہ پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز دیں گے۔

    حکام کے مطابق گزشتہ سال ملک میں 7 کروڑ کلو گرام تمباکو کی پیداوار ہوئی، جو پیداوار ہوئی اس میں 1 کروڑ کلو گرام تمباکو برآمد کیا گیا۔ ساڑھے 4 کروڑ کلو گرام تمباکو کمپنیوں نے خریدا، ڈیڑھ کروڑ کلو گرام تمباکو کہاں گیا کچھ پتہ نہیں۔

    اجلاس میں منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ بلوچستان کے ڈیموں کے لیے 5 ارب روپے جاری کریں گے۔

    اجلاس میں اسٹیٹ بینک حکام نے اسلامی بینکنگ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلامی بینکنگ کے فروغ کے لیے 2001 سے اقدامات کر رہے ہیں، اسلامی بینکنگ برانچز کی تعداد بڑھ کر 2850 ہوگی۔

    حکام اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ زرعی ترقیاتی بینک نے اسلامی بینکنگ کا آپریشن شروع کردیا۔

    اجلاس میں کمیٹی نے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 10 فیصد اضافے کی سفارش بھی کردی۔ سینیٹر خانزادہ خان نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جائیں۔

    کمیٹی رکن عائشہ رضا نے کہا کہ سرمایہ داروں کے لیے بجٹ میں ریلیف ہے مگر ملازمین کے لیے نہیں تاہم وزارت خزانہ نے تنخواہ میں اضافے کی تجویز کی مخالفت کی۔

    ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خزانہ نے کہا کہ مالی خسارے کی صورتحال سب کے سامنے ہے، تنخواہ میں اضافے کے لیے مالی گنجائش نہیں ہے۔ اضافے کی تجویز آئندہ سال کے بجٹ میں پیش کی جانی چاہیئے۔

  • سینیٹ نے کم عمری کی شادیوں کے خلاف بل منظور کرلیا

    سینیٹ نے کم عمری کی شادیوں کے خلاف بل منظور کرلیا

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے چائلڈ میرج بل منظور کرلیا جس کے تحت 18 سال سے کم عمر کی شادیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس مصطفیٰ نواز کھوکھر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے دوران چائلڈ میرج بل پر بحث ہوئی۔ بل کو اس سے قبل مزید بحث اور سفارشات کے لیے کمیٹی کے سپرد کیا گیا تھا۔

    پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ بل کا مقصد بچوں کی شادی روکنا ہے، سندھ میں ایسا بل منظور ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلوغت کی عمر 18 سال متعین ہونی چاہیئے، لفظ بچے کی تعریف میں وضاحت کی ضرورت ہے۔

    سینیٹر نے کہا کہ بچوں کی 21 فیصد شرح اموات کی وجہ کم عمری کی شادیاں ہیں، بچپن میں شادیوں کے حوالے سے پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ 18 سال سے کم عمر والوں کو بچہ تسلیم کیا جائے۔

    شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شادی کی کم از کم عمر 18 سال ہونی چاہیئے، 18 سال سے کم عمر کی شادیوں پر پابندی لگائی جائے۔

    وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی بل کی حمایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بل پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

    کمیٹی کے چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بل کو منظور کرلیا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ہی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ ’ڈیمو گرافکس آف چائلڈ میرجز ان پاکستان‘ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں کم عمری کی شادیوں کا رجحان بہت زیادہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سنہ 2011 سے 2020 تک دس سال کے عرصے میں کم عمری کی جبری شادیوں کا شکار بچیوں کی تعداد 14 کروڑ ہوگی۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں 21 فیصد کم عمر بچیاں بلوغت کی عمر تک پہنچنے سے قبل ہی بیاہ دی جاتی ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے۔

  • ساہیوال واقعہ: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    ساہیوال واقعہ: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے ساہیوال واقعے پر آئی جی پنجاب جاوید امجد سلیمی کو 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    کمیٹی کے آج کے ایجنڈے سے تمام نکات کو مؤخر کر دیا گیا، چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ آج ساہیوال واقعے پر بات ہوگی کیونکہ یہ اہم ہے۔

    اجلاس میں آئی جی پنجاب نے قائمہ کمیٹی کو سانحہ ساہیوال پر بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ یقین ہوگیا کہ خلیل کی فیملی بے گناہ ہے تو فوری طور پر اہلکاروں کو گرفتار کیا، سی ٹی ڈی کے تمام افسران کو او ایس ڈی کر دیا گیا ہے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ انکوائری کے نتیجے میں تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔ سی ٹی ڈی انتہائی خطرناک گروہ کا پیچھا کر رہی تھی، جے آئی ٹی ذیشان سے متعلق تمام شواہد اکٹھا کرے گی۔

    آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے اس واقعے سے ہماری کمر ٹوٹی ہے، ہم نے سی ٹی ڈی کے ذریعے کئی اہم اہداف بھی حاصل کیے۔

    سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ ذیشان دہشت گردوں کا ساتھی تھا، اخذ کرلیا گیا کہ گاڑی میں موجود تمام لوگ دہشت گرد ہوں گے، سی ٹی ڈی کا ٹارگٹ ذیشان تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جس طرح واقعہ ہوا ہے ایسا نہیں ہونا چاہیئے تھا، تحقیقات جاری ہیں مزید چیزیں شیئر نہیں کرنی چاہئیں۔

    اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب اور کمیٹی ارکان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، ارکان کمیٹی نے آئی جی پنجاب پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ان کی بریفنگ پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔

    کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ لگتا ہے سانحہ ساہیوال کے ذریعے ملک کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے آئی جی پنجاب کو 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

  • سینیٹ میں منی بجٹ پیش، اپوزیشن اراکین کا احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ

    سینیٹ میں منی بجٹ پیش، اپوزیشن اراکین کا احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے میاں رضا ربانی کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے وزیر مملکت حماد اظہر کو منی بل پیش کرنے کی اجازت دے دی، اپوزیشن اراکین نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر میاں رضاربانی نے وزیرمملکت حماد اظہر کو منی بل پیش کرنے سے روک دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس پارلیمان کی روایت ہے کہ وزیر خزانہ ہی منی بل پیش کرتے ہیں، وزیرخزانہ پارلیمنٹ میں موجود تھے مگر سینیٹ میں آنا تضحیک سمجھتے ہیں، قواعد و ضوابط کے مطابق وزیرخزانہ کی موجودگی میں کوئی اور بل پیش نہیں کرسکتا۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رضا ربانی سے کہا کہ آپ جلدی کریں قائد ایوان نے بھی بات کرنی ہے، ایسی روایت نہیں بنانی چاہیے کہ جس سے آنے والوں کیلئے مسائل ہوں۔

    جس پر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نکتہ اعتراض پر بات کررہا ہوں ،قائد ایوان اپنی باری میں بات کریں، ہاؤس بزنس میں متعلقہ وزیر کا ہونا ضروی ہے، کل اس معاملے پر تحریک استحقاق ایوان میں لاؤں گا۔

    اس موقع پر قائد ایوان شبلی فراز نے کہا کہ وزیرخزانہ کی کچھ طبعیت ناساز ہے اس لئےایوان میں نہیں آسکے، وزیرخزانہ کا منی بل پیش کرنا رولز میں لازمی نہیں ہے، ابھی بجٹ پڑھانہیں گیا مگر تبصرے ہورہے ہیں۔

    شبلی فراز نے اپوزیشن اراکین سے درخواست کی کہ پہلے ایوان میں منی بل کو تو پیش ہونے دیں، تمام بحران سابقہ حکومتوں کے دئیے ہوئے ہیں، ہم نے آئی ایم ایف سے رجوع نہیں کیا،جاتے تو سب کی چیخیں نکل جاتیں، ملکی مفاد میں دوست ممالک سے رجوع کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ڈولتی کشتی کو سہارا دیا، میرے بس میں ہوتا تو حکومت نہ لیتا لیکن وزیر اعظم نے اس چیلنج کو قبول کیا، ملک کی سمت درست کردی ہے، انشاء اللہ اب ترقی ہوگی۔

    اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق نے کہا کہ رضا ربانی کے اعتراضات درست ہیں، ہر دو ماہ بعد نیا بجٹ آجاتا ہے، لگتا ہے حکومت کے پاس وژن کی کمی ہے، لوگ ڈرے ہوئے ہیں ہرچیز مہنگی ہورہی ہے، عام آدمی پراثر پڑے گا۔

    بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے وزیرمملکت کو منی بل پیش کرنےاجازت دے دی، وزیر مملکت خزانہ حماداظہر نے منی بل پیش کردیا، جس پر اپوزیشن اراکین نے احتجاجاً واک آؤٹ کردیا،چیئرمین سینیٹ نےمنی بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کےسپردکردیا، قائمہ کمیٹی منی بل پر7روزمیں سفارشات دےگی، کورم پورا نہ ہونے پرچیئرمین نے اجلاس کل سہ پہر3بجے تک ملتوی کردیا

  • بلاول ہاؤس میں‌ بڑی بیٹھک کل ہوگی، سینیٹ میں متوقع تبدیلی سمیت اہم فیصلوں کا امکان

    بلاول ہاؤس میں‌ بڑی بیٹھک کل ہوگی، سینیٹ میں متوقع تبدیلی سمیت اہم فیصلوں کا امکان

    کراچی: پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کی بڑی بیٹھک کل بلاول ہاؤس میں ہوگی، جس میں‌ سینیٹ میں متوقع تبدیلی اور نئی سیاسی صورتحال پر غور  ہوگا.

    پارٹی ذرائع کے مطابق کل بلاول ہاؤس میں ہونے والی بیٹھک میں‌جے آئی ٹی مقدمات سے  متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا.

    اس اجلاس میں پیپلزپارٹی کی سینئر قیادت کو  بھی بلاول ہاؤس مدعو کیا گیا، بلاول بھٹواورآصف زرداری اجلاس کی صدارت کریں گے.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق فریال تالپور، وزیر اعلیٰ سندھ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، چاروں صوبوں کی سینئر قیادت، اہم رہنماؤں کو بھی آنے کی ہدایت کی گئی ہے.

    ذرائع پی پی پی کا کہنا ہے کہ سیاست کے نام پرہونے والے انتقام کی مذمت کی جائے گی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پرایک بارپھر اعتماد کا اظہارکیا جائے گا.

    وزیر اعلیٰ سندھ تعاون کریں تو زیادہ نوکریاں دے سکتا ہوں: آصف زرداری

    توقع کی جارہی ہے کہ اجلاس میں بڑےاوراہم فیصلے کیے جائیں گے، ملک میں آنے والی تبدیلیوں، اپوزیشن کے اتحاد سے متعلق اہم فیصلے ہوں گے.

    یاد رہے کہ آج بدین میں خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ خدمت کرنا پیپلز پارٹی کا اٹوٹ انگ ہے، وزیر اعلیٰ سندھ تعاون کریں تو زیادہ نوکریاں دے سکتا ہوں۔ سب کا مقابلہ اکیلے ہی کریں گے۔

  • بلوچستان، سینیٹ کی نشست پر بی اے پی کامیاب، وزیر اعلیٰ پانچ سال پورے کرنے کے لیے پرامید

    بلوچستان، سینیٹ کی نشست پر بی اے پی کامیاب، وزیر اعلیٰ پانچ سال پورے کرنے کے لیے پرامید

    کوئٹہ:  بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر بی اے پی کامیاب رہی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت پانچ سال پورے کرے گی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں عوامی پارٹی پورے صوبے کی سیاسی جماعت ہے اور دن بدن مضبوط ہورہی ہے.

    جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے سینیٹ میں توقع سے زیادہ ووٹ لیے، سینیٹ انتخابات میں مقبولیت بی اے پی کی پذیرائی کی عکاس ہے.

    وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا تھا کہ حقوق پروگرام بلوچستان سے متعلق ہرممکن اقدام کریں گے، بلوچستان عوامی پارٹی صوبے میں 5 سالہ حکومتی معیاد پوری کرے گی.

    یاد رہے کہ آج بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب ہوا، جس میں بلوچستان اسمبلی کے 65 میں سے 63 ارکان نے ووٹ کاسٹ کئے.

    مزید پڑھیں: وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    اس الیکشن میں بی اے پی کے منظور کاکڑ کامیاب ٹھہرے، انھیں 38 جب کہ ان کے مد مقابل بی این پی کے غلام نبی مری کو 23 ووٹ ملے۔

    یاد رہے کہ 11 جنوری 2019 کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہا کہ تھا کہ وفاقی وزرا کا مسلسل بلوچستان آنا خوش آئند ہے۔